عرض مرتب

اسلام میں طہارت و پاکیزگی کی حیثیت صرف یہی نہیں ہے کہ وہ نماز، تلاوت قرآن اور طواف کعبہ جیسی عبادات کیلئے لازمی شرط ہے، بلکہ قرآن و حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ بجائے خود بھی دین کا ایک اہم شعبہ اور بذات خود بھی مطلوب ہے۔ قرآن مجید کی آیت:

اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ التَّوَّابِیْنَ وَیُحِبُّ الْمُتَطَھِّرِیْنَ

’’اﷲ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے اور پاک صاف رہنے والے اپنے بندوں کو محبوب رکھتا ہے۔ ‘‘

اس ارشاد پاک سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اسلام میں طہارت و پاکیزگی کی کتنی اہمیت ہے۔

قرآن کی ہدایت کا مطلب یہ ہے کہ اپنے لباس، جسم اور قلب و روح کو ہر طرح کی گندگیوں سے پاک صاف رکھو۔ قلب و روح کی گندگیوں سے مراد تو کفر و شرک کے باطل عقائد و خیالات اور اخلاقی معائب ہیں اور جسم و لباس کی گندگی سے مراد وہ محسوس نجاستیں ہیں جن سے ہر طبع سلیم کراہت کرتی ہے اور جن کا نجس ہونا محسوس ہے یا جن پر شریعت نے نجس ہونے کا حکم لگا یا ہے۔

پس ہر مسلمان کیلئے لازم ہے کہ وہ ان احکام کو جانے، یاد کرلے اور ان کے مطابق اپنے ظاہر و باطن کو پاک کرے۔ قلب و روح کو بھی باطل افکار و نظریات اور کفروشرک کے عقائد سے پاک رکھے اور اپنے جسم، لباس اور دوسری متعلق چیزوں کو بھی ہر طرح کی نجاستوں سے پاک رکھے۔

زیرِ نظر کتابچہ طہارت کےبیان کے 21دروس پر مشتمل ہے، اور یہ اکیس سبق YouTubeپرمیرے چینل Umar Galleryپر بیان ہوچکے ہیں ۔ یہ ان نوٹس (Notes) کو کمپوز کرکے انہیں ہمیشہ کے لئے محفوظ کر لینے اور مطالعہ کاذوق رکھنے والوں کی خاطر ا کتابی صورت دے دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس سعی کو قبول فرمائیں اور ہم سب کو دین پر عمل کرنے کی توفیق نصیب فرمائیں ، آمین یارب العٰلمین

محمد اکرام غفرلہ16 جمادی الثانی 1444ھ بمطابق 9جنوری 2023

مدرس! مدرسہ فیض القرآن اوڈھروال ضلع چکوال