پردے کی حدود کیا ہیں؟

س… اسلام میں صحیح پردہ کیا ہے؟ کیا ہاتھ، پاوٴں، چہرہ، آنکھیں کھلی رکھی جاسکتی ہیں؟ بہت سی لڑکیوں کو اکثر چہرے کھولے پردہ کرتے دیکھا ہے، جبکہ میرے خیال میں چہرہ بھی پردے کی چیز ہے، مسلکِ حنفی یا اسلام میں ہاتھ پنجوں تک، پیر اور آنکھیں کھلی رکھنے کی اجازت ہے یا ہاتھ اور پاوٴں پر بھی موزے اور دستانے استعمال کئے جائیں۔ مطلب یہ کہ آپ دُرست طریقہ پردے کا وضاحت سے بتلائیے۔

ج… ہاتھ، پاوٴں اور آنکھیں کھلی رہیں، چہرہ چھپانا چاہئے۔

کن لوگوں سے؟ اور کتنا پردہ ضروری ہے؟

س… میں ایک معزّز سیّد گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں، ہمارے گھر میں پردہ بھی ہوتا ہے مگر اپنے عزیز و اقارب سے نہیں، جبکہ میں اپنے تمام نامحرَم رشتہ داروں سے پردہ کرنا چاہتی ہوں۔ اب جبکہ میں نے ایسا کیا تو دُوسرے لوگوں کے علاوہ اپنے والدین کی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ میں ٹی وی نہیں دیکھتی ہوں اور غیرمردوں کی تصاویر بھی نہیں دیکھتی ہوں، امی ابو پریشان ہیں۔ پلیز مجھے قرآن و سنت کی روشنی میں بتلائیے کہ مجھے کیا کرنا چاہئے؟ میں اپنے والدین کو اپنی وجہ سے پریشان اور مغموم نہیں دیکھ پاتی ہوں، مگر خدا کے اَحکام کی خلاف ورزی بھی نہیں چاہتی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے جب حضرت اسماء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے باریک لباس پر اعتراض فرمایا تھا تو یہ بھی فرمایا تھا کہ مجبوری کی حالت میں عورت اپنے قریبی محرَم کے سامنے چہرہ کھول سکتی ہے، اس سلسلے میں بھی وضاحت کردیں تو مشکور ہوں گی، کیا ہم اپنے کزن (خالہ زاد، چچازاد وغیرہ) کے سامنے چہرہ کھول سکتی ہیں؟

ج… جس شخص کے ساتھ عورت کا نکاح ہمیشہ کے لئے حرام ہو وہ “محرَم” کہلاتا ہے، اور جس سے کسی وقت نکاح جائز ہوسکتا ہے وہ عورت کے لئے “نامحرَم” ہے، اور شرعاً نامحرَم سے پردہ ہے، اس لئے خالہ زاد، چچازاد سے بھی پردہ کرنا چاہئے، اگر کبھی کبھار مجبوری سے کسی نامحرَم کے سامنے آنا پڑے تو چہرہ چھپالینا چاہئے۔ نامحرَم رشتہ داروں سے بے تکلفی کے ساتھ باتیں کرنا اور بے حجاب ان سے اختلاط کرنا شرعاً و اخلاقاً زہرِ قاتل ہے۔

گھر سے باہر پردہ نہ کرنے والی خواتین، گھر میں رشتہ داروں سے کیوں پردہ کرتی ہیں؟

س… ہمارے ہاں اب پردہ ایک نیا رُخ اختیار کرچکا ہے، وہ یہ کہ عورتیں، لڑکیاں ویسے تو کھلے عام پھرتی ہیں، خوب شاپنگ کرتی ہیں اور کسی کے دیکھنے نہ دیکھنے کی کوئی پروا نہیں کرتیں، مگر وہ جب اپنے گھروں میں ہوتی ہیں، اگر اس وقت کوئی مہمان یا کوئی اور آجائے تو فوراً پردہ کرلیتی ہیں اور ہرگز کسی کے سامنے نہیں آتیں۔ آپ بتاسکتے ہیں کہ مسلمان عورتوں، لڑکیوں کے اس ماڈرن پردے کی اسلام میں کوئی شق موجود ہے؟ اگر نہیں تو پھر اپنے گھر میں آنے والے شریف لوگوں سے پردہ چہ معنی دارد، جبکہ اس طرح شریف لوگوں کی دِل شکنی بھی ہوتی ہے جو بذاتِ خود ایک بڑا گناہ ہے۔

ج… اعتراض صحیح چیز پر نہیں، غلط پر ہوتا ہے۔ آپ کو اعتراض “ماڈرن بے پردگی” پر ہونا چاہئے جو بے حیائی کی حدود سے بھی کچھ آگے نکل گئی ہے، پردہ بہرحال پردہ ہے، وہ محلِ اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ البتہ یہ ضروری ہے کہ جو عورت خدا اور رسول کا حکم سمجھ کر پردہ کرے گی وہ خدا اور رسول کی رضامندی کی مستحق ہوگی، اور جو فیشن کے طور پر کرے گی وہ اس رضامندی سے محروم رہے گی۔

بھابھیوں سے پردہ کتنا ضروری ہے؟

س… میرے نو بیٹے ہیں، ان میں سے تین کی شادی ہوگئی ہے، دراصل مسئلہ یہ ہے کہ میرے تمام بیٹے اپنی بھابھیوں سے پردہ کرتے ہیں۔ پوچھنا یہ ہے کہ بھابھیوں سے پردہ کرنے کی نوعیت کیسی ہوگی؟ آیا ان سے پردہ عام اجنبی عورتوں کی طرح ہوگا یا ان سے کچھ گنجائش ہے؟ مثلاً: ضروری بات کرنی یا کھانا پینا ہو تو کیا سامنے آسکتی ہیں یا نہیں؟ کیونکہ اگر بھابھیوں سے عام اجنبی عورتوں کی طرح پردہ کیا گیا تو ایک گھر میں رہنا مشکل ہوجائے گا۔

ج… بھابھیوں سے پردہ تو عام لوگوں کی طرح ہے، مگر گھر میں آنا جانا مشکل ہوجاتا ہے، اس لئے صرف چادر کا پردہ کافی ہے، ضروری بات بھی کرسکتے ہیں اور کھانا وغیرہ بھی لاسکتے ہیں۔

نرس کے لئے مرد کی تیمارداری

س… عام طور سے مسلمان لڑکیاں نرسنگ کورس کو اپنانے سے گریز کرتی ہیں، میں نے یہ سوچ کر نرسنگ ٹریننگ میں داخلہ لیا تھا کہ ہماری جیسی مسلمان لڑکیاں بھی آگے آئیں اور اس پیشے کو اپنائیں، لیکن اس پیشے میں مرد اور عورت دونوں کی تیمارداری کرنا پڑتی ہے۔ لڑکی ہونے کی حیثیت سے عورتوں اور بچوں کا کام تو کرسکتی ہیں، لیکن مردانہ وارڈ میں زخم وغیرہ کی مرہم پٹی ایک غیرمرد کی کیا ایک مسلمان لڑکی کے لئے صحیح ہے؟ مہربانی فرماکر اسلام اور شریعت کی روشنی میں تفصیلی جواب دیں۔

