عَنِ المُغِيرَةَ بْنِ شُعْبَةَ عَنْ رَسُوْلِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ خَرَجَ لِحَاجَتِهِ فَاتَّبَعَهُ الْمُغِيرَةُ بِإِدَاوَةٍ فِيهَا مَاءٌ فَصَبَّ عَلَيْهِ حِينَ فَرَغَ مِنْ حَاجَتِهِ فَتَوَضَّأَ وَمَسَحَ عَلَى الْخُفَّيْنِ۔ (صحیح للبخاری ج 1 ص 33 باب المسح علی الخفین)
حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں : ” رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم قضاء حاجت کے لیے باہر تشریف لے گئے تو میں بھی پانی سے بھرا ہوا برتن لے کر آپ کے پیچھے چلا گیا جب آپ اپنی حاجت سے فارغ ہوئے تو میں نے آپ کو پانی پیش کیا آپ نے وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا۔
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ اسواف یعنی حرم مدینہ میں داخل ہوئے تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم قضائے حاجت کے لیے تشریف لے گئے اور واپس آئے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت بلال سے پوچھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کون سا کام کیا؟ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قضائے حاجت کے لیے تشریف لے گئے اس کے بعد وضو کیا اس میں اپنے چہرے اور ہاتھو کو دھویااور اپنے سر پر مسح کیا اور موزوں پر بھی مسح کیا بعد ازاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھی۔ (سنن النسائی ج 1 ص 31 باب مسح علی الخفین)
حضرت ہمام رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ”حضر ت جریر رضی اللہ عنہ نے پیشاب کیا اس کے بعد وضو کیا پھر موزوں پر مسح کیا تو حضرت جریر رضی اللہ عنہ سے اس بارے میں پوچھا گیا کہ آپ( موزوں پر )مسح کرتے ہیں ؟ تو حضرت جریر رضی اللہ عنہ نے( جواب دیتے ہوئے )فرمایا: ہاں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ نے پیشا ب کیا پھر وضو کیا اور اپنے موزوں پر مسح کیا۔ (صحیح مسلم ج 1 ص 132 باب المسح علی الخفین)
موسم سرما کی آمد آمد ہے اس موقع پر بعض لوگ اپنی سستی اور کاہلی کے باعث باریک موزوں کی طرح اونی اور سوتی جرابوں پربھی مسح کر لیتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا وضو ہوگیا حالانکہ اس طرح وضو بالکل نہیں ہوتا۔ ہاں موزوں پر مسح کرنے کے بارے میں صحیح روایات موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ موزوں پر مسح کرنا جائز ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ کا قرآن کریم (سورۃ المائدہ) میں ارشاد ہے:
اے ایمان والو! جب تم نماز کے لئے اٹھو تو اپنے چہرے کو اور کہنیوں تک اپنے ہاتھوں کو دھولو، اپنے سر کا مسح کرلو، اور اپنے پاؤں ٹخنوں تک دھولو۔
اس آیت کے مطابق وضو میں چار چیزیں ضروری ہیں ، جن کے بغیر وضو ہوہی نہیں سکتا۔
(1) پورے چہرہ کا دھونا
(2) دونوں ہاتھوں کوکہنیوں سمیت دھونا۔
(3) سر کا مسح کرنا۔
(4) دونوں پیر ٹخنوں سمیت دھونا۔
اہل سنت والجماعت کے تمام مفسرین ومحدثین وفقہاء وعلماء کرام نے اس آیت ودیگر متواتر احادیث کی روشنی میں تحریر فرمایا ہے کہ وضو میں پیروں کا دھونا شرط (فرض) ہے، سر کے مسح کی طرح پیروں کا مسح کرنا کافی نہیں ہے۔ لیکن متواتر احادیث سے ثابت ہے کہ حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے بعض مرتبہ پیر دھونے کے بجائے چمڑے کے موزوں پر مسح بھی کیا ہے۔
