خشکی کے جانوروں اور متعلقات کا شرعی حکم

گھوڑا، خچر اور کبوتر کا شرعی حکم

س… مندرجہ ذیل جانوروں کا گوشت حلال ہے یا حرام؟ شرعی نقطہٴ نگاہ سے پوری وضاحت فرمائیں۔ گدھا، خچر، گھوڑا، کبوتر جو گھروں میں پالے جاتے ہیں، بعض بزرگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی کبوتر حلال ہے اور گھریلو کبوتر سیّد ہے، اس کی کیا حقیقت ہے؟ بعض کہتے ہیں کہ گھوڑے کا گوشت حلال ہے۔

ج… گدھا اور خچر حرام ہیں، کبوتر حلال ہے خواہ جنگلی ہو یا گھریلو، اور گھوڑے کے بارے میں فقہائے اُمت کا اختلاف ہے، امام ابوحنیفہ کے نزدیک حلال نہیں، جمہور ائمہ کے نزدیک حلال ہے۔

خرگوش حلال ہے

س… خرگوش حرام ہے یا حلال؟ جبکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ خرگوش بالکل چوہے کی شکل کا ہے اور اس کی عادتیں بھی چوہے سے ملتی ہیں، یعنی ہاتھوں سے چیزیں پکڑ کر کھاتا ہے، پاوٴں کی مشابہت بھی حرام جانوروں سے ملتی جلتی ہے اور بل بناکر رہتا ہے، اس لئے حرام ہے۔ تو اس کے متعلق وضاحت فرمائیں۔

ج… خرگوش حلال ہے، حرام جانوروں سے اس کی مشابہت نہیں ہے، اس مسئلے پر ائمہ اربعہ کا کوئی اختلاف نہیں۔

گدھی کا دُودھ حرام ہے

س… آج کل ہمارے یہاں جس کسی کو کالی کھانسی ہوجاتی ہے تو اسے گدھی کا دُودھ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اور بہت سے لوگ ایسا کر گزرتے ہیں۔ پوچھنا یہ ہے کہ ہمارے مذہب میں گدھی کا دُودھ پینا تو حرام ہے، پھر کیا بطور دوائی اس کا استعمال حلال ہوجاتا ہے؟

ج… گدھی کا دُودھ حرام ہے، اور دوائی کے طور پر بھی اس کا استعمال دُرست نہیں جبکہ حلال دوائی سے علاج ہوسکتا ہو۔

کم عمر جانور ذبح کرنا جائز ہے

س… اگر گھر میں بکرے اور بکریاں پلی ہوئی ہیں جن کی عمر چار ماہ اور چھ ماہ تک ہو، یعنی وہ اتنے بڑے نہ ہوں جن کو کاٹ کر کھایا جاتا ہو، اگر بیمار ہوجاتے ہیں یا غلطی سے کوئی ایسی چیز کھاجاتے ہیں کہ اب ان کا بچ جانا مشکل ہو تو کیا ایسی صورت میں ان کو کاٹ کر کھانا جائز ہوگا یا ناجائز؟ ضرور لکھئے۔

ج… ان کو شرعی طریقے سے ذبح کرکے کھانا بلاشبہ جائز ہے۔

دو تین ماہ کا بکری، بھیڑ کا بچہ ذبح کرنا

س… حلال جانور مثلاً بکرے، بھیڑ، دُنبے کے بچے کو جو اندازاً دو تین ماہ کا ہو خدا کے نام پر ذبح کرنا جائز ہے یا نہیں؟

ج… گوشت کھانے کے قابل ہو تو ذبح کرنے کی کوئی ممانعت نہیں۔

ذبح شدہ جانور کے پیٹ سے بچہ نکلے تو کیا کرے؟

س… بقرعید پر قربانی کی گائے یا بکری کے پیٹ سے بچہ زندہ یا مردہ نکلے تو اس کو کیا کرنا چاہئے؟ کیونکہ بعض حضرات کا کہنا ہے کہ اگر زندہ نکلے تو ذبح کرکے استعمال میں لانا چاہئے اور مردہ ویسے ہی حلال ہے، کیونکہ جو حلال جانور ذبح کردیا گیا، اس کے پیٹ سے علاوہ نجاست کے جو کچھ نکلے وہ سب حلال ہے۔ اَحکامِ خداوندی کی رُو سے آپ اس مسئلے کو حل فرمائیں۔

ج… بچہ اگر زندہ نکلے تو اس کو ذبح کرکے کھانا دُرست ہے، اور اگر مردہ نکلے تو اس میں اختلاف ہے، حضرت امام ابوحنیفہ کے نزدیک حلال نہیں، اور امام ابویوسف اور امام محمد کے نزدیک حلال ہے، احتیاط نہ کھانے میں ہے۔

حشرات الارض کا کھانا

س… وہ کیڑے مکوڑے جن کو مارنا باعثِ ثواب ہے اور انہیں مارنے کا حکم بھی ہے، مثلاً: بچھو، دیمک، جوں، مکڑی، چھپکلی، مکھی وغیرہ۔ آج کل سائنس ان کیڑے مکوڑوں کو غذائیت سے بھرپور قرار دیتی ہے، ان مغربی سائنس دانوں کے بقول ”مستقبل کا وہ دن دُور نہیں جب دُودھ والے کی جگہ مکھی والا ریڑھی اور سائیکل پر مکھیاں بیچتا پھرے، اور مرغی کی جگہ دُکانوں پر تھال میں بھری ہوئی دیمک بکنا شروع ہوجائے، ہوٹل میں بھنی دیمک یا دیمک مصالحہ، مکڑی کا سوپ ملنا شروع ہوجائے۔“ کیا ہمارے نبی سیّدالمرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے ان مندرجہ بالا کیڑوں مکوڑوں کو بطورِ غذا استعمال کرنے کی اجازت دی ہے؟ براہِ مہربانی تفصیل سے اس اہم مسئلے پر روشنی ڈالیں، اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔

