بھول کر کھانے والا اور قے کرنے والا اگر قصداً کھاپی لے تو صرف قضا ہوگی
س… فرض کریں زید نے بھول کر کھانا کھالیا بعد میں یاد آیا کہ وہ تو روزے سے تھا، اب اس نے یہ سمجھ کر کہ روزہ تو رہا نہیں، کچھ اور کھاپی لیا، تو کیا قضا کے ساتھ کفارہ بھی ہوگا؟ اسی طرح اگر کسی نے قے کرنے کے بعد کچھ کھاپی لیا تو کیا حکم ہے؟
ج… کسی نے بھولے سے کچھ کھاپی لیا تھا، اور یہ سمجھ کر کہ اس کا روزہ ٹوٹ گیا ہے، قصداً کھاپی لیا تو قضا واجب ہوگی۔ اسی طرح اگر کسی کو قے ہوئی، اور پھر یہ خیال کرکے کہ اس کا روزہ ٹوٹ گیا ہے، کچھ کھاپی لیا، تو اس صورت میں قضا واجب ہوگی، کفارہ واجب نہ ہوگا۔ لیکن اگر اسے یہ مسئلہ معلوم تھا کہ قے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اس کے باوجود کچھ کھاپی لیا تو اس صورت میں اس کے ذمہ قضا اور کفارہ دونوں لازم ہوں گے۔
اگر غلطی سے اِفطار کرلیا تو صرف قضا واجب ہے کفارہ نہیں
س… اس مرتبہ رمضان المبارک میں میرے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا، وہ یہ کہ میں روزے سے تھا، عصر کی نماز پڑھ کر آیا تو تلاوت کرنے بیٹھ گیا، پانچ بجے تلاوت ختم کی اور اِفطاری کے سلسلے میں کام میں لگ گیا، واضح ہو کہ میں گھر میں اکیلا رہ رہا ہوں، سالن وغیرہ بنایا، کچھ حسبِ معمول شربت دُودھ وغیرہ بناکر رکھا، باورچی خانے سے واپس آیا تو گھڑی پر ساڑھے پانچ بجے تھے، اب میرے خیال میں آیا کہ چونکہ روزہ پانچ بج کر پچاس منٹ پر اِفطار ہوتا ہے، چالیس منٹ پر کچھ پکوڑے بنالوں گا۔ خیر اپنے خیال کے مطابق چالیس منٹ پر باورچی خانے میں گیا پکوڑے بنانے لگ گیا، پانچ بج کر پچاس منٹ پر تمام اِفطاری کا سامان رکھ کر میز پر بیٹھ گیا، مگر اذان سنائی نہ دی، ایئرکنڈیشن بند کیا، کوئی آواز نہ آئی، پھر فون پر وقت معلوم کیا تو ۵۵:۵ ہوچکے تھے، میں نے سمجھا اذان سنائی نہیں دی، ممکن ہے مائیک خراب ہو، یا کوئی اور عذر ہو، اور روزہ اِفطار کرلیا، پھر مغرب کی نماز پڑھی۔ یہاں کویت اُردو سروس سات بجے شروع ہوتی ہے، روزانہ اِفطاری کے بعد ریڈیو لگاتا تھا، مگر وہ بھی نہ لگا، اسی اثناء میں بی بی سی لگ گیا اور مجھے اچانک خیال آیا کہ روزہ تو چھ بج کر پچاس منٹ پر اِفطار ہوتا ہے، بس افسوس اور پشیمانی کے سوا کیا کرسکتا ہوں، پھر کلی کی، چند منٹ باقی تھے، دوبارہ روزہ اِفطار کیا، مغرب کی نماز پڑھی۔
براہِ کرم آپ مجھے اس کوتاہی کے متعلق بتائیں کہ میرا روزہ ٹوٹ گیا ہے تو صرف قضا واجب ہے یا کفارہ؟ اور اگر کفارہ واجب ہے تو کیا میں صحت مند ہوتے ہوئے بھی ساٹھ مسکینوں کو بطورِ کفارہ کھانا کھلاسکتا ہوں؟ مفصل جواب سے نوازیں۔ مولانا صاحب! مجھے سمجھ نہیں آرہی، میں نے کس طرح ۵۰:۶ کے بجائے ۵۰:۵ کو اِفطاری کا وقت سمجھ لیا، اور اپنے خیال کے مطابق لیٹ اِفطار کیا۔
ج… آپ کا روزہ تو ٹوٹ گیا، مگر چونکہ غلط فہمی کی بنا پر روزہ توڑلیا، اس لئے آپ کے ذمہ صرف قضا واجب ہے، کفارہ نہیں۔
اگر خون حلق میں چلا گیا تو روزہ ٹوٹ گیا
س… اگر کوئی روزے کی حالت میں ہے اور مسوڑھوں سے خون آئے اور حلق کے پار ہوجائے تو ایسی حالت میں روزے پر کوئی اثر خراب تو نہیں پڑے گا؟ خاص کر نیت کی حالت میں۔
ج… اگر یقین ہو کہ خون حلق میں چلا گیا، تو روزہ فاسد ہوجائے گا، دوبارہ رکھنا ضروری ہوگا۔
روزے میں مخصوص جگہ میں دوا رکھنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے
س… چند دوائیں ایسی ہیں جو مقامِ مخصوص میں رکھی جاتی ہیں بعد طہر کے، جسے طب کی اصطلاح میں شیاف کہا جاتا ہے، دریافت طلب مسئلہ یہ ہے کہ اس کے استعمال سے روزے پر کیا اثر پڑتا ہے؟ کیا روزہ ہوجاتا ہے؟
ج… روزے کی حالت میں یہ عمل دُرست نہیں، اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
نہاتے وقت منہ میں پانی چلے جانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے
س… کیا نہاتے وقت منہ میں پانی چلے جانے کی وجہ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟ خواہ یہ غلطی جان بوجھ کر نہ ہو۔
