روزے کی نیت

روزے کی نیت کب کرے؟

س… رمضان المبارک کے روزے کی نیت کس وقت کرنی چاہئے؟

ج… ۱:بہتر یہ ہے کہ رمضان المبارک کے روزے کی نیت صبحِ صادق سے پہلے پہلے کرلی جائے۔

۲:… اگر صبحِ صادق سے پہلے رمضان شریف کا روزہ رکھنے کا ارادہ نہیں تھا، صبحِ صادق کے بعد ارادہ ہوا کہ روزہ رکھ ہی لینا چاہئے، تو اگر صبحِ صادق کے بعد کچھ کھایا پیا نہیں تو نیت صحیح ہے۔

۳:… اگر کچھ کھایا پیا نہ ہو تو دوپہر سے ایک گھنٹہ پہلے (یعنی نصف النہار شرعی سے پہلے) تک رمضان شریف کے روزے کی نیت کرسکتے ہیں۔

۴:… رمضان شریف کے روزے میں بس اتنی نیت کرلینا کافی ہے کہ آج میرا روزہ ہے، یا رات کو نیت کرے کہ صبح روزہ رکھنا ہے۔

نصف النہار شرعی سے پہلے روزے کی نیت کرنا چاہئے

س… کیا نصف النہار شرعی کے وقت روزے کی نیت کرسکتے ہیں اور نماز پڑھ سکتے ہیں؟

ج… پہلے یہ سمجھ لیا جائے کہ “نصف النہار شرعی” کیا چیز ہے؟ نصف النہار دن کے نصف کو کہتے ہیں، اور روزہ دار کے لئے صبحِ صادق سے دن شروع ہوجاتا ہے، پس صبحِ صادق سے لے کر غروبِ آفتاب تک پورا دن ہوا، اس کے نصف کو “نصف النہار شرعی” کہا جاتا ہے۔ اور سورج نکلنے سے لے کر غروب ہونے تک کو عرفاً “دن” کہتے ہیں۔ اس کا نصف “نصف النہار عرفی” کہلاتا ہے۔ “نصف النہار شرعی”، “نصف النہار عرفی” سے کم و بیش چالیس منٹ پہلے ہوتا ہے۔

جب یہ معلوم ہوا تو اب سمجھنا چاہئے کہ روزے کی نیت میں “نصف النہار شرعی” کا اعتبار ہے، اس لئے روزہٴ رمضان اور روزہٴ نفل کی نیت “نصف النہار شرعی” سے پہلے کرلینا صحیح ہے (جبکہ کچھ کھایا پیا نہ ہو)، اس کے بعد صحیح نہیں، اور نماز میں “نصف النہار عرفی” کا اعتبار ہے، کہ اس وقت نماز جائز نہیں۔ “نصف النہار شرعی” (جس کو “ضحوہٴ کبریٰ” بھی کہتے ہیں) کے وقت نماز دُرست ہے۔

روزہ رکھنے اور اِفطار کرنے کی دُعائیں

س… نفلی روزے کی نیت اور روزہ رکھنے اور اِفطار کرنے کی دُعائیں کیا ہیں؟

ج… نفل روزے کے لئے مطلق روزے کی نیت کافی ہے، اور وہ یہ ہے:

“وبصوم غد نویت۔”

ترجمہ:…”اور میں کل کے روزے کی نیت کرتا ہوں۔”

اور اِفطار کی دُعا یہ ہے:

“اللّٰھم لک صمت وعلٰی رزقک افطرت۔”

ترجمہ:…”اے اللہ! میں نے آپ کے لئے روزہ رکھا، اور آپ کے رزق پر اِفطار کیا۔”

اور روزہٴ رمضان کی نیت میں یوں کہے:

“وبصوم غد نویت من شھر رمضان۔”

ترجمہ:…”اور میں کل کے رمضان کے روزے کی نیت کرتا ہوں۔”

نفل روزے کی نیت

س… نفلی روزے رکھنے، کھولنے کی نیت کیا ہے؟ اگر بطور نذر نفلی روزے مانے ہوں کہ میرا فلاں کام ہوگیا تو اتنے روزے رکھوں گا، نیت رکھنے اور اِفطار کرنے کی کیا ہے؟

ج… نیت دِل کے ارادے کو کہتے ہیں، نفل روزہ مطلق روزے کی نیت سے بھی صحیح ہے، اور نفل کی نیت سے بھی، یعنی دِل میں ارادہ کرلے کہ میں روزہ رکھ رہا ہوں۔ مگر نذر کے روزے کے لئے نذر کی نیت کرنا ضروری ہے، یعنی دِل میں یہ ارادہ کرے کہ میں نذر کا روزہ رکھ رہا ہوں، غالباً آپ کی مراد نیت سے وہ دُعائیں ہیں جو روزہ رکھتے وقت اور اِفطار کرتے وقت پڑھی جاتی ہیں، ان دُعاوٴں کا پڑھنا مستحب ہے، ضروری نہیں، روزہ ان کے بغیر بھی صحیح ہے، البتہ ان دُعاوٴں کا زبان سے کہہ لینا مستحب ہے۔

