حج اور عمرہ کی فرضیت

کیا صاحبِ نصاب پر حج فرض ہوجاتا ہے؟

س… ایک مولانا صاحب کہتے ہیں کہ: جس کے پاس ساڑھے سات تولہ سونا یا باون تولہ چاندی ہو وہ صاحبِ مال ہے، اور اس پر حج فرض ہوجاتا ہے۔ یعنی جو صاحبِ زکوٰة ہے اس پر حج فرض ہوجاتا ہے۔ اسلام کی روشنی میں جواب دیں۔

ج… اس سے حج فرض نہیں ہوتا، بلکہ حج اس پر فرض ہے جس کے پاس حج کا سفر خرچ بھی ہو اور غیرحاضری میں اہل و عیال کا خرچ بھی ہو۔ مزید تفصیل ”معلّم الحجاج“ میں دیکھ لی جائے۔

حج کی فرضیت اور اہل و عیال کی کفالت

س… الف ملازمت سے ریٹائرڈ ہوا، دس ہزار روپے بقایاجات یک مشت گورنمنٹ نے دئیے، اب یہ رقم حج کرنے کے لئے اور اس عرصہ تک اس کے اہل و عیال کے خرچ کے لئے کافی ہوتی ہے، مگر جب حج سے واپس آنا ہوگا تو روزگار کے لئے الف کے پاس کچھ بھی نہ ہوگا۔ کیا ایسی حالت میں الف پر حج فرض ہوگا یا نہیں؟

س…۲: قاسم کی دُکان ہے اور اس میں آٹھ دس ہزار روپے کا سامان ہے، جس کی تجارت سے اپنا اور بچوں کا پیٹ پالتا ہے، اور اگر قاسم دُکان بیچ کر حج کرنے چلا جائے تو پیچھے بچوں کے لئے اسی رقم سے کھانے پینے کا بندوبست بھی ہوسکتا ہے۔ کیا ایسی صورت میں اس پر حج فرض ہوگا یا نہیں؟ اور اس کو حج کے لئے جانا چاہئے یا نہیں؟

ج… دونوں سوالوں کا جواب ایک ہی ہے کہ حج سے واپسی پر اس کے پاس اتنی پونجی ہونی چاہئے کہ جس سے اس کے اہل و عیال کی بقدرِ ضرورت کفالت ہوسکے۔

مذکورہ بالا دونوں صورتوں میں حج فرض نہیں ہوگا، بہتر ہے کہ آپ دُوسرے علمائے کرام سے بھی دریافت کرلیں۔

پہلے حج یا بیٹی کی شادی؟

س… ایک شخص کے پاس اتنی رقم ہے کہ وہ یا تو حج کرسکتا ہے یا اپنی جوان بیٹی کی شادی کرسکتا ہے، براہِ کرم مطلع فرمائیں کہ وہ پہلے حج کرے یا پہلے اپنی بیٹی کی شادی کرے؟ اگر اس نے اپنی بیٹی کی شادی کردی تو پھر وہ حج نہیں کرسکے گا۔

ج… اس پر حج فرض ہے، اگر نہیں کرے گا تو گناہ گار ہوگا۔

محدود آمدنی میں لڑکیوں کی شادی سے قبل حج

س… ایک شخص صاحبِ استطاعت ہے اور حج اس پر فرض ہے، لیکن موصوف کی اولاد ہے کہ غیرشادی شدہ ہے، جن میں دو لڑکیاں جوان ہیں، رقم اتنی ہے کہ اگر حج ادا کرے تو کسی ایک لڑکی کی شادی بھی ممکن نظر نہیں آتی کیونکہ آج کل شادی بیاہ پر کم از کم تیس چالیس ہزار کا خرچہ ہوتا ہے، ایسی صورت میں کوئی شخص جس کے یہ حالات ہوں کیا فرض ہوتا ہے، حج یا شادی؟

