جھوٹی قسم کھانے کا کفارہ سوائے توبہ اِستغفار کے کچھ نہیں
س… قرآن شریف کے سامنے میں نے جھوٹی قسم کھائی تھی، کیونکہ میری زندگی کا مسئلہ تھا، اس کے لئے مجھے کیا کفارہ ادا کرنا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے مجھے معاف فرمادیں؟
ج… قسم کھاکر اگر آدمی قسم توڑ ڈالے تو اس کا تو کفارہ ہوتا ہے، لیکن اگر جھوٹی قسم کھالے کہ میں نے یہ کام کیا، حالانکہ نہیں کیا تھا، یا یہ کہ میں نے یہ نہیں کیا، حالانکہ کیا تھا، تو اس کا کفارہ سوائے توبہ و اِستغفار کے کچھ نہیں۔
کسی حقیقی مجرم کے خلاف بن دیکھے جھوٹی گواہی دینا
س… میں نے اپنے ایک بہت ہی عزیز دوست کے کہنے پر ایک مجرم کے خلاف گواہی دی، حالانکہ میں گواہ نہیں تھا، لیکن اس نے جرم کیا ضرور تھا، اور ثبوت بھی ہے۔ وہ مجرم رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا ہے اور میرے دوست نے ہی اسے گرفتار کیا تھا، اس کام کے لئے مجھے عدالت میں خدا کی قسم کھانی پڑی جو کہ جھوٹی تھی، کیا اس رویہ سے میں گناہ کا مرتکب ہوا؟ اور اگر ہوا تو اس کا کیا کفارہ ہے؟
ج… وہ شخص اگرچہ مجرم تھا، مگر آپ چونکہ چشم دید گواہ نہیں تھے، اس لئے آپ کو جھوٹی گواہی نہیں دینی چاہئے تھی، یہ گناہِ کبیرہ ہے، اور اس کا کفارہ توبہ و اِستغفار کے سوا کچھ نہیں۔
جھوٹی قسم اُٹھانا سخت گناہ ہے، کفارہ اس کا توبہ ہے
س… آج سے تقریباً ۱۷ سال پہلے میں نویں یا دسویں جماعت کا امتحان دے رہا تھا، امتحان کے سلسلے میں مجھے سٹی کورٹ جانا پڑا اور وہاں پر حلف نامہ بھرا تھا امتحان دینے کے سلسلے میں، اور مجھے یاد نہیں کہ اس حلف نامے میں کیا لکھا تھا؟ آیا کہ حلف نامے میں صحیح باتیں لکھوائی تھیں یا غلط؟ یاد نہیں۔
ابھی تقریباً دو ماہ ہوئے میں نے نیا شناختی کارڈ بنوایا ہے، شناختی کارڈ کے فارم میں ایک جگہ حلف نامہ ہے، جس میں لکھا ہے کہ پہلے پاسپورٹ بنوایا ہے یا نہیں؟ میں نے لکھ دیا کہ نہیں بنوایا ہے، حالانکہ پہلے پاسپورٹ بنوایا ہے، اس لحاظ سے حلف نامے میں غلط بیانی سے کام لیا، اس لحاظ سے جو غلطی میں نے کی اس کا بعد میں خیال آیا۔ اب مجھے یہ بتائیے کہ میں اپنی غلطی کس طرح سے دُور کروں؟ چونکہ مجھے حلف نامے کی اہمیت کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا۔
ج… جھوٹی قسم اُٹھانا بہت سخت گناہ ہے، اس سے خوب ندامت کے ساتھ توبہ کرنا چاہئے، یہی اس کا کفارہ ہے۔
جھوٹی قسم کھانا گناہِ کبیرہ ہے
س… اگر کوئی شخص جذباتی ہوکر غصّے میں یا جان بوجھ کر قرآن کی قسم کھالے تو اس کے لئے کیا حکم ہے؟ یہ گناہِ کبیرہ ہے یا صغیرہ؟ اس کی صفائی کی کیا صورت ہے؟
ج… جھوٹی قسم کھانا کبیرہ گناہ ہے، اس کا کفارہ توبہ و اِستغفار ہے۔ اور اگر یوں قسم کھائی کہ فلاں کام نہیں کروں گا، اور پھر قسم توڑ دی تو دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے، اگر نہیں کھلاسکتا تو تین دن کے روزے رکھے۔
جبراً قرآن اُٹھانے کا کفارہ
س… ڈَر یا خوف سے جھوٹا قرآن مجید اُٹھوانے کا کفارہ کیا ادا کرنا پڑے گا؟ اور کیا قرآن مجید اُٹھوانے والے کو بھی گناہ ہوگا؟
ج… جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لئے قرآنِ کریم اُٹھانا بڑا سنگین گناہ ہے، توبہ و اِستغفار سے یہ گناہ معاف کرانا چاہئے، یہی اس کا کفارہ ہے۔ اور قرآن اُٹھوانے والا بھی گناہ میں برابر کا شریک ہے۔
سودا بیچنے کے لئے جھوٹی قسم کھانا