ج… وضو، غسل یا کلی کرتے وقت غلطی سے پانی حلق سے نیچے چلا جائے تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے، مگر اس صورت میں صرف قضا لازم ہے، کفارہ نہیں۔
روزے میں غرغرہ کرنا اور ناک میں اُوپر تک پانی چڑھانا ممنوع ہے
س… روزے کی حالت میں غرغرہ اور ناک میں پانی چڑھانا ممنوع ہے، اب پوچھنا یہ ہے کہ وہ بالکل معاف ہے یا کسی وقت کرنا چاہئے؟
ج… روزے کی حالت میں غرغرہ کرنا اور ناک میں زور سے پانی ڈالنا ممنوع ہے، اس سے روزے کے ٹوٹ جانے کا اندیشہ قوی ہے، اگر غسل فرض ہو تو کلی کرے، ناک میں پانی بھی ڈالے، مگر روزے کی حالت میں غرغرہ نہ کرے، نہ ناک میں اُوپر تک پانی چڑھائے۔
روزے کی حالت میں سگریٹ یا حقہ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے
س… روزہ دار اگر سگریٹ یا حقہ پی لے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا؟
ج… روزے کی حالت میں حقہ پینے یا سگریٹ پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اور اگر یہ عمل جان بوجھ کر کیا ہو تو قضا و کفارہ دونوں لازم ہیں۔
اگر ایسی چیز نگل لی جائے جو غذا یا دوا نہ ہو تو صرف قضا واجب ہوگی
س… زید روزے سے تھا، اس نے سکہ نگل لیا، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا روزہ ٹوٹ گیا؟ کیا صرف قضا واجب ہوگی؟
ج… کوئی ایسی چیز نگل لی جس کو بطورِ غذا یا دوا کے نہیں کھایا جاتا تو روزہ ٹوٹ گیا، اور صرف قضا واجب ہوگی، کفارہ واجب نہیں۔
سحری ختم ہونے سے پہلے کوئی چیز منہ میں رکھ کر سوگیا تو روزے کا حکم
س… میں رمضان شریف کے مہینے میں چھالیہ اپنے منہ میں رکھ کر بستر پر لیٹ گیا، خیال یہ تھا کہ میں اس کو اپنے منہ سے نکال کر روزہ رکھوں گا، اچانک آنکھ لگ گئی اور نیند غالب آگئی، جب سحری کا ٹائم نکل چکا تھا، اس وقت بیداری ہوئی، پھر چھالیہ اپنے منہ سے نکال کر پھینک دی اور کلی کرکے روزہ رکھ لیا، کیا میرا روزہ ہوگیا؟
ج… روزہ نہیں ہوا، صرف قضا کریں۔
چنے کے دانے کی مقدار دانتوں میں پھنسے ہوئے گوشت کے ریشے نگلنے سے روزہ ٹوٹ گیا
س… میں نے ایک دن سحری گوشت کے ساتھ کی، دانتوں میں کچھ ریشے پھنسے رہ گئے، صبح نو بجے کچھ ریشے میں نے دانتوں سے نکال کر نگل لئے، اب آپ بتائیں کیا میرا روزہ ٹوٹ گیا؟
ج… دانتوں میں گوشت کا ریشہ یا کوئی چیز رہ گئی تھی، اور وہ خودبخود اندر چلی گئی، تو اگر چنے کے دانے کے برابر یا اس سے زیادہ ہو تو روزہ جاتا رہا، اور اگر اس سے کم ہو تو روزہ نہیں ٹوٹا، اور اگر باہر سے کوئی چیز منہ میں ڈال کر نگل لی تو خواہ تھوڑی ہو یا زیادہ اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا۔
روزے کی حالت میں پانی میں بیٹھنا یا تازہ مسواک کرنا
س… کیا روزے کی حالت میں بار بار یا زیادہ دیر تک پانی میں بیٹھے رہنے یا بار بار کلیاں کرنے یا تازہ مسواک مثلاً: نیم، کیکر، پیلو وغیرہ کی کرنے یا منجن کرنے سے روزے کو نقصان کا احتمال تو نہیں؟
ج… امام ابوحنیفہ کے نزدیک مسواک تو مکروہ نہیں، مگر بار بار کلی کرنا، دیر تک پانی میں بیٹھے رہنا مکروہ ہے۔
کسی عورت کو دیکھنے یا بوسہ دینے سے انزال ہوجائے تو روزے کا حکم
س… بغیر جماع کے انزال ہوجائے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
ج… اگر صرف دیکھنے سے انزال ہوجائے تو روزہ فاسد نہیں ہوگا، لیکن لمس، مصافحہ اور تقبیل (بوسہ لینے) سے انزال ہوجائے تو روزہ فاسد ہوجائے گا، اور صرف قضا واجب ہوگی، کفارہ لازم نہیں آئے گا۔
روزہ دار اگر اسمتناء بالید کرے تو کیا کفارہ ہوگا؟
س… رمضان المبارک کے مہینے میں کفارہ صرف جان بوجھ کر جماع کرنے سے ہوگا؟ اور اگر کوئی شخص ہاتھ کے ذریعے روزے کی حالت میں منی نکال دے تو صرف قضا لازم ہوگی یا کفارہ بھی؟
ج… کفارہ صرف کھانے پینے سے یا جماع سے لازم آتا ہے، ہاتھ کے استعمال سے اگر روزہ خراب کیا ہو تو صرف قضا لازم ہے۔