روزہ توڑنے کا کفارہ

روزہ توڑنے والے کے متعلق کفارہ کے مسائل

س… مولانا صاحب! یہ بتائیے کہ قضا روزے کے بدلے میں تو صرف ایک روزہ رکھنے کا حکم ہے، لیکن کفارہ کی صورت میں ساٹھ مسکینوں کو جو کھانا کھلانے کا حکم ہے اس کے بارے میں وضاحت کریں کہ ساٹھ مسکینوں کا اکٹھا کھانا کھلانے کا حکم ہے یا پھر ایک وقت کے کھانے کا حساب لگاکر اتنی ہی رقم ساٹھ مسکینوں میں تقسیم کی جائے یا پھر کھانا کھلانے کا ہی حکم ہے؟ مثلاً پانچ روپے فی کس فی کھانے کے حساب سے ساٹھ مسکینوں میں رقم تقسیم کی جائے؟

ج… کفارہ کے مسائل مندرجہ ذیل ہیں:

۱:… جو شخص روزے رکھنے کی طاقت رکھتا ہو اس کے لئے روزہ توڑنے کا کفارہ دو مہینے کے پے درپے روزے رکھنا ہے، اگر درمیان میں ایک روزہ بھی چھوٹ گیا تو دوبارہ نئے سرے سے شروع کرے۔

۲:…اگر چاند کے مہینے کی پہلی تاریخ سے روزے شروع کئے تھے تو چاند کے حساب سے دو مہینے کے روزے رکھے، خواہ یہ مہینے ۲۹، ۲۹ کے ہوں یا ۳۰، ۳۰ کے، لیکن اگر درمیان مہینے سے شروع کئے تو ساٹھ دن پورے کرنے ضروری ہیں۔

۳:… جو شخص روزے رکھنے پر قادر نہ ہو وہ ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے یا ہر مسکین کو صدقہٴ فطر کی مقدار کا غلہ یا اس کی قیمت دے دے۔

۴:… اگر ایک رمضان کے روزے کئی دفعہ توڑے تو ایک ہی کفارہ لازم ہوگا، اور اگر الگ الگ رمضانوں کے روزے توڑے تو ہر روزے کے لئے مستقل کفارہ ادا کرنا ہوگا۔

۵:… اگر میاں بیوی نے رمضان کے روزے کے درمیان صحبت کی تو دونوں پر الگ الگ کفارہ لازم ہوگا۔

قصداً رمضان کا روزہ توڑ دیا تو قضا اور کفارہ لازم ہیں

س… مولانا صاحب! اگر کسی نے جان بوجھ کر روزہ توڑ دیا تو اس کا کفارہ کیا ہے؟ کفارہ کس طرح ادا کیا جائے، لگاتار روزے رکھنا ضروری ہیں؟

ج… رمضان شریف کا روزہ توڑنے پر قضا بھی لازم ہے، اور کفارہ بھی۔ رمضان شریف کے روزے توڑنے کا کفارہ یہ ہے کہ لگاتار دو مہینے کے روزے رکھے، درمیان میں وقفہ کرنا دُرست نہیں، اگر کسی وجہ سے درمیان میں ایک دن کا روزہ بھی رہ گیا تو دوبارہ نئے سرے سے شروع کرے، یہاں تک کہ دو مہینے کے روزے بغیر وقفے کے پورے ہوجائیں۔ اور جو بیماری، کمزوری یا بڑھاپے کی وجہ سے روزے رکھنے پر قادر نہ ہو وہ ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے۔

قصداً کھانے پینے سے قضا اور کفارہ دونوں لازم ہوں گے

س… جو آدمی رمضان کے روزے کے دوران قصداً کچھ کھاپی لے، کیا اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ اگر ٹوٹ جاتا ہے تو صرف قضا ہوگی یا کفارہ بھی؟

ج… اگر کسی نے رمضان شریف کا روزہ جان بوجھ کر توڑ دیا، مثلاً: قصداً کھانا کھالیا یا پانی پی لیا یا وظیفہٴ زوجیت ادا کرلیا تو اس پر قضا اور کفارہ دونوں واجب ہیں۔