س… یہ جو ہمارے اکثر گھرانوں میں بات بے بات قسم خدا، قسم قرآن کی کھاتے ہیں، چاہے وہ بات سچی ہو یا جھوٹی، لیکن عادت سے مجبور ہوتے ہیں۔ اس کے بارے میں کچھ فرمائیے تو مہربانی ہوگی کہ ان سچی جھوٹی قسموں کی کیا سزا ہے؟ ہمارے اکثر تاجر حضرات جن سے ہمارا روزانہ واسطہ پڑتا ہے، مثلاً: کپڑے کے تاجر وغیرہ وہ بھی اپنا مال بیچنے کے لئے پانچ منٹ میں تقریباً کتنی ہی قسمیں کھاتے اور کہتے ہیں کہ یہ بھاوٴ ایمان داری کا بھاوٴ ہے۔ چاہے وہ بھاوٴ سچا ہو یا جھوٹا۔ اور اکثر اسی بھاوٴ میں کمی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم آپ کی خاطر تھوڑا نقصان اُٹھا رہے ہیں خدا کی قسم ہم اپنا نقصان کر رہے ہیں۔ اور قرآن کی قسم ہم نے آپ سے ایک پائی بھی منافع نہیں لیا۔ حالانکہ کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ تاجر حضرات ہمارے لئے نقصان اُٹھائیں اور کاروں میں گھومیں؟ جواب ضرور دیں۔
ج… جھوٹی قسم کھانا بہت بڑا گناہ ہے، اگر کسی کو اس کی عادت پڑگئی ہو تو اس کو توبہ کرنی چاہئے اور اپنی اصلاح کرنی چاہئے۔ سودا بیچنے کے لئے قسم کھانا اور بھی بُرا ہے، حدیث میں ہے کہ قیامت کے دن تاجر لوگ بدکاروں کی حیثیت میں اُٹھائے جائیں گے سوائے اس تاجر کے جو خدا سے ڈرے اور غلط بیانی سے باز رہے۔
زبردستی قرآن اُٹھوانے والے بھائی سے قطع تعلق کرنا
س… بچوں کی شادی کی بات کے سلسلے میں میرے بڑے بھائی نے مجھ سے زبردستی قرآن شریف اُٹھوایا ہے، جبکہ میں نے انہیں ہر طرح مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ یہ بات میں نے نہیں کی ہے، تو وہ اپنی بات پر اَڑے رہے کہ نہیں تم نے ہزار لوگوں کے سامنے یہ کہا ہے کہ میں اپنے بچے کی شادی تمہارے گھر میں یعنی تمہاری بچی سے نہیں کروں گا۔ حالانکہ یہ بات میں نے بخدا کسی سے بھی نہیں کہی ہے، لیکن وہ اپنی بات پر اَڑے رہے۔ پھر میں نے انہیں کہا کہ: اگر مان بھی لیا کہ میں نے یہ بات ہزار لوگوں میں کہی ہے تو کوئی ایک بھی گواہ لے کر آوٴ اور اس کے سامنے مجھے جھوٹا کرواوٴ۔ لیکن وہ ایک بھی گواہ نہیں لائے اور مجھے کہا کہ: میں گواہ نہیں لاتا، اگر تم قرآن شریف اُٹھاکر قسم نہیں کھاوٴگے تو میں یہ سمجھوں گا کہ تم جھوٹے ہو۔ اور ایسی باتیں کہیں کہ مجھے اس کے سوا کوئی چارہ ہی نہیں رہا کہ قرآن شریف اُٹھاکر اپنی سچائی کو ثابت کرسکوں، لہٰذا مجبوراً قرآن شریف اُٹھاکر اپنی سچائی ثابت کردی۔ پھر میں نے یہ کہا کہ: اب تو میں نے سچائی ثابت کردی، اب رشتہ ہوگا یا نہیں؟ تو وہ اس پر بھی راضی نہیں ہوئے اور کہا کہ: رشتہ نہیں ہوگا۔ اور مجھ سے قطع تعلق کرلیا۔ میں ہر عید پر اور کبھی کبھی ان کے گھر چلا جاتا ہوں لیکن وہ ہم سے ملنا گوارا نہیں کرتے۔ قرآن و حدیث کی رُو سے یہ بتائیں کہ کیا میں نے انتہائی مجبوری میں قرآن شریف اُٹھاکر کوئی غلطی کی ہے جو کہ میں نے صرف اور صرف اپنی سچائی ثابت کرنے کے لئے اُٹھایا تھا؟ اور کیا یہ ان کا اقدام دُرست تھا جبکہ یہ معاملہ گفت و شنید کے ذریعہ بھی حل ہوسکتا تھا؟ لیکن انہوں نے کسی بات کو بھی سننا گوارا نہ کیا، تو اس کے بارے میں بھی لکھیں کہ ذرا ذرا سی بات پر قرآن شریف اُٹھوانا کیسا ہے؟ اور اس کی کیا سزا ہے؟ تاکہ دُوسرے لوگوں کو عبرت ہو۔
ج… انہوں نے آپ کو قرآن مجید اُٹھوانے پر جو مجبور کیا، یہ ان کی غلطی تھی، لیکن اگر آپ نے سچائی پر قرآن مجید اُٹھایا ہے تو آپ کے ذمہ کوئی گناہ نہیں۔ ان کا آپ سے قطع تعلق کرلینا بھی ان کی غلطی ہے، کیونکہ رنجش کی وجہ سے اپنے عزیزوں سے قطع تعلق کرلینا بڑا سنگین گناہ ہے، جس کا وبال دُنیا و آخرت دونوں میں بھگتنا ہوگا۔ بہرحال اگر وہ آپ سے قطع تعلق رکھیں تب بھی آپ ان سے قطع تعلق نہ کریں اور ان کی بُرائی بھی نہ کریں، وہ خود اپنے کئے کا پھل پائیں گے۔