ج… فقہاء نے لکھا ہے کہ اگر ایک شخص کے پاس اتنی رقم ہو کہ یا وہ اپنی شادی کرسکتا ہے یا حج کرسکتا ہے تو اگر حج کے ایام ہوں تو اس کے ذمہ حج فرض ہے۔ اسی سے اپنے مسئلے کا جواب سمجھ لیجئے، اس سلسلے میں دیگر علمائے کرام سے بھی رُجوع کرلیجئے۔

فریضہٴ حج اور بیوی کا مہر

س… ایک دوست ہیں، وہ اس سال حج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے والدین سے اجازت لی ہے، مگر ان کے ذمہ بیوی کا مہر ۰۰۰,۵۰ روپے کا قرضہ ہے۔ کیا وہ بیوی سے اجازت لیں گے یا معاف کرائیں گے؟ کیونکہ ان کی بیوی پاکستان میں ہے اور وہ دبئی میں ہیں۔ اب ان کا مہر کیسے معاف ہوگا؟

ج… آپ کا دوست حج ضرور کرلے، بیوی سے مہر معاف کرانا حج کے لئے کوئی شرط نہیں۔

کاروبار کی نیت سے حج کرنا

س… ہر مسلمان پر زندگی میں ایک بار حج فرض ہے۔ موجودہ دور میں کچھ حضرات ایسے بھی ہیں جو تقریباً ہر سال حج پر جاتے ہیں اور صرف یہی نہیں کہ ہر سال حج پر جاتے ہیں بلکہ ان کا حج ایک قسم کا ”کاروباری حج“ ہوتا ہے، کیونکہ یہ لوگ یہاں سے مختلف دوائیں اور دیگر سامان اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور سعودی عرب میں منافع کے ساتھ وہ چیزیں فروخت کردیتے ہیں۔ اسی طرح حج سے واپسی پر یہ لوگ وہاں سے ٹیپ ریکارڈر، وی سی آر اور کپڑا وغیرہ کثیر تعداد میں لاکر یہاں فروخت کردیتے ہیں۔ اس طرح حج کا فریضہ بھی ادا ہوجاتا ہے اور کاروبار بھی اپنی جگہ چلتا رہتا ہے۔ آپ سے پوچھنا یہ ہے کہ اس ”کاروباری حج“ کی دینی حیثیت کیا ہے؟ کیا ہر سال خود حج پر جانے سے بہتر یہ نہ ہوگا کہ اپنے کسی ایسے غریب رشتہ دار کو اپنے خرچ پر حج کرادیا جائے جو حج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا؟

ج… حج کے دوران کاروبار کی تو قرآنِ کریم نے اجازت دی ہے، لیکن سفرِ حج سے مقصود ہی کاروبار ہو تو ظاہر ہے کہ اس کو اپنی نیت کے مطابق بدلہ ملے گا۔ رہا یہ کہ اپنی جگہ دُوسروں کو حج کرادیں، یہ اپنے حوصلہ اور ذوق کی بات ہے، اس کی فضیلت میں تو کوئی شبہ نہیں مگر ہم کسی کو اس کا حکم نہیں دے سکتے۔

غربت کے بعد مال داری میں دُوسرا حج

س… مجھ پر حج بیت اللہ فرض نہیں تھا اور کسی نے اپنے ساتھ مجھے حج بیت اللہ کرایا، اور جب وطن واپس ہوا تو اللہ تعالیٰ نے مجھے مال دیا اور غنی ہوا، اب بتائیے کہ دوبارہ حج کے واسطے جاوٴں گا تو یہ حج میرا فرضی ہوگا یا نفلی؟

ج… پہلا حج کرنے سے فرضیتِ حج ساقط ہوجائے گی، دُوسرا حج غنی ہونے کے بعد جو کرے گا وہ حجِ فرض نہیں کہلائے گا بلکہ نفلی سمجھا جائے گا۔ (فتاویٰ دارالعلوم ج:۶ ص:۵۳۱)

عورت پر حج کی فرضیت

س… حج کیا صرف مردوں پر فرض ہے یا عورتوں پر بھی؟

ج… عورت پر بھی فرض ہے جبکہ کوئی محرَم میسر ہو، اور اگر محرَم میسر نہ ہو تو مرنے سے پہلے حجِ بدل کی وصیت کردے۔

