خلیفہ اول حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ :
آپ کا اسم گرامی عبد اللہ بن ابو قحافہ بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن تمیم بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب بن فہر بن مالک بن نضر بن کنانہ ہے مرہ پر آپکا سلسلہ نسب آنحضرت ﷺ سے مل جاتا ہے ۔آپ کی والدہ محترمہ کا نام سلمہ بنت ضخر بن کعب بن سعد ہے یہ ابو قحافہ کی چچا زاد بہن تھیں اور ام الخیر کے نام سے مشہور تھیں ۔آپ کے والد کا نام عثمان تھا اور آپ کو زمانہ جاہلیت میں عبد الکعبہ کہا جاتا تھا آنحضور ﷺ نے آپ کا نام عبد اللہ منتخب کیا آپ کا اسم گرامی عتیق بھی بتا یا گیا ہے مگر علامہ جلال ا لدین سیوطی تاریخ الخلفاء میں لکھتے ہیں کہ جمہور علماء کا اس پر اتفاق ہے کہ عتیق آپ کا نام نہ تھا بلکہ لقب تھا۔
اولاد وازواج:
حضرت ابو بکر صدیقؓ کی پہلی بیوی قنیلہ بنت عبد العزی تھی جس سے عبد اللہ بن ابی بکر اور ان کے بعد اسما بنت ابی بکر جو حضرت عبد اللہ بن زبیر کی والدہ تھیں پیدا ہوئے ، دوسری بیوی آپ کی ام رومان تھیں ان کے بطن سے عبد الرحمن بن ابی بکر اور حضرت عائشہ صدیقہؓ زوجہ رسول ﷺ پیدا ہوئے ، جب حضرت ابو بکرصدیقی ؓ نے آغوش اسلام میں پناہ لی اور اسلام کی دولت سے بہرہ ور ہوئے تو پہلی بیوی نے مسلمان ہونے سے انکار کردیا لہذا آپ نے اسے طلاق دیدی، دوسری بیوی ام رومان مسلمان ہوگئیں ، مسلمان ہو جانے کے بعد آپ نے دو اور شادی کیں ایک اسما بنت عمیس ؓ کے ساتھ جو جعفر بن ابی طالب کی بیوہ تھیں ان سے محمد بن ابی بکر پیدا ہوئے ،دوسری شادی حبیبہ بنت خارجہ انصاریہ سے جو قبیلہ خزرج سے تھیں ان سے کی ان کے بطن سے ایک لڑکی ام کلثوم آپ کی وفات کے بعد پیدا ہوئیں۔