قسم توڑنے کا کفارہ
قسم توڑنے کے کفارہ کے روزے لگاتار رکھنا ضروری ہے
س… قسم توڑنے کے کفارہ میں تین روزے مسلسل رکھنا ضروری ہے یا فاصلے سے رکھے جاسکتے ہیں؟
ج… بعض روایات میں کفارہٴ قسم کے روزوں کو پے در پے مسلسل رکھنے کا حکم آتا ہے، اسی لئے امامِ اعظم ابوحنیفہ اور بعض دُوسرے ائمہ کا بھی ان روزوں میں یہی مذہب ہے کہ ان روزوں کو مسلسل رکھنا ضروری ہے۔
قسم کے کفارہ کا کھانا دس مسکینوں کو وقفے وقفے سے دے سکتے ہیں
س… قسم توڑنے کا کفارہ دس مسکینوں کو دو وقتہ کھانا کھلانا ہے، اب مشکل یہ ہے کہ دس مسکین بیک وقت ملتے نہیں، تو کیا ایسا کرسکتے ہیں کہ دو چار دن کے وقفے سے چند مسکین کو آج کھلادیا اور چند کو کچھ دن بعد؟ اس طرح دس مسکینوں کا دو وقتہ میزان وقفوں کے ساتھ پورا کردیں تو یہ جائز ہوگا کہ نہیں؟
ج… اس طرح بھی دُرست ہے، مگر یہ ضروری ہے کہ ایک ہی مسکین کو دو وقتہ کھلائیں، مثلاً: اگر دس محتاجوں کو ایک وقت کا کھلایا، اور دُوسرے دس محتاجوں کو دُوسرے وقت کا کھلایا تو کفارہ ادا نہیں ہوگا۔ (الجوہرة النیرة ج:۲ ص:۲۵۲)
قسم کے کفارہ کا کھانا بیس تیس مسکینوں کو اکٹھے کھلادینا
س… آپ نے قسم توڑنے کا کفارہ بتایا ہے کہ دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلایا جائے۔ کیا یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک دیگ پکاکر ایک ہی وقت میں بیس تیس مسکینوں کو کھانا کھلادیا جائے؟
ج… جی نہیں! اس سے کفارہ ادا نہیں ہوگا، کیونکہ دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا شرط ہے، اگر بیس آدمیوں کو ایک ہی وقت کھلادیا یا دس محتاجوں کو ایک وقت اور دُوسرے دس کو دُوسرے وقت کھلایا تو کفارہ ادا نہیں ہوا، بلکہ جن دس محتاجوں کو ایک وقت کھلایا انہی کو دُوسرے وقت کھلانا لازم ہے۔ ہاں! یہ جائز ہے کہ دس محتاجوں کو دو دن صبح کا یا دو دن شام کا کھانا کھلادے۔
نابالغ پر قسم توڑنے کا کفارہ نہیں
س… تقریباً دس بارہ سال کی عمر میں، میں نے قسم توڑی تھی، آیا اس کا کفارہ مجھ پر لازم آتا ہے؟
ج… نابالغ پر قسم توڑنے کا کفارہ نہیں، پس اگر تو آپ قسم کھاتے وقت نابالغ تھے تو آپ کے ذمہ کفارہ نہیں، اور اگر بالغ تھے (کیونکہ بارہ سال کا لڑکا بالغ ہوسکتا ہے) تو کفارہ ادا کیجئے۔
مختلف قسمیں جن سے کفارہ واجب ہوا
قسم خواہ کسی کے مجبور کرنے پر کھائی ہو کفارہ ادا کرنا ہوگا
س… اگر کوئی شخص قصداً یا مجبوراً قرآن شریف اُٹھاکر قسم کھالے کہ میں ایسی غلطی نہیں کروں گا، اور یہ قسم وہ لوگوں کے مجبور کرنے پر کھاتا ہے تو کیا اس قسم کو توڑنے کے لئے کفارہ ادا کرنا پڑے گا یا کوئی اور طریقہ ہے؟
ج… قسم خواہ اَزخود کھائی ہو یا کسی کے مجبور کرنے سے، اس کے توڑنے پر کفارہ لازم ہے، اور وہ ہے دس محتاجوں کو دو وقتہ کھانا کھلانا، اگر اتنی ہمت نہ ہو تو تین دن لگاتار روزے رکھے۔
قسم کا کفارہ قسم توڑنے کے بعد ہوتا ہے
س… میں نے قسم کھائی ڈیڑھ سال تک سگریٹ نہیں پیئوں گا، لیکن کچھ عرصہ بعد میں نے ریڈیو پروگرام میں پوچھا کہ میری یہ قسم کس طرح ختم ہوسکتی ہے؟ تو انہوں نے بتایا کہ آپ ۶۰ غریبوں کی دعوت کریں یا ۳ روزے رکھیں۔ تو میں نے ۳روزے رکھے اور اس کے بعد سگریٹ پینا شروع کردی، تو کیا یہ میری قسم ٹوٹ گئی یا مجھے پھر ۶۰غریبوں کی دعوت کرنی ہوگی؟
ج… قسم کا کفارہ قسم توڑنے کے بعد لازم آتا ہے، آپ نے جب قسم توڑ دی تب کفارہ لازم آیا، قسم کا کفارہ دس محتاجوں کو کھانا کھلانا اور اگر اس کی طاقت نہ ہو تو تین روزے رکھنا۔