منگنی شدہ لڑکی کا حج کو جانا

س… اگر حج کی تیاری مکمل ہو اور لڑکی کی منگنی ہوجائے تو کیا وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حج نہیں کرسکتی؟

ج… ضرور جاسکتی ہے۔

بیوہ حج کیسے کرے؟

س… خاوند کا انتقال اگر ایسے وقت ہو کہ حج کے وقت تک اس کی عدّت پوری نہ ہوتی ہو تو وہ حج کی بابت کیا کرے؟

ج… عدّت پوری ہونے سے پہلے حج کا سفر نہ کرے۔

بیٹی کی کمائی سے حج

س… اگر بیٹی اپنی کمائی سے اپنی ماں کو حج کرانا چاہے تو کیا یہ جائز ہے؟ جبکہ اس کے بیٹے اس قابل نہیں۔

ج… بلاشبہ جائز ہے، لیکن عورت کا محرَم کے بغیر حج جائز نہیں، حرام ہے۔

حاملہ عورت کا حج

س… کیا حاملہ عورت حج کرسکتی ہے؟ اگر وہ حج کرسکتی ہے تو کیا وہ بچہ یا بچی جو کہ اس کے بطن میں ہے اس کا بھی حج ہوگا یا نہیں؟

ج… حاملہ عورت حج کرسکتی ہے، پیٹ کے بچے کا حج نہیں ہوتا۔

استطاعت کے باوجود حج سے پہلے عمرہ کرنا

س… واپسی کے بعد سے کچھ حالات مناسب نہیں رہے اور عرصہ تین سال گزرنے پر بھی بے روزگار ہوں، ایک بزرگوار نے ایک خاص بات فرمائی ہے جس کے لئے آپ کی طرف رُجوع کر رہا ہوں۔ فرماتے ہیں کہ: عمرہ کی شرائط یہ ہیں کہ اوّل تو حج سے پہلے عمرہ جائز نہیں، اور اگر کرلیا جائے تو اسی سال حج کرنا لازم ہوجاتا ہے، اگر نہیں کیا تو گناہ گار ہوگا۔ اور اسی وجہ سے مجھے یہ پریشانی ہو رہی ہے، مہربانی فرماکر جواب مرحمت فرمائیں کہ عمرہ بغیر حج کے نہیں ہوسکتا؟ میرے کہنے پر کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی عمرے فرمائے اور حج صرف ایک مرتبہ آخر میں فرمایا، جس کو وہ بزرگوار نہیں مانے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی عمرہ فرمایا ہے۔

ج… جس شخص کو ایامِ حج میں بیت اللہ تک پہنچنے اور حج تک وہاں رہنے کی طاقت ہو اس پر حج فرض ہوجاتا ہے، اور یہ فرضیت اس پر ہمیشہ قائم رہتی ہے۔ اس لئے ایسے شخص کو جو صرف ایک بار بیت اللہ شریف تک پہنچنے کے وسائل رکھتا ہے، حج پر جانا چاہئے۔ عمرہ کے لئے سفر کرنا اور فرضیت کے باوجود حج نہ کرنا بہت غلط بات ہے۔ بہرحال آپ پر حج لازم ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حج سے پہلے حدیبیہ کے سال عمرہ کیا تھا، مگر کفارِ مکہ نے مکہ جانے نہیں دیا، اگلے سال عمرة القضا ادا فرمایا۔

