کن الفاظ سے قسم نہیں ہوتی؟

غیراللہ کی قسم کھانا سخت گناہ ہے

س… میں نے دیکھا ہے کہ لوگ خدا کے سوا اور بہت سی قسمیں بھی اُٹھالیتے ہیں، مثلاً: تم کو میرے سر کی قسم، تم کو میری قسم، یا تم کو اپنی سب سے زیادہ عزیز چیز کی قسم وغیرہ، کیا اس قسم کی قسم جائز ہے؟

ج… خدا تعالیٰ کے سوا کسی اور کی قسم کھانا سخت گناہ ہے، مثلاً یوں کہا کہ: باپ کی قسم، رسول کی قسم، کعبہ کی قسم، اولاد کی قسم، بھائی کی قسم، یا اگر کسی اور کی قسم کھائی تو شرعاً یہ قسم نہیں ہوتی۔ البتہ قرآنِ کریم کلامِ الٰہی ہے، اس لئے قرآن کی قسم کھانے سے قسم ہوجاتی ہے، اور اس کے توڑنے پر کفارہ لازم ہے۔

دِل ہی دِل میں قسم کھانے سے قسم نہیں ہوتی

س… میں نے دِل میں قسم کھائی تھی اور دِل میں وعدہ کیا تھا کہ ایسا نہیں کروں گا، مگر کرلیا تو اب اس پر کفارہ کیا ہے؟

ج… دِل میں عہد کرنے سے نہ قسم ہوئی، نہ کوئی کفارہ لازم آتا ہے، نہ آپ نے کسی گناہ کا ارتکاب کیا ہے، جب تک کہ قسم کے الفاظ زبان سے ادا نہ کرے۔ اس لئے اس معاملے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، صرف یہ ہوا کہ آپ نے دِل میں ایک ارادہ کیا تھا جو پورا نہیں ہوسکا۔

”تمہیں خدا کی قسم“ کہنے سے قسم لازم نہیں ہوتی

س… ایک شخص نے مجھ سے اپنا کام کرانے کے لئے بہت زور ڈالا، اور اللہ کی قسم دی کہ تمہیں یہ کام ضرور کرنا ہے، لیکن میں نے اس شخص کا کام نہیں کیا۔ اب میں پریشان ہوں کہ میں نے باوجود اس کے قسم دِلانے کے اس کا کام نہیں کیا۔ کیا مجھے اس شخص نے جو اللہ کی قسم دِلائی تھی اس کا کفارہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ میں نے اپنے زبان سے اللہ کی قسم نہیں کھائی؟

ج… صرف دُوسرے کے کہنے سے کہ: ”تمہیں اللہ کی قسم ہے“ قسم لازم نہیں ہوتی، جب تک اس کے کہنے پر خود قسم نہ کھائے، پس اگر آپ نے خود قسم نہیں کھائی تھی تو آپ کے ذمہ کفارہ نہیں، اور اگر آپ نے قسم کھائی تھی تو کفارہ لازم ہے۔

کسی دُوسرے کا خدا کا واسطہ دینے سے قسم نہیں ہوتی

س… میں سگریٹ نوشی کرتا ہوں، ہوا یوں کہ میری بیوی نے پابندی عائد کردی، ایک روز خدا کی قسم کا واسطہ دے کر ایک سگریٹ دیا، میں نے دوبارہ مانگا تو انکار کردیا کہ خدا سے بھی نہیں ڈرتے؟ میں نے کہا: وہ تو میں نے یوں ہی کہہ دیا تھا۔ اب میں نے سگریٹ نوشی شروع کردی ہے، اس لئے کہ اگر نہ پیئوں تو دُوسری بیماریاں عود کر آنے کا خدشہ ہے۔ مہربانی فرماکر آپ فتویٰ دیجئے کہ اس قسم کی لغو قسم کا کفارہ ہوتا ہے یا نہیں؟

ج… کسی کے یہ کہنے سے کہ ”تم کو خدا کی قسم“ اس پر قسم لازم نہیں ہوتی، جب تک خود قسم نہ کھائے، پس اگر آپ کی بیوی کے قسم دِلانے پر آپ نے قسم نہیں کھائی تھی تو آپ پر کوئی کفارہ نہیں۔ اور اگر آپ نے قسم کھائی تھی اور وہ توڑ ڈالی تو قسم توڑنے کا کفارہ ادا کردیجئے۔ یعنی دس مسکینوں کو دو وقت کھانا کھلانا، اور جس کو اتنی مقدور نہ ہو وہ تین دن کے روزے رکھے۔

