بالغ پر زکوٰة
س… زکوٰة کتنی عمر کے لوگوں پر واجب ہے؟
ج… زکوٰة بالغ پر واجب ہے، اور بلوغ کی خاص علامتیں مشہور ہیں، اگر لڑکا لڑکی پندرہ سال کے ہوجائیں مگر کوئی علامت بلوغ کی ظاہر نہ ہو تو پندرہ سال کی عمر پوری ہونے پر وہ بالغ تصوّر کئے جائیں گے۔
نابالغ بچے کے مال پر زکوٰة
س… حکومت نے بینک اکاوٴنٹ میں سے زکوٰة منہا کرنے کے اَحکامات صادر فرمائے ہیں، تو یہ فرمائیں کہ چھوٹے بچوں کے نام سے ان کے مستقبل کے لئے جو رقم بینک میں جمع کرائی جاتی ہے یا مختلف تقریبات میں ان کو ملتی ہے، اور وہ بھی بینک میں جمع ہوتی ہے، تو اس پر زکوٰة ادا ہوتی ہے یا نہیں؟
ج… نابالغ بچے کے مال میں زکوٰة نہیں، حکومت اگر نابالغ بچوں کے مال سے زکوٰة کاٹ لیتی ہے تو یہ صحیح نہیں۔
نابالغ کی ملکیت پر زکوٰة نہیں
س… میں اپنی بچی کے لئے کچھ رقم پس انداز کرتا ہوں جو کہ اس کی ملکیت تصوّر کی جارہی ہے، مگر وہ ابھی تک نابالغ ہے، زکوٰة ادا کرنا مجھ پر فرض ہے یا نہیں؟
ج… جو رقم نابالغ بچی بچے کی ملکیت ہو اس پر اس کے بالغ ہونے تک زکوٰة نہیں دی جائے گی، بالغ ہونے کے بعد جب سال گزر جائے تب اس پر زکوٰة فرض ہوگی۔
اگر نابالغ بچیوں کے نام سونا کردیا تو زکوٰة کس پر ہوگی؟
س… میری تین بیٹیاں ہیں، عمر ۱۲ سال، ۱۰ سال اور ۸ سال۔ میں نے ان کی شادی کے لئے ۲۰ تولے سونا لے رکھا ہے، اس کے علاوہ اور دُوسری چیزیں مثلاً برتن کپڑے وغیرہ بھی آہستہ آہستہ جمع کر رہے ہیں، کیا ان چیزوں پر بھی زکوٰة دینا پڑے گی؟ بچیوں کے نام پر کوئی پیسہ وغیرہ جمع نہیں ہے۔
ج… اگر آپ نے اس سونے کا مالک اپنی بچیوں کو بنادیا ہے تو ان کے جوان ہونے تک تو ان پر زکوٰة نہیں، جوان ہونے کے بعد ان میں جو صاحبِ نصاب ہوں ان پر زکوٰة فرض ہوگی، اور اگر بچیوں کو مالک نہیں بنایا، ملکیت آپ ہی کی ہے، تو اس سونے پر زکوٰة فرض ہے، برتن کپڑے وغیرہ استعمال کی جو چیزیں آپ نے ان کے لئے رکھی ہیں، ان پر زکوٰة نہیں۔
یتیم نابالغ بچے پر زکوٰة نہیں
س… بچے عمر اور زینب جو بالغ نہیں، اب زید کے انتقال کے بعد ان کے ولی مثلاً بکر کو شریعت یہ اجازت دیتی ہے کہ عمر اور زینب کے مال سے زکوٰة عید وغیرہ ادا کرے ان کے لئے یا کوئی اور صدقہ وغیرہ جائز ہے یا نہیں؟
ج… نابالغ بچے کے مال پر زکوٰة واجب نہیں، البتہ صدقہٴ فطر یتیم نابالغ کی طرف سے ادا کرنا بھی ضروری ہے، جبکہ وہ نابالغ صاحبِ مال ہو، اس کے علاوہ کوئی اور صدقہ یتیم کے مال میں سے کرنا جائز نہیں۔
مجنون پر زکوٰة نہیں ہے
س… مجنون شخص پر نماز فرض نہیں، اگر کوئی مجنون بہت سی دولت کا مالک ہو تو کیا اس کے مال سے زکوٰة کی رقم کاٹنا جائز ہے؟
ج… مجنون کے مال پر زکوٰة نہیں۔
زیور کی زکوٰة