حضرت امام ابوحنیفہ رحمۃ اللّٰہ علیہ فرماتے ہیں کہ قرآن کریم میں وضاحت کے ساتھ پیروں کے دھونے کا ذکر آیا ہے، میں اُس وقت تک موزوں پر مسح کا قائل نہیں ہوا جب تک نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا عمل متواتر احادیث سے میرے پاس نہیں پہنچ گیا (معلوم ہوا امام ابو حنیفہ رحمہ اللّٰہ کے پاس علم قرآن کے بعد علم حدیث بھی تھا تبھی تو چمڑے کے موزوں پر مسح کے قائل ہوئے)۔
غرض یہ کہ قرآن کریم میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ وضو کے صحیح ہونے کے لئے دونوں پیروں کا دھونا شرط ہے لیکن اگر کوئی شخص وضو کرنے کے بعد (چمڑے کے) موزے پہن لے تو مقیم ایک دن اور ایک رات تک اور مسافر تین دن تین رات تک وضو میں پیروں کو دھونے کے بجائے (چمڑے کے) موزوں کے اوپری حصہ پر مسح کرسکتا ہے، جیسا کہ متواتر احادیث سے ثابت ہے۔ اگر کوئی شخص چمڑے کے بجائے سوت یا اون یا نائیلون کے موزے پہنے ہوئے ہے تو جمہور فقہاء وعلماء کے نزدیک ان پر مسح کرنا جائز نہیں ہے۔ بلکہ پیروں کا دھونا ہی ضروری ہے۔
اس مسئلہ کو سمجھنے سے قبل موزوں کے اقسام کوسمجھیں :
اگر موزے صرف چمڑے کے ہوں تو اُنہیں خُفَّین کہا جاتا ہے۔
اگر کپڑے کے موزے کے دونوں طرف یعنی اوپر نیچے چمڑا بھی لگا ہوا ہے تو اسے مُجَلّدین کہتے ہیں ۔
اگر موزے کے صرف نچلے حصہ میں چمڑا لگا ہوا ہے تو اسے مُنَعَّلین کہتے ہیں۔
جَوْرَب: سوت یا اون یا نائیلون کے موزوں کو کہا جاتا ہے، اِن کو جُرَّاب بھی کہتے ہیں ۔
موزے کی ابتدائی تینوں قسموں پر مسح کرنا جائز ہے، لیکن جمہور فقہاء وعلماء نے احادیث نبویہ کی روشنی میں تحریر کیا ہے کہ جراب یعنی سوت یا اون یا نائیلون کے موزوں پر مسح کرنا اسی وقت جائز ہوگا جب ان میں ثخین (یعنی موٹا ہونے) کی شرائط پائی جاتی ہو، یعنی وہ ایسے سخت اورموٹے کپڑوں کے بنے ہوں کہ اگر ان پر پانی ڈالا جائے تو پاؤں تک نہ پہنچے۔ معلوم ہوا کہ سوت یا اون یا نائیلون کے موزوں (جیساکہ موجودہ زمانے میں عموماً پائے جاتے ہیں ) پر مسح کرنا جائز نہیں ہے۔
ہندوپاک کے علماء حتی کہ اہل حدیث علماء نے بھی یہی تحریر فرمایا ہے کہ عام نائیلون کے موزوں پر جیساکہ عموماً موجودہ زمانے میں موزے استعمال کئے جاتے ہیں (ان پر) مسح کرنا جائز نہیں ہے۔ مگر کچھ لوگوں (نے دیکھا دیکھی) عام موزوں (جرابوں ) پر مسح کرنا شروع کردیا ہے خواہ موزوں پرمسح کرنے کے مسائل سے واقف ہیں یا نہیں ۔ ہندو پاک کے علماء نے (جو مختلف فیہ مسائل میں مشہور تابعی وفقیہ حضرت امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی تحقیق کو اختیار کرتے ہیں ) وضاحت کے ساتھ تحریر فرمایا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے صراحت کے ساتھ قرآن کریم میں فرمادیا کہ وضو میں پیروں کا دھونا ضروری ہے۔ جہاں تک موزوں پر مسح کرنے کا تعلق ہے تو صرف انہیں موزوں پر مسح کرنے کی گنجائش ہوگی جن پر حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے مسح کیا ہو یا مسح کرنے کی تعلیم دی ہو اور وہ احادیث صحیحہ سے ثابت ہوں ۔ کسی شک وشبہ والے قول یا خبر کو قرآن کریم کے واضح حکم کے مقابلہ میں قبول نہیں کیا جائے گا۔
