روزے کے متفرق مسائل

رمضان میں رات کو جماع کی اجازت کی آیت کا نزول

س… ہمارے آفس میں ایک صاحب نے کہا کہ جب روزے فرض ہوئے تھے تو ساتھ ہی یہ شرط تھی کہ پورے رمضان شریف یعنی پورے مہینے رمضان کے میاں بیوی ہم بستری نہیں کرسکتے، مگر بعد میں کچھ لوگوں نے اس حکم کی خلاف ورزی کی، جس کی وجہ سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہوئی اور پھر عشاء کی نماز کے بعد سے لے کر سحری تک اجازت دی گئی۔ ان صاحب کا کہنا ہے کہ یہ غلطی حضرت عمر فاروق سے سرزد ہوئی تھی، اور اس پر وحی اُتری، کیا واقعی حضرت عمر سے غلطی ہوئی تھی؟

ج… پورے رمضان میں میاں بیوی کے اختلاط پر پابندی کا حکم تو کبھی نہیں ہوا، البتہ یہ حکم تھا کہ سونے سے پہلے پہلے کھانا پینا اور صحبت کرنا جائز ہے، سوجانے سے روزہ شروع ہوجائے گا، اور اگلے دن اِفطار تک روزے کی پابندی لازم ہوگی، آپ کا اشارہ غالباً اسی کی طرف ہے۔

آپ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے جس واقعے کا حوالہ دیا ہے وہ صحیح ہے، اور صحیح بخاری شریف میں ہے کہ اس نوعیت کا واقعہ متعدّد حضرات کو پیش آیا تھا، لیکن اس واقعے سے سیّدنا عمر یا دُوسرے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین پر کوئی اعتراض نہیں ہوتا، بلکہ ان حضرات کی ایک عظیم فضیلت اور بزرگی ثابت ہوتی ہے، اس لئے کہ ان حضرات کو اللہ تعالیٰ نے قوّتِ قدسیہ عطا فرمائی تھی، اور وہ بتوفیقِ الٰہی ضبطِ نفس سے کام بھی لے سکتے تھے، لیکن آپ ذرا سوچئے کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایسا کوئی واقعہ نہ پیش آتا اور قانون یہی رہتا کہ عشاء کی نماز کے بعد سے کھانا پینا اور بیوی کے پاس جانا ممنوع ہے، تو بعد کی اُمت کو کس قدر تنگی لاحق ہوتی؟ یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت و عنایت تھی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک دور میں ایسے واقعات پیش آئے کہ ان کی وجہ سے پوری اُمت کے لئے آسانی پیدا ہوگئی، اس لئے یہ حضرات لائقِ ملامت نہیں، بلکہ پوری اُمت کے محسن ہیں۔

جس آیت کا آپ نے حوالہ دیا ہے وہ سورہٴ بقرہ کی آیت۱۸۷ ہے، اس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

“تم لوگوں کے لئے روزہ کی رات میں اپنی بیبیوں سے ملنا حلال کردیا گیا، وہ تمہارا لباس ہیں اور تم ان کا لباس ہو، اللہ کو علم ہے کہ تم اپنی ذات سے خیانت کرتے تھے سو اللہ نے تم پر عنایت فرمادی، اور تم کو تمہاری غلطی معاف کردی ․․․․․․”

قرآنِ کریم کے اصل الفاظ آپ قرآن مجید میں پڑھ لیں، آپ کو صرف اس طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرام کی اس غلطی کو “اپنی ذات سے خیانت” کے ساتھ تعبیر کرکے فوراً ان کی توبہ قبول کرنے، ان کی غلطی معاف کرنے اور ان پر نظرِ عنایت فرمانے کا اعلان بھی ساتھ ہی فرما دیا ہے، کیا اس کے بعد ان کی یہ غلطی لائقِ ملامت ہے؟ نہیں․․․! بلکہ یہ ان کی مقبولیت اور بزرگی کا قطعی پروانہ ہے۔ اُمید ہے کہ یہ مختصر سا اشارہ کافی ہوگا، ورنہ اس مسئلے پر ایک مستقل مقالہ لکھنے کی گنجائش ہے، جس کے لئے افسوس ہے کہ فرصت متحمل نہیں۔