ج… مردوں کی مرہم پٹی اور تیمارداری کے لئے مردوں کو مقرّر کیا جانا چاہئے، نامحرَم عورتوں سے یہ خدمت لینا جائز نہیں۔

بھابھی سے پردے کی حد

س… ہم دو ساتھی ہیں اور الحمدللہ ہم دونوں نے اپنے اپنے گھروں میں شرعی پردے کا مکمل اہتمام کیا ہے، لیکن میرا ساتھی مجھے اس پر تنگ کرتا ہے کہ: “آپ شریعت کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور اپنی بھابھیوں سے پردہ نہیں کرتے اور اس کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہو” جبکہ اعتراض کنندہ کا کوئی اور بھائی نہیں ہے جس کی بناء پر وہ اعتراض کرتا ہے اور ہم تین بھائی ہیں، تینوں شادی شدہ ہیں۔ آپ کا تحریر کردہ ایک مسئلہ بندہ نے اعتراض کنندہ کو پیش کیا کہ ضرورت کے وقت بھابھی سے بات بھی کی جاسکتی ہے اور بھابھی، ہاتھ، پاوٴں اور چہرہ ننگا کرسکتی ہے۔ لیکن وہ کہتا ہے کہ: “اس مسئلے کے ساتھ کوئی دلیل مذکور نہیں ہے، اس لئے میں اس کی تقلید نہیں کرتا۔” لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ اس مسئلے کو وضاحت کے ساتھ قرآن و سنت کی روشنی میں بیان فرمائیں۔

ج… حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: “جو رشتہ دار محرَم نہیں، مثلاً: خالہ زاد، ماموں زاد، پھوپھی زاد بھائی یا بہنوئی یا دیور وغیرہ جوان عورت کو ان کے رُوبرو آنا اور بے تکلف باتیں کرنا ہرگز نہیں چاہئے، اگر مکان کی تنگی یا ہر وقت کی آمد و رفت کی وجہ سے گہرا پردہ نہ ہوسکے تو سر سے پاوٴں تک کسی میلی چادر سے ڈھانک کر شرم و لحاظ سے بضرورت رُوبرو آجائے اور کلائی، بازُو، سر کے بال اور پنڈلی ان سب کا ظاہر کرنا حرام ہے، اسی طرح ان لوگوں کے رُوبرو عطر لگاکر عورت کو آنا جائز نہیں، اور نہ بجتا ہوا زیور پہنے۔” (تعلیم الطالب ص:۵)

بھتیجی اور بھانجی کے شوہر سے پردہ ہے

س… مجھ سے کسی نے کہا ہے کہ داماد کسی بھی درجے کا ہو، اس سے پردہ کرنا نہیں آیا، مثلاً: سگی بہن، بھتیجی اور بھانجی کا شوہر۔ کیا یہ بات دُرست ہے؟

ج… بھتیجی اور بھانجی کے شوہر سے پردہ ہے، وہ شرعاً داماد نہیں۔

جیٹھ کے داماد سے بھی پردہ ضروری ہے

س… اپنے جیٹھ کے داماد سے پردہ کرتی ہوں، لوگ کہتے ہیں کہ گھر کے آدمی سے پردہ نہیں کرنا چاہئے اور سامنے آنے میں کوئی حرج نہیں۔ آپ بتائیے کہ پردہ ہے یا نہیں؟

ج… اس سے بھی پردہ ہے۔

س… جب جیٹھ، نندوئی، دیور، بہنوئی ان سب سے شرع کا حکم پردہ کرنے کا ہے تو ہمارے بزرگ اور شوہر، بھائی ہم سے پردہ کرنے کو کیوں نہیں کہتے اور ہمیں سامنے آنے پر کیوں مجبور کرتے ہیں؟

ج… غلط کرتے ہیں۔

پردے کے لئے کون سی چیز بہتر ہے برقع یا چادر؟

س… اسلام میں پردے کی اہمیت بہت زیادہ ہے، لیکن پردے کا اصل مفہوم کیا ہے؟ کیا خواتین کو برقع استعمال کرنا لازمی ہے؟ اور موجودہ دور میں برقع کا جس طرح استعمال کیا جاتا ہے، کیا وہ اسلام میں جائز ہے؟

ج… پردے سے مراد پورے بدن کا ستر ہے، خواہ چادر سے ہو یا برقع سے، جو برقع ستر کا فائدہ نہ دے وہ بے کار ہے۔

عورت کا مردوں کو خطاب کرنا،

نیز عورت سے گفتگو کس طرح کی جائے؟

س۱:… کیا عورت غیرمحرَم مردوں کے جلسے میں وعظ یا اصلاحِ معاشرہ یا اصلاحِ رُسوم کے سلسلے میں تقریر کرسکتی ہے؟ (پردہ چاردیواری میں ہے)۔

س۲:… کیا عورت بلاضرورت غیرمحرَم کو اپنی آواز سناسکتی ہے؟

س۳:… کیا حضرت عائشہ صدیقہ، حضرت فاطمة الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہما یا دیگر صحابیات رضی اللہ تعالیٰ عنہنّ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جیسے نیک لوگوں سے پردے میں وعظ یا تقریر کی؟

س۴:… صحابہ کرام بوقتِ ضرورت اُمت کی ماں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کیسے مسئلہ معلوم کرتے تھے؟

ج۱:… نامحرَموں کے سامنے بے پردہ تقریر کرنا جائز نہیں، حرام ہے۔ اور بوقتِ ضرورت پردے کے ساتھ گفتگو جائز ہے، مگر لب و لہجے میں سختی و درشتی ہونی چاہئے، جس سے دُوسرے آدمی کو عورت کی طرف کشش پیدا نہ ہو۔

آج کل جو جلسوں میں خواتین و حضرات کا مشترکہ خطاب ہوتا ہے، یہ جاہلیتِ جدیدہ کی بدعتِ سیئہ ہے۔

ج۲:… بلا ضرورت جائز نہیں، خصوصاً جبکہ فتنے کا اندیشہ ہو، اور مجمع بازاری لوگوں کا ہو، اسی لئے کہا گیا ہے:

نہ تنہا عشق از دیدار خیزد

بسا ایں دولت از گفتار خیزد

ج۳:… بلا پردہ تقریر کرنا ثابت نہیں، نہ بلا ضرورت۔ پھر “مسلمانوں کی ماں” پر آج کی عورت کو اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مقدس معاشرے پر آج کے گندے معاشرے کو قیاس کرنا بدعقلی ہے۔

ج۴:… قرآنِ کریم میں ہے: “فَاسْئَلُوْھُنَّ مِنْ وَّرَآءِ حِجَابٍ” (ترجمہ: ازواجِ مطہرات سے کچھ پوچھنا ہو تو پس پردہ پوچھو) اس لئے پردے کے پیچھے سوال کرتے تھے۔