س… جبکہ مرد حضرات پیسہ کماتے ہیں تو بیوی کے زیورات کی زکوٰة شوہر کو دینی چاہئے یا بیوی کو اپنے جیب خرچ سے جوڑ کر؟ اگر شوہر زکوٰة ادا نہ کریں اگرچہ بیوی چاہتی ہو اور بیوی کے پاس روپیہ بھی نہ ہو کہ زکوٰة دے سکے تو گناہ کس کو ملے گا؟
ج… زیور اگر بیوی کی ملکیت ہے تو زکوٰة اسی کے ذمہ واجب ہے، اور زکوٰة نہ دینے پر وہی گناہگار ہوگی۔ شوہر کے ذمہ اس کا ادا کرنا لازم نہیں، بیوی یا تو اپنا جیب خرچ بچاکر زکوٰة ادا کرے یا زیوارت کا ایک حصہ زکوٰة میں دے دیا کرے۔
عورت پر زیور کی زکوٰة
س… آپ نے اپنے کالم میں ایک صاحب کو ان کی بیوی کے زیورات پر زکوٰة کی ادائیگی ان کی بیوی کی ذمہ داری بتائی ہے۔ عرض یہ ہے کہ عورت تو شوہر پر انحصار کرتی ہے، اس کی تمام تر ذمہ داری شوہر پر ہوتی ہے، عورت کی کفالت تو مرد کرتا ہے، تو کیا ان زیورات پر جو عورت کو جہیز میں یا تحفے میں ملے ہیں، ان پر زکوٰة کی ذمہ داری شوہر پر نہیں ہے؟ اگر نہیں ہے تو پھر عورت کو کیا کرنا چاہئے کہ عورت زکوٰة ادا کرسکے؟
ج… زکوٰة جن زیورات پر فرض ہو، وہ اگر عورت کی ملکیت ہے تو ظاہر ہے کہ زکوٰة مالک ہی پر فرض ہوگی، اور زکوٰة ادا کرنے کی ذمہ داری بھی مالک ہی پر ہوگی۔ شوہر اگر اس کے کہنے پر زکوٰة ادا کرے تو ادا ہوجائے گی، ورنہ عورت پر لازم ہے کہ زکوٰة میں ان زیورات کا حصہ بقدرِ زکوٰة نکال دیا کرے۔
بیوی کی زکوٰة شوہر کے ذمہ نہیں
س… ایک قلیل آمدنی والے شخص کی بیوی شادی کے موقع پر دس تولے سونا زیورات کی شکل میں لاتی ہے، کیا شوہر کے لئے ضروری ہے کہ ہر حال میں اس پر زکوٰة ادا کرے؟
ج… چونکہ یہ زیورات بیگم صاحبہ کی ملکیت ہیں، اس لئے اس زیور کی زکوٰة بیگم صاحبہ کے ذمہ ہے، غریب شوہر کے ذمہ نہیں۔ عورت کو چاہئے کہ ان زیورات کا بقدرِ واجب حصہ زکوٰة میں دے دیا کرے، اپنی زکوٰة شوہر کے ذمہ نہ ڈالے۔
بیوی کے زیور کی زکوٰة کا مطالبہ کس سے ہوگا؟
س… اگر شوہر کی ذاتی ملکیت میں کوئی زیور ایسا نہ ہو کہ اس پر زکوٰة واجب ہوتی ہو، لیکن جب اس کی بیوی شادی ہوکر اس کے گھر آئے تو اتنا زیور لے آئے کہ اس پر زکوٰة واجب الادا ہو، اور بیوی شوہر کے یہ حالات جانتے ہوئے بھی کہ وہ مقروض ہے اور اس کی اتنی تنخواہ بہرحال نہیں ہے کہ وہ زکوٰة کی رقم نکال سکے، تو کیا شوہر پر بغیر بیوی کی طرف سے کسی قربانی کے زکوٰة و قربانی واجب رہے گی اور اللہ میاں شوہر ہی کا گریبان پکڑیں گے؟ اور کیا بیوی صاحبہ یہ کہہ کر بری الذمہ ہوجائیں گی کہ شوہر ہی ان کے آقا ہیں اور انہی سے سوال و جواب کئے جائیں؟
ج… چونکہ زیور بیوی کی ملکیت ہے، اس لئے قربانی و زکوٰة کا مطالبہ بھی اسی سے ہوگا، اور اگر وہ ادا نہیں کرتی تو گناہگار بھی وہی ہوگی، شوہر سے اس کا مطالبہ نہیں ہوگا۔
شوہر اور بیوی کی زکوٰة کا حساب الگ الگ ہے