روزے والا لغویات چھوڑ دے

س… یوں تو رمضان المبارک میں مسلمانوں کی ایک بڑی اکثریت روزے رکھتی ہے، لیکن کچھ لوگ روزہ رکھنے کے بعد غلط حرکتیں کرتے ہیں، مثلاً: کسی نے روزہ رکھا اور دوپہر کو گیارہ بجے سے دو بجے یا سہ پہر کو تین بجے سے چھ بجے تک کے لئے کسی سینما ہاوٴس میں فلم دیکھنے چلا گیا، کسی نے روزہ رکھا اور سارا دن سوتا رہا، اور کوئی روزہ رکھنے کے بعد سارا دن تاش، کیرم یا کوئی اور کھیل کھیلتا رہا، یا پھر سارا دن کوئی جاسوسی یا رُومانوی ناول پڑھتا رہتا ہے، اور ان تمام باتوں کی وجہ سے ہر شخص بغیر کسی شرم اور خوفِ خداوندی کے یہ بتاتا ہے کہ بھئی کیا کریں؟ آخر ٹائم بھی تو پاس کرنا ہوتا ہے، تین گھنٹے فلم دیکھنے، سارا دن سونے یا تاش وغیرہ کھلنے سے ٹام گزر جاتا ہے، اور روزے کا پتہ ہی نہیں چلتا۔

محترم! روزہ رکھنے کے بعد روزے کی وجہ سے گناہ کرنے سے بہتر کیا یہ نہ ہوگا کہ روزہ رکھا ہی نہ جائے؟

ج… آپ کا یہ نظریہ تو صحیح نہیں کہ: “روزہ رکھ کر گناہ کرنے سے بہتر کیا یہ نہ ہوگا کہ روزہ رکھا ہی نہ جائے” یہ بات حکمتِ شرعیہ کے خلاف ہے۔ شریعت، روزہ رکھنے والوں سے یہ مطالبہ ضرور کرتی ہے کہ وہ اپنے روزے کی حفاظت کریں، اور جب انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اپنا کھانا پینا تک چھوڑ دیا ہے تو بے لذّت گناہوں سے بھی احتراز کریں، اور اپنے روزے کے ثواب کو ضائع نہ کریں، مگر شریعت یہ نہیں کہے گی کہ جو لوگ گناہوں کے مرتکب ہوتے ہیں وہ روزہ ہی نہ رکھا کریں۔ آپ نے جن اُمور کا تذکرہ کیا ہے یہ روزے کی رُوح کے منافی ہیں، روزہ دار کو قطعی ان سے پرہیز کرنا چاہئے۔ البتہ واقعہ یہ ہے کہ رمضان مبارک کے معمولات اور روزے کے آداب کی پابندی کے ساتھ اگر ماہِ مبارک گزار دیا جائے تو آدمی کی زندگی میں انقلاب آسکتا ہے، جس کی طرف قرآنِ کریم نے “لعلکم تتقون” کے چھوٹے سے الفاظ میں اشارہ فرمایا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے روزے دار کو پرہیز کی بہت ہی تاکید فرمائی ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ: “بہت سے رات میں قیام کرنے والے ایسے ہیں جن کو رتجگے کے سوا کچھ نہیں ملتا، اور بہت سے روزہ دار ایسے ہیں جن کو بھوک پیاس کے سوا کچھ نہیں ملتا۔” ایک اور حدیث میں ہے کہ: “جو شخص جھوٹ بولنے اور غلط کام کرنے سے باز نہیں آتا، اللہ تعالیٰ کو اس کا کھانا پینا چھڑانے کی کوئی ضرورت نہیں۔” اکابرِ اُمت نے روزے کے بہت سے آداب ارشاد فرمائے ہیں، جن کا خلاصہ میرے حضرت شیخ مولانا محمد زکریا کاندہلوی ثم مدنی (نوّر اللہ مرقدہ و طاب ثراہ) کے رسالہ “فضائلِ رمضان” میں دیکھا جاسکتا ہے، رمضان مبارک میں یہ رسالہ اور اس کا تتمہ “اکابر کا رمضان” ضرور زیرِ مطالعہ رہنا چاہئے۔

نوٹ:… آپ نے لغویات کے ضمن میں سو رہنے کا بھی ذکر فرمایا ہے، لیکن روزے کی حالت میں سوتے رہنا مکروہ نہیں، اس لئے آپ کے سوال میں یہ الفاظ لائقِ اصلاح ہیں۔