پردے کے مخالف والدین کی اطاعت ضروری نہیں، نیز بہنوئیوں سے بھی پردہ ضروری ہے

س… علمائے کرام سے سنا ہے کہ بیٹے پر شریعتِ اسلامیہ کی رُو سے والدین کی اطاعت اس حد تک واجب ہے کہ اگر وہ حکم دیں کہ اپنی بیوی کو طلاق دے دو تو وہ طلاق دے دے۔ دُوسری طرف سے شریعتِ اسلامیہ میں شادی کو سنتِ موٴکدہ قرار دیا گیا ہے، اور بیوی کے پردے کو واجب یا فرضِ عین۔ اور خاص کر حدیثِ نبوی میں بیوی کو شوہر کے بھائیوں سے سختی کے ساتھ پردہ کرنے کا حکم ہے۔ میری شادی کو ہوئے تین سال کا عرصہ ہوا ہے، میں نے شریعتِ اسلامیہ کی رُو سے بیوی کو اپنے (شوہر کے) بھائیوں (حقیقی و سوتیلے) سے پردے کا حکم دیا ہے۔ اس لئے وہ شرعی حکم کی تعمیل میں سخت پردہ کرتی ہے۔ ان (بیوی) کی دُوسری چار (غیرشادی شدہ) بہنیں بھی ہیں۔ اب مجھے سخت مسائل درپیش ہیں، جن سے سخت نالاں ہوں، اور محسوس ہوتا ہے کہ شریعت کے یہ دو اَحکام ایک دُوسرے سے ٹکرا رہے ہیں، وہ یہ کہ میرے بھائی صاحبان اور میرے والدین مجھ سے اس بات (پردہ مذکورہ پر) سے سخت خفا ہیں، خط و کتابت بند کردی ہے، اب اگر میں شادی نہ کرتا تو سنتِ موٴکدہ ترک ہوجاتی، اگر شادی کرلی تو بیوی کا پردہ واجب ہوگیا۔ اِدھر سے والدین کی اطاعت بھی واجب۔ اگر پردے والے شرعی حکم کو مانتا ہوں اور اس پر عمل کروں گا تو والدین کی اطاعت جو شرعاً واجب ہے، ترک ہوگی۔ اور اگر والدین کا حکم اور منشاء کی اطاعت کروں گا تو پردہ جو (شرعاً واجب ہے) کا ترک لازم آئے گا۔ دُوسری طرف سے سسرال کا تکرار ہے کہ باقی جو میری سالیوں کی شادی جب ہوجائے گی، تو ان ہم دامادوں سے بھی بیوی کو پردہ نہ کرانا، اور بیوی کی بھی یہی تکرار ہے، اور اندیشہ قطعی ہے کہ اگر میں بیوی کو اپنے ہم داماد بھائیوں سے جب شرعی پردے کا حکم دُوں گا تو میرے گھر کا ماحول انتہائی خراب ہوگا۔ بیوی کا حق مہر جو پچّیس ہزار روپے میرے ذمہ غیرموٴجل ہیں کا مطالبہ ہوگا، میں ایک غریب آدمی ہوں، آفس میں کلرک ہوں، ماہانہ تنخواہ سے گھر کا گزارا کفایت کرکے بمشکل ہوتا ہے، حق مہر کے لئے اپنی ماہانہ آمدنی سے ایک پیسہ بھی نہیں بچایا جاسکتا۔ تقریباً اندازہ ہے کہ حق مہر کی رقم میں (اگرچہ انکار نہیں مگر) ادا تازیست نہ کرسکوں گا۔ خدارا! آپ سے دست بستہ عرض ہے کہ شریعتِ اسلامیہ کی رُو سے مجھے اپنے آئندہ موقف مناسبہ اختیار کرنے کی رہنمائی فرمائیے گا۔ میں آپ کے لئے تاحیات دُعا کرتا رہوں گا۔ اللہ پاک آپ کے اور آپ کے اہل و عیال کے علم میں اضافہ فرمائے اور اَجرِ عظیم عنایت فرمائے، آمین!

ج… والدین کا یہ کہنا کہ بھائیوں سے بیوی کو پردہ نہ کرنے کا کہو، خلافِ شرع ہے۔ اور ان کے ایسے حکم کی تعمیل گناہ ہے۔ والدین نے اگر محض اس وجہ سے تعلق ختم کردیا ہے تو وہ گنہگار ہیں، آپ ان سے تعلق قطع نہ کریں۔ آپ کے سسرال والوں کا یہ مطالبہ کہ آپ کی بیوی اپنے بہنوئیوں سے پردہ نہیں کرے گی، یہ بھی خلافِ شریعت ہے۔ اگر آپ کی بیوی اصرار کرے تو اس کو اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم سمجھائیے، لیکن اگر وہ اس پر راضی نہ ہو بلکہ طلاق کا مطالبہ کرے تو اس سے کہئے کہ خلع کرے، یعنی مہر معاف کرنے کی شرط پر طلاق لے لے۔

پردے سے متعلق چند سوالات کے جوابات

س… بندہ آپ سے پردے کے بارے میں درج ذیل سوالات کا شرعِ متین کی رُو سے جوابات کا خواہاں ہے۔

س۱:… ایک مسلمان عورت کو اپنے رشتہ داروں میں سے کن کن مردوں سے پردہ کرنا ضروری ہے؟

س۲:… مسلمان عورتوں کے لئے پردے کی فرضیت قرآن مجید کی کن آیات سے ہوئی؟

س۳:… ہمارے موجودہ معاشرے میں عورتوں کا بے پردہ باہر نکلنا اور دفاتر و فیکٹریوں میں ملازمت کرنا ایک معمول بن چکا ہے اور معیوب نہیں سمجھا جاتا ہے۔ چنانچہ ایسے بگڑے ہوئے ماحول میں مرد نگاہ کی حفاظت کیسے کرسکتے ہیں؟ راستوں اور بسوں میں باوجود کوشش کے بار بار نظر پڑجانے سے گناہ ہوگا یا نہیں؟

ج۱:… ایسے رشتہ دار جن سے عورت کا نکاح نہیں ہوسکتا، جیسے: باپ، دادا، بھائی، بھتیجے، بھانجے، چچا، ماموں وغیرہ، وہ عورت کے “محرَم” کہلاتے ہیں، ان سے عورت کا پردہ نہیں، اور وہ تمام لوگ جن سے نکاح ہوسکتا ہے ان سے پردہ لازم ہے، جیسے: ماموں زاد، چچازاد، پھوپھی زاد، خالہ زاد وغیرہ وغیرہ۔

ج۲:… پردے کی فرضیت قرآنِ کریم کی متعدّد آیات سے ثابت ہے، مثلاً:

سورہٴ اَحزاب کی آیت نمبر:۳۳ میں ارشادِ خداوندی ہے:

“وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاھِلِیَّةِ الْأُوْلٰی۔”

ترجمہ:… “اور تم اپنے گھروں میں قرار سے رہو، اور قدیم زمانہٴ جاہلیت کے دستور کے موافق مت پھرو۔”

دُوسری جگہ ارشاد فرمایا:

“وَلَا یُبْدِیْنَ زِیْنَتَھُنَّ اِلَّا لِبُعُوْلَتِھِنَّ أَوْ اٰبَآئِھِنَّ أَوْ اٰبَآءِ بُعُوْلَتِھِنَّ أَوْ أَبْنَآئِھِنَّ أَوْ أَبْنَآءِ بُعُوْلَتِھِنَّ أَوْ اِخْوَانِھِنَّ أَوْ بَنِیْ اِخْوَانِھِنَّ أَوْ بَنِیْ أَخَوَاتِھِنَّ أَوْ نِسَآئِھِنَّ أَوْ مَا مَلَکَتْ أَیْمَانُھُنَّ أَوِ التَّابِعِیْنَ غَیْرِ أُولِی الْاِرْبَةِ مِنَ الرِّجَالِ أَوِ الطِّفْلِ الَّذِیْنَ لَمْ یَظْھُرُوْا عَلٰی عَوْرَاتِ النِّسَآءِ” (النور:۳۱)