س… شادی پر لڑکیوں کو جو زیورات ملتے ہیں وہ ان کی ملکیت ہوتے ہیں، لیکن وہ زکوٰة اپنے شوہروں کی کمائی ہوئی رقم سے ادا کرتی ہیں، تو کیا اس صورت میں اگر شوہروں کے پاس بھی کچھ رقم ہو، لیکن نصاب سے وہ کم ہو تو کیا اس رقم کو بیویوں کے زیورات کی مالیت میں شامل کرکے زکوٰة دی جاسکتی ہے یا دونوں کا حساب الگ الگ ہوگا؟
ج… دونوں کا الگ الگ حساب ہوگا۔
شوہر بیوی کے زیور کی زکوٰة ادا کرسکتا ہے
س… میں نے شادی کے وقت اپنی بیوی کو حق المہر میں ۱۳ تولے سونا دیا تھا، کیا یہ جائز ہے؟ اور ۳تولے سونا وہ اپنے میکے سے لائی تھیں، چونکہ کل سونا ۱۶ تولے پڑا، اب میری بیوی اگر زکوٰة ۱۶ تولے پر نہیں دے سکتی تو کیا اس کی یہ زکوٰة میں اپنے خرچ سے دے سکتا ہوں؟ اور پھر یاد رہے کہ یہ حق المہر بھی میں نے ہی ادا کیا تھا؟
ج… چونکہ سونا آپ کی بیوی کی ملکیت ہے، اس لئے اس کی زکوٰة تو اسی کے ذمہ ہے، لیکن اگر آپ اس کے کہنے پر اس کی طرف سے زکوٰة ادا کردیں تو ادا ہوجائے گی۔
زیور کی زکوٰة کس پر ہوگی؟
س… میرے پاس آٹھ تولے سونا ہے جو کہ پچھلے سال شادی پر ملا تھا، اور وہ میری بیوی کی ملکیت میں ہے، اس کے ساتھ ساتھ مجھ پر قرضہ بھی ہے، اس صورت میں ان زیورات کی زکوٰة مجھ پر ہوگی یا بیوی پر؟ ۲: زیورات پر زکوٰة جبکہ آمدنی کا ذریعہ میں ہی ہوں قرض کی رقم نکال کر ادا کی جائے یا صرف زیورات کی رقم پر ادا کی جائے؟
ج… ۱:جب زیورات آپ کی بیوی کی ملکیت ہے تو زکوٰة بھی اسی کے ذمہ ہے۔ ۲:زیور آپ کی بیوی کا ہے اور قرض آپ کے ذمہ ہے، اس لئے زکوٰة ادا کرتے وقت اس قرض کو منہا نہیں کیا جائے گا، بلکہ پورے زیور کی زکوٰة ادا کرے گی، البتہ اگر آپ کی بیوی کے ذمہ قرض ہو تو قرض منہا کیا جائے گا۔
مرحوم شوہر کی زکوٰة بیوی پر فرض نہیں
س… اگر کسی کا شوہر فوت ہوگیا ہو اور میاں بیوی نے اپنی زندگی میں کبھی زکوٰة نہ دی ہو، مگر خیرات برابر کرتے رہے ہوں، تو کیا اب اس بیوہ کا فرض ہے کہ وہ گزرے دنوں کی زکوٰة ادا کرے؟
ج… مرحوم شوہر کی زکوٰة بیوہ کے ذمہ فرض نہیں، اس کے مرحوم شوہر کے ذمہ ہے، وہی گناہگار ہوگا، اس کی طرف سے وارث ادا کردیں تو اچھا ہے۔
س… اور کیا اپنی بھی زکوٰة وہ مرنے تک دیتی رہے، جبکہ اس کا ذریعہ آمدنی کوئی نہیں ہے؟
ج… اگر اس کی اپنی ملکیت میں ساڑھے باون تولے چاندی کی مالیت ہے، اس پر زکوٰة فرض ہے، یعنی اس کے اپنے حصے کی مالیت اتنی ہو، (اگر مرحوم کے بچے یتیم ہوں تو ان کے مال کی زکوٰة نہیں)۔
زیور کی زکوٰة اور اس پر حقِ وراثت