روزہ دار کا روزہ رکھ کر ٹیلیویژن دیکھنا

س… رمضان المبارک میں اِفطار کے قریب جو لوگ ٹیلیویژن پر مختلف پروگرام دیکھتے ہیں، مثلاً: انگریزی فلم، موسیقی کے پروگرام وغیرہ، تو کیا اس سے روزے میں کوئی فرق نہیں آتا؟ جبکہ ہمارے ہاں اناوٴنسرز خواتین ہوتی ہیں، اور ہر پروگرام میں بھی عورتیں ضرور ہوتی ہیں۔ اس ضمن میں ایک بات یہ کہ جو مولانا صاحب اِفطار کے قریب تقریر (ٹیلیویژن پر) فرماتے ہیں، اور مسلمان بہو بیٹیاں جب انہیں دیکھتی ہیں تو کیا روزہ برقرار رہے گا؟ اور یہ کسی طرح قابلِ گرفت نہیں ہوگا؟

ج… روزہ رکھ کر گناہ کے کام کرنا، روزے کے ثواب اور اس کے فوائد کو باطل کردیتا ہے، ٹیلیویژن کی اصلاح تو عام لوگوں کے بس کی نہیں، جن مسلمانوں کے دِل میں خدا کا خوف ہے وہ خود ہی اس گناہ سے بچیں۔

کیا بچوں کو روزہ رکھنا ضروری ہے؟

س… اکثر والدین بارہ سال سے کم عمر کے بچوں کو روزہ رکھنے سے منع کرتے ہیں، کیونکہ اگر وہ روزہ رکھتے ہیں تو بھوک اور پیاس خاص طور پر برداشت نہیں کرسکتے، جبکہ بچے شوقیہ روزہ رکھنے پر اصرار کرتے ہیں، نیز روزہ کس عمر میں فرض ہوجاتا ہے؟

ج… نماز اور روزہ دونوں بالغ پر فرض ہیں، اگر بلوغ کی کوئی علامت ظاہر نہ ہو تو پندرہ سال پورے ہونے پر آدمی بالغ سمجھا جاتا ہے۔ نابالغ بچہ اگر روزے کی برداشت رکھتا ہو تو اس سے روزہ رکھوانا چاہئے، اور اگر برداشت نہ رکھتا ہو تو منع کرنا دُرست ہے۔

عصر اور مغرب کے درمیان “روزہ” رکھنا کیسا ہے؟

س… میری ایک سہیلی جو کسی کے کہنے کے مطابق عصر اور مغرب کے درمیانی وقفے کے دوران مختصر روزہ رکھتی ہیں، جس کی انہوں نے وجہ یہ بتائی کہ بعد مرنے کے فرشتے مردے کو کوئی ایسی شے کھلائیں گے جو مردے کے لئے باعثِ عذاب ہوگی، جو شخص اس دوران روزہ رکھتا ہوگا وہ کھانے سے انکار کردے گا، کیا یہ مختصر روزہ شریعت کے مطابق جائز ہے؟

ج… شرعی روزہ تو صبحِ صادق سے مغرب تک کا ہوتا ہے، عصر و مغرب کے درمیان روزہ رکھنا شریعت سے ثابت نہیں، اور جو وجہ بتائی ہے وہ بھی من گھڑت ہے، ایسا عقیدہ رکھنا گناہ ہے۔

عصر اور مغرب کے درمیان روزہ اور دس محرّم کا روزہ رکھنا کیسا ہے؟

س… ایک مرتبہ ایک صاحبہ نے فرمایا کہ میں نے روزہ رکھا ہے، ہم نے تفصیل پوچھی تو انہوں نے کہا کہ روزہ عصر کی اذان سے لے کر مغرب کی اذان تک کا، جب ہم نے ایسے روزے رکھنے کے وجود کا انکار کیا تو ہم کو انہوں نے زبردست ڈانٹا اور کہا کہ تم پڑھے لکھے جنگلی ہو، تمہیں یہ بھی نہیں معلوم تھا۔

ج… شریعتِ محمدیہ میں تو کوئی روزہ عصر سے مغرب تک نہیں ہوتا، ان صاحبہ کی کوئی اپنی شریعت ہے تو میں اس سے بے خبر ہوں۔

س… پھر انہوں نے مزید بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ دسویں محرّم کا روزہ رکھنا جائز نہیں، کیونکہ شمر کی ماں نے منّت مانی تھی کہ شمر، حضرت امام حسین کو شہید کرے گا تو میں دسویں محرّم کا روزہ رکھوں گی، اور اس نے دسویں محرّم کو روزہ رکھا تھا۔

