نفل، نذر اور منّت کے روزے

نفل روزے کی نیت رات سے کی لیکن عذر کی وجہ سے نہ رکھ سکا تو کوئی حرج نہیں

س… نفلی روزے کے لئے اگر رات کو نیت کرلی کہ میں کل روزہ رکھوں گا، لیکن سحری کے لئے آنکھ نہیں کھل سکی یا آنکھ تو کھلی لیکن طبیعت خراب ہوگئی، تو وہ روزہ بعد میں رکھنا پڑے گا یا نہیں؟ مطلب یہ ہے کہ اگر چھوڑ دیں تو کوئی حرج تو نہیں ہے؟

ج… اگر رات کو یہ نیت کرکے سویا کہ صبح نفلی روزہ رکھنا ہے تو صبحِ صادق سے پہلے اس کو نیت تبدیل کرنے کا اختیار ہے، پس اگر صبحِ صادق سے پہلے آنکھ کھل گئی اور روزہ نہ رکھنے کا ارادہ کرلیا تو اس کے ذمہ کچھ نہیں، لیکن اگر رات کو روزے کی نیت کرکے سویا، پھر صبحِ صادق کے بعد آنکھ کھلی تو اب اس کا روزہ شروع ہوگیا، اگر اس کو توڑدے گا تو قضا لازم آئے گی۔

منّت کے روزے کی شرعاً کیا حیثیت ہے؟

س… منّت کے مانے ہوئے روزے اگر نہ رکھیں تو کوئی حرج تو نہیں ہے؟ یا جب وہ کام ہوجائے تو روزہ رکھنا چاہئے؟ یا جب بھی رکھیں؟

ج… منّت کے روزے واجب ہوتے ہیں، ان کا ادا کرنا لازم ہے، اور ان کو ادا نہ کرنا گناہ ہے، اگر معین دنوں کے روزوں کی منّت مانی تھی تب تو ان معین دنوں کے روزے رکھنا واجب ہے، تأخیر کرنے پر گناہگار ہوگا، اس کو تأخیر پر اِستغفار کرنا چاہئے، مگر تأخیر کرنے سے وہ روزے معاف نہیں ہوں گے بلکہ اتنے روزے دُوسرے دنوں میں رکھنا واجب ہے۔ اور اگر دن معین نہیں کئے تھے، مطلقاً یوں کہا تھا کہ اتنے دن کے روزے رکھوں گا، تو جب بھی ادا کرلے ادا ہوجائیں گے، لیکن جتنی جلد ادا کرلے بہتر ہے۔

نفل روزہ توڑنے سے صرف قضا واجب ہوگی کفارہ نہیں

س… اگر کسی نے نفل روزہ توڑ دیا تو کیا کفارہ بھی لازم ہوگا؟

ج… کفارہ صرف رمضان شریف کا ادائی روزہ توڑنے پر واجب ہوتا ہے، کوئی اور روزہ توڑ دیا تو صرف قضا واجب ہوگی، کفارہ لازم نہیں۔

اگر کوئی منّت کے روزے نہیں رکھ سکتا تو کیا کرے؟

س… اگر کسی نے منّت کے روزے مانے ہوں کہ فلاں کام ہوجائے تو روزے رکھوں گا، پھر وہ کام ہوجائے، مگر وہ ضعیف العمری کے سبب یا شدید گرمی کی وجہ سے روزے نہ رکھ سکے تو کیا اس کے عوض مسکینوں کو کھانا کھلایا جاسکتا ہے؟

ج… اگر گرمی کی وجہ سے نہیں رکھ سکتا تو سردیوں میں رکھ لے، اس کے لئے تو روزے رکھنا ہی لازم ہے، اور بڑھاپا اگر ایسا ہے کہ سردیوں میں بھی روزے نہیں رکھ سکتا، تو ہر روزے کے بدلے کسی محتاج کو صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ یا اس کی قیمت دے دے۔

