حج کے دوران قربانی
کیا حاجی پر عید کی قربانی بھی واجب ہے؟
س… جو حضرات پاکستان سے حج کے لئے جاتے ہیں، ان کے لئے وہاں حج کے دوران ایک قربانی واجب ہے یا دو واجب ہیں؟ اور اگر ایک قربانی کردی ہو تو اَب کیا کیا جائے؟
ج… جو حاجی صاحبان مسافر ہوں اور انہوں نے حجِ تمتع یا قران کیا ہو ان پر صرف حج کی قربانی واجب ہے، اور اگر انہوں نے حجِ مفرَد کیا ہو تو ان کے ذمہ کوئی قربانی واجب نہیں۔ اور جو حاجی مسافر نہ ہوں بلکہ مقیم ہوں ان پر بشرطِ استطاعت عید کی قربانی بھی واجب ہے۔
کیا دورانِ حج مسافر کو قربانی معاف ہے؟
س… کیا مسافرت میں قربانی معاف ہے؟ دورانِ حج جبکہ حالتِ سفر ہوتی ہے اس وقت بھی قربانی معاف ہے؟
ج… دورانِ سفر عام طور پر حاجی سفر میں ہوتا ہے، اس لئے اس پر عیدالاضحی کی قربانی واجب نہیں، البتہ اگر حاجی نے حجِ تمتع یا حجِ قران کا اِحرام باندھا ہے تو اس پر حج کی قربانی واجب ہوگی، عیدالاضحی کی نہیں۔ البتہ اگر عیدالاضحی کی قربانی بھی کرلے تو ثواب ہوگا۔
حجِ اِفراد میں قربانی نہیں، چاہے پہلا ہو یا دُوسرا، تیسرا
س… ہمارا تیسرا حج ہے، بعض لوگ کہتے ہیں کہ قربانی صرف پہلے حج پر لازمی ہے۔
ج… حجِ اِفراد میں قربانی نہیں ہوتی، خواہ پہلا ہو یا دُوسرا، تیسرا، اور تمتع یا قران ہو تو قربانی لازم ہے، خواہ پہلا ہو یا دُوسرا، تیسرا۔
حج میں قربانی کریں یا دَمِ شکر؟
س… اب تک تو میں نے سنا تھا کہ قربانی ایک ہوتی ہے جو کہ عرصے سے ہم اِدھر کرتے آئے ہیں، آج ہمارے ایک مولوی صاحب نے بتایا کہ قربانی کے دنوں میں جو قربانی ہوتی ہے وہ دَم ہے حج کا، اور قربانی کرنا حاجی پر ضروری نہیں کیونکہ حاجی مسافر ہوتا ہے، پوچھنا یہ ہے کہ آیا یہ بات کہاں تک دُرست ہے؟
ج… جس شخص کا حج تمتع یا قران ہو اس پر حج کی وجہ سے قربانی واجب ہے، اس کو دَمِ شکر کہتے ہیں۔ اسی طرح اگر حج و عمرہ میں کوئی غلطی ہوئی ہو تو اس کی وجہ سے بھی بعض صورتوں میں قربانی واجب ہوجاتی ہے، اس کو ”دَم“ کہتے ہیں۔
بقر عید کی عام قربانی دو شرطوں کے ساتھ واجب ہے، ایک یہ کہ آدمی مقیم ہو، مسافر نہ ہو۔ دوم یہ کہ حج کے ضروری اخراجات ادا کرنے کے بعد اس کے پاس قربانی کی گنجائش ہو۔ اگر مقیم نہیں تو قربانی واجب نہیں اور اگر حج کے ضروری اخراجات کے بعد قربانی کی گنجائش نہیں تب بھی اس کے ذمہ قربانی واجب نہیں۔
رَمی موٴخر ہونے پر قربانی بھی بعد میں ہوگی
س… ہجوم وغیرہ کی وجہ سے اگر عورت رات تک رَمی موٴخر کرے تو کیا اس کے حصے کی قربانی پہلے کی جاسکتی ہے؟