ج…عاشورا محرّم کی دسویں تاریخ کا نام ہے، انبیائے گزشتہ ہی کے زمانے سے یہ دن متبرک چلا آتا ہے، ابتدائے اسلام میں اس دن کا روزہ فرض تھا، بعد میں اس کی جگہ رمضان کے روزے فرض ہوئے، اور عاشورا کا روزہ مستحب رہا، بہرحال اس دن کے روزے اور اور دُوسرے اعمال کو حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت سے کوئی تعلق نہیں، اور اس خاتون نے شمر کی والدہ کی جو کہانی سنائی وہ بالکل من گھڑت ہے۔

پانچ دن روزہ رکھنا حرام ہے

س… ہمارے حلقے میں آج کل بہت چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ روزے پانچ دن حرام ہیں (سال میں) ۱:عیدالفطر کے پہلے دن، ۲:عیدالفطر کے دُوسرے دن، ۳:عیدالاضحی کے دن، ۴:عیدالاضحی کے تیسرے دن۔ حالانکہ جہاں مجھے معلوم ہوا ہے کہ عید کے دُوسرے دن (عیدالفطر) روزہ جائز ہے، اصل بات واضح کیجئے۔

ج… عیدالفطر کے دُوسرے دن روزہ جائز ہے، اور عیدالاضحی اور اس کے بعد تین دن (ایامِ تشریق) کا روزہ جائز نہیں۔ گویا پانچ دن کا روزہ جائز نہیں: عیدالفطر، عیدالاضحی، اس کے بعد تین دن ایامِ تشریق۔

کیا امیر و غریب اور عزیز کو اِفطار کروانے کا ثواب برابر ہے؟

س… امیر، غریب، عزیزان تینوں میں سب سے زیادہ فضیلت (ثواب) اِفطار کرانے کی کس میں ہے؟

ج… اِفطار کرانے کا ثواب تو یکساں ہے، غریب کی خدمت اور عزیز کے ساتھ حسنِ سلوک کا ثواب الگ ہے۔

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا روزہ کھولنے کا معمول

س… رمضان المبارک میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کس چیز سے روزہ کھولتے تھے؟

ج… عموماً کھجور یا پانی سے۔

تمباکو کا کام کرنے والے کے روزے کا حکم

س… میں ایک بیڑی کا کاریگر ہوں، بیڑی کے کام میں تمباکو بھی چلتا ہے، چند لوگوں نے مجھ سے فرمایا کہ آپ روزے میں یہ کام کرتے ہیں چونکہ تمباکو نشہ آور چیز ہے، لہٰذا آپ کا روزہ مکروہ ہوجاتا ہے، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… تمباکو کا کام کرنے سے روزہ مکروہ نہیں ہوتا، جب تک تمباکو کا غبار حلق کے نیچے نہ جائے۔

روزہ دار کا مسجد میں سونا

س… کیا روزہ دار کا فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد میں سونا جائز ہے؟

ج… غیرمعتکف کا مسجد میں سونا مکروہ ہے، جو حضرات مسجد میں جائیں وہ اِعتکاف کی نیت کرلیا کریں، اس کے بعد ان کے سونے کی گنجائش ہے۔

روزے کی حالت میں بار بار غسل کرنا

س… کیا روزے کی حالت میں دن میں کئی بار گھر میں نہانا اور اس کے علاوہ نہر میں نہائے، لیکن باقی دُوسری بُرائیوں سے بچا رہے، تو کیا روزے کا ثواب پورا حاصل ہوگا؟

ج… روزے میں نہانے کا کوئی حرج نہیں، لیکن ایسا انداز اختیار کرنا جس سے گھبراہٹ اور پریشانی کا اظہار ہو، حضرت امام کے نزدیک مکروہ ہے۔

ناپاک آدمی نے اگر سحری کی تو کیا روزہ ہوجائے گا؟

س… اگر کسی پر رات کے دوران غسل واجب ہوجائے تو اس جنابت کی حالت میں سحری کرسکتا ہے یا نہیں؟

ج… حالتِ جنابت میں سحری کی تو روزہ ہوجائے گا، اور اس میں کوئی تردّد نہیں، لیکن آدمی جتنی جلدی ہوسکے پاکی حاصل کرلے۔