کیا مجبوری کی وجہ سے منّت کے روزے چھوڑ سکتے ہیں؟

س… میں نے کسی کام کے لئے منّت مانی تھی کہ اگر میرا فلاں کام ہوگیا تو میں چھ روزے رکھوں گی، اب میں وہ روزے نہیں رکھ سکتی، کیونکہ میں ایک ملازمت پیشہ لڑکی ہوں اور بہت محنت کا کام کرتی ہوں، لہٰذا آپ مجھے بتائیں کہ اس کا کفارہ کیا ہوگا؟

ج… اگر آدمی بڑھاپے اور کمزوری کی وجہ سے لاچار ہوجائے اور روزہ رکھنے کی طاقت نہ رہے، تب روزے کا فدیہ دے سکتا ہے، آپ کو خدانخواستہ ایسی کوئی لاچاری نہیں، اس لئے آپ کے ذمہ چھ روزے رکھنے ہی واجب ہیں، اتنے دنوں کی چھٹی لے لیجئے، آپ کے لئے فدیہ ادا کردینا کافی نہیں۔

منّت کے روزے دُوسروں سے رکھوانا دُرست نہیں

س… ایک شخص نے منّت مانی کہ اگر میرا فلاں کام ہوا تو میں پندرہ روزے رکھوں گا، جب وہ کام ہوگیا تو وہ شخص روزوں کو اہل خانہ پر تقسیم کرتا ہے، جبکہ منّت کے شروع میں کسی فرد سے بھی اس کا ذکر نہیں کیا کہ اگر کام ہوا تو سب اہل خانہ روزے رکھیں گے، آپ قرآن و حدیث کی روشنی میں یہ بتائیں کہ وہ یہ روزے دُوسروں سے رکھواسکتا ہے یا صرف اسی کو رکھنے پڑیں گے؟ جبکہ دُوسرے بھی رکھنے کو تیار ہیں۔

ج… اسے یہ روزے خود رکھنے ہوں گے، دُوسروں سے نہیں رکھوا سکتا، کیونکہ نماز، روزہ خالص بدنی عبادات ہیں، اور جو وظیفہ کسی بدن کے لئے تجویز کیا جائے اس کا نفع خاص اسی کے کرنے سے ہوگا، دُوسرے کے کرنے سے وہ مخصوص نفع اس بدن کو حاصل نہیں ہوگا۔ اس لئے خالص بدنی عبادات (مثلاً: نماز اور روزہ) میں نیابت جائز نہیں، یعنی ایک کی جگہ دُوسرا آدمی ان کو ادا نہیں کرسکتا۔ ہاں! جب کوئی آدمی ان بدنی عبادات سے عاجز ہوجائے تو ان کے بدل کے طور پر شریعت نے فدیہ تجویز فرمایا، یعنی ہر نماز اور ہر روزے کے بدلے صدقہٴ فطر کی مقدار کسی محتاج کو غلہ دے دیا جائے، (واضح رہے کہ نماز سے عاجز ہونا صرف موت کی صورت میں ہوسکتا ہے، اور روزے سے عاجز ہونا بڑھاپے کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے، اور کسی ایسی بیماری کی وجہ سے بھی جس سے شفا کی اُمید نہ رہے)۔

کیا اکیلے جمعہ کے دن کا روزہ رکھنا دُرست ہے؟

س… میرا ایک دوست جو مذہب میں خاصی معلومات رکھتا ہے، اس نے ایک مسئلے کے بارے میں بتایا تھا کہ اگر جمعہ کے دن ہم نفل روزہ رکھنا چاہیں تو ساتھ میں ایک دن آگے یا پھر پیچھے یعنی جمعرات یا ہفتہ کو رکھنا ضروری ہے، کیا یہ بات صحیح ہے؟

ج… حدیث میں جمعہ کے دن کو روزہ کے لئے مخصوص کرنے کی ممانعت آئی ہے، اس لئے صرف جمعہ کا روزہ نہیں رکھنا چاہئے، البتہ اگر رکھ لے تو آگے پیچھے دن ملانا ضروری نہیں ہے۔