والد کے نافرمان بیٹے کا حج

س… میرا بڑا لڑکا مجھ کو بہت بُرا کہتا ہے، بات اس طرح سے کرتا ہے کہ میں اس کی اولاد ہوں اور وہ میرا باپ ہے۔ میرا دِل اس کی وجہ سے بہت کمزور ہوگیا ہے اور مجھ کو سخت صدمہ ہے۔ میں اس کے لئے ہر وقت بددُعا کرتا ہوں اور خاص کر ہر اذان پر بددُعا کرتا ہوں کہ خداوند کریم اس پر فالج گرائے اور اس کا بیڑا غرق ہوجائے۔ اس کے اس طرزِ عمل پر سخت پریشان ہوں، جھوٹ بہت بولتا ہے۔ جواب دیجئے کہ اس کا خدا کے گھر کیا حال ہوگا؟ اور یہ حج کرنے کو بھی جانے کو ہے، میں تو اس کو معاف کروں گا نہیں، باپ کے ناراض ہونے پر کیا اس کا حج ہوجائے گا؟ سنا تو یہ ہے کہ باپ معاف نہ کرے تو حج نہیں ہوتا، میں اس کو کبھی معاف نہیں کروں گا۔

ج… اگر اس کے ذمہ حج فرض ہے تو حج پر تو اس کو جانا لازم ہے، اور اس کا فرض بھی سر سے اُتر جائے گا۔ لیکن حج پر جانے والے کے لئے ضروری ہے کہ حج پر جانے سے پہلے تمام اہلِ حقوق کے حقوق ادا کرے اور سب سے حقوق معاف کرائے۔ پس آپ کے بیٹے کو چاہئے کہ وہ آپ کو راضی کرلے، اور معافی مانگ لے۔ اگر آپ اس کو معاف نہیں کریں گے تو اس سے اس کا نقصان ہوگا اور آپ کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اور اگر معاف کردیں گے تو ہوسکتا ہے کہ اس کی حالت سدھر جائے، اس میں اس کا بھی فائدہ ہے اور آپ کا بھی۔

عمرہ ادا کرنے سے حج لازم نہیں ہوتا جب تک دو شرطیں نہ پائی جائیں

س… ایک شخص نے پس انداز رقم مبلغ بیس ہزار روپے اپنے والد مکرّم کے حج کے لئے جمع کی تھی، حج پالیسی کے مطابق بحری جہاز کے ڈیک کا کرایہ ۲۴۹۸۰ روپے گویا ۲۵ہزار روپے ہے۔ علماء سے مشورہ کیا کہ جتنی رقم کی کمی ہے وہ قرض لے کر فارم بھردیا جائے؟ تو علمائے کرام نے قرض سے حج کی ادائیگی کو منع کیا۔ بعدہ دریافت کیا گیا کہ عمرہ کرلیا جائے؟ تو اس پر جواب ملا کہ عمرہ کرنے کے بعد حج کا ادا کرنا ضروری ہوجائے گا۔ دریافت طلب اَمر یہ ہے کہ اگر حج کی ادائیگی میں حکومتی قانون کی وجہ سے رُکاوٹ ہے کہ رقم پوری نہیں، لیکن موجودہ رقم سے عمرہ کیا جاسکتا ہے تو آیا یہ دُرست ہے یا نہیں؟ اور کیا عمرہ کرنے کے بعد حج لازمی ہوگا، جبکہ فرضیت ہی میں کمی ہے؟ ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟ زندگیٴ مستعار کا کیا بھروسہ! لہٰذا استدعا ہے کہ اس موجودہ رقم سے عمرہ کرلیا جائے تو حج تو لازم نہیں ہوگا؟ جیسا شریعت اجازت دے، جواب دے کر مشکور فرمائیں تاکہ آئندہ رمضان المبارک میں عمرہ کرلیا جائے۔

ج… اگر حج کے دنوں میں آدمی مکہ مکرّمہ پہنچ جائے اور حج تک وہاں ٹھہرنا ممکن بھی ہو تو حج فرض ہوجاتا ہے، اور اگر یہ دونوں شرطیں نہ پائی جائیں تو حج فرض نہیں ہوتا۔

س… اگر کوئی شخص ماہِ حج میں داخل ہوجائے یعنی رمضان المبارک میں عمرے کے لئے جائے اور شوال کا مہینہ شروع ہوجائے تو کیا اس شخص پر حج لازم ہوگا؟ اگر اس شخص نے پہلے حج کیا ہوا ہو تو کیا حکم ہے؟ اور اگر حج نہ کیا ہوا ہو تو کیا حکم ہے؟