ایک مہینے کی قسم کھائی اور مہینہ گزرنے کے بعد وہ کام کرلیا
س… ایک شخص نے قسم کھائی کہ ایک مہینے تک فلاں چیز نہیں کھاوٴں گا، کیا ایک مہینے کے بعد اگر کھالے تو قسم کا کفارہ دینا پڑے گا یا نہیں؟ اور اگر وہ چیز کئی دفعہ کھائی تو ایک مرتبہ کفارہ دینا پڑے گا یا جتنی مرتبہ کھائی اتنے کفارے دینے پڑیں گے؟
ج… اگر مہینے کے اندر اندر وہ چیز کھائی تب تو کفارہ ادا کرنا پڑے گا، اور اگر مہینہ گزرگیا اور وہ چیز نہیں کھائی تو قسم پوری ہوگئی۔ بعد میں اگر کھائے تو کفارہ لازم نہیں۔ اسی طرح جب ایک بار قسم ٹوٹ گئی تو کفارہ واجب ہوگیا، اس کے بعد اس قسم کی پابندی لازم نہیں، اس لئے کئی بار کھانے سے ایک ہی کفارہ لازم ہوگا۔
جھوٹی قسم کے لئے قرآن ہاتھ میں لینا
س… اگر کوئی شخص جھوٹی قسم کھالے اس طرح کہ ہاتھ میں قرآن بھی لے لے، تو اس کا کفارہ کیا ہوگا؟
ج… صرف قرآن ہاتھ میں لینے سے تو قسم نہیں ہوتی، اگر اس کے ساتھ زبان سے بھی قسم کھائی ہو تو اس قسم کو توڑنے کا کفارہ یہ ہے کہ دس محتاجوں کو دو دفعہ کھانا کھلائے، یا تین دن کے لگاتار روزے رکھے۔
قرآن پاک پر ہاتھ رکھے بغیر زبانی قسم بھی ہوجاتی ہے
س… میرے ایک دوست نے قرآن پاک کی قسم کھائی تھی کہ اگر پاکستان کی کرکٹ ٹیم سیریز ہارگئی تو میں ٹی وی پر کرکٹ دیکھنا چھوڑ دُوں گا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سیریز ہارگئی، مگر میرا دوست ٹی وی دیکھتا ہے۔ جب میں نے اپنے دوست کو کہا کہ آپ پہلے کفارہ ادا کریں پھر ٹی وی دیکھیں، مگر میرے دوست نے کہا کہ میں نے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر قسم نہیں کھائی اور زبانی قسم نہیں ہوتی۔
ج… اس کی قسم ٹوٹ گئی، اس پر قسم کا کفارہ لازم ہے۔
قرآن پر ہاتھ رکھ کر خدا سے کیا ہوا وعدہ توڑ دینا
س… اگر ایک مسلمان آدمی قرآن پاک کو ہاتھ لگاکر اللہ تعالیٰ سے وعدہ کرتا ہے کہ آج کے بعد میں یہ گناہ نہیں کروں گا، لیکن وہ شخص وہی گناہ دوبارہ کرلیتا ہے اور اس طرح وہ قسم یا اللہ تعالیٰ سے وعدہ توڑ دیتا ہے تو اس کا کفارہ کیا ہوگا، کیا ایسے شخص کی نجات ممکن ہے یا نہیں؟
ج… اس شخص کو توبہ کرنی چاہئے، اور خوب گڑگڑاکر اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہئے، اور قسم جو اس نے توڑ دی ہے اس کا کفارہ لازم ہے کہ دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلائے یا ہر محتاج کو سات آٹھ روپے نقد دیدے۔ سچے دِل سے توبہ کرلے تو اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہیں، نجات کی اُمید ضرور رکھنی چاہئے۔
خدا تعالیٰ سے عہد کرکے توڑ دینا بڑی سنگین غلطی ہے
س… آج سے چار سال قبل میں نے کسی بات پر ”قرآن مجید“ اُٹھالیا تھا، یعنی یہ کہ ”قرآن حکیم“ پر ہاتھ رکھ کر عہد کرلیا تھا کہ فلاں بات اب نہیں کروں گا۔ لیکن پھر غفلت میں وہ بات کر بیٹھا اور مسلسل چار سال تک کرتا رہا۔ یہ سچ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آواز ہے، اب مجھے اس گناہِ عظیم کی سزا ملنا شروع ہوگئی ہے تو خیال آیا۔ بہرحال میں اللہ رَبّ العزّت کی رحمت سے مایوس نہیں ہوں وہ بڑا بخشنے والا رحیم اور کریم ہے، اب میں سخت نادم ہوں اور ہر وقت اللہ تعالیٰ سے توبہ کرتا رہتا ہوں۔ آپ صرف اتنا بتادیں کہ اس قسم کا کفارہ کس طرح ادا کیا جائے؟ میں ان دنوں سخت پریشان ہوں، آپ جلد از جلد اخبار کے ذریعہ جواب سے نوازیں اور مجھ گناہ گار کے لئے دُعا کریں کہ اللہ تعالیٰ میرے اس گناہِ عظیم کو معاف کرے اور مجھ پر رحم کرے۔
