دعا
اے خالقِ کل سامنے اک بندہ ترا ہے
تو کر دے عطا تجھ سے یہ کچھ مانگ رہا ہے
تو مالک و معبود بھی مسجود بھی تو ہے
میں جو بھی ہوں جو کچھ بھی ہوں سب تجھ کو پتا ہے
احباب مرے کتنے ترے پاس گئے ہیں
تو بخش دے ان سب کی خطائیں یہ دعا ہے
ہم مانتے ہیں حد سے بھی بڑھ کر ہیں گنہگار
تو پاک ہے کر معاف ہوئی جو بھی خطا ہے
تو پاک ہے ہر عیب سے اے مالک و مولا
بندہ ترا ہر عیب کی حد سے بھی بڑھا ہے
سرکارِ دو عالم کی میں امت سے ہوں مولا
میں جو بھی ہوں جو کچھ بھی ہوں تو دیکھ رہا ہے
مالک مرے تو سیدھا عطا کر مجھے رستہ
وہ رستہ کہ جس پر ترا اکرام ہوا ہے
میں اور میری اولاد ہو اسلام کی داعی
اور آئندہ نسلوں کے لیے بھی یہ دعا ہے
سرکار دو عالم کی عطا کر مجھے الفت
وہ کام کریں جس کے لیے تو نے کہا ہے
اسلام کی دولت سے منور مجھے کرنا
ہر وقت یہ ہر لمحہ مری تجھ سے دعا ہے
محروم ہیں جو ان کو بھی صالح ملے اولاد
اولاد ہو نیک ان کی کرم جن پہ ترا ہے
مقروض ہیں بے کار ہیں معذور ہیں جو بھی
ان پر بھی کرم کر دے کہ تو سب کا خدا ہے
یا رب مرے اس ملک میں نافذ ہو شریعت
ہر صاحب ایمان کی یہ تجھ سے دعا ہے
یا رب ہمیں اسلام کا وہ داعی بنا دے
جس میں ترے محبوب کی اور تیری رضا ہے
یا رب مجھے شیطان کے ہر شر سے بچانا
تو ظاہر و باطن کو مرے دیکھ رہا ہے
ہم سے بھی وہی کام لے اے مالک و مولا
جو کام ترے نبیوں نے ولیوں نے کیا ہے
ہم چاہنے والے ترے محبوب کے مولا!
وہ بھی ہو عطا جس کا نہیں ہم نے کہا ہے
جو بیٹیاں بیٹھی ہیں جواں رشتوں کی خاطر
تو نیک سبب کر کہ تو ان کا بھی خدا ہے
غافل ہیں ہدایت سے تری جو بھی مسلماں
تو ان کو ہدایت دے کہ تو راہ نما ہے
مظلوم جہاں پر بھی مسلمان ہیں مولا
ان پر بھی کرم ہو کہ یہ دل ان سے جڑا ہے
سرکار کے صدقے میں نہ رد ہوں یہ دعائیں
ہر شخص کا تو دستِ طلب دیکھ رہا ہے
اے مالک و مولا ہو دعا آس کی مقبول
یہ بھی ترے محبوب کا اک مدح سرا ہے
آمین یا رب العالمین