ج… اگر حج کرچکا ہے تو دوبارہ حج فرض نہیں، اور اگر نہیں کیا تو اس پر حج فرض ہے، بشرطیکہ یہ حج تک وہاں رہ سکتا ہو یا واپس آکر دوبارہ جانے اور حج کرنے کی استطاعت رکھتا ہو، دونوں شرطوں میں سے کوئی ایک بھی نہ پائی جائے تو اس پر حج فرض نہیں۔

جس کی طرف سے عمرہ کیا جائے اس پر حج فرض نہیں ہوتا

س… کیا کوئی سعودی عرب میں رہ کر اپنے عزیزوں کے لئے جو کہ زندہ ہوں مثلاً بھائیوں کے لئے، ماں باپ کے لئے، بیوی بچوں کے لئے عمرہ کرسکتا ہے؟ سنا ہے جس کے نام سے عمرہ کیا ہو اس پر حج فرض ہوجاتا ہے۔ کیا یہ صحیح ہے کہ صرف مرحومین کے نام کا عمرہ ہی ہوسکتا ہے؟

ج… عمرہ زندوں کی طرف سے بھی کیا جاسکتا ہے، جن کی طرف سے کیا جائے ان پر حج فرض نہیں ہوجاتا جب تک کہ وہ صاحبِ استطاعت نہ ہوجائیں۔

حج فرض ہو تو عورت کو اپنے شوہر اور لڑکے کو اپنے والد سے اجازت لینا ضروری نہیں

س… میرے والد صاحب فریضہٴ حج ادا کرچکے ہیں اور میں اور میری امی بہت عرصے سے والد صاحب سے فریضہٴ حج کی ادائیگی کے لئے اجازت مانگتے ہیں، مگر وہ اس لئے انکار کرتے ہیں کہ پیسے خرچ ہوں گے، اس لئے وہ ٹال دیتے ہیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ نے اتنی طاقت دی ہے کہ ہم باپ سے پیسے مانگے بغیر حج کا فرض ادا کرسکتے ہیں، صرف ان کی اجازت کی ضرورت ہے، کیا ہم حج کی تیاری کریں یا نہیں؟

ج… اگر حج آپ پر اور آپ کی والدہ پر فرض ہے تو آپ حج پر ضرور جائیں۔ حجِ فرض کے لئے عورت کو اپنے شوہر سے اجازت لینا (بشرطیکہ اس کے ساتھ کوئی محرَم جارہا ہو) اور بیٹے کا باپ سے اجازت لینا ضروری نہیں۔

والدین کی اجازت اور حج

س… حج کرنے سے پہلے کیا والدین کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے؟

ج… حجِ فرض کے لئے والدین کی اجازت شرط نہیں، البتہ حجِ نفل والدین کی اجازت کے بغیر نہیں کرنا چاہئے۔

غیرشادی شدہ شخص کا والدین کی اجازت کے بغیر حج کرنا

س… جو شخص غیرشادی شدہ ہو اور اس کے والدین زندہ ہوں، اور والدین نے حج نہیں کیا ہو، اور یہ شخص حج کرنا چاہے تو کیا اس کا حج ہوسکتا ہے؟

س…۲: اگر والدین اس کو حج پر جانے کی اجازت دیں تو کیا وہ حج کرسکتا ہے؟

ج… اگر یہ شخص صاحبِ استطاعت ہو تو خواہ اس کے والدین نے حج نہ کیا ہو اس کے ذمہ حج فرض ہے۔ اور حجِ فرض کے لئے والدین کی اجازت شرط نہیں۔

بالغ کا حج

س… کوئی شخص اگر اپنی بالغ لڑکی یا لڑکے کو حج کروائے تو کیا وہ حج اس کا نفلی ہوگا؟

ج… اگر رقم لڑکے لڑکی کی ملکیت کردی گئی تھی تو ان پر حج فرض بھی ہوگیا اور ان کا حجِ فرض ادا بھی ہوگیا۔