ج… خدا تعالیٰ سے عہد کرکے توڑ دینا بڑی سنگین بات ہے، شکر کیجئے کہ آپ کو اس کی سزا نقد مل گئی اور آپ کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا، خدا تعالیٰ سے معافی مانگئے اور قسم توڑنے کا کفارہ ادا کیجئے، اور قسم کا کفارہ ہے دس محتاجوں کو دو وقت کھانا کھلانا، اور اگر اس کی گنجائش نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھنا۔
گناہ نہ کرنے کی قسم کا توڑنا
س… میں نے قرآن مجید کی قسم کھائی تھی کہ میں کوئی گندا کام زندگی بھر نہیں کروں گا، مگر میں یہ قسم توڑنا چاہتا ہوں، مجھ پر سخت گناہ تو نہ ہوگا؟ اور اس کا کفارہ کیا ادا کرنا پڑے گا؟
ج… اگر آپ نے بُرا کام نہ کرنے کی قسم کھائی تھی تو قسم توڑنا بہت بُری بات ہے، اور اگر توڑ دیں گے تو کفارہ لازم ہوگا، یعنی تین دن کے روزے رکھنا یا دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا۔
کسی کام کو باوجود نہ کرنے کی قسم کھانے کے عمداً یا سہواً کرلینا
س… اگر کسی نے قسم کھائی ہو کہ فلاں کام نہیں کروں گا مگر عمداً یا سہواً وہ کام کرجائے جس کا نہ کرنے کا عہد کیا ہو یا قسم کھائی ہو، ایسی صورت میں اس کو کیا کرنا چاہئے؟ اگر کفارہ ہو تو کیا کرنا چاہئے؟
ج… اس پر قسم توڑنے کا کفارہ لازم ہے، دس محتاجوں کو دو وقتہ کھانا کھلادے (یا اس کے بجائے ہر محتاج کو صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ یا اس کی قیمت دیدے)، اگر اس کی ہمت نہ ہو تو تین دن کے پے در پے روزے رکھے۔
کسی کام کے نہ کرنے کا اللہ تعالیٰ سے کیا ہوا عہد توڑنا
س… اللہ تعالیٰ سے کیا ہوا عہد توڑنے کا کفارہ دینا ہوتا ہے یا صرف توبہ کرنے سے عہد توڑنے کا گناہ معاف ہوجاتا ہے؟ کیا ہم کفارے میں کھانا کھلانے کے مساوی رقم کسی مسکین کو دیں تو کفارہ ادا ہوجائے گا؟
ج… اللہ تعالیٰ سے عہد کرنا قسم اور نذر کے معنی میں ہوتا ہے، اگر کسی کام کے نہ کرنے کا عہد کیا جائے اور پھر اس عہد کو توڑ دیا جائے تو قسم توڑنے کا کفارہ لازم آتا ہے۔ دس مسکینوں کو دو دفعہ کھانا کھلانے کے بجائے ہر محتاج کو صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ (یعنی پونے دو کلو گندم یا اس کی قیمت) دینا بھی صحیح ہے۔ لیکن ایک مسکین کو پورے کفارے کی رقم یک مشت دینا کافی نہیں، بلکہ دس مسکینوں کو دینا ضروری ہے۔ اگر دس دن تک ایک مسکین کو ایک ایک دن کی رقم یا غلہ دیتا رہے تو یہ جائز ہے۔
تین قسمیں توڑنے کا کفارہ کیا ہوگا؟
س… میں نے تین مختلف مواقع پر قسمیں اُٹھائیں تھیں کہ یہ کام نہیں کروں گا، تیسری قسم تو ایک غلط کام سے توبہ کرنے کی اُٹھائی تھی کہ نہیں کروں گا، لیکن پھر سرزد ہوگیا۔ یہ مستقل مزاجی کی کمی کہئے، بہرحال اب بتائیے کہ:
ا:… میں ان قسموں کا کفارہ کتنا ادا کروں؟
۲:… اگر قسم توڑنے کا کفارہ ساٹھ آدمیوں کو ایک وقت کا کھانا کھلانا ہے تو کیا میں کھانا کھلانے کے بجائے روپے دے دُوں؟
۳:… اگر روپے دُوں تو تین قسموں کے کتنے بنیں گے؟ اور یہ کہ کسی ایک نادار کو دے دُوں یا مختلف ناداروں کو دینا ضروری ہے؟
ج… آپ نے تین بار قسم کھاکر توڑ دی، اس لئے تین قسموں کا کفارہ آپ کے ذمہ ہے۔ ہر قسم کا کفارہ دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے، پس آپ کے ذمہ تیس محتاجوں کا کھانا ہوا۔ اگر آپ چاہیں تو ہر فقیر کو صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ یعنی پونے دو سیر گیہوں یا اس کی قیمت بھی دے سکتے ہیں، اور اگر آپ کو کوئی مستحق نہ ملے تو کسی دینی مدرسے میں اتنی رقم جمع کرادیجئے۔