بچوں کی قسم کھانا گناہ ہے، اس سے توبہ کرنی چاہئے

س… میری بیوی اور سالی میں ایک بہت ہی معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا، اس دوران غصّے کی حالت میں میری بیوی نے میرے بچوں کی قسم کھائی کہ آئندہ میں اپنے میکے نہیں آوٴں گی (جبکہ میرے دو ہی بچے ہیں)، اب وہ اپنی قسم پر پشیمان ہے اور میکے جانا چاہتی ہے۔ آپ بتائیں اس قسم کا کتاب و سنت کی رُو سے کیا کفارہ ہوگا؟ اور وہ کس طرح ادا کیا جائے تاکہ یہ قسم ختم ہوجائے اور وہ دوبارہ اپنے میکے جانا شروع ہوجائے؟

ج… بچوں کی قسم کھانا گناہ ہے، اس سے توبہ کرنی چاہئے، اور یہ قسم لازم نہیں ہوتی، نہ اس کے کفارے کی ضرورت ہے، اس لئے میکے جاسکتی ہے۔

بچوں کی جان کی قسم کھانا جائز نہیں

س… میرے بھائی نے انتہائی غصّے کی کیفیت میں اپنے پانچ بچوں کی قسم کھائی تھی، لیکن اب وہ قسم توڑ دی ہے۔ برائے مہربانی یہ فرمائیے کہ ان کو کیا کرنا چاہئے؟ نیز جو کچھ بھی کرنا ہے وہ خود ہی کریں یا ان کی جانب سے کوئی دُوسرا فرد بھی کرسکتا ہے؟

ج… قسم صرف اللہ تعالیٰ کی کھائی جاتی ہے، بچوں کی جان کی قسم کھانا جائز نہیں، نہ اس سے قسم ہوتی ہے، مگر غیراللہ کی قسم کھانے پر اس کو توبہ و اِستغفار کرنا چاہئے۔

بیٹے کی قسم کھانا جائز نہیں

س… الف نے اپنی ماں کے جبراً کہنے پر اپنے بیٹے ب کی قسم کھائی کہ وہ (الف) اپنے چچا سے کبھی نہیں ملے گا۔ حالانکہ الف کا اپنے چچا اور ان کے اہل و عیال سے کوئی تنازع نہیں بلکہ محبت ہے۔ کیا الف کی اپنے چچا سے میل جول کرنے پر قسم ٹوٹ گئی؟ اگر ایسا ہے تو اس کا کیا کفارہ ہوگا؟ مزید برآں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ب (الف کے بیٹے) کی صحت، زندگی اور عافیت پر کوئی زک آنے کا اندیشہ تو نہیں؟ کیونکہ الف نے بیٹے کی قسم کھائی اور پھر توڑ دی ہے جس کی وجہ سے اللہ کے غیظ و غضب سے خوفزدہ ہے۔

ج… بیٹے کی قسم کھانا ہی جائز نہیں، بلکہ حرام ہے۔ اور چچا سے قطع تعلق بھی حرام ہے۔ الف والدہ کے کہنے سے دو ناجائز باتوں کا مرتکب ہوا، اسے چاہئے کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے اور چچا کے ساتھ قطع تعلق ختم کردے۔ الف کے بیٹے پر اِن شاء اللہ کوئی زد نہیں آئے گی۔

”تمہیں میری قسم“ یا ”دُودھ نہیں بخشوں گی“ کہنے سے قسم نہیں ہوتی

س… محترم! میں آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر ماں اپنے بیٹے کو یہ کہے کہ: ”تمہیں میری قسم ہے، اگر تم فلاں کام کرو“ یا یہ کہے کہ: ”اگر تم نے یہ کام کیا تو میں تمہیں اپنا دُودھ نہیں بخشوں گی“ اور بیٹا اس قسم کو توڑ دیتا ہے تو اسے کیا کرنا چاہئے؟

ج… ”تمہیں میری قسم“ کہنے سے قسم نہیں ہوتی، اسی طرح ”دُودھ نہیں بخشوں گی“ کے لفظ سے بھی قسم نہیں ہوتی، اس لئے اگر اس شخص نے اپنی والدہ کے حکم کے خلاف کیا تو قسم نہیں ٹوٹی، نہ اس پر کوئی کفارہ لازم ہے، البتہ اس کو اپنی والدہ کی نافرمانی کا گناہ ہوگا، بشرطیکہ والدہ نے جائز بات کہی ہو۔

قرآن مجید کی طرف اشارہ کرنے سے قسم نہیں ہوتی

س… میں اپنی بیوی کو کچھ رقم دیتا ہوں، رقم دینے میں کچھ تأخیر ہوگئی، میری بیوی نے غصّے میں آکر کہا: ”آئندہ میں آپ سے پیسے نہیں مانگوں گی، سامنے قرآن پڑا ہے (اشارہ کرکے)“ اور قرآن شریف سامنے موجود تھا۔ آیا یہ قسم ہوگئی؟ اور اگر اس قسم کو میری بیوی توڑ دے تو کیا کفارہ ادا کرنا پڑے گا؟

