دریائی جانوروں کا شرعی حکم

دریائی جانوروں کا حکم

س… میرے کچھ دوست عرب ہیں، ایک روز دورانِ گفتگو انہوں نے بتایا کہ: ”وہ لوگ سمندر سے شکار کئے ہوئے تمام جانوروں کو کھانے کے لئے حلال سمجھتے ہیں اور بلا کراہیت کھاتے ہیں۔“ جبکہ ہم پاکستانی، مچھلی اور جھینگوں کو عموماً حلال سمجھتے ہیں اور کیکڑوں، لابسٹر وغیرہ کو بعض لوگ مکروہ سمجھتے ہوئے کھاتے ہیں، براہ مہربانی آپ صحیح صورتِ حال سے ہمیں آگاہ کیجئے۔ مزید یہ کہ کیا مچھلیوں کی ایسی قسمیں ہیں جو کھانے کے لئے جائز نہیں ہیں؟

ج… امام ابوحنیفہ کے نزدیک دریائی جانوروں میں سے صرف مچھلی حلال ہے، دیگر ائمہ کے نزدیک دیگر جانور بھی حلال ہیں، جن میں خاصی تفصیل ہے۔ اس لئے آپ کے عرب دوست اپنے مسلک کے مطابق عمل کرتے ہوں گے۔ مچھلیوں کی ساری قسمیں حلال ہیں، مگر بعض چیزیں مچھلی سمجھی جاتی ہیں حالانکہ وہ مچھلی نہیں، مثلاً: جھینگے۔

پانی اور خشکی کے کون سے جانور حلال ہیں؟

س… یہ کہاں تک صحیح ہے کہ پانی کے تمام جانور حلال ہیں؟ اگر نہیں تو پھر کون سے حلال اور کون سے حرام ہیں؟ اسی طرح سے خشکی کے کون سے جانور اور پرندے حلال اور حرام ہیں؟ اس کا کوئی خاص اُصول ہے؟

ج… پانی کے جانوروں میں امام ابوحنیفہ کے نزدیک صرف مچھلی حلال ہے، اس کے علاوہ کوئی دریائی جانور حلال نہیں۔

جنگلی جانوروں میں دانتوں سے چیرنے پھاڑنے والے، اورپرندوں میں سے پنجوں کے ساتھ شکار کرنے والے حرام ہیں، باقی حلال۔

جھینگا کھانا اور اس کا کاروبار کرنا

س… جھینگا کھانا یا اس کا کاروبار کرنا جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ بہت سے لوگ اسے کھانے اور کاروبار کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

ج… جھینگا مچھلی ہے یا نہیں؟ یہ مسئلہ اختلافی رہا ہے، جن حضرات نے مچھلی کی ایک قسم سمجھا انہوں نے کھانے کی اجازت تو دی البتہ احتیاط اسی میں بتلائی کہ نہ کھایا جائے، اب جدید تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ جھینگا مچھلی نہیں ہے۔ امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک دریائی جانوروں میں سے صرف مچھلی اپنی تمام قسموں کے ساتھ حلال ہے، اور چونکہ جھینگا مچھلی نہیں، اس لئے امامِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک کھانا جائز نہیں ہوگا، البتہ بطور دوا کھانے میں یا اس کی تجارت میں گنجائش ہوگی کیونکہ مسئلہ اجتہادی ہے، امام شافعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نزدیک کھانا حلال ہے۔ اب مسئلہ یہ ہوا کہ جھینگا کھایا تو نہ جائے البتہ اس کی تجارت میں گنجائش ہے۔

جھینگا حنفیہ کے نزدیک مکروہِ تحریمی ہے

س… جنگ میں آپ کے مسائل کے عنوان کے تحت ایک مسئلہ دریافت کیا گیا اور اس کا جواب بھی جنگ میں شائع ہوا، وہ مسئلہ نیچے لکھا جاتا ہے، سوال اور جواب دونوں حاضرِ خدمت ہیں، آپ مسئلے کی صحیح نوعیت سے راقم الحروف کو مطلع فرمائیں تاکہ تشویش ختم ہو، یہاں جو لوگ اُلجھن میں ہیں ان کی تشفی کی جاسکے۔

”س… کیا جھینگا کھانا جائز ہے؟

ج… مچھلی کے علاوہ کسی اور دریائی یا سمندری جانور کا کھانا جائز نہیں، کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جھینگا مچھلی کی قسم نہیں ہے، اگر یہ صحیح ہے تو کھانا جائز نہیں۔“