س… زیور کی زکوٰة کس کو دینا ہوگی؟ میری بیوی اپنے جہیز میں دس تولے سونے کے زیورات لائی تھی، جو اَب تک وہ استعمال کر رہی ہے، میری شادی کو پانچ سال گزرچکے ہیں، میرے گھر جب سے آئی ہے ایک پیسہ بھی اس نے زکوٰة نہیں دیا ہے، زیور پہنتی ضرور ہے، لیکن میں اس کا حق دار نہیں ہوں، اور نہ ہی میں اس پر اپنا کوئی حق سمجھتا ہوں، مرنے کے بعد یہ حق اس نے اپنے بیٹے کو دیا ہے، وہ جس طرح چاہے اسے استعمال کرے، میرے بیٹے کی عمر اس وقت چار سال ہے، اب آپ مجھے تفصیل سے یہ بتائیں کہ اس زیور کی زکوٰة کس کو ادا کرنا چاہئے؟
ج… اس زیور کی زکوٰة آپ کی بیوی کے ذمہ ہے، ان سے کہئے کہ اگر ان کے پاس پیسے نہیں تو زیور بیچ کر پانچ سال کی زکوٰة ادا کریں، اور مرنے کے بعد بیٹے کو حق دار بنانا بھی شرعاً غلط ہے، اس کے مرنے کے وقت جتنے وارث ہوں گے، حصہ اس میں سب کا ہوگا۔
بیٹی کے لئے زیور پر زکوٰة
س… میں زکوٰة کے بارے میں کچھ زیادہ محتاط ہوں، اس لئے اس فرض کو باقاعدگی کے ساتھ ادا کرتی ہوں، تو قبلہ! میں نے لوگوں کی زبانی سنا ہے کہ “ماں اگر اپنا زیور اپنی لڑکی کے لئے اُٹھا رکھے یا یہ نیت کرے کہ یہ سونا میں اپنی بیٹی کو جہیز میں دوں گی تو اس پر زکوٰة واجب نہیں ہوتی، اور جب یہ زیور یا سونا لڑکی کو ملے تو وہ اس کو پہن کر یا استعمال میں لاکر زکوٰة ادا کرے” آپ یہ وضاحت کریں کہ لڑکی کے لئے کوئی زیور بنواکر رکھا جائے تو زکوٰة دی جائے یا نہیں؟
ج… اگر لڑکی کو زیور کی مالک بنادیا تو جب تک وہ لڑکی نابالغ ہے اس پر زکوٰة نہیں، بالغ ہونے کے بعد لڑکی کے ذمہ زکوٰة واجب ہوگی، جبکہ صرف یہ زیور یا اس کے ساتھ کچھ نقدی نصاب کی مقدار کو پہنچ جائے، صرف یہ نیت کرنے سے کہ یہ زیور لڑکی کے جہیز میں دیا جائے گا، زکوٰة سے مستثنیٰ نہیں قرار دیا جاسکتا، جب تک کہ لڑکی کو اس کا مالک نہ بنادیا جائے، اور لڑکی کو مالک بنادینے کے بعد پھر اس زیور کا خود پہننا جائز نہیں ہوگا۔
گزشتہ سالوں کی زیور کی زکوٰة
س… میری شادی کو نو سال ہوگئے ہیں، میری بیگم کے پاس جب سے اب تک تقریباً ۸۰ تولے سونا ہے، اور ہم نے ابھی تک اس پر زکوٰة ادا نہیں کی، کیونکہ میری آمدنی اتنی نہیں کہ کچھ بچ جائے تو زکوٰة ادا کروں۔ میری دو بچیاں بھی ہیں، وہ سونا میری بیوی کو جہیز میں ملا تھا، اور اگر اب میں زکوٰة ادا کرنا چاہوں تو کیسے ادا کروں؟ اور مجھ پر یا میری بیگم پر زکوٰة ضروری ہے جبکہ اتنی آمدنی نہیں؟
ج… اس اَسّی تولے کی زکوٰة آپ کے ذمہ نہیں، بلکہ آپ کی بیوی کے ذمہ ہے، اگر زکوٰة ادا کرنے کے پیسے نہ ہوں تو اتنا حصہ زیور کا دے دیا جائے، بہرحال گزشتہ نو سالوں کی زکوٰة آپ کی بیوی کے ذمہ لازم ہے، ہر سال کا حساب کرکے جتنی زکوٰة بنتی ہے ادا کی جائے۔
نصاب میں انفرادی ملکیت کا اعتبار ہے
س… کسی گھر میں تین بھائی اکٹھے رہتے ہوں، ایک ہی جگہ کھاتے ہوں، لیکن کماتے الگ ہوں، ہر ایک کی بیوی کے پاس اڑھائی یا تین تولے سونا ہو اور سب کا ملاکر تقریباً ساڑھے آٹھ تولے سونا بنتا ہو تو کیا ان کو اس زیور کی زکوٰة ادا کرنی ہوگی؟