ترجمہ:… “اور اپنی زیبائش کو کسی پر ظاہر نہ کریں، سوائے اپنے خاوند کے یا اپنے باپ کے، یا اپنے خاوند کے باپ کے، یا اپنے بیٹوں کے یا اپنے خاوند کے بیٹوں کے، یا اپنے بھائیوں کے، یا اپنے بھتیجوں کے، یا اپنے بھانجوں کے، یا اپنی ہم جنس عورتوں کے، یا اپنی باندیوں کے، یا ان ملازموں کے جو عورت کی زیب و زینت سے غرض نہیں رکھتے، یا ان لڑکوں کے جو عورت کے اسرار سے بے خبر ہیں۔”

ایک اور جگہ ارشاد فرمایا:

“یٰٓأَیُّھَا النَّبِیُّ قُلْ لِأَزْوَاجِکَ وَبَنٰتِکَ وَنِسَآءِ الْمُوٴْمِنِیْنَ یُدْنِیْنَ عَلَیْھِنَّ مِنْ جَلَابِیْبِھِنَّ۔” (الاحزاب:۳۹)

ترجمہ:… “اے نبی! کہہ دیجئے اپنی عورتوں کو اور اپنی بیٹیوں کو اور مسلمانوں کی عورتوں کو کہ نیچے لٹکالیں اپنے اُوپر تھوڑی سی اپنی چادریں۔”

ج۳:… عورت کا ایسی جگہ ملازمت کرنا حرام ہے، جہاں اس کا اختلاط اجنبی مردوں سے ہوتا ہو۔ اور ایسے گندے ماحول میں، جو کہ ہمارے یہاں پیدا ہوچکا ہے، ایک ایسے شخص کو اپنی نگاہ کی حفاظت نہایت ضروری ہے جو اپنا ایمان سلامت لے جانا چاہتا ہو۔ قصداً کسی نامحرَم کی طرف نظر بالکل ہی نہ کی جائے اور اگر اچانک نظر بہک جائے تو فوراً ہٹالی جائے۔

“دیور موت ہے” کا مطلب!

س… میں نے اپنے بیٹے سے ایک حدیث سنی ہے، جس کا مفہوم یہ ہے کہ دیور کو موت قرار دیا گیا ہے، تو کیا یہ حدیث ہے؟ اگر ہے تو اس حدیث کی مراد کیا ہے؟

ج… اس حدیث کا مطلب واضح ہے کہ دیور سے موت کی طرح ڈرنا اور بچنا چاہئے، اس سے بے تکلفی کی بات نہ کی جائے، تنہائی میں اس کے پاس نہ بیٹھا جائے وغیرہ۔

شوہر کے کہنے پر پردہ چھوڑنا

س… ایک اچھے گھرانے کی لڑکی جو بچپن سے جوانی تک شریعت کے مطابق پردہ کرتی ہو، لیکن شادی کے بعد اگر شوہر اسے برقع اُتارنے پر مجبور کرے یا صرف چہرہ ہی کھولنے پر مجبور کرے تو کیا ایسی صورت میں لڑکی کے لئے یہ جائز ہے کہ وہ مکمل برقع اُتار دے یا چہرہ کھول کر مردوں میں آزادنہ گھومتی رہے، میرے محدود علم کے مطابق پردہ مسلمان عورتوں پر بالکل اسی طرح فرض کیا گیا ہے جس طرح نماز اور روزہ مسلمانوں پر فرض ہے، کیا مرد کی جانب سے اس قسم کی سختی پر عمل کرنا جائز ہے؟ شریعت اس کے لئے کیا حکم صادر کرتی ہے؟ آج کے معاشرے میں بعض لڑکیاں بچپن سے جوانی تک شریعت کے مطابق پردہ کرتی ہیں، لیکن شادی کے فوراً بعد اپنی مرضی سے پردہ ختم کردیتی ہیں اور اس کا سارا اِلزام عموماً شوہروں پر ڈال دیا جاتا ہے، میں آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ شریعت اس قسم کے معاملے پر کیا حکم دیتی ہے؟

ج… پردہ شرعی حکم ہے، شوہر کے کہنے پر نہ چہرہ کھولنا جائز ہے اور نہ پردے کا چھوڑنا ہی جائز ہے۔ شوہر اگر مجبور کرے تو اس سے طلاق لے لی جائے تاکہ وہ ایسی بیوی لاسکے جو ہر ایک کو نظارہٴ حسن کی دعوت دے۔ اور خود پردہ چھوڑ کر شوہر پر اِلزام دھرنا غلط ہے، لیکن ان کے گناہ میں شوہر بھی برابر کے شریک ہیں، کیونکہ وہ بے پردگی کو برداشت کرتے ہیں۔

شرعی پردے سے منع کرنے والے مرد سے شادی کرنا

س… اگر ایک لڑکی شرعی پردہ کرتی ہو اور جب اس کی شادی ہونے والی ہو تو اس کو اس بات کا احساس ہو کہ لڑکا پردے پر راضی نہیں ہوگا، تو کیا وہ شادی سے رُک جائے؟

ج… پردہ خدا تعالیٰ کا حکم ہے، اس میں کسی دُوسرے کی اطاعت جائز نہیں، اگر لڑکا ایسا ہو تو وہاں شادی نہ کرے۔

پردے پر آمادہ نہ ہونے والی عورت کی سزا

س… اگر عورت کو شریعت کے متعلق حکم دیا جائے اور وہ نہ مانے، مثلاً: پردے کے متعلق (خصوصاً بیوی کو) تو اس کو کیا سزا دینی چاہئے؟ کیا زبردستی اس پر عمل کرایا جائے اور نہیں تو خاموشی اختیار کی جائے؟ برائے مہربانی شریعتِ اسلامی کی روشنی میں جواب دیجئے۔

ج… اس کو پیار و محبت سے اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم سمجھایا جائے، اگر وہ نہ مانے تو اس سے علیحدگی اختیار کرلی جائے۔

پیر سے بغیر پردہ کے عورت کا ملنا جائز نہیں

س… ہماری والدہ ایک پیر سے عقیدت رکھتی ہیں، کیا پیر سے اسلام میں میل ملاپ رکھنا اور پردہ نہ کرنا جائز ہے؟

ج… پیر سے پردہ لازم ہے، جو پیر اجنبی عورت سے تنہائی میں ملتا ہے وہ خود بھی گمراہ ہے، اس کے پاس جانا جائز نہیں۔

چہرہ، ہاتھ، پاوٴں کیا پردے میں داخل ہیں؟

س… کیا عورت کے لئے چہرے کا پردہ نہیں ہے؟ نیز یہ بتائیے کہ عورت کو کن کن حصوں کا کھولنا منع ہے؟ اور عورت کے لئے چچازاد، خالہ زاد جیسے رشتہ داروں سے پردہ کرنا کیسا ہے؟ حدیث سے جواب دیں۔ کیا یہ دُرست ہے کہ جن سے عورت کا نکاح جائز ہے ان سے پردہ ضروری ہے، چاہے وہ رشتہ دار ہوں؟

