محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کی زیرسرپرستی ماہنامہ عبقری ہر ماہ نوید مسرت اور پیغام صحت لے کرجلوہ افروز ہوتا ہے تو بلاشبہ لاکھوں کے دل کھل جاتے ہیں۔ دو عدد ٹوٹکے ارسال خدمت ہیں۔ ایک روپے کے خرچ سے چھینکیں نزلہ زکام ختم: اس خاکسار کو تقریباً چالیس برس سے چھینکیں‘ زکام‘ نزلہ کی بیماری تھی‘ سخت گرمیوں میں بھی فریج کھولتے ہی یہ تکلیف شروع ہوجاتی‘ کچھ ادویات‘ ٹوٹکے آزماتا رہا صرف وقتی افاقہ ہوتا۔ ایک جگہ پڑھا کہ سبز الائچی بلغم کو چھانٹ دیتی ہے‘ چنانچہ آزمایا تو نتائج حیرت انگیز تھے۔ طریقہ یہ اختیار کیا کہ رات کو سوتے وقت دانت صاف کرکے ایک دانہ سبز الائچی چبا کر، نگل کر سوگیا۔ صبح خاصا فرق محسوس ہورہا تھا۔ پھر صبح تہجد کے بعد ایک دانہ سبز الائچی چباتے چباتے مسجد میں چلا گیا۔ہمارے شہر کا ان دنوں درجہ حرارت چار ڈگری تھا‘ شاید ہفتہ بھر یہ طریقہ اختیار کیا‘ اب صرف رات کو زیراستعمال ہے‘ اب چھینکیں‘ زکام‘ نزلہ اور ناک سے پانی کےقطرے گرنا بند ہوگئے‘ یہ نہایت سستا اور بے ضرر ٹوٹکہ ہے۔ اب گرمی ہو یا سردی مجھے یہ تکلیف نہیں ہوتی۔ ایک دس روپے کے پیکٹ میں تقریباً دس دانے ہوتےہیں اور ایک دانہ ایک روپے کا پڑتا ہے اور نتائج فوری اور انمول۔
پاؤں کی انگلیوں میں فنگس کا خاتمہ: اکثر لوگوں کے انگلیاں فنگس کی وجہ سے سفید ہوجاتی ہیں‘ بعض کو زخم اور خارش بھی لگ جاتی ہے۔مجھے بھی 1996ء سے یہ شکایت تھی‘ چارسدہ کے ایک پٹھان بھائی نے بتایا کہ خالص مہندی لگاؤ‘ میں نے مہندی کے پتے خرید کر صاف کرکے پسوا کر رکھ لیے۔ پہلے پہل صبح اور رات کو چٹکی بھر ڈال کر جرابیں پہن لیں۔ گزشتہ سال گرمیوں اور سردیوں میں بھی انگلیاں تندرست رہیں۔صرف رات کو استعمال کررہا ہوں‘ مہندی پسوا کر رکھ لیں‘ کئی سال خراب نہیں ہوتی۔ احتیاط کریں کہ جب بھی پاؤں گیلے ہوں تو کسی نرم صاف کپڑے سے خشک کرلیں۔(شیخ ضیغم، راولپنڈی)