خلیفہ رابع شیر خدا حضرت علی ابن ابی طالب ؓ

خلیفہ رابع شیر خدا حضرت علی ابن ابی طالب ؓ:

آپ کا سم گرامی علی ، کنیت ابو الحسن اور ابو تراب ، لقب حیدر ،اور اسد اللہ ،والد کا نام ابو طالب ،والدہ کانام فاطمہ بنت اسد بن ہاشم ہے ، آپ کا شجرہ نسب اس طرح ہے ، علی بن ابی طالب بن عبد المطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب ،آپ رسول اللہ کے چچا زاد بھائی اور داماد بھی ہیں ۔حضرت علی بعثت نبوی سے دس سال قبل پید اہوئے تھے ۔

اولاد وازواج:

حضرت علی ؓ نے مختلف اوقات میں نو شادیاں کیں اور ان کے علاوہ آپ کی کئی با ندیاں بھی تھیں، ان سب سے چودہ لرکے اور سترہ لڑکیاں پیدا ہوئیں ، سب سے پہلا نکاح آپ نے جگر گوشہ رسول حضرت فاطمہ ؓ خاتون جنت سے کیا، ان سے تین صاحبزادے حسنؓ، حسینؓ محسن پیدا ہوئے مگر محسن زمانہ طفولیت ہی میں انتقال کر گئے ،اور دو صاحزادیاں زینب کبریٰ اور ام کلثوم کبریٰ پیدا ہوئیں ، جب تک حضرت فاطمہؓ بقید حیات رہیں آپ نے کسی اور سے نکاح نہ کیا جب حضرت فاطمہؓ کا انتقال ہو گیا تو پھر متعدد عورتوں سے نکاح کیا ، جنکی تفصیل ذیل ہے ۔۱۔ ام المومنین بنت حزام عامریہ جن سے چار فرزند عباس، جعفر ، عبد اللہ اور عثمان پیدا ہوئے ، عباس کے علاوہ سب میدان کر بلا میں شہید ہوئے ۔۲۔ لیلیٰ بنت مسعود تیمیہ جن سے دو لڑکے عبید اللہ اور ابو بکر پیدا ہوئے ۔۳۔ اسما بنت عمیس خثیمہ ،ان سے یحییٰ اور محمد اصغر پیدا ہوئے ۔۴۔ بنت ربیعہ جسمیہ ،یہ ام ولد تھیں ان سے عمر اور رقیہ پیدا ہوئے ۔۵۔ حامہ بنت ابو العاص یہ حضرت زینب بنت رسول کی بیٹی اور رسول کی نواسی تھی ان سے محمد اوسط پیدا ہوئے ۔۶۔ خولہ بنت جعفر حنفیہ ،ان سے محمد بن حنفیہ پیدا ہوئے ۔ ۷۔ ام سعید بنت عروہ ابن مسعود ،ان سے ام الحسین اور رملہ کبریٰ پیدا ہوئیں۔۸۔ محیات بنت امراء القیس ان کے بطن سے ایک لڑکی تولد ہوئی جو بچپن ہی میں فوت ہو گئیں اور آپکے پاس متعدد با ندیاں تھیں جن سے حسب ذیل اولاد پیدا ہوئیں ،ام ہانی، میمونہ ، زینب ،صغریٰ ، رملہ صغریٰ ،ام کلثوم ، فاطمہ ،امامہ ، خدیجہ ،ام الکبریٰ ، ام سلمہ ،ام جعفر ، جمانہ ، نفیسہ ، مگر آپکی نسل صرف پانچ لڑکوں سے چلی ، حسنؓ ، حسینِ محمد بن حنفیہ ، عباس اور عمر۔( کشف الحاجۃ ج ۱)