ج… چہرہ اور ہاتھ پاوٴں ستر میں داخل نہیں، لیکن پردے کے لئے چہرہ ڈھانکنا بھی ضروری ہے تاکہ نامحرَم نظریں چہرے پر نہ پڑیں۔ نامحرَم وہ لوگ ہیں جن سے نکاح جائز ہے، ان سے پردہ ہے۔

بیٹی کے انتقال کے بعد اس کے شوہر (داماد) سے بھی پردہ ہے؟

س… میری والدہ جن کی عمر تقریباً ۳۵-۴۰ سال کے قریب ہے، وہ نوجوانی میں ہی ہم سات بہن بھائیوں کی موجودگی میں ۱۲ سال قبل بیوہ ہوگئی تھیں، انہوں نے بڑے مشکل وقت میں ہماری پروَرِش کی ہے، مگر دو سال قبل والدہ صاحبہ نے ایک شخص (جو کہ ان کا ہی ہم عمر ہے) کو اپنا منہ بولا بیٹا بنایا اور ہم سب بہن بھائیوں کی مخالفت کے باوجود انہوں نے اس شخص سے ہماری چھوٹی بہن کی شادی کردی، جبکہ وہ شخص پہلے سے اپنی بیوی کو طلاق دے چکا ہے اور میری بہن کی عمر کی اس کی بیٹی ہے، والدہ نے اس شخص سے ملنا نہیں چھوڑا اور ہم سے کہا کہ یہ میرا داماد ہے، دُنیا کا کوئی قانون مجھے میرے داماد سے ملنے سے روک نہیں سکتا۔ شادی کے پانچ مہینے بعد میری بہن کا انتقال ہوگیا اور میری والدہ ابھی تک اس شخص سے ملتی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ بیٹی کے مرنے سے داماد کا رشتہ نہیں ٹوٹتا اور داماد سے پردہ جائز نہیں۔

ج… داماد سے پردہ نہیں ہوتا، لیکن اگر دونوں جوان ہوں تو پردہ لازم ہے، ایسا نہ ہو کہ شیطان دونوں کا منہ کالا کردے، آپ کی والدہ کا وہاں جانا جائز نہیں۔

غیرمحرَم رشتہ داروں سے کتنا پردہ ہے؟ نیز جیٹھ کو سسر کا درجہ دینا

س… ہمارے خاندان میں پردہ ہے، خواتین پردہ کرتی ہیں، لیکن جیٹھ، نندوئی، دیور، بہنوئی اور ان کے دامادوں سے پردہ نہیں کرتیں۔ نیز خالہ زاد، ماموں زاد، چچازاد بھائیوں سے بھی پردہ نہیں کرتیں۔ آپ مجھے بتائیں کہ ان لوگوں سے پردہ ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو کس طرح کا؟ کیا ان لوگوں سے بالکل اسی طرح کا پردہ کیا جائے جس طرح کا عام لوگوں سے ہے؟ اب کیونکہ معاشرے میں پردے کی حکمت و اہمیت کا احساس مٹ گیا ہے تو چھٹی والے دن ان لوگوں کے گھر جانے سے محض اس لئے انکار کرسکتی ہوں کہ مرد گھر پر ہوتے ہیں اور بے پردگی ہوتی ہے؟ کیونکہ اب پردہ کرنے کو دقیانوسیت سمجھا جاتا ہے۔ اگر ان لوگوں میں سے کوئی گھر میں آئے تو سامنے نہ جاوٴں اورپردے میں ہوجاوٴں۔ میں علیحدہ گھر میں رہتی ہوں، مشترکہ خاندانی نظام نہیں ہے۔ اگر سسر حیات نہ ہوں تو کیا ہمارا دِین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جیٹھ کو ان کا قائم مقام سمجھ کر سامنے ہوا جائے؟ پردہ صرف جسم کا ہے یا چہرے کا بھی ہے؟ اس کی بھی وضاحت کی جائے۔ آپ میرے سوالوں کا جواب وضاحت سے دیں تاکہ میری کنفیوژن دُور ہو اور عورت سے جس طرح کا پردہ اسلام چاہتا ہے اس پر عمل پیرا ہونے کی صدقِ دِل سے کوشش کروں۔

ج… جن رشتہ داروں کے نام آپ نے لکھے ہیں، ان سے بھی ویسا ہی پردہ ہے جیسا کہ اجنبی لوگوں سے۔ کوشش تو یہ ہونی چاہئے کہ ان کے سامنے نہ جایا جائے، لیکن اگر کبھی جانا پڑے تو کپڑے سے چہرے کا پردہ کرلیا جائے اور ان کے ساتھ بے تکلف گفتگو نہ کی جائے۔ سسر کے بعد جیٹھ اس کے قائم مقام نہیں ہوجاتا۔

اجنبی عورت کو بطور سیکریٹری رکھنا

س… آج کل کے دور میں مخلوط ملازمت کا سلسلہ چل رہا ہے، اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ پرائیویٹ آفس میں لیڈیز سیکریٹری رکھی جاتی ہیں اور مالکان اپنی سیکریٹریوں سے خوش گپیوں میں مصروف ہوتے ہیں، حالانکہ اسلام میں عورت کا نامحرَم کے سامنے بے پردہ نکلنا حرام ہے۔ برائے مہربانی تحریر فرمائیں کہ اس مسئلے کے متعلق شرع کیا حکم دیتی ہے؟

ج… حکم ظاہر ہے کہ اجنبی عورت سے خلوَت کرنا اور اس سے خوش گپیوں میں مشغول ہونا شرعاً حرام ہے، اس لئے عورت سیکریٹری رکھنا جائز نہیں۔

لڑکیوں کا بے پردہ مردوں سے تعلیم حاصل کرنا

س… میں گرلز کالج میں پڑھتی ہوں اور مذہبی پردے دار گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں، چونکہ سائنس کی اسٹوڈنٹ ہوں اس لئے کالج روزانہ جانا پڑتا ہے اور کالج میں تقریباً اسٹاف مردوں پر مشتمل ہے، اور ہم لوگوں کے پاس کالج میں ایک باریک پٹی ہوتی ہے، دوپٹہ لینے کی اجازت نہیں ہے، ایسی صورت میں جب ہم پر مجبوری ہو تو کیا کیا جائے؟ جبکہ اسلام میں عورت کو اپنا بال تک دِکھانے کی اجازت نہیں ہے۔

ج… لڑکیوں کا غیرمحرَم مردوں سے بے پردہ پڑھنا فتنے سے خالی نہیں، یا تو باپردہ تعلیم کا انتظام کیا جائے، ورنہ تعلیم چھوڑ دی جائے۔

عمررسیدہ عورت کا اسکول میں بچوں کو پڑھانا

س… ایک ایسی عورت جو کہ اپنے تمام فرائض سے سبکدوش تقریباً ہوچکی ہے، اور اس کے بچے اسکول میں پڑھتے ہیں اور گھر میں فالتو ہوتی ہے، تو کیا وہ عورت اپنے گھر کے عین سامنے اسکول میں پڑھانے جاسکتی ہے؟ جبکہ علم کا حاصل کرنا ہر کسی پر فرض ہے، اور اس طریقے سے اس عورت کا وقت بھی اچھے کام میں صَرف ہوتا ہے۔