خاص کرکے جمعہ کو روزہ رکھنا موجبِ فضیلت نہیں

س… نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اکیلا جمعہ کا روزہ منع فرمایا، مگر مجھے دُوسرے دنوں میں فرصت ہی نہیں ملتی، کیونکہ دُوسرے دنوں میں اللہ کے کام کے لئے جانا ہوتا ہے تو روزہ سے کمزوری ہوتی ہے، تو میں جمعہ کا اکیلا روزہ رکھ سکتی ہوں؟

ج… جمعہ کا تنہا روزہ مکروہ ہے، لیکن اگر آپ کو دُوسرے دن رکھنے کی گنجائش نہیں تو کوئی حرج نہیں، روزہ رکھ لیا کریں۔ مگر خاص اس دن روزہ رکھنے کو موجبِ فضیلت نہ سمجھا جائے۔

کیا جمعة الوداع کے روزے کا دُوسرے روزوں سے زیادہ ثواب ملتا ہے؟

س… رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو روزہ رکھنے کا زیادہ ثواب ہوتا ہے یا باقی دنوں کے روزوں کی طرح ثواب ملتا ہے؟ کیونکہ اس دن روزہ رکھنے کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے، اس دن خصوصیت کے ساتھ بچوں کو بھی روزہ رکھوایا جاتا ہے، اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

ج… رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے روزے کی کوئی خصوصی فضیلت مجھے معلوم نہیں، شاید اس میں یہ غلط نظریہ کارفرما ہے کہ آخری جمعہ کا روزہ ساری عمر کے روزوں کے قائم مقام ہوجاتا ہے، مگر یہ محض جاہلانہ تصوّر ہے۔

کیا جمعة الوداع کا روزہ رکھنے سے پچھلے روزے معاف ہوجاتے ہیں؟

س… بعض لوگ کہتے ہیں کہ جمعة الوداع کا روزہ رکھنے سے پہلے تمام روزے معاف ہوجاتے ہیں، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… بالکل غلط اور جھوٹ ہے! پورے رمضان کے روزے رکھنے سے بھی پچھلے روزے معاف نہیں ہوتے، بلکہ ان کی قضا واجب ہے۔ شیطان نے اس قسم کے خیالات لوگوں کے دِلوں میں اس لئے پیدا کئے ہیں تاکہ وہ فرائض بجالانے میں کوتاہی کریں، ان لوگوں کو اتنا تو سوچنا چاہئے کہ اگر صرف جمعة الوداع کا ایک روزہ رکھ لینے سے ساری عمر کے روزے معاف ہوتے جائیں، تو ہر سال رمضان کے روزوں کی فرضیت تو ․․․نعوذ باللہ․․․ ایک فضول بات ہوئی۔

جمعة الوداع کے روزے کا حکم بھی دُوسرے روزوں کی طرح ہے

س… اگر کوئی شخص جمعة الوداع کا روزہ رکھے اور بہت سخت بیمار ہوجائے اور اس کے لئے روزہ توڑدینا ضروری ہو تو وہ کیا کرے؟ کیا روزہ توڑ دے؟ اور اگر روزہ توڑ دے تو اس کے کفارہ کے لئے کیا کرنا ہوگا؟ اور اگر کوئی شخص صرف گرمی کی وجہ سے جان بوجھ کر روزہ توڑ دے تو اس کا کفارہ دُوسرے روزوں سے زیادہ ہوگا یا ان کے برابر؟ صحیح صورتِ حال سے آگاہ کیجئے۔

ج… اس حالت میں جبکہ روزہ توڑنا ضروری ہوجائے تو روزہ اِفطار کرلے اور بعد میں اس کی قضا کرے، اور اس کا کوئی کفارہ نہیں ہے، صرف قضا واجب ہوگی۔

اگر کوئی شخص جان بوجھ کر رمضان مبارک کا روزہ توڑ دے تو اس پر قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں، کفارہ یہ ہے کہ لگاتار دو مہینے کے روزے رکھے۔ جمعة الوداع کے روزے کا حکم وہی ہے جو دُوسرے دنوں کے روزے کا ہے۔