ج… قرآنِ کریم کی طرف اشارہ کرنے سے قسم نہیں ہوتی۔

”اگر فلاں کام کروں تو اپنی ماں سے زنا کروں“ کے بیہودہ الفاظ سے قسم نہیں ہوتی

س… میں عرصہ دراز سے ایک گناہ میں مبتلا تھا، بلکہ اب بھی شاذ و نادر مرتکب ہوجاتا ہوں۔ اس گناہ سے بچنے کے لئے متعدّد بار توبہ کی، لیکن وقتی طور پر سہی کوئی کارگر ثابت نہ ہوئی۔ آخر ایک دن قسم اُٹھائی کہ: ”اگر میں نے یہ گناہ دوبارہ کیا تو یوں سمجھوں گا کہ میں نے اپنی ماں کے ساتھ زنا کیا ہے۔“ کچھ عرصہ یہ قسم بحال رہی، بدقسمتی سے پھر اس گناہ کا مرتکب ٹھہرا اور اس طرح پھر اپنی پُرانی روش پر اُتر آیا۔ عجیب بات ہے کہ ہر گناہ کرنے کے بعد نادم ہوا اور آئندہ نہ کرنے کا عہد کیا، بلکہ اپنی طرف سے سچی توبہ کی لیکن بارآور ثابت نہ ہوئی۔ لہٰذا ایک تو دُعا فرمائیں اللہ تعالیٰ گناہ کو معاف فرمائے، دُوسرے نہ کرنے کی توفیق بخشے۔ مزید قسم توڑنے کا کیا کفارہ ادا کرنا پڑے گا؟ سنا ہے آسان کفارہ ۶۰ مسکینوں کو کھانا کھلانا ہوتا ہے، وضاحت فرمائیں۔ ظاہر ہے ساٹھ مسکین تو اکٹھے نہیں کئے جاسکتے، اس کی کوئی آسان صورت ہے؟ کیا کسی دینی مدرسہ میں اس کھانے کے عوض رقم ادا کی جاسکتی ہے؟ رقم کتنی ہونی چاہئے؟ یہ رقم وقفے وقفے سے جمع کراسکتا ہوں؟ کیونکہ ملازم پیشہ آدمی ایک ہی وقت میں ادائیگی نہیں کرسکتا۔ بہرحال میری اس اُلجھن کو حل فرمائیں۔

ج… ”اگر فلاں کام کروں تو اپنی ماں سے زنا کروں“ ان بیہودہ الفاظ سے قسم نہیں ہوتی، نہ اس پر کوئی کفارہ لازم ہے، ان گندے الفاظ سے توبہ کرنی چاہئے۔ البتہ اس سے پہلے آپ نے جتنی مرتبہ قسمیں کھاکر توڑیں، ان کا ہر ایک کا الگ الگ کفارہ ادا کیجئے۔

غیرمسلم کے ذمہ قرآن پاک کی قسم پوری نہ کرنے کا کفارہ کچھ نہیں

س… میں ایک غیرمسلم ہونے کے ناتے سے ایک سوال کرنا چاہتا ہوں، اَز راہِ کرم جواب اخبار میں یا براہِ راست مجھے بھیجئے۔

سوال یہ ہے میں نے ایک آدمی سے ۵۰روپے لئے تھے، اس نے مجھے مقرّرہ تاریخ تک لوٹا دینے کو کہا، لیکن میں کسی ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ پیسے نہیں لوٹاسکا، آپ مجھے یہ بتائیں کہ میں ان کو یہ پیسے کسی کفارہ کے ساتھ واپس کردُوں؟ واضح رہے کہ میں نے ان کو مقرّرہ تاریخ تک پیسے لوٹادینے کی قرآن شریف کی قسم کھائی تھی۔ آپ اسلام کی رُو سے اس سوال کا جواب دیں۔

ج… آپ اصل رقم واپس کردیں، تاریخِ مقرّرہ پر ادا نہ کرنے کی وجہ سے آپ کے ذمہ کوئی کفارہ نہیں۔ آپ نے جو قسم کھائی تھی اور وہ قسم آپ پوری نہیں کرسکے، اس کا کفارہ آپ کے مذہب میں کوئی ہے تو ادا کردیجئے۔ دینِ اسلام کی رُو سے آپ کے ذمہ اس کا بھی کوئی کفارہ نہیں۔ اگر کوئی مسلمان قسم توڑتا تو اس کے ذمہ قسم توڑنے کا کفارہ لازم آتا۔