سرمہ لگانے اور سر کو تیل لگانے والے نے سمجھا کہ روزہ ٹوٹ گیا، پھر کچھ کھالیا تو قضا اور کفارہ دونوں ہوں گے

س… میں روزے سے تھا، اور سر کو تیل لگالیا، کسی نے کہا کہ سر کو تیل لگانے سے روزہ ٹوٹ گیا، میں نے کھانا کھالیا، اب کیا میرے اُوپر صرف قضا ہے یا کفارہ بھی؟

ج… اگر روزے میں سرمہ لگایا یا سر میں تیل لگایا اور پھر یہ سمجھ کر کہ اس کا روزہ ٹوٹ گیا ہے، کچھ کھاپی لیا تو اس صورت میں قضا اور کفارہ دونوں واجب ہوں گے۔

دو روزے توڑنے والا شخص کتنا کفارہ دے گا؟

س… مجھ پر دو روزے توڑنے کا کفارہ تھا، جس میں سے میں نے ایک روزے کا کفارہ ادا کردیا ہے، جو ساٹھ مسکینوں کا دو وقت کھانا یا فی کس دو سیر اناج ہے، اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا دُوسرے روزے کا کفارہ بھی اسی طرح ادا کرنا ہوگا جبکہ میں نے یہ کفارہ تقریباً تیس سال بعد ادا کیا ہے، اور یہ اناج میں نے آٹے کی صورت میں تقسیم کیا ہے، اور اس کی تقسیم میں کافی دقت پیش آئی کیونکہ بھکاری اور مسکین میں امتیاز بہت مشکل ہوگیا تھا، کیا اناج کے بدلے اس کی قیمت ادا کرسکتے ہیں؟

ج… رمضان مبارک کا روزہ توڑ دینے پر جو کفارہ لازم ہے، وہ یہ ہے کہ دو مہینے کے پے در پے روزے رکھے، جو شخص روزے رکھنے کی طاقت رکھتا ہو اس کے لئے ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلادینا کافی نہیں۔ ہاں! جو شخص روزے رکھنے کی طاقت نہ رکھتا ہو وہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے۔ اگر دونوں روزے ایک ہی رمضان کے توڑے تھے تو دونوں کا کفارہ ادا ہوگیا، اور اگر الگ الگ دو رمضان کے تھے تو دُوسرے کا کفارہ الگ لازم ہے۔ مساکین کو تلاش کرنے کی خواہ مخواہ زحمت کی، کسی دینی مدرسہ میں اتنی رقم بھیج دیتے کہ طلبہ کو کھلادیا جائے۔

روزہ دار نے اگر جماع کرلیا تو اس پر کفارہ لازم ہوگا

س… ایک شخص کی شادی ہوئی اور رمضان آگیا، دن میں میاں بیوی کو تخلیہ نصیب ہوگیا، انہوں نے جماع کرلیا، اور اس طرح تقریباً چار دن جماع کیا، صورتِ مسئولہ میں قضا و کفارہ اکٹھے ہوں گے یا علیحدہ علیحدہ ہوسکتے ہیں؟ اب کیا کفارہ کی صورت میں ان کو ۴*۶۰ =۲۴۰ مسکینوں کو کھانا کھلانا ہوگا اور ایسے ہی روزے کی صورت میں ۲۴۰ روزے رکھنے ہوں گے؟

ج… الف:… قضا روزے تو جب چاہیں رکھیں، مگر کفارہ کے روزے جب شروع کریں تو مسلسل ہوں، اگر درمیان میں وقفہ ہوگیا تو پھر نئے سرے سے شروع کریں، البتہ عورت کو حیض کی وجہ سے جو وقفہ کرنا پڑے وہ معاف ہے۔

ب:… اگر پہلے روزے کا کفارہ نہیں دیا تھا تو سب کے لئے ایک ہی کفارہ کافی ہے، مگر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانے کی اجازت اس صورت میں ہے کہ جبکہ آدمی روزے رکھنے پر قادر نہ ہو۔