ج… اگر اللہ تعالیٰ نے اس کو معاش سے فارغ کر رکھا ہے تو فرصت کو غنیمت سمجھ کر اپنی آخرت کی تیاری میں لگے، ذکر و اَذکار، تسبیحات، تلاوت اور نماز میں وقت گزارے، معاشی طور پر تنگ دست ہو تو ملازمت باپردہ کرسکتی ہے۔ جس علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، وہ یہ نہیں جو اسکولوں میں پڑھایا جاتا ہے۔

بغیر دوپٹہ کے عورت کا کالج میں پڑھانا اور دفتر میں کام کرنا

س… ہمارے تعلیمی اداروں میں مخلوط تعلیم کا رواج ہے، شرعی لحاظ سے اس کے متعلق کیا حکم ہے؟ ہمارے تعلیمی اداروں میں خواتین ٹیچرز بغیر دوپٹے کے کلاسز لیتی ہیں، جبکہ اسکولوں میں مرد اساتذہ بھی ہوتے ہیں، کیا یہ دُرست ہے؟

ج… یہ مخلوط نظامِ تعلیم بے خدا قوموں کا ایجاد کردہ ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ مرد، مرد نہ رہیں، اور عورتیں، عورتیں نہ رہیں، اسلام کے ساتھ اس نظام کا کوئی جوڑ نہیں۔

س… ہمارے ملک میں مخلوط ملازمت کا رواج ہے، سرکاری اور غیرسرکاری دفاتر میں جہاں صرف مرد کام کرتے ہیں، آفیسر اپنے لئے لیڈی سیکریٹری رکھتے ہیں، کیا ایسے دفاتر فحاشی کے اَڈّے نہیں کہلائیں گے؟ شرع کے لحاظ سے ایسی خواتین اور آفیسروں کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… یہ مخلوط ملازمت کا نظام، مخلوط تعلیم کا شاخسانہ ہے، جو مردانہ غیرت اور نسوانی حیا نکال پھینکنے کا نتیجہ ہے۔

عورت بازار جائے تو کتنا پردہ کرے؟

س… اسلام میں آزاد عورت (یعنی آج کل کی گھریلو خاتون) کو غیرمحرَم سے پردے کا کیا حکم ہے؟ خصوصاً سورہٴ اَحزاب کی آیت نمبر:۵۹ اور سورہٴ نور کی آیت نمبر:۳۱ میں پردے کا جو حکم ہے، اور قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اور جہاں بھی پردے کا حکم دیا ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پردے کا کیا حکم دیا ہے؟ جناب! خصوصاً سورہٴ اَحزاب کی آیت نمبر:۵۹ اگر تفصیل سے سمجھادیں تو مہربانی ہوگی۔

“اے نبی! (صلی اللہ علیہ وسلم) کہہ واسطے بیبیوں اپنی کے اور بیٹیوں اپنی کے اور بیویوں مسلمانوں کی، کے نزدیک کرلیں اُوپر اپنے بڑی چادریں اپنی، یہ بہت نزدیک ہے اس سے کہ پہچانی جاویں پس نہ ایذا دی جاویں اور ہے اللہ بخشنے والا مہربان۔” (سورہٴ اَحزاب)

اور سورہٴ نور میں پردے کے متعلق جو حکم آیا ہے، وہ بھی تفصیل سے سمجھادیں۔

ج… پردے کے بارے میں شرعی حکم یہ ہے کہ اگر عورت کو گھر سے باہر جانے کی ضرورت پیش آئے تو بڑی چادر یا برقع سے اپنے پورے بدن کو ڈھانپ کر نکلے اور صرف راستہ دیکھنے کے لئے آنکھ کھلی رہے، ان آیات کی تفسیر مولانا مفتی محمد شفیع صاحب کی تفسیر “معارف القرآن” میں دیکھ لی جائے۔

بے پردگی والی جگہ پر عورت کا جانا جائز نہیں

س… زید اپنی بیوی کو اس کے بھائی کے گھر جانے سے روکتا ہے، کیونکہ اس کے بھائی کے گھر میں خدمت گار نوجوان ہیں، جبکہ یہ خدمت گار گھر کے ایک مخصوص حصے تک محدود ہیں۔ آپ اس مسئلے کا تفصیلی و تحقیقی جواب تحریر فرمائیں۔

ج… شوہر کو یہ حق حاصل ہے کہ اپنی بیوی کو ایسی جگہ جانے سے منع کرے جہاں غیرمحرَم مردوں سے بے پردگی کا اندیشہ ہو، ہاں! البتہ اگر بیوی کے بھائی کے گھر بے پردگی کا خطرہ نہ ہو اور خدمت گار مردوں کے لئے الگ کوئی مخصوص جگہ ہو تو پھر کبھی کبھی جانے میں کوئی حرج نہیں، لیکن پردے کا اہتمام ضروری اور لازمی ہے۔

گھر میں نوجوان ملازم سے پردہ کرنا ضروری ہے

س… ایک تعلیم یافتہ مسلمان جن کے کام کاج کرنے کے لئے ایک مسلمان نوجوان ملازم ہے، جو رات دن ان کے گھر میں رہتا ہے، جس کا ان کے اہلِ خانہ سے پردہ نہیں ہے، سنا ہے کہ وہ اس ملازم کو اپنے گھر میں چھوڑ کر ایک ماہ کے لئے کہیں باہر کام پر گئے ہیں۔ پردہ شرعی کی چہل حدیث میں لکھا ہے کہ ایسا شخص جس کو اس کی پروا نہ ہو کہ اس کی گھر والیوں کے پاس کون آتا ہے؟ کون جاتا ہے؟ وہ دیوث ہے، اور دیوث کبھی جنت میں داخل نہ ہوگا۔ کیا اس قسم کا شخص اس صورت میں کہ وہ دِینی کام سے جاتا ہے، جنتی ہوجائے گا؟

ج… ملازم سے پردہ ہے، اور اس کا بغیر پردے کے مستورات کے پاس جانا جائز نہیں۔

عورتوں کو تبلیغ کے لئے پردہٴ اسکرین پر آنا

س… عورتوں کے لئے پردے کا حکم بہت شدید ہے، یعنی یہ کہ عورت کو مرد سے اپنے ناخن تک چھپانے چاہئیں، لیکن آج کل کی عورت دفتروں میں، دُکانوں میں (سیلز گرل) اور سڑکوں پر بے پردہ گھومتی ہے، جو کہ ظاہر ہے غلط ہے۔ دریافت یہ کرنا ہے کہ اگر عورت ٹیلی ویژن پر آتی ہے تو یقینا اسے لاکھوں کی تعداد میں مرد دیکھتے ہیں، اور آج کل ٹی وی پر عورتیں تبلیغِ دِین کے لئے آتی ہے، کیا اس عمل سے وہ خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشنودی حاصل کرلیتی ہیں؟

ج… جو عورتیں خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اَحکام کو توڑ کر پردہٴ اسکرین پر اپنی نمائش کرتی ہیں، انہیں خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشنودی کیسے حاصل ہوسکتی ہے․․․؟ ہاں! اِبلیس اور ذُرِّیتِ اِبلیس ان کے اس عمل سے ضرور خوش ہیں۔