جراب (سوت یا اون یا نائیلون کے موزوں) پر مسح کرنے کی کوئی (قوی) دلیل کتب حدیث میں موجود نہیں ہے۔ مشہور اہل حدیث عالم مولانا محمد عبد الرحمن مبارک پوری ؒ نے ترمذی کی مشہور شرح (تحفۃ الاحوذی شرح جامع الترمذی) میں باب ما جاء فی المسح علی الجوربین والنعلین کے تحت اس موضوع پر جو تفصیلی بحث فرمائی ہے اس کا خلاصۂ کلام یہ ہے:
جرابوں (جیساکہ آجکل موزے استعمال ہوتے ہیں) پر مسح کی کوئی دلیل نہیں ہے، نہ تو قرآن کریم سے نہ سنت سے نہ اجماع سے اور نہ قیاس صحیح سے۔ (چمڑے کے) موزوں پر مسح کی بابت بہت سی احادیث منقول ہیں جن کے صحیح ہونے پر علماء کا اجماع ہے۔
صحابۂ کرام کے موزوں کی طرح کی جرابوں پر آج کل کی باریک جرابوں کو قیاس کرنا قطعاً درست نہیں ۔ ہاں اگر آج بھی موزوں کی طرح کی جرابوں کو کوئی استعمال کرتا ہے تو ان پر مسح کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ مشہور اہل حدیث عالم شیخ نذیر حسین دہلوی ؒ سے پوچھا گیا کہ اونی اور سوتی جرابوں پر مسح جائز ہے یا نہیں ہے؟ وہ جواب میں تحریر کرتے ہیں کہ مذکورہ جرابوں پر مسح جائز نہیں ہے کیونکہ اس کی کوئی صحیح دلیل قرآن وسنت میں نہیں ملتی اور مجوزین نے جن چیزوں سے استدلال کیا ہے اس میں خدشات ہیں ، پھر خدشات کا ذکر فرماکر تحریر کیا کہ جرابوں پر مسح جائز ہونے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔ (فتاویٰ نذیریہ) :
اس تمام بحث کا خلاصہ یہ ہے کہ جرابوں پر مسح کرنے کے بارے میں کوئی حدیث مرفوع صحیح ایسی نہیں جو کلام سے خالی ہو یعنی جس پر محدثین رحمہم اللہ نے ضعف کا حکم نہ لگایا ہو۔ ..پھر یہ جرابوں پر مسح والامسئلہ نہ قرآن سے ثابت ہے نہ حدیث مرفوع صحیح سے نہ اجماع نہ قیاس سے لہٰذا خفین چرمی جس پر مسح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے کے سوا جراب پر مسح ثابت نہیں ہوا۔
نمازایمان کے بعد اسلام کا سب سے اہم وبنیادی رکن ہے، قرآن کریم کی سیکڑوں آیات میں نماز پڑھنے کی تاکید وارد ہوئی ہے اور پوری امت مسلمہ کا اجماع ہے کہ وضو کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔ قرآن کریم میں صراحت کے ساتھ وضو میں پیروں کے دھونے کا ذکر آیا ہے لہذا صرف اُن ہی شرائط کے ساتھ اور اُن ہی موزوں پر مسح کرنا جائز ہوگا جن کا ثبوت احادیث صحیحہ سے ملتا ہے اور چمڑے کے موزے بازار و مارکیٹ میں عام دستیاب بھی ھیں بہرحال جراب پر مسح کرنے کا کوئی ثبوت احادیث صحیحہ میں نہیں ملتا۔ لہٰذا آج جرابوں پر مسح نہ کریں ، ہاں اگر مسح کرنے کا ارادہ ہے تو چمڑے کے موزوں کا استعمال کریں ، ورنہ پیروں کو دھوئیں تاکہ وضو کا فرض ادا اور حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک یعنی نمازیں صحیح طریقہ پر ادا ہوں ۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اور سب مسلمانوں کو دینی بصیرت سے نوازے اورقول وعمل میں اخلاص نصیب فرمائے۔
Lesson 18 وضو میں موزوں پر مسح جائزاور جرابوں پرمسح ناجائز It is Permissible to Wipe on Socks in ویڈیو
Please watch full video, like and share Lesson 18 وضو میں موزوں پر مسح جائزاور جرابوں پرمسح ناجائز It is Permissible to Wipe on Socks in. Subscribe UmarGallery channel.
Video length: 11:10