نابالغ کا حج نفل ہوتا ہے

س… میں حج کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں، میرے ساتھ دو بچے، عمر تیرہ سالہ لڑکا، گیارہ سالہ لڑکی ہے، مجھے آپ سے یہ پوچھنا ہے کہ میرے بچے چونکہ نابالغ ہیں اس لئے ان کا حج فرض ہوگا یا نفل؟

ج… نابالغ کا حج نفل ہوتا ہے، بالغ ہونے کے بعد اگر ان کی استطاعت ہو تو ان پر حج فرض ہوگا۔

سعودی عرب میں ملازمت کرنے والوں کا عمرہ و حج

س… جو لوگ نوکری کے لئے جدہ یا سعودی عرب کی دُوسری جگہ جاتے ہیں، وہاں سے ہوکر وہ حج یا عمرہ ادا کرتے ہیں۔ حدیث کی رُو سے اس کا ثواب کیا ہے؟ جبکہ دُور سے لوگ پاکستان سے ہوکر حج یا عمرہ ادا کرنے جاتے ہیں یا غریب آدمی جو پیسہ پیسہ جمع کرتا رہتا ہے اور نیت بھی ہوتی ہے کہ میں حج یا عمرہ کی سعادت حاصل کروں گا۔ دُوسرا آدمی جبکہ نوکری کے سلسلے میں گیا تھا اس نے بھی یہ سعادت حاصل کی، کیا دونوں صورتوں میں کوئی فرق تو نہیں ہے؟

ج… جو لوگ ملازمت کے سلسلے میں سعودی عرب گئے ہوں، اور حج کے دنوں میں بیت اللہ شریف پہنچ سکتے ہوں ان پر حج فرض ہے، اور ان کا حج و عمرہ صحیح ہے۔ اگر اِخلاص ہو اور حج و عمرہ کے اَرکان بھی صحیح ادا کریں تو ان شاء اللہ ان کو بھی حج و عمرہ کا اتنا ہی ثواب ملے گا جتنا کہ وطن سے جانے والوں کو۔ اور جو غریب آدمی پیسہ پیسہ جمع کرکے حج کی تیاری کرتا رہا مگر اتنا سرمایہ میسر نہ آسکا کہ حج کے لئے جائے، ان شاء اللہ اس کو اس کی نیت پر حج کا ثواب ملے گا۔

حج ڈیوٹی کے لئے جانے والا اگر حج بھی کرلے تو اس کا حج ہوجائے گا

س… میں یہاں ریاض سے ڈیوٹی دینے کے لئے مقاماتِ حج پر حکومت کی طرف سے بھیجا گیا، میرے افسر نے کہا کہ تم ڈیوٹی کے ساتھ حج بھی کرسکو گے، اس طرح میرے افسر کے ساتھ میں نے حج کے تمام مناسک پوری طرح ادا کئے۔ اب واپس آنے کے بعد میرے کچھ ساتھی کہتے ہیں کہ اس طرح ڈیوٹی کے ساتھ حج نہیں ہوا۔ جبکہ ہمارے ساتھ بہت سے مولانا حضرات بھی تھے جنھوں نے ڈیوٹی بھی دی، جو کام حکومت نے ہمارے سپرد کیا تھا وہ بھی پورا کیا اور افسروں کی اجازت کے ساتھ مناسکِ حج بھی پوری طرح انجام دئیے۔ آپ کے خیال میں ایسے حج کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟

ج… آپ کا حج ”ہم خرما و ہم ثواب“ کا مصداق ہے، آپ کو دُہرا ثواب ملا، حج کا بھی اور حجاج کی خدمت کرنے کا بھی۔

سیاحت کے ویزے پر حج کرنا

س… دین دار حضرات اپنی بیگمات کو عمرے اور حج کی نیت سے سیاحی ویزا (وزٹ) کی حیثیت سے بلاتے ہیں کہ یہاں آبھی جائیں گی اور عمرہ یا حج بھی کرلیں گی۔ بعض اوقات اس ویزا کے حصول کے لئے رشوت بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔

ج… سیاحی کے ویزے پر حج کرنا دُرست ہے، مگر اس کے لئے رشوت دینا جائز نہیں۔

فوج کی طرف سے حج کرنے والے کا فرض حج ادا ہوجائے گا

س… اگر کوئی شخص فوج کی طرف سے حج کرنے جائے تو کیا اس کا فرض ادا ہوجاتا ہے؟ (مسلح افواج کے دستے ہر سال حج کے لئے جاتے ہیں)۔

ج… حجِ فرض ادا ہوجائے گا۔

حج کی رقم دُوسرے مصرف پر لگادینا

س… میں نے اپنی والدہ کو دو سال قبل ان کے لئے اور والد صاحب کے لئے حج کی رقم دی جو انہوں نے کسی اور مد میں لگادی ہے، وہاں سے یک مشت رقم کی واپسی ایک دو سال کے لئے ممکن نہیں۔ میں نے ان سے حج کے لئے تقاضا کیا تو کہنے لگیں کہ قسمت میں ہوگا تو کرلیں گے، تمہارا فرض ادا ہوگیا۔ مولوی صاحب! یہ بتلائیے کہ کیا واقعی میں نے جس نیت سے ان کو پیسہ دیا تھا اس کا ثواب مجھے مل گیا؟ اور یہ کہ کہیں خدانخواستہ والدہ فی الوقت تک حج نہ کرسکنے کی بنا پر گناہ گار تو نہیں ہیں؟

ج… آپ کو تو ثواب مل گیا اور آپ کی والدہ پر حج فرض ہوگیا، اگر حج کے بغیر مرگئیں تو گناہ گار ہوں گی اور ان پر لازم ہوگا کہ وہ وصیت کرکے مریں کہ ان کی طرف سے حجِ بدل کرادیا جائے۔

حجِ فرض کے لئے قرضہ لینا

س… قرض لے کر زید حج کرسکتا ہے یا نہیں؟ اور قرضہ دینے والا خوشی سے خود کہتا ہے کہ آپ حج کرنے جائیں، میں پیسے دیتا ہوں، بعد میں پیسے دے دینا۔

ج… اگر حج فرض ہے اور قرض مل سکتا ہے تو ضرور قرض لینا چاہئے، اگر فرض نہ بھی ہو تو بھی قرض لے کر حج کرنا جائز ہے۔

قرض لے کر حج اور عمرہ کرنا

س… میرا ارادہ عمرہ ادا کرنے کا ہے، میں نے ایک ”کمیٹی“ ڈالی تھی، خیال تھا کہ اس کے پیسے نکل آئیں گے، مگر وہ نہیں نکلی، اُمید ہے کہ آئندہ مہینے تک نکل آئے گی، میں یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ آیا میں کسی سے رقم لے کر عمرہ کرسکتا ہوں؟ واپسی پر ادا کردُوں گا، تو آپ یہ بتائیے کہ قرضِ حسنہ سے عمرہ ادا ہوسکتا ہے؟

ج… اگر قرض بہ سہولت ادا ہوجانے کی توقع ہو تو قرض لے کر حج و عمرہ پر جانا صحیح ہے۔

مقروض آدمی کا حج کرنا جائز ہے لیکن قرضہ ادا کرنے کی بھی فکر کرے

س… ایک صاحب مقروض ہیں، لیکن پیسہ آتے ہی بجائے قرضہ واپس کرنے کے وہ پاکستان سے اپنے والدین کو بلاکر ساتھ ہی خود بھی حج کرتے ہیں، ایسے حج کرنے کے بارے میں شرعی حیثیت کیا ہے؟

ج… حج تو ہوگیا، مگر کسی کا قرضہ ادا نہ کرنا بڑی بُری بات ہے، کبیرہ گناہوں کے بعد سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ آدمی مقروض ہوکر دُنیا سے جائے اور اتنا مال چھوڑ کر نہ جائے جس سے اس کا قرضہ ادا ہوسکے۔ میّت کا قرض جب تک ادا نہ کردیا جائے وہ محبوس رہتا ہے، اس لئے ادائے قرض کا اہتمام سب سے اہم ہے۔