عوام الناس ”اگر“ اور ”مگر“ میں نہیں جاتے، کیا ابھی تک علماء کو تحقیق نہیں ہوئی کہ جھینگے کی نوعیت کیا ہے؟ یا تو صاف کہہ دیا جائے کہ یہ مچھلی کی قسم نہیں ہے، اس لئے کھانا جائز نہیں، یا اس کے برعکس۔ عوام الناس، علماء کے اس قسم کے بیان سے اسلام اور مسئلے مسائل سے متنفر ہونے لگتے ہیں اور علماء کا یہ رویہ مسئلے مسائل کے سلسلے میں گول مول بہتر نہیں ہے۔ میں نے لغت میں دیکھا تو جھینگے کی تعریف مچھلی کی ایک قسم ہی لکھی گئی ہے۔ آخر علماء کیا آج تک یہ نہیں طے کر پائے کہ یہ مچھلی کی قسم ہے کہ نہیں؟ مفتی محمد شفیع صاحب، مولانا یوسف بنوری، مولانا شبیر احمد عثمانی اور دُوسرے علمائے حق کا کیا رویہ رہا؟ کیا انہوں نے جھینگا کھایا یا نہیں؟ اور اس کے متعلق کیا فرمایا؟ اُمید ہے آپ ذرا تفصیل سے کام لیتے ہوئے اس مسئلے پر روشنی ڈالیں گے۔

ج… صورتِ مسئولہ میں مچھلی کے سوا دریا کا اور کوئی جانور حنفیہ کے نزدیک حلال نہیں۔ جھینگے کی حلت و حرمت اس پر موقوف ہے کہ یہ مچھلی کی جنس میں سے ہے یا نہیں؟ ماہرینِ حیوانات نے مچھلی کی تعریف میں چار چیزیں ذکر کی ہیں۔ ۱:-ریڑھ کی ہڈی، ۲:-سانس لینے کے گلپھڑے، ۳:-تیرنے کے پنکھ، ۴:-ٹھنڈا خون۔ چوتھی علامت عام فہم نہیں ہے، مگر پہلی تین علامات کا جھینگے میں نہ ہونا ہر شخص جانتا ہے۔ اس لئے ماہرینِ حیوانات سب اس اَمر پر متفق ہیں کہ جھینگے کا مچھلی سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ مچھلی سے بالکل الگ جنس ہے۔ جبکہ جواہر اخلاطی میں تصریح ہے کہ ایسی چھوٹی مچھلیاں سب مکروہِ تحریمی ہیں، یہی صحیح تر ہے۔

”حیث قال السمک الصغار کلھا مکروھة التحریم ھو الأصح ․․․․ الخ۔“ (جواہر اخلاطی)

اس لئے جھینگا حنفیہ کے نزدیک مکروہِ تحریمی ہے۔

سطحِ آب پر آنے والی مردہ مچھلیوں کا حکم

س… کیا وہ مچھلیاں حلال ہیں جو مرکر سطحِ آب پر آجائیں یا ساحل پر پائی جائیں مردہ حالت میں؟ نیز بڑی مچھلیاں جو کہ مرکر ساحل پر پہنچ جاتی ہیں، لوگ ان کا گوشت، تیل اور ہڈیاں استعمال میں لاتے ہیں، تو یہ جائز ہے؟

ج… جو مچھلی مرکر پانی کی سطح پر اُلٹی تیرنے لگے وہ حلال نہیں، اور جو ساحل پر پڑی ہو اگر وہ متعفن نہ ہوگئی ہو تو حلال ہے۔

کیکڑا حلال نہیں

س… کیکڑا کھانا حرام ہے یا حلال؟

ج… کیکڑا حلال نہیں۔

کچھوے کے انڈے حرام ہیں

س… سنا ہے کہ کراچی میں کچھوے کے انڈے بھی مرغی کے انڈوں میں ملاکر بکتے ہیں، یہ فرمائیں کہ کیا کچھوے کے انڈے کھانا حلال ہے یا مکروہ یا حرام؟

ج… یہ اُصول یاد رہنا چاہئے کہ کسی چیز کے انڈے کا وہی حکم ہے جو اس چیز کا ہے، کچھوا چونکہ خود حرام ہے، اس لئے اس کے انڈے بھی حرام ہیں اور ان کو فروخت کرنا بھی حرام ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ ایسے لوگوں پر تعزیر جاری کرے جو بکری کی جگہ کتے کا گوشت، اور مرغی کے انڈوں کی جگہ کچھوے کے انڈے کھلاتے ہیں۔