ج… اگر ان کے پاس اور کوئی مال نہیں جس پر زکوٰة فرض ہو اور وہ نصاب کی حد کو پہنچتا ہو تو ان پر زکوٰة فرض نہیں، کیونکہ نصابِ زکوٰة میں انفرادی ملکیت کا اعتبار ہے، اور یہاں کسی کی انفرادی ملکیت بقدرِ نصاب نہیں۔
خاندان کی اجتماعی زکوٰة
س… ایک خاندان کے چند افراد جو سب برسر روزگار ہیں، ان کی اپنی ملکیت میں اتنا مال نہیں کہ جس پر زکوٰة دیں، لیکن اگر سب اپنا مال جمع کرلیں تو وہ نصاب کے مطابق قابلِ زکوٰة بن جاتا ہے، تو اس سلسلے میں کیا حکم ہے؟ زکوٰة کس حساب سے نکالی جائے؟
ج… ہر شخص کا الگ الگ صاحبِ نصاب ہونا شرط ہے، ورنہ زکوٰة فرض نہیں ہوتی، اس لئے آپ نے جو صورت لکھی ہے اس پر زکوٰة فرض نہیں۔ البتہ اگر عرفاً ساری ملکیت خاندان کے سربراہ کی سمجھی جاتی ہے، چونکہ یہ فردِ واحد کی ملکیت ہوئی اور بقدرِ نصاب بھی ہے، تو اس پر زکوٰة فرض ہوگی، یہ اس صورت میں ہے کہ خاندان کے سربراہ کو واقعتا مالک سمجھا بھی جاتا ہو۔
مشترکہ گھرداری میں زکوٰة کب واجب ہوگی؟
س… ہمارے گھر میں یہ طریقہ ہے کہ سب بھائی تنخواہ لاکر والدہ کو دیتے ہیں، جو گھر کا خرچہ چلاتی ہیں، جبکہ زیور اور کچھ بچت کی رقم ہمارے پاس ہوتی ہے آیا زکوٰة دینی ہمارے ذمہ ہے یا والدہ محترمہ کے؟
ج… اگر وہ سونا اور بچت کی رقم اتنی ہو کہ اگر اس کو تقسیم کیا جائے تو سب بھائی صاحبِ نصاب ہوسکتے ہیں تو زکوٰة واجب ہے، ورنہ نہیں۔
مشترکہ خاندان میں بیوی، بیٹی، بہووٴں کی زکوٰة کس طرح دی جائے؟
س… میں گھر کا سربراہ ہوں، میرے دونوں لڑکے صاحبِ روزگار ہیں، اور میری دونوں بہووٴں کے ہاں کم سے کم ۱۲، ۱۲ تولے فی کس زیورات ہیں، اور بیوی کے ہاں ۵ تولے کے زیور اور کنواری لڑکی کی شادی کے لئے ۳ تولے کے زیورات ہیں، جس کو ایک سال سے خرید کر رکھا ہوا ہے، دُوسرے آج کل مشترکہ خاندان میں بھی زیور ہر متعلقہ عورت کی ذاتی ملکیت ہی شمار ہوتا ہے، ایک عورت کا زیور دُوسری عورت مستقل طور سے نہیں لے سکتی، حتیٰ کہ ساس اپنی بہو کا زیور اپنی لڑکی کو نہیں دے سکتی، کیا ایسی صورت میں مجھے گھر کے تمام زیور کی مالیت کے مطابق زکوٰة نکالنا چاہئے یا فرداً فرداً کے حساب سے؟
ج… زکوٰة کے واجب ہونے میں ہر شخص کی انفرادی ملکیت کا اعتبار ہے، اب آپ کی بہووٴں کے پاس جو زیور ہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس کا مالک کون ہے؟ آپ کی بہووٴں کا زیور اگر ان کی ملکیت ہے تو زکوٰة ان کے ذمہ واجب ہے، اور اگر لڑکوں کی ملکیت ہے تو زکوٰة ان کے ذمہ واجب ہے، اور اگر کچھ زیور بہووٴں کی ملکیت ہے، مثلاً: جو زیور ان کے میکے سے ملا ہے، اور کچھ لڑکوں کی طرف سے، تو اگر ہر ایک کی ملکیت نصاب کو پہنچتی ہے تو زکوٰة واجب ہے، ورنہ نہیں۔ اسی طرح آپ کی اہلیہ کے پاس جو سونا ہے وہ اگر اس کی مالک ہیں اور اس کے سوا ان کی ملکیت میں کوئی روپیہ پیسہ نہیں تو ان کے ذمہ زکوٰة نہیں، اور اگر وہ سونا آپ کی ملکیت ہے تو دُوسرے اموالِ زکوٰة کے ساتھ اس زیور کی زکوٰة بھی آپ کے ذمہ ہوگی۔ آپ نے لڑکی کے لئے جو سونا خرید کر رکھا ہوا ہے، اس کے بارے میں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آپ نے وہ سونا لڑکی کی ملکیت کردیا ہے یا نہیں؟ اگر لڑکی کی ملکیت نہیں تو اس کی زکوٰة آپ کے ذمہ ہے، اور اگر لڑکی کی ملکیت ہے اور اس کے پاس کوئی نقد روپیہ پیسہ نہیں تو اس پر زکوٰة نہیں، اور اگر کچھ روپیہ پیسہ بھی اس کے پاس ہے تو زکوٰة اس کے ذمہ واجب ہے۔
شراکت والے کاروبار کی زکوٰة کس طرح ادا کی جائے گی؟
س… میرا ایک بھائی ہے، اس کو اس کے بھائی نے چھ ہزار روپے میں کھلونوں کی دُکان کھول دی ہے، اب اس کی زکوٰة کون ادا کرے، جبکہ یہ کاروبار شراکت میں ہوگیا، یعنی رقم ایک بھائی کی ہے اور چلاتا دُوسرا بھائی ہے، نفع برابر ہے۔ اس آدمی نے جس نے یہ دُکان کھولی ہے ایک قطعہ زمین برائے دُکان دس ہزار روپے میں خریدی ہے، اب اس کی زکوٰة کی کیا شکل ہوگی؟
ج… پہلے یہ سمجھ لیجئے کہ جب کسی کو کاروبار کے لئے مال دیا جائے اور نفع میں حصہ رکھا جائے تو شرعی اصطلاح میں اس کو “مضاربت” کہتے ہیں، اور ہمارے یہاں عام طور سے اس کو “شراکت” کہہ دیا جاتا ہے، جبکہ آپ نے بھی یہی لفظ استعمال کیا ہے۔ اس کاروبار میں ایک اصل رقم ہوتی ہے اور ایک اس کا منافع۔ اصل رقم کی زکوٰة اس کے اصل مالک کے ذمہ ہے، اور اس کے ذمہ منافع کے اس حصے کی زکوٰة بھی واجب ہے جو اُسے ملے گا، اور جو نفع پر کام کرتا ہے اگر اس کا نفع نصاب کی مقدار کو پہنچے اور اس پر سال بھی گزر جائے تو اپنے حصے کی زکوٰة اس پر بھی ہوگی۔ جو قطعہ زمین دُکان کے لئے خریدا ہے اس پر زکوٰة نہیں۔ کھلونے اگر مجسّموں کی شکل کے ہوں تو ان کا کاروبار دُرست نہیں۔
قرض کی زکوٰة کس کے ذمہ ہے؟
س… دس ماہ پیشتر زید نے بکر کو ۰۰۰,۲۰ روپے قرضِ حسنہ دیا، ادائیگی کی مدّت لامحدود ہے، بکر نے ۰۰۰,۱۰ روپے مکان خریدنے میں اور ۰۰۰,۱۰ روپے کاروبار میں لگائے۔ رقم منافع کے ساتھ اب ۰۰۰,۱۰ روپے سے بڑھ کر ۰۰۰,۱۳ روپے ہوگئی ہے، کیا اس صورت میں زکوٰة واجب ہوگئی؟ اور اگر ہوگئی تو کس صورت میں؟
ج… اُصول یہ ہے کہ جو رقم کسی کو قرض کے طور پر دی جائے، اس کی زکوٰة قرض دینے والے کے ذمہ ہوتی ہے، قرض لینے والے کے ذمہ نہیں ہوتی، پس زید نے جو بیس ہزار کی رقم بکر کو قرض دے رکھی ہے، اس کی زکوٰة زید کے ذمہ ہے۔