بیٹے کو گھر سے نکالنے کی قسم توڑنا شرعاً واجب ہے
س… زاہد کو اس کا والد گھر سے نکل جانے کا حکم دیتا ہے، مگر زاہد کہتا ہے کہ میں اپنی ماں اور بہن بھائیوں کو نہیں چھوڑ سکتا۔ زاہد کے والد کو یہ بات ناگوار گزرتی ہے اور وہ صرف قرآن مجید اُٹھاکر کہتے ہیں کہ اگر میرا بیٹا میرے گھر کے کسی فرد سے کوئی تعلق رکھے گا تو میں گھر کو چھوڑ جاوٴں گا۔ اب مجبوراً زاہد کو گھر چھوڑنا پڑا، اب جس سلسلے میں زاہد کو گھر سے نکالا گیا اس میں سراسر قصور زاہد کے والد ہی کا تھا، وہ کچھ جذباتی اور جلد غصّے میں آنے والے شخص ہیں۔ برادری کے باقی لوگ بھی یہی کہتے ہیں کہ قصور زاہد کے والد کا ہی ہے، جبکہ زاہد معصوم ہے اور زاہد کے والد وہمی ہیں۔ اب زاہد چاہتا ہے کہ وہ اپنی والدہ سے مل لیا کرے، مگر اس طرح اس کے والد کی قسم جھوٹی ہوتی ہے۔ آپ قرآن و سنت کی روشنی میں بتائیں کہ اس کا کیا حل ہوسکتا ہے؟ آیا زاہد اپنے گھر پھر واپس جاسکے گا یا کم از کم اپنی والدہ سے ملاقات کرلے گا؟
ج… زاہد کے والد کی قسم غلط ہے، اور ایسی قسم کا توڑ دینا اَز رُوئے حدیث واجب ہے، اس لئے زاہد کو چاہئے کہ وہ اپنی ماں اور بہن بھائیوں سے ملے اور زاہد کا باپ اپنی قسم کا کفارہ ادا کرے۔
بھائی سے بات نہ کرنے کی قسم کھائی تو اَب کیا کرے؟
س… میں نے اپنے بھائی سے لڑتے ہوئے قسم کھائی، جس کے الفاظ یہ ہیں، میں نے اپنے بھائی سے کہا: ”اگر میں تم سے آج کے بعد بات کروں تو مجھ پر میری بیوی طلاق ہوگی۔“ یہ میرے منہ کے الفاظ ہیں، جس پر میں آج شرمندہ ہوں اور میں اپنے بھائی سے بات کرنا چاہتا ہوں۔
ج… بھائی سے بات کرنے پر بیوی کو ایک رجعی طلاق ہوجائے گی، جس کا مطلب یہ ہے کہ عدّت پوری ہونے تک وہ اس کی بیوی ہے، عدّت کے اندر جب جی چاہے اس سے میاں بیوی کا تعلق قائم کرسکتا ہے، یا زبان سے کہہ دے کہ میں اپنی بیوی کو واپس لیتا ہوں، اس کو ”رُجوع“ کرنا کہتے ہیں۔ اگر اس نے عدّت ختم ہونے تک رُجوع نہ کیا تو اَب نکاح ختم ہوگیا، اب اگر دونوں پھر مل بیٹھنا چاہیں تو دوبارہ باقاعدہ نکاح کرنا ہوگا، مگر حلالہ کی ضرورت نہ ہوگی۔
شادی نہ کرنے کی قسم کھائی تو شادی کرکے کفارہ ادا کرے
س… مسئلہ یہ ہے کہ زید نے قرآن شریف پر غصّے کی حالت میں ہاتھ رکھ کر بلکہ قرآن شریف اُٹھاکر قسم کھائی کہ میں اس لڑکی سے شادی نہیں کروں گا، مگر بعد میں اس غلطی پر پشیمانی ہوئی، کیا اس کا کفارہ ہے؟
ج… نکاح کرلے اور قسم کا کفارہ ادا کردے، یعنی دس مسکینوں کو دو وقت کھانا کھلائے، اس کی طاقت نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھے۔
قرآن پر ہاتھ رکھ کر کھائی ہوئی محبت کرنے کی قسم کا کفارہ
س… ایک لڑکی نے مجھ سے محبت کی تھی، میں بھی اسے بے انتہا چاہتا تھا، لیکن وہ یہ نہیں سمجھتی تھی کہ میں اس کو چاہتا ہوں، لہٰذا ایک مرتبہ وہ مجھ سے کہنے لگی کہ تم قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھاوٴ کہ تم مجھ سے ہمیشہ محبت کرتے رہوگے۔ بہرحال میں نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائی اور پھر اس نے بھی مجھے اپنی محبت کا یقین دِلانے کے لئے قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائی کہ میں مرتے دَم تک تم سے محبت کرتی رہوں گی۔ لیکن کچھ عرصے کے بعد اس لڑکی کی شادی کسی اور جگہ ہوگئی اور پھر لڑکی نے شادی کے بعد مجھ سے نفرت کا اظہار کیا، جس سے میرا دِل بھی اس کی طرف سے ہٹ گیا۔ لہٰذا اب آپ یہ تحریر کردیں کہ میں قسم کے کفارہ کو کس طرح ادا کروں؟ جبکہ میں پانچ وقت کی نماز کا پابند بھی ہوں اور خدا سے معافی کا طلب گار بھی ہوں۔