سحری کھائے بغیر روزے کی نیت دُرست ہے

س… میں آپ سے یہ معلوم کرنا چاہتی ہوں کہ روزے کی سحری کھانا ضروری ہوتا ہے یا نہیں؟ میں بہت پریشان ہوں، کوئی کچھ کہتا ہے، کوئی کچھ، اس لئے آپ ہماری اصلاح فرمائیے۔

ج… روزے کے لئے سحری کھانا بابرکت ہے، کہ اس سے دن بھر قوّت رہتی ہے، مگر یہ روزے کے صحیح ہونے کے لئے شرط نہیں، پس اگر کسی کو سحری کھانے کا موقع نہیں ملا، اور اس نے سحری کھائے بغیر روزہ رکھ لیا تو روزہ صحیح ہے۔

قضا روزے کی نیت

س… رمضان میں جب روزے رکھتے ہیں تو روزے کی نیت پڑھ کر روزہ رکھتے ہیں، آپ سے پوچھنا یہ ہے کہ اگر ہمارے رمضان میں روزے رہ جائیں اور بعد میں ہم قضا روزے رکھیں تو یہی نیت کریں گے؟

ج… نیت دِل کے ارادے کو کہتے ہیں، پس جب آپ نے صبحِ صادق سے پہلے قضا کے روزے کی نیت کرکے روزہ رکھ لیا تو روزہ صحیح ہے، اگر زبان سے بھی: “وبصوم غد نویت من قضاء رمضان” (صبح کو قضائے رمضان کا روزہ رکھنے کی نیت کرتا/ کرتی ہوں) کہہ لے تو اچھا ہے، مگر روزے کی نیت ان الفاظ کو زبان سے کہے بغیر بھی ہوجائے گی۔

رمضان کا روزہ رکھ کر توڑ دیا تو قضا اور کفارہ لازم ہوں گے

س… کیا قضا روزے بغیر سحری کے اس طرح رکھے جاسکتے ہیں کہ میں رات کو سونے سے پہلے نیت کرکے سووٴں کہ میرا صبح روزہ ہے، کیونکہ میں نے سنا ہے کہ نفل روزہ اور قضا روزے بغیر سحری کے نہیں رکھے جاسکتے۔

اگر صبح اُٹھنے کے فوراً بعد یعنی صبح کے وقت اُٹھ کر نیت کی جائے تو کیا روزہ ادا ہوجائے گا؟ کیونکہ روزے کی نیت زوال سے پہلے کی جاتی ہے، اور اگر صبح اُٹھ کر ارادہ بدل جائے یا کسی مجبوری کی وجہ سے روزہ رکھنے کی ہمت نہ ہو تو ایسے روزہ کے لئے قضا لازم ہوگی یا کفارہ؟ براہِ کرم اس مسئلے کی تفصیل کے ساتھ وضاحت فرمادیں کیونکہ مجھے نفل اور قضا دونوں روزے رکھنے ہیں اور میں کیونکہ صبحِ صادق سے پہلے اُٹھ نہیں سکتی، اس لئے ابھی تک اپنا یہ فرض ادا نہیں کرسکی۔

ج… یہاں چند مسائل ہیں:

۱:… قضائے رمضان کا روزہ بھی بغیر سحری کے رکھ سکتے ہیں، مگر شرط یہ ہے کہ قضا کے روزے کی نیت صبحِ صادق سے پہلے کرلی جائے۔

۲:… اگر صبح ہوگئی تو نفلی روزے کی (اسی طرح رمضان مبارک کے ادائی روزے) کی نیت تو نصف النہار شرعی سے پہلے کرنا صحیح ہے۔ مگر قضا روزے کی نیت صحیح نہیں، اسی طرح نذر کے روزے کی نیت بھی صبحِ صادق کے بعد صحیح نہیں، کیونکہ قضا اور نذر کے روزے کی نیت صبحِ صادق سے پہلے کرلینا شرط ہے۔

۳:… اگر رات کو روزے کی نیت کرکے سوئے تو اگر صبحِ صادق ہونے سے پہلے آنکھ کھل گئی تو نیت بدلنے کا اختیار ہے، خواہ روزہ رکھے یا نہ رکھے، لیکن اگر رات کو نیت کرنے کے بعد اس وقت آنکھ کھلی جبکہ صبحِ صادق ہوچکی تھی تو اب نیت بدلنے کا اختیار نہیں رہا، کیونکہ رات کی نیت کی وجہ سے روزہ شروع ہوچکا ہے۔ اب نیت بدلنے کے معنی روزہ توڑنے کے ہوں گے، اس صورت میں اگر صبحِ صادق کے بعد کچھ کھایا پیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔

پھر اگر یہ رمضان کا روزہ تھا تو قضا اور کفارہ دونوں لازم آئیں گے، اور اگر نفل کا روزہ تھا تو اس کی قضا لازم آئے گی۔