بکر کے پاس جو سرمایہ ہے خواہ وہ کاروبار میں لگا ہوا ہو یا سونے چاندی اور نقدی کی شکل میں اس کے پاس موجود ہو، اس تمام سرمایہ کی مجموعی رقم میں سے بیس ہزار روپے منہا کردیا جائے، جو اس کے ذمہ قرض ہے، باقی سرمایہ اگر ساڑھے باون تولے چاند کی مالیت کے برابر ہے تو اس کے ذمہ اس کی زکوٰة واجب ہے۔
س… اگر کچھ رقم کسی کو قرض دی ہوئی ہو تو کیا اس رقم پر زکوٰة دینی ہوگی؟
ج… جی ہاں! اس رقم پر بھی ہر سال زکوٰة واجب ہے، البتہ آپ کو یہ اختیار ہے کہ ہر سال جب دُوسرے مال کی زکوٰة دیتے ہیں اسی کے ساتھ قرض پر دی ہوئی رقم کی زکوٰة دے دیا کریں، اور یہ بھی اختیار ہے کہ جب قرض وصول ہوجائے تو گزشتہ تمام سالوں کی زکوٰة، جو اس قرض کی رقم پر واجب ہوئی تھی، وہ یک مشت ادا کردیں۔
س… میرے والدین نے اپنے مکان کی تعمیر کے سلسلے میں ۰۰۰,۲۰ روپے قرض لیا تھا، جو ابھی لوٹایا نہیں گیا ہے، اگرچہ وہ رقم ہمارے پاس جمع شدہ نہیں ہے، بلکہ مکان کی تعمیر وغیرہ کے سلسلے میں خرچ ہوگئی، تو کیا ہم پر اس کی زکوٰة دینا فرض ہوگی؟ کیونکہ اس سلسلے میں معلوم کرنے پر ہمیں یہ بات معلوم ہوئی کہ جس شخص کی رقم ہوگی وہی زکوٰة کا ادا کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ اس سلسلے میں ہم نے اس شخص سے بھی معلوم کیا جس کی یہ رقم ہے، تو انہوں نے صاف طور پر زکوٰة ادا کرنے سے انکار کیا، اور کہا کہ زکوٰة آپ خود ادا کریں کیونکہ یہ رقم آپ کے کام آئی ہے۔
ج… قرض کی رقم کی زکوٰة قرض دینے والے کے ذمہ ہوتی ہے، قرض لینے والے کے ذمہ نہیں ہوتی، اس لئے اس رقم کی زکوٰة آپ لوگوں کے ذمہ نہیں، قرض دینے والے کو چاہئے کہ اس کی زکوٰة ادا کرے۔
نادہند قرض دار کو دی گئی قرض کی رقم پر زکوٰة
س… سائل سے عرصہ چار پانچ سال ہوئے اپنے ہی دوستوں یا رشتہ داروں نے کچھ رقم اُدھار لی تھی، جن کے واپس دینے کی کوئی مدّت طے ہوئی اور نہ کوئی تحریر لکھی گئی تھی۔ سائل نے اس عرصے میں کتنی ہی بار پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کیا تو جواب ملا کہ کیا ہوا دے دیں گے ایسے ہی ہوتے ہوتے پانچ سال گزر گئے ہیں، لیکن پیسے واپس ملنے کی کوئی اُمید پختہ نظر نہیں آتی ہے، ہوسکتا ہے کہ مزید اور زیادہ عرصہ گزر جائے، نااُمید ہوکر میں نے بھی پیسے مانگنے چھوڑ دئیے ہیں۔ برائے مہربانی آگاہ فرمائیں کہ اس رقم کی زکوٰة جو عرصہ پانچ سال سے میرے پاس نہیں، دینی ہوگی یا نہیں؟
ج… جو رقم کسی کو قرض دی ہو اس پر زکوٰة لازم ہے، البتہ یہ اختیار ہے کہ چاہے تو ہر سال ادا کردیا کرے، یا وصول ہونے کے بعد گزشتہ تمام سالوں کی زکوٰة یکمشت ادا کردے، البتہ اگر مقروض قرضہ سے منکر ہو اور قرض دہندہ کے پاس گواہ بھی نہ ہوں تو وصول ہونے سے پہلے اس کی زکوٰة لازم نہیں اور وصول ہونے کے بعد بھی گزشتہ سالوں کی زکوٰة نہیں۔