کیا عورت کھیلوں میں حصہ لے سکتی ہے؟

س… پچھلے دنوں اخبار “جنگ” میں پروفیسر وارث میر صاحب نے عورتوں کے بارے میں بہت کچھ لکھا ہے، پروفیسر صاحب لکھتے ہیں کہ: “عورت بغیر پردہ یعنی کہ منہ چھپائے بغیر باہر نکل سکتی ہے، کھیلوں میں حصہ لے سکتی ہے، مردوں کے شانہ بشانہ کام کرسکتی ہے” یہ کہاں تک صحیح ہے کہ عورت بغیر پردہ کئے باہر نکل سکتی ہے؟ جبکہ عورت کی ساری خوبصورتی اس کے چہرے سے ہی معلوم ہوتی ہے۔ اس چہرے کے مسئلے کو تفصیلاً تحریر کریں۔ دُوسرا سوال یہ ہے کہ ہم لوگ جو آج کل کے دور میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، آیا اس کے لئے ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا؟ نیز عورتوں کو میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا یا وکالت کرنا یا جج کے فرائض انجام دینا کہاں تک صحیح ہے؟ ضرور تحریر کریں۔

ج… پروفیسر وارث میر کا فتویٰ غلط ہے۔ بے پردگی، فحاشی کی بنیاد ہے، اور اسلام فحاشی کو برداشت نہیں کرتا۔ عورت کے لئے قرآنِ کریم کا حکم یہ ہے کہ وہ بغیر شدید ضرورت کے گھر سے ہی نہ نکلے، اور اگر ضرورت کی بنا پر نکلے تو جلباب (بڑی چادر جو پورے بدن کو ڈھانک لے) پہن کر نکلے، اور اس کا پَلّو چہرے پر لٹکائے رکھے، مرد اور عورت اپنی نظریں نیچی رکھیں اور عورتیں اپنے محرَموں کے سوا کسی کے سامنے اپنی زینت کا اظہار نہ کریں۔ مجھے قرآنِ کریم میں کوئی ایسی آیت نہیں ملی جس میں عورتوں کو مردوں سے کندھا ملاکر (شانہ بشانہ) چلنے کا حکم دیا گیا ہو، اور جس میں یہ کہا گیا ہو کہ عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے کھیل کے میدان میں بھی جاسکتی ہیں۔ یہ آسمانِ مغرب کی “وحی” ہے جس نے مرد و زَن کا امتیاز مٹا ڈالا ہے، جبکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی یہ ہے کہ: “اللہ کی لعنت ان مردوں پر جو عورتوں کی مشابہت کرتے ہیں، اور اللہ کی لعنت ان عورتوں پر جو مردوں کی مشابہت کرتی ہیں۔”

۲:… آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم علومِ نبوّت لے کر آئے تھے اور آپ نے انہی کے حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی ہے، اور اس کے فضائل بھی بیان فرمائے ہیں۔ دُنیاوی علوم انسانی ضرورت ہے اور حدودِ شریعت کے اندر رہتے ہوئے ان سے استفادہ بھی جائز ہے، لیکن جو علم، اَحکامِ الٰہیہ سے برگشتہ کردے (جیسا کہ آج کل عام طور سے دیکھنے میں آرہا ہے) وہ علم نہیں، جہل ہے۔

عورتوں کا میڈیکل سیکھنا، قانون پڑھنا جائز ہے، بشرطیکہ شرعی پردہ محفوظ رہے، ورنہ بے پردگی حرام ہے۔ عورت کو جج بننا صحیح نہیں، لیکن اگر بنادیا گیا تو اس کا فیصلہ صحیح ہوگا، مگر حدود و قصاص میں عورت کا فیصلہ معتبر نہیں۔

عورت کے چہرے کا پردہ

س… جناب! میں پردہ کرتی ہوں جیسا کہ اللہ کا حکم ہے کہ نامحرَم سے پردہ کرنا چاہئے، میں اب تک کوشش یہی کرتی رہی ہوں کہ اپنے خالہ زاد یا ماموں زاد، پھوپھی زاد بھائیوں کے سامنے نہ آوٴں، مگر کبھی کبھار سامنا ہو ہی جاتا ہے۔ میں نے ابھی ایک مضمون پڑھا تھا جس میں عورت کے چہرے کے پردے پر زور نہیں دیا گیا تھا، معلوم یہ کرنا ہے کہ رشتہ داروں سے چہرے کا پردہ کرنا چاہئے یا نہیں؟ جبکہ فی زمانہ یہ بہت ہی زیادہ مشکل ہے۔

ج… عورت کو کسی مجبوری کے بغیر چہرہ کھولنے کی اجازت نہیں، جہاں تک ممکن ہو آپ بدستور پردہ کرتی رہیں، اخباروں میں صحیح غلط ہر قسم کی باتیں چھپتی ہیں، جب تک کسی محقق عالم سے تحقیق نہ کرلی جائے، اخباری مضامین پر کان نہیں دھرنا چاہئے۔

عورت کی کلائی پردے میں شامل ہے

س… آپ نے “غیرمحرَم کو ہاتھ لگانا” کے جواب میں یہ لکھا ہے: “عورت کا ہاتھ کلائی تک پردے کے حکم میں نہیں ہے” حالانکہ کلائی ہاتھ کی گٹوں سے شروع ہوتی ہے جو کہ پردے کے حکم میں ہے۔ کیا ہاتھ کی کلائی عورت کے پردے کے حکم میں ہے؟ ضرور وضاحت فرمائیں، اگر کلائی عورت کی نماز میں کھلی رہ جائے تو اس کی نماز نہ ہوگی؟

ج… کلائی گٹوں سے شروع ہوتی ہے، اور گٹوں تک ہاتھ ستر میں شامل نہیں، گٹوں سے لے کر کلائی ستر میں شامل ہے، اس میں آپ کو کیا اِشکال ہے؟ وہ سمجھ میں نہیں آیا۔

بہنوئی سے بھی پردہ ضروری ہے

س… بہنوئی سے پردہ کرنا چاہئے یا نہیں؟ ہمارے اِدھر ایک حافظ ہیں، وہ کہتے ہیں کہ جب تک بہن زندہ ہو پردہ نہیں کرنا چاہئے۔

ج… بہنوئی سے پردہ ہے، حافظ صاحب غلط کہتے ہیں۔

رشتہ دار نامحرَموں سے بھی پردہ ضروری ہے

س… ہم غیرمحرَموں سے پردہ کرتی ہیں، لیکن ہماری ایک بزرگ خاتون کہتی ہیں کہ: “تم جو پردہ کرتی ہو صحیح نہیں ہے، تھوڑا بہت زمانے کے ساتھ بھی چلنا پڑتا ہے” وہ کہتی ہیں کہ: “چہرہ وغیرہ غیرمحرَموں کے سامنے کھول سکتے ہیں” وہ کہتی ہیں کہ: “حج میں بھی تو عورتیں چہرہ وغیرہ کھلا رکھتی ہیں” آپ ضرور تفصیل سے جواب دیں کہ عورتیں حج میں اپنا چہرہ کیوں کھلا رکھتی ہیں؟