ناپاکی کی حالت میں روزہ رکھنا

س… میں بیمار ہوں جس کی وجہ سے میں مہینے میں تین چار بار ناپاک رہتا ہوں، اب آپ سے گزارش ہے کہ کیا میں ناپاکی کی حالت میں روزہ رکھ سکتا ہوں جبکہ میں نے ایک نماز کی کتاب میں پڑھا تھا کہ اگر ناپاکی بیماری کی وجہ سے ہو تو وضو سے دُور ہوجاتی ہے؟ آپ یہ ارشاد فرمائیں کہ میں کیا وضو کرکے روزہ رکھ سکتا ہوں؟ ویسے تو میں روز غسل کرتا ہوں، لیکن روزہ رکھتے وقت اور فجر کی نماز سے پہلے تو غسل نہیں کرسکتا، اُمید ہے آپ تسلی بخش جواب دیں گے۔

ج… ناپاکی کی حالت میں ہاتھ منہ دھوکر روزہ رکھنا جائز ہے، غسل بعد میں کرلیا جائے، کوئی حرج نہیں۔

س… اگر کسی پر رات کو غسل واجب ہوگیا لیکن نہ اس نے صبح غسل کیا اور نہ دن بھر کیا، اور اِفطاری بھی اسی حالت میں کی، تو ایسے شخص کے روزے کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… روزے کا فرض تو ادا ہوجائے گا، لیکن آدمی ناپاکی کی بنا پر گناہگار ہوگا، غسل میں اتنی تأخیر کرنا کہ نماز فوت ہوجائے سخت گناہ ہے۔

شش عید کے روزے رکھنے سے رمضان کے قضا روزے ادا نہ ہوں گے

س… کیا شوال کے چھ روزے دُوسرے دن سے رکھنے چاہئیں؟ یعنی پہلا (شش عید کا) روزہ ہر حال میں شوال کی دو تاریخ کو رکھا جائے، باقی روزے پورے مہینے میں کسی دن رکھے جاسکتے ہیں؟ اس کی بھی وضاحت کریں کہ یہ روزے رکھنے سے رمضان کے چھوٹے ہوئے روزے ادا ہوجاتے ہیں؟

ج… یہ مسئلہ جو عوام میں مشہور ہے کہ “شش عید کے لئے عید کے دُوسرے دن روزہ رکھنا ضروری ہے” بالکل غلط ہے، عید کے دُوسرے دن روزہ رکھنا کوئی ضروری نہیں، بلکہ عید کے مہینے میں، جب بھی چھ روزے رکھ لئے جائیں، خواہ لگاتار رکھے جائیں یا متفرق طور پر، پورا ثواب مل جائے گا، بلکہ بعض اہلِ علم نے تو عید کے دُوسرے دن روزہ رکھنے کو مکروہ کہا ہے، مگر صحیح یہ ہے کہ مکروہ نہیں، دُوسرے دن سے بھی شروع کرسکتے ہیں۔ شوال کے چھ روزے رکھنے سے رمضان کے قضا روزے ادا نہیں ہوں گے، بلکہ وہ الگ رکھنے ہوں گے، کیونکہ یہ نفلی روزے ہیں، اور رمضان کے فرض روزے، جب تک رمضان کے قضا روزوں کی نیت نہیں کرے گا، وہ ادا نہیں ہوں گے۔

چھ ماہ رات اور چھ ماہ دن والے علاقے میں روزہ کس طرح رکھیں؟

س… دُنیا میں ایک جگہ ایسی ہے جہاں چھ ماہ رات ہوتی ہے اور چھ ماہ دن ہوتا ہے، تو وہاں مسلمان رمضان کے پورے روزے کیسے رکھیں گے؟

ج… وہ اپنے قریب ترین ملک جہاں دن رات کا نظام معمول کے مطابق ہو، اس کے طلوع و غروب کے اعتبار سے روزہ رکھیں گے۔

سحری کھانے کے بعد سونے میں حرج نہیں، بشرطیکہ جماعت نہ چھوٹے

س… سحری کھانے کے بعد سوجانا مکروہ ہے یا کہ نہیں؟ میں نے سنا ہے کہ سحری کے بعد سونا مکروہ ہے۔

ج… سحری آخری وقت میں کھانا مستحب ہے، اور سحری کے بعد سوجانے میں اگر فجر کی جماعت فوت ہونے کا اندیشہ نہ ہو تو مکروہ ہے، ورنہ نہیں۔

لاوٴڈ اسپیکر کے ذریعہ سحری و اِفطاری کی اطلاع دینا دُرست ہے

س… ہمارے شہر میں عموماً رمضان کے مہینے میں سحری کے وقت مسجدوں میں لاوٴڈ اسپیکر کے ذریعہ سحری کا اعلان کیا جاتا ہے، اور اس سلسلے میں کبھی تلاوتِ قرآن بھی کی جاتی ہے کہ لوگ صحیح وقت پر سحری کا انتظام کرسکیں، شرعاً اس کا جواز ہے؟