روزے کے دوران اگر میاں بیوی نے صحبت کرلی تو کفارہ دونوں پر لازم ہوگا

س… آج سے تقریباً پندرہ سال پہلے ہم میاں بیوی روزے کی حالت میں تھے کہ شیطان سوار ہوگیا، اور ہم نے ہم بستری کرلی، مولانا! اللہ ہمارا گناہ بخشے، ایسا ایک مرتبہ نہیں تین مرتبہ ہوا، دو مرتبہ صبح ۹ بجے سے پہلے ہوا، ہم نے سحری کھاکر نیت کرلی تھی، مگر ہم بستری سے پہلے یہ طے کیا کہ آج روزہ نہیں ہے، بلکہ میں نے اپنی بیوی سے یہاں تک کہا کہ اگر اس نیت کے باوجود روزہ ٹوٹنے کا گناہ ہوگا تو میں کفارہ دے دوں گا۔ اور ایک مرتبہ دوپہر کے وقت غالباً ایک بجے ایسا ہوا، وہ جوانی کے دن تھے اور ہمیں تنہائی میسر تھی۔ اب یہ خیال میرے اور میری بیوی کے لئے سوہانِ رُوح بنا ہوا ہے، میں یہ بھی واضح کردوں کہ ہم نے ابھی تک کفارہ نہیں دیا، اب میں گناہگار اور عاجز بندہ آپ سے یہ دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ اس گناہ کا کفارہ کیا ہے؟ آیا یہ دونوں طرف سے ہوگا یا ایک فریق کی جانب سے؟ اور کتنا؟ اور اگر اس کا کفارہ جیسا میں نے پڑھا ہے مسکینوں وغیرہ کو کھلانا ہے تو مسکینوں کی عدم دستیابی کی صورت میں آیا اتنی رقم یا کھانا کسی یتیم خانے میں بھیجا جاسکتا ہے؟

ج… آپ دونوں پر ان روزوں کی قضا بھی لازم ہے اور جان بوجھ کر روزہ توڑنے کی بنا پر کفارہ بھی لازم ہے۔ اگر آپ دونوں روزہ رکھنے کی طاقت رکھتے ہیں تو دونوں کے ذمہ ساٹھ دن کے پے درپے روزے رکھنا لازم ہے، اور اگر روزے رکھنے کی طاقت نہیں تو آپ دونوں ساٹھ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائیں، اگر مسکین میسر نہ ہوں تو کسی مدرسہ یا یتیم خانے میں رقم جمع کرادیں اور ان کو واضح کردیں کہ یہ کفارہٴ صوم کی رقم ہے۔

جان بوجھ کر روزہ توڑنے والے پر کفارہ لازم ہوگا

س… اگر جان بوجھ کر (بھوک یا پیاس کی وجہ سے) روزہ توڑا جائے تو اس کا کفارہ کس طرح ادا کیا جائے گا؟

ج… اگر کوئی شخص کمزور ہو اور بھوک پیاس کی وجہ سے زندگی کا خطرہ لاحق ہوجائے تو روزہ کھول دینا جائز ہے، اور اگر ایسی حالت نہیں تھی اور روزہ توڑ دیا تو اس کے ذمہ قضا اور کفارہ دونوں لازم ہیں، کفارہ یہ ہے کہ دو مہینے کے روزے پے درپے رکھے، اور اگر اس کی طاقت نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے۔

بیماری کی وجہ سے کفارہ کے روزے درمیان سے رہ جائیں تو پورے دوبارہ رکھنے ہوں گے

س… کسی کے ذمہ کفارے کے روزے ہوں، اس نے کفارے کے روزے شروع کئے، درمیان میں بیمار ہوگیا، اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا پھر سے دو مہینے کے روزے پورے کرنا ہوں گے؟

ج… اگر بیماری کی وجہ سے کفارے کے کچھ روزے درمیان میں رہ گئے تو تندرست ہونے کے بعد نئے سرے سے دو مہینے کے روزے پورے کرے، اسی طرح عورت کے نفاس کی وجہ سے کفارے کے کچھ روزے درمیان میں رہ گئے ہوں تو وہ بھی نئے سرے سے ساٹھ روزے پورے کرے۔