ج… حشرات الارض کا کھانا جائز نہیں۔

”خارپشت“ نامی جانور کو کھانا جائز نہیں

س… صوبہ سرحد میں ایک جانور سرید (خارپشت) پایا جاتا ہے، مقامی لوگ اس کا شکار کرتے ہیں اور ذبح کرکے اس کا گوشت کھاتے ہیں۔ بعض لوگ اس کو حرام سمجھتے ہیں اور بعض حلال۔ آپ سے درخواست ہے کہ شرعی طور پر یہ جانور حلال ہے یا حرام؟

ج… یہ حشرات الارض میں داخل ہے، اس کا کھانا حلال نہیں۔

حشرات الارض کو مارنا

س… جنابِ والا! جب کبھی حشرات الارض پر نظر پڑتی ہے ایک دِل چاہتا ہے اسے ماردُوں، پھر یہ سوچ کر کہ وہ بھی جاندار ہیں چھوڑ دیتی ہوں۔ آپ اسلام کی رُو سے مطلع فرمائیں کہ ہم حشرات الارض کو (بشمول سانپ، بچھو وغیرہ) ان کو بنی نوعِ انسان کا دُشمن گردانتے ہوئے ماردیا کریں یا جانور سمجھ کر چھوڑ دیا کریں؟

ج… موذی چیزوں کا مار دینا ضروری ہے، مثلاً: سانپ، بچھو، بھڑ وغیرہ، اور اس کے علاوہ دُوسرے حشرات الارض کو بلاضرورت مارنا جائز نہیں۔

موذی جانوروں اور حشرات کو مارنا

س… گھروں میں جو جانور جیسے مکڑی، لال بیگ، کھٹمل، مچھر، چھپکلی اور دیمک وغیرہ کو مارسکتے ہیں؟ کیونکہ یہ گھروں کو خراب کرتے ہیں۔

ج… موذی جانوروں اور حشرات کا مارنا جائز ہے۔

مکھیوں اور مچھروں کو برقی رو سے مارنا جائز ہے

س… مچھروں اور مکھیوں کو مارنے کے لئے ایک برقی آلہ یہاں استعمال ہوتا ہے جس کے اندر ایک ٹیوب لائٹ سے روشنی ہوتی ہے اور اس کے اُوپر ایک جالی میں انتہائی طاقت ور برقی رو دوڑ جاتی ہے، جونہی مچھر یا مکھی اس روشنی کے قریب جانے کی کوشش کرتے ہیں انہیں اس برقی رو والی جالی سے گزرنا پڑتا ہے، اس میں چونکہ انتہائی طاقت ور برقی رو ہوتی ہے، جس کی بنا پر وہ جل جاتے ہیں، اس کا استعمال شرعاً کیسا ہے؟

ج… جائز ہے۔

جانور کی کھال کی ٹوپی کا شرعی حکم

س… حرام جانوروں کی کھالوں کی ٹوپیاں، شیر، چیتا، ریچھ، لومڑی، گیدڑ وغیرہ کی آج کل بازاروں میں فروخت ہو رہی ہیں، ان کا اوڑھنا یا اسے پہن کر نماز ادا کرنا دُرست ہے یا نہیں؟

ج… حدیث میں ہے کہ ہر جانور کی کھال دباغت سے پاک ہوجاتی ہے، اس لئے دباغت کے بعد ان جانوروں کی کھالوں کی ٹوپیاں پہننا، ان میں نماز پڑھنا اور ان کی خرید و فروخت کرنا جائز ہے، البتہ خنزیر چونکہ نجس العین ہے، اس لئے اس کی کھال دباغت سے پاک نہیں ہوتی۔

کتے کے دانتوں کا ہار پہننا

س… مسئلہ یہ ہے کہ فقہِ حنفی کے مطابق کتے کے دانتوں کا ہار بناکر پہننا اور ہار پہن کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟

ج… سوائے خنزیر کے، دانت ہر جانور کے پاک ہیں، اور ان کا استعمال جائز ہے۔

سور کی ہڈی استعمال کرنا

س… کیا ہم سور کی ہڈی استعمال کرسکتے ہیں؟

ج… سور کی ہڈی استعمال کرنا جائز نہیں۔

حرام جانوروں کی رنگی ہوئی کھال کی مصنوعات پاک ہیں سوائے خنزیر کے

س… حرام جانوروں کی کھال کی مصنوعات مثلاً: جوتے، ہینڈبیگ یا لباس وغیرہ استعمال کرنا جائز ہیں؟ اگر ہیں تو کیوں؟

ج… جانوروں کی کھال رنگنے سے پاک ہوجاتی ہے، اس لئے چرمی مصنوعات کا استعمال صحیح ہے، البتہ خنزیر کی کھال پاک نہیں ہوتی۔