ج… جس طرح مرد کو اِحرام کی حالت میں سلا ہوا کپڑا پہننا اور سر ڈھانکنا جائز نہیں، اسی طرح چہرے کو کپڑا لگانا عورت کو اِحرام کی حالت میں جائز نہیں۔ چنانچہ عورت کو یہ حکم ہے کہ اِحرام کی حالت میں اس طرح پردہ کرے کہ کپڑا منہ کو نہ لگے۔ اب اگر آپ کی بزرگ خاتون جیسا کوئی عقل مند لوگوں کو یہ تبلیغ کرتا پھرے کہ: “جس طرح مردوں کو وہاں کُرتا شلوار پہننا جائز نہیں تو یہاں بھی جائز نہیں” تو آپ اس کے بارے میں کیا رائے قائم کریں گی؟ وہی رائے اس بزرگ خاتون کے بارے میں قائم کرلیجئے․․․! علاوہ ازیں اِحرام کی حالت میں چہرہ ڈھکنا تو جائز نہیں لیکن پردہ کرنا وہاں بھی فرض ہے، اور لوگوں کے سامنے کھلے بندوں پھرنا حرام ہے، اب اگر بعض بیوقوف عورتیں اس پر عمل نہیں کرتیں تو ان کا فعل شریعت تو نہیں۔ رہا اس بزرگ خاتون کا یہ کہنا کہ: “تھوڑا بہت زمانے کے ساتھ بھی چلنا پڑتا ہے” بالکل غلط ہے، “چلو تم اِدھر کو جدھر کی ہوا ہو” دُنیا پرستوں اور کافروں کا شیوہ تو ہوسکتا ہے، کسی موٴمن کا نہیں۔ کیونکہ کوئی مسلمان خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کرکے زمانے کی ہوا کا ساتھ نہیں دے سکتا ورنہ پھر مسلمان اور کافر کے درمیان کیا فرق رہ جائے گا․․․!

بے پردگی سے معاشرتی پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں نہ کہ پردے سے

س… محترم! فیڈریشن آف پروفیشنل ویمن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیڈریشن کی صدر ڈاکٹر سلیمہ احمد صاحب نے فرمایا: “خواتین کو پردے میں بٹھانے سے معاشرتی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں” کیا ان محترمہ کا بیان دُرست ہے؟

ج… ڈاکٹر صاحبہ کو جس پردے میں پیچیدگیاں نظر آرہی ہیں اس کا حکم اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں دیا ہے، چنانچہ سورہٴ اَحزاب آیت:۳۳ میں خواتینِ اسلام کو حکم فرماتے ہیں:

“وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاھِلِیَّةِ الْأُوْلٰی۔” (الاحزاب:۳۳)

ترجمہ:… “اور قرار پکڑو اپنے گھروں میں، اور دِکھلاتی نہ پھرو جیسا کہ دِکھانا دستور تھا پہلے جہالت کے وقت میں۔” (ترجمہ شیخ الہند)

شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی اس آیت شریفہ کے ذیل میں لکھتے ہیں:

“اسلام سے پہلے زمانہٴ جاہلیت میں عورتیں بے پردہ پھرتی اور اپنے بدن اور لباس کی زیبائش کا علانیہ مظاہرہ کرتی تھیں۔ اس بداخلاقی اور بے حیائی کی رَوِش کو مقدس اسلام کب برداشت کرسکتا ہے؟ اس نے عورتوں کو حکم دیا کہ گھروں میں ٹھہریں اور زمانہٴ جاہلیت کی طرح باہر نکل کر حسن و جمال کی نمائش کرتی نہ پھریں۔”

یہ تو چاردیواری میں بیٹھنے کا حکم ہوا، اور اگر کبھی باَمرِ مجبوری خواتین کو گھر سے باہر قدم رکھنا پڑے تو وہ کس انداز سے نکلیں؟ اس کے لئے درج ذیل ہدایت فرمائی گئی، سورہٴ اَحزاب آیت:۵۹ میں ارشاد ہے:

“یٰٓأَیُّھَا النَّبِیُّ قُلْ ِلّأَزْوَاجِکَ وَبَنٰتِکَ وَنِسَآءِ الْمُوٴْمِنِیْنَ یُدْنِیْنَ عَلَیْھِنَّ مِنْ جَلَابِیْبِھِنَّ۔”

ترجمہ:… “اے نبی! کہہ دے اپنی عورتوں کو اور اپنی بیٹیوں کو اور مسلمانوں کی عورتوں کو، نیچے لٹکالیں اپنے اُوپر تھوڑی سی اپنی چادریں۔” (ترجمہ شیخ الہند)

شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی اس آیت کے ذیل میں لکھتے ہیں:

“یعنی بدن ڈھانپنے کے ساتھ چادر کا کچھ حصہ سر سے نیچے چہرے پر بھی لٹکالیویں۔ روایات میں ہے کہ اس آیت کے نازل ہونے پر مسلمان عورتیں بدن اور چہرہ چھپاکر اس طرح نکلتی تھیں کہ صرف ایک آنکھ دیکھنے کے لئے کھلی رہتی تھی۔”

یہ بڑی چادروں (جلابیب) سے سر لپیٹ کر اور سر اور چہرہ ڈھک کر نکلنے کا حکم چادر کا پردہ ہوا، اور شرفاء کے یہاں برقع کا رواج درحقیقت اسی حکم کی تعمیل کی خوبصورت شکل ہے۔

بہرحال یہ ہیں شرعی پردے کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے پاک ارشادات، اور یہ ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں مسلمانوں کا ان اَحکامِ خداوندی پر عمل۔ نہ جانے ڈاکٹر صاحبہ کو پردے کے اندر وہ کون سی پیچیدگیاں نظر آگئیں جن کا علم -نعوذ باللہ- نہ اللہ تعالیٰ کو ہوا، نہ صاحبِ قرآن صلی اللہ علیہ وسلم کو، اور نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے کی پاکیزہ خواتین کو، رضی اللہ عنہنّ۔ اللہ تعالیٰ عقل و ایمان اور عفت و حیا کی محرومی سے پناہ میں رکھیں۔

کیا گھر کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنا ضروری ہے؟

س… محض شک کی بنا پر گھر کے دروازے، کھڑکیاں بند رکھنا کہ کہیں کسی غیرمرد کی نظر خواتین پر نہ پڑے، حالانکہ بے پردگی کا قطعی امکان نہ ہو کہاں تک دُرست ہے؟

ج… گھر میں پردے کا اہتمام تو ہونا چاہئے، لیکن اگر مکان ایسا ہے کہ اس سے بے پردگی کا احتمال نہ ہو تو خواہ مخواہ شک میں پڑنا صحیح نہیں۔ شک، اسلام کی تعلیم نہیں، بلکہ ایک نفسیاتی مرض ہے جو گھر کے ماحول میں بداعتمادی کو جنم دیتا ہے اور جس سے رفتہ رفتہ گھر کا ماحول آتش کدہ بن جاتا ہے۔ البتہ دروازوں، کھڑکیوں سے اگر غیرنظروں کے گزرنے کا احتمال ہو تو ان پر پردے لگانے چاہئیں۔

دُودھ شریک بھائی سے پردہ کرنا

س… کیا کسی بہن کو اپنے دُودھ شریک بھائی سے پردہ کرنا چاہئے؟

ج… دُودھ شریک بھائی اپنے حقیقی بھائی کی طرح محرَم ہے، اس سے پردہ نہیں۔ البتہ اگر وہ بدنظر اور بدقماش ہو تو فتنے سے بچنے کے لئے اس سے بھی پردہ لازم ہے۔