ج… سحری اور اِفطار کے اوقات کی اطلاع دینے میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن لاوٴڈ اسپیکر پر اعلانات کا اتنا شور کہ لوگوں کا سکون غارت ہوجائے اور اس وقت کوئی شخص اطمینان سے نماز بھی نہ پڑھ سکے، ناجائز ہے۔

موٴذّن روزہ کھول کر اذان دے

س… موٴذّن کو روزہ کھول کر اذان دینا چاہئے یا اذان کے بعد روزہ کھولنا چاہئے؟

ج… روزہ کھول کر اذان دے۔

عرب ممالک سے آنے پر تیس سے زائد روزے رکھنا

س… اگر ایک شخص جو کہ عرب ممالک میں کام کرتا ہو اور رمضان کے روزے عرب ممالک کے حساب سے رکھتا ہو، یعنی کہ پاکستان سے ایک دو روز قبل ہی روزے شروع ہوجاتے ہیں، لہٰذا یہ شخص رمضان کے آخر میں چھٹیاں گزارنے پاکستان آتا ہے اس شخص کی عید ہم سے دو روز قبل ہوگی، تو یہ شخص عید کی نماز کے سلسلے میں کیا کرے؟ آیا یہ پاکستانی وقت کے مطابق عید منائے اور دو دن انتظار کرے کیونکہ عید پاکستان میں دو دن بعد ہے؟

ج… یہ شخص عید تو پاکستان کے مطابق ہی کرے گا، اور جب تک پاکستان میں رمضان ہے یہ شخص روزے بھی رکھے، اس کے تیس سے زائد روزے نفل شمار ہوں گے۔

اختتامِ رمضان پر جس ملک میں پہنچے وہاں کی پیروی کرے

س… ہم بحری جہاز میں ملازم ہیں، گزشتہ رمضان ہمارا جدہ میں شروع ہوا تھا، مختلف ممالک میں جانے کے بعد تیسویں روزے کو ہم انڈیا کے شہر “وزاگاپٹم” پہنچے، وہاں ۲۹واں روزہ تھا، ہمارے ساتھیوں میں سے ایک دو نے اگلے دن روزہ رکھا اور اکثر ساتھیوں نے اگلے دن جہاز میں عید کی نماز پڑھی، جبکہ اسی شہر میں اس دن تیسواں روزہ تھا، یہ بتائیے کہ ہم میں سے کس کا موقف صحیح تھا؟ ہمیں اس دن روزہ رکھنا چاہئے تھا کہ عید کی نماز پڑھنی چاہئے تھی؟

ج… یہ صورت ان بے شمار لوگوں کو پیش آتی ہے جو پاکستان یا سعودی عرب وغیرہ ممالک میں رمضان شروع کرکے عید سے پہلے پاکستان یا ہندوستان میں آجاتے ہیں، ان کے لئے حکم یہ ہے کہ وہ پاکستان یا ہندوستان پہنچ کر یہاں کے رمضان کی گنتی پوری کریں اور اکتیسواں روزہ بھی رکھیں، یہ زائد روزہ ان کے حق میں نفل ہوگا، لیکن پاکستان اور ہندوستان کے تیسویں روزے کے دن ان کے لئے عید منانا جائز نہیں۔

ایک صورت اس کے برعکس یہ پیش آتی ہے کہ بعض لوگ پاکستان یا ہندوستان میں رمضان شروع ہونے کے بعد سعودی عرب یا دُوسرے ممالک میں چلے جاتے ہیں، ان کا اٹھائیسواں روزہ ہوتا ہے کہ وہاں عید ہوجاتی ہے، ان کو چاہئے کہ سعودی عرب کے مطلع کے مطابق عید کریں اور ان کا جو روزہ رہ گیا ہے اس کی قضا کریں۔

عیدالفطر کی خوشیاں کیوں مناتے ہیں؟

س… رمضان کے ختم ہوتے ہی عید کیوں مناتے ہیں؟

ج… رمضان المبارک ایک بہت بڑی نعمت ہے، اور ایک نعمت نہیں، بلکہ بہت سی نعمتوں کا مجموعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے نیک بندے اس مہینے میں اپنے مالک کو راضی کرنے کے لئے دن رات عبادت کرتے ہیں، دن کو روزہ رکھتے ہیں، رات کو قیام کرتے ہیں اور ذکر و تسبیح، کلمہ اور دُرود شریف کا ورد کرتے ہیں، اس لئے روزہ دار کو روزہ پورا کرنے کی بہت ہی خوشی ہوتی ہے۔ حدیث میں فرمایا گیا ہے کہ روزہ دار کو دو خوشیاں نصیب ہوتی ہیں، ایک خوشی جو اسے اِفطار کے وقت ہوتی ہے، اور دُوسری خوشی جو اسے اپنے رَبّ سے ملاقات کے وقت ہوگی۔