ج… یہ تو اچھا ہوا کہ ”ناجائز محبت“ نفرت سے بدل گئی، دونوں اپنی قسم کا کفارہ ادا کریں، یعنی دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلائیں، یا صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ (یعنی پونے دو کلو گیہوں) یا نقد قیمت ہر مسکین کو دے دیں، اگر اتنی گنجائش نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھیں، اور خدا تعالیٰ سے اِستغفار بھی کریں۔
ماموں زاد بھائی سے بہن رہنے کی قسم کھائی تو اَب اس سے شادی کیسے کریں؟
س… میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے نہایت مجبوری کے تحت اپنے ماموں زاد بھائی کے سامنے یہ قسم کھائی تھی کہ: ”میں خدا کی قسم کھاکر کہتی ہوں کہ میں تمہاری بہن ہوں اور بہن بن کر رہوں گی اور بہن کے تمام حقوق پورے کروں گی۔“ یہ بات کئی سال پہلے کی ہے، اب میں ڈاکٹر بن چکی ہوں اور وہ بھی ڈاکٹر ہے۔ میرے ماں باپ میری شادی اس سے کرنا چاہتے ہیں، میں سخت پریشان ہوں، کیونکہ میں قسم توڑنا چاہتی ہوں۔ آپ یہ بتائیں کہ قسم توڑنے کی صورت میں مجھے کیا کفارہ ادا کرنا پڑے گا؟ اور آپ یہ بھی بتادیں کہ قسم توڑنے کی صورت میں مجھے کیا بہت سخت گناہ ہوگا؟ مجھ پر قیامت کے دن عذاب ہوگا؟
ج… آپ پر قسم توڑنے کا کوئی گناہ نہیں، آپ ماموں زاد سے شادی کرکے قسم توڑدیں، اس کے بعد کفارہ ادا کردیں۔
غلط قسم توڑ دیں اور کفارہ ادا کریں
س… ہماری بینک کی یونین کے صدر نے ہمیں ایک میٹنگ میں بلایا اور ادھر ہماری یونین کے ہی کچھ لوگوں پر تنقید کرنے لگا کہ وہ یہ یہ کرتے ہیں، پھر اچانک ہی وہ اُٹھے اور قرآن شریف لے کر آئے اور ہم سب سے حلف اُٹھوایا کہ ہم سب اس کو ہی ووٹ دیں گے، اب جبکہ ہمیں پتہ لگ گیا ہے کہ ہماری یونین کا صدر جھوٹا ہے اور انتظامیہ سے ملا ہوا ہے، اور دُوسرا گروپ صحیح ہے، اور جلد ہی الیکشن بھی ہونے والے ہیں، اب میں اور میرے کچھ ساتھی پریشان ہیں، کیونکہ ہم سے اس نے دغا سے قرآن پر حلف لیا ہے، اب اگر ہم اس کو ووٹ دیتے ہیں تو ہمارا ضمیر مطمئن نہیں ہوتا، دُوسری طرف قرآن شریف کا مسئلہ ہے۔ برائے مہربانی ہمیں اس کا شرعی حل بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ حلف توڑنے کی صورت میں کیا کفارہ ادا کرنا ہوگا؟
ج… ایک حدیث شریف کا مفہوم یہ ہے کہ: ”جب تم کسی بات کی قسم کھالو، پھر دیکھو کہ دُوسری صورت بہتر ہے (یعنی اس کام کا نہ کرنا بہتر ہے) تو جو کام بہتر ہو کرلو اور اپنی قسم (کے توڑنے) کا کفارہ ادا کردو۔“ (مشکوٰة ص:۲۹۶)
یہ حدیث شریف آپ کے سوال کا جواب ہے، آپ لوگ اپنی قسم توڑدیں اور قسم کے کفارے ادا کریں۔ قسم کا کفارہ ہے دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا، یا ان کو لباس دینا اور اگر اس کی استطاعت نہ ہو تو تین روزے رکھ لئے جائیں۔
صحیح قسم پر قائم رہنا چاہئے
س… ہم ۲۰ ساتھی ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں، ہم سب نے قرآنِ کریم پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائی تھی کہ ہم اپنی فیکٹری کے حکام سے اپنے حق کے لئے لڑیں گے اور کوئی بھی ساتھی پیچھے نہیں ہٹے گا، میں اپنے ساتھیوں کا کسی وجہ سے ساتھ نہ دے سکا، اب میں ہر وقت ذہنی طور پر پریشان رہتا ہوں۔