س… میرے ایک دوست نے آج سے پانچ سال پہلے ڈیڑھ لاکھ روپیہ تجارت میں لگانے کے لئے لیا تھا، اس نے وہ تمام روپیہ خردبُرد کردیا، آج پانچ سال کے بعد اس نے مجھے پندرہ ہزار روپیہ واپس کیا ہے، کیا ان پندرہ ہزار روپیہ پر زکوٰة واجب ہے؟ کیا پانچ سال کی زکوٰة ادا کرنی چاہئے یا صرف اسی سال کی؟ اور جو باقی کا روپیہ اس نے ادا نہیں کیا، اس پر بھی زکوٰة ادا کرنی چاہئے؟
ج… اس پندرہ ہزار روپے پر گزشتہ تمام سالوں کی زکوٰة واجب ہے، اسی طرح جو روپیہ آپ کے دوست سے ملتا جائے اس کی گزشتہ سالوں کی زکوٰة ادا کرتے رہئے۔
امانت کی رقم پر زکوٰة
س… میرے پاس کسی کی امانت ہے، تو اس پر زکوٰة دینا میرا فرض ہے یا جس کی رقم ہے وہ زکوٰة دے گا؟ دُوسری بات عرض خدمت یہ ہے کہ مجھ سے کسی نے قرض مانگا اور وہ اپنے وقت پر نہ دے اور اُمید بھی کم ہے تو اس رقم پر بھی زکوٰة فرض ہے یا نہیں؟
ج… جس شخص کی امانت آپ کے پاس ہے، آپ کے ذمہ اس کی زکوٰة نہیں، بلکہ اس کی زکوٰة امانت رکھوانے والے کے ذمہ لازم ہے۔ اگر اس نے آپ کو زکوٰة دینے کا اختیار دیا ہے تو آپ بھی اس رقم میں سے ادا کرسکتے ہیں۔ کسی کے ذمہ جو آپ کا قرض ہے اگر وہ تسلیم کرتا ہے کہ مجھے قرض دینا ہے تو آپ کے ذمہ اس کی زکوٰة لازم ہے، خواہ ہر سال ادا کرتے رہیں یا جب وصول ہوجائے تب گزشتہ تمام سالوں کی ادا کردیں۔
اگر امانت کی رقم سے حکومت زکوٰة کاٹ لے؟
س… دُوسرے شہروں کے لوگ اپنی تجارت اور امانت کے طور پر کسی کے پاس جو رقم جمع کراتے ہیں تو حفاظت کے خیال سے وہ شخص اپنے نام سے اس کو بینک میں رکھ دیتا ہے، اور وقتاً فوقتاً ان لوگوں کی ہدایت کے پیشِ نظر رقم نکالتا بھی رہتا ہے، تو حکومت کیا ان رقوم پر زکوٰة منہا کرنے کی حق دار ہے یا نہیں؟
ج… جس شخص کی امانت ہے، اس کے ذمہ زکوٰة فرض ہوگی، مگر چونکہ حکومت آپ کے اکاوٴنٹ سے زبردستی زکوٰة کاٹ لیتی ہے، اس لئے امانت رکھوانے والوں کو چاہئے کہ آپ کو زکوٰة ادا کرنے کا اختیار دے دیں، اس اختیار دینے کے بعد ان کی رقم سے جو زکوٰة کٹے گی وہ ان کی طرف سے ہوگی، اور آپ (زکوٰة کی رقم جو کاٹ لی گئی) اس کو منہا کرکے باقی رقم ان کو واپس کریں گے۔
زرِ ضمانت کی زکوٰة
س… جو رقم ہمارے پاس امانتاً رکھی ہو، اس پر زکوٰة کون ادا کرے گا؟ ہم ادا کریں گے یا اصلی مالک؟ مکان کے کرایہ پر جو رقم بطور زرِ ضمانت پیشگی کرایہ دار سے لی جاتی ہے، وہ قابلِ واپسی ہے، اور کئی سال مالکِ مکان کے پاس امانت رہتی ہے، اس پر کون زکوٰة ادا کرے گا؟
ج… جو شخص رقم کا مالک ہو اس کے ذمہ زکوٰة ہے، پس امانت کی رقم کی زکوٰة امین پر نہیں، بلکہ امانت رکھوانے والے مالک کے ذمہ ہے، اور زرِ ضمانت کا مالک کرایہ دار ہے، اس کی زکوٰة بھی اسی کے ذمہ ہے۔