یہی وجہ ہے کہ جب رمضان شریف ختم ہوا تو اس سے اگلے دن کا کام عیدالفطر ہوا، ہر دن تو ایک ایک روزہ کا اِفطار ہوتا تھا، اور اس کی خوشی ہوتی تھی، مگر عیدالفطر کو پورے مہینے کا اِفطار ہوگیا اور پورے مہینے کے اِفطار ہی کی اکٹھی خوشی ہوئی۔

دُوسری قومیں اپنے تہوار کھیل کود میں یا فضول باتوں میں گزار دیتی ہیں، مگر اہلِ اسلام پر تو حق تعالیٰ شانہ کا خاص انعام ہے کہ ان کی خوشی کے دن کو بھی عبادت کا دن بنایا، چنانچہ رمضان شریف کے بخیر و خوبی اور بشوق عبادت گزارنے کی خوشی منانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے تین عبادتیں مقرّر فرمائیں: ایک نمازِ عید، دُوسرے صدقہٴ فطر اور تیسرے حجِ بیت اللہ (حج اگرچہ ذوالحجہ میں ادا ہوتا ہے، مگر رمضان المبارک ختم ہوتے ہی یکم شوال سے موسمِ حج شروع ہوجاتا ہے)۔

روزہ ٹوٹ جائے تب بھی سارا دن روزہ داروں کی طرح رہے

س… ایک آدمی کا روزہ ٹوٹ گیا، کیا اب وہ کھاپی سکتا ہے؟

ج… اگر رمضان شریف میں کسی کا روزہ ٹوٹ جائے تب بھی اس کو دن میں کچھ کھانا پینا جائز نہیں، سارا دن روزہ داروں کی طرح رہنا واجب ہے۔

بیمار کی تراویح، روزہ

س… اگر کوئی شخص بوجہ بیماری رمضان المبارک کے روزے نہ رکھ سکے تو وہ کیا کرے؟ نیز یہ بھی فرمائیے کہ ایسے شخص کی تراویح کا کیا بنے گا؟ وہ تراویح پڑھے گا یا نہیں؟

ج… جو شخص بیماری کی وجہ سے روزہ رکھنے کی طاقت نہیں رکھتا، اسے روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے، تندرست ہونے کے بعد روزوں کی قضا رکھ لے، اور اگر بیماری ایسی ہو کہ اس سے اچھا ہونے کی اُمید نہیں، تو ہر روزے کے بدلے صدقہٴ فطر کی مقدار فدیہ دے دیا کرے۔ اور تراویح پڑھنے کی طاقت رکھتا ہو تو اسے تراویح ضرور پڑھنی چاہئے، تراویح مستقل عبادت ہے، یہ نہیں کہ جو روزہ رکھے وہی تراویح پڑھے۔

کیا غیرمسلم کو روزہ رکھنا جائز ہے؟

س… میں ابوظہبی میں جس کیمپ میں رہ رہا ہوں، ہمارے ساتھ ہندو بھی رہتے ہیں، ایک ہندو ہمارا دوست ہے، پچھلے ماہِ رمضان میں اس نے بھی ہمارے ساتھ ایک روزہ رکھا، اور ہمارے ساتھ ہی بیٹھ کر اِفطار کیا، وہ اسلام کی باتوں میں دلچسپی لیتا ہے، اس نے اپنے خاندان والوں کے ڈَر سے اسلام قبول نہیں کیا، کیا اس کا اس طرح روزہ رکھنا اور اِفطاری کرنا ہمارے ساتھ جائز ہے؟

ج… روزہ کے صحیح ہونے کے لئے اسلام شرط ہے، غیرمسلم کا روزہ اس کے مسلمان نہ ہونے کی بنا پر قبول تو نہیں ہوگا، لیکن اگر اس طرح اس کا امکان ہے کہ وہ مسلمان ہوجائے گا تو پھر آپ کے ساتھ بیٹھ کر اِفطاری کرنے کی اجازت ہے، اس کو اسلام کی ترغیب دیجئے۔