ج… فیکٹری والوں سے صحیح بات کا مطالبہ جائز ہے، اور غلط بات کا مطالبہ دُرست نہیں۔ اگر کسی صحیح بات کے کرنے کی آدمی قسم کھالے تو اس کو کرنا چاہئے، اگر نہ کرے تو قسم توڑنے کا کفارہ واجب ہے، یعنی دس محتاجوں کو دو وقت کا کھانا کھلانا، اور اگر اس کی استطاعت نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھنا۔ اور اگر کسی غلط بات پر قسم کھائی ہو تو قسم کو توڑ کر کفارہ ادا کرنا واجب ہے۔
کمپنی میں ٹھیکے پر کام نہ کرنے کی قسم توڑنے کا کیا کفارہ ہے؟
س… میں جس کمپنی میں کام کرتا ہوں اس کمپنی والوں نے ہم سے ٹھیکے پر کام کروانا چاہا، ہم سب ورکروں نے قرآنِ کریم پر ہاتھ رکھ کر یہ عہد کیا تھا کہ ہم میں سے کوئی بھی ٹھیکے پر کام نہیں کرے گا۔ مگر بعد میں ہم سب کو ٹھیکے (کنٹریکٹ) پر کام کرنا پڑا۔ ہم نے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی اور یہ وعدہ کیا کہ ہم پاکستان جاکر اس کا کفارہ ادا کریں گے۔ لہٰذا آپ سے درخواست ہے کہ آپ یہ بتائیں کہ میں اس کفارہ کو کس طرح ادا کروں؟ میں چاہتا ہوں کہ اس کفارہ کے پیسے کسی مستحق کو دُوں، مگر مجھے یہ نہیں معلوم کہ میں کفارہ کے کتنے روپے ادا کروں؟
ج… جتنے لوگوں نے عہد کرکے توڑا، ان سب کے ذمہ لازم ہے کہ دس دس مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلائیں، یا ہر مسکین کو صدقہٴ فطر کی مقدار غلہ یا اس کی قیمت ادا کریں۔ ۱۹۹۱ء میں اس کی قیمت کے تقریباً آٹھ روپے فی مسکین بنتے ہیں، اگر ایک محتاج کو دس دن کھانا کھلادیں یا ہر دن صدقہٴ فطر کی رقم اس کو دے دیں تو کفارہ ادا ہوجائے گا، لیکن اگر اس کو دس دن کے کھانے کی رقم یک مشت دے دی تو صرف ایک دن کا کھانا شمار ہوگا، نو دن کا ذمہ رہے گا۔
”تمہاری چیز کھاوٴں تو خنزیر کا گوشت کھاوٴں“ کہنے سے قسم
س… میں ایک کارپوریشن میں کام کرتا ہوں، جہاں میں کام کرتا ہوں وہاں ایک سیکشن میں دو کمرے ہیں، ہم لوگ دو کمروں میں بیٹھے ہوئے کام کرتے ہیں، ہم لوگوں میں کسی کے ہاں کوئی خوشی ہو تو مٹھائیاں وغیرہ تقسیم کرتے ہیں۔ ایک دفعہ ایسا ہوا کہ دُوسرے کمرے والوں نے روپے جمع کرکے مٹھائی تقسیم کی، انہوں نے اپنے لئے چم چم مٹھائی منگوائی اور ہمارے لئے گلاب جامن کے ڈبے بھیجے۔ جب ہمیں پتہ چلا کہ انہوں نے ایسا کیا ہے تو میں نے اس سے جو کہ بڑا بنا ہوا تھا کہا: مسلمان تو وہ ہوتا ہے جو چیز اپنے لئے پسند کرے، دُوسرے مسلمان بھائی کے لئے بھی وہی چیز ہونی چاہئے۔ اس میں بات بڑھ گئی تو میں نے غصّے میں اس کی قسم کھالی کہ تمہارے کمرے کے کسی بھی آدمی کی تقسیم کردہ کوئی چیز کھاوٴں تو خنزیر کا گوشت کھاوٴں۔ اس بات کو تقریباً تین سال گزرچکے ہیں، اس دن سے وہ لوگ کوئی چیز ہمیں کھانے کے لئے دیتے ہیں تو میں نہیں کھاتا۔ اس بات پر وہ لوگ سب ناراض ہوتے ہیں اور مجھے بھی افسوس ہوتا ہے کہ اس وقت یہ قسم نہ کھاتا۔ برائے مہربانی اس قسم کا شرعی طور پر حل بتائیں، اس کا توڑ ہے کہ نہیں؟ اگر ہے تو پھر کس طرح سے ٹوٹ سکتی ہے؟ کفارہ کیا ہے؟
ج… آپ نے بڑی غلط قسم کھائی، اس قسم کو توڑ دیجئے، اور قسم توڑنے کا کفارہ ادا کردیجئے، قسم کا کفارہ ہے دس محتاجوں کو دو وقت کھانا کھلانا اور اگر اس کی طاقت نہ ہو تو تین دن کے روزے رکھنا۔
درزی سے کپڑے نہ سلوانے کی قسم کا کیا کروں؟
س… ایک دن میں نے ایک جوڑا کپڑا اور ایک واسکٹ درزی کو سلائی کے لئے دیا، وہ ہمارا رشتہ دار ہے، اس نے کپڑے اور واسکٹ دونوں اتنے خراب سی کردئیے کہ میں نے سخت غصّے میں قسم کھائی کہ اس درزی سے عمر بھر میں کوئی چیز نہیں سلواوٴں گا۔ وہ درزی ہماری دُکان میں ہے، اس لئے اس سے سلوانے پر مجبور ہوں۔
ج… درزی سے کپڑے سلوالیجئے، اس طرح قسم ٹوٹ جائے گی، پھر کفارہ ادا کردیجئے۔