رمضان المبارک کی ہر گھڑی مختلف عبادات کریں

س… جمعة الوداع کے دن ہم لوگ کون سی عبادات کریں جو کہ زیادہ ثواب کا باعث ہوں؟

ج… جمعة الوداع کے لئے کوئی خصوصی عبادت شریعت نے مقرّر نہیں کی، رمضان المبارک کی ہر رات اور ہر دن ایک سے ایک اعلیٰ ہے، خصوصاً جمعہ کا دن اور جمعہ کی راتیں، اور علی الخصوص رمضان کے آخری عشرے کی راتیں، اور ان میں بھی طاق راتیں۔ ان میں تلاوت، ذکر، نوافل، اِستغفار، دُرود شریف کی جس قدر ممکن ہو کثرت کرنی چاہئے، خصوصاً یہ کلمات کثرت سے پڑھنے چاہئیں:

“لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللهُ، نَسْتَغْفِرُ اللهَ، نَسْئَلُکَ الْجَنَّةَ وَنَعُوْذُ بِکَ مِنَ النَّارِ۔”

ٹیلیویژن پر شبینہ موجبِ لعنت ہے

س… رمضان المبارک میں غلط سلط اور کبھی کبھی بڑی رفتار کے ساتھ غلطیوں سے پُر شبینہ پڑھا گیا، اور ساتھ ہی بار بار فخریہ طور پر کہا گیا کہ پورے پاکستان میں قرآنِ عظیم کی تلاوت کی صدائیں گونج رہی ہیں، کیا یہ شبینہ خدا کے قہر کو نہیں للکار رہا ہے؟ کیا مسجدوں کو فلم خانوں میں تبدیل نہیں کیا گیا؟ آپ یقین کریں جب شبینہ کی فلم بناکر ٹیلیویژن پر دکھائی گئی، اس وقت پیچھے نماز پڑھنے والوں کی توجہ اپنی فلم اُتروانے پر تھی، خدا ہم سب پر رحم کرے، اتنی مصیبتیں، پریشانیاں، آفتیں نازل ہو رہی ہیں، لیکن ہم گناہوں کے کام کو ثواب سمجھ کر کر رہے ہیں۔ مسجدوں میں اتنی روشنی کی گئی کہ بار بار اس کی بتیوں کی فلمیں نظر آئیں، کئی بار تو پیچھے سے ٹوکنے پر بھی حافظ صاحب نہیں رُکے، غلط پڑھتے چلے گئے، اس مبارک اور متبرک مہینے میں، جس میں ثواب نفلوں کا فرضوں کے برابر ہوجاتا ہے، ایسی رات ملی جس کی عبادت ہزار مہینوں سے بھی زیادہ ہے، اتنا ثواب دیا گیا، لیکن اس اُمت میں یہ نظر آتا ہے کہ گیارہ ماہ کے گناہ، بلکہ اس سے بھی زیادہ اس ماہ میں کرتے ہیں۔ کیونکہ رمضان المبارک میں ثواب دُگنا ہوجاتا ہے، اگر کوئی گناہ والا کام کرے تو اس کا گناہ بھی دُگنا ہوجاتا ہے۔ ان باتوں کو سوچ کر کبھی کبھی میرے دِل میں یہ خیال آتا ہے، اور میں بہت خدا سے معافی مانگتا ہوں کہ ایسی بات دِل میں نہ آئے، لیکن ہر دفعہ دِل سے نکلتا ہے کہ ٹیلیویژن پر ایسی ایسی باتیں شروع ہوگئی ہیں جو پہلے نہ تھیں، اب ان کو ثواب سمجھ کر کیا جارہا ہے، اس سے بہتر ہے کہ رمضان شریف ہی نہ آئیں، میں ایک دفعہ پھر خدا کے حضور معافی کا طالب ہوں کہ ایسی بات کہی۔ کیا ایسا سوچنا بُرا ہے؟

ج… آج کل اکثر شبینے بہت سی قباحتوں کے ساتھ ملوّث ہیں، ان کی تفصیل حکیم الاُمت تھانوی کی کتاب “اصلاح الرسوم” میں دیکھ لی جائے۔ اور شبینہ کا جو نقشہ آپ نے کھینچا ہے وہ تو سراسر ریاکاری ہے، اور پھر ٹیلیویژن پر ان کی نمائش کرنا تو موجبِ لعنت ہے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو عقل و ایمان نصیب فرمائے۔