ج… جس شخص کا تمتع یا قران کا اِحرام ہو اس کے لئے رَمی اور قربانی میں ترتیب واجب ہے کہ پہلے رَمی کرے، پھر قربانی کرے، پھر اِحرام کھولے۔ پس جس عورت نے تمتع یا قران کیا ہو اگر وہ ہجوم کی وجہ سے رات تک رَمی کو موٴخر کرے تو قربانی کو بھی رَمی سے فارغ ہونے تک موٴخر کرنا لازم ہوگا۔ جب تک وہ رَمی نہ کرے اس کے حصے کی قربانی نہیں ہوسکتی اور جب تک قربانی نہ ہوجائے، اس کا اِحرام نہیں کھل سکتا۔
کسی ادارہ کو رقم دے کر قربانی کروانا
س… حج کے موقع پر ایک ادارہ رقم لے کر رسید جاری کرتا ہے اور وقت دے دیتا ہے کہ فلاں وقت تمہاری طرف سے قربانی ہوجائے گی، چنانچہ فلاں وقت بال کٹواکر اِحرام کھول دینا۔ لیکن بغیر تصدیق کئے بال کٹواکر اِحرام کھولنا چاہئے یا نہیں؟
ج… اگر قربانی سے پہلے بال کٹادئیے جائیں تو دَم لازم آتا ہے، چونکہ اس صورت میں یہ یقین نہیں کہ اِحرام کھولنے سے پہلے قربانی ہوگئی، اس لئے یہ صورت صحیح نہیں۔
حاجی کا قربانی کے لئے کسی جگہ رقم جمع کروانا
س… قربانی کے لئے مدرسہ صولتیہ میں رقم جمع کروائی، اپنے ہاتھ سے یہ قربانی نہیں کی، یہ عمل صحیح ہوا؟
ج… حاجی کو مزدلفہ سے منیٰ آکر چار کام کرنے ہوتے ہیں۔ ۱:-رَمی، ۲:-قربانی، ۳:-حلق، ۴:-طوافِ اِفاضہ، پہلے تین کاموں میں ترتیب واجب ہے، یعنی سب سے پہلے رَمی کرے، پھر قربانی کرے (جبکہ حج تمتع یا قران کیا ہو)، اس کے بعد بال کٹائے، اگر ان تین کاموں میں ترتیب قائم نہ رکھی، مثلاً رَمی سے پہلے قربانی کردی، یا حلق کرالیا، یا قربانی سے پہلے حلق کرالیا تو دَم واجب ہے۔ اب آپ نے جو صولتیہ میں رقم جمع کروائی تو ضروری تھا کہ وہ قربانی آپ کی رَمی کے بعد اور حلق سے پہلے ہو، اگر آپ نے رَمی نہیں کی تھی کہ انہوں نے آپ کی طرف سے قربانی کردی تو دَم لازم آیا، یا انہوں نے قربانی نہیں کی تھی اور آپ نے حلق کرالیا تب بھی دَم لازم آگیا، اس لئے ان سے تحقیق کرلی جائے کہ انہوں نے قربانی کس وقت کی تھی؟
یہ حکم اس صورت میں ہے کہ جبکہ آپ نے حج قران یا تمتع کیا ہو، لیکن اگر آپ نے صرف حجِ مفرَد کیا تھا تو قربانی آپ کے ذمہ واجب نہیں تھی اور آپ رَمی کے بعد حلق کراسکتے تھے۔
بینک کے ذریعہ قربانی کروانا
س… میں اور میری بیوی کا حج پر جانا ہوا، حج سے پہلے ہم نے قربانی کے پیسے وہاں کے بینک میں جمع کرادئیے تاکہ اس دن مذبح خانہ جانے کی پریشانی نہ ہو، لیکن یہاں آکر میرے بھائی نے بتلایا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ اس بنا پر میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا یہ عمل ٹھیک ہے یا نہیں؟ اگر نہیں تو اس کی کیا دلیل ہے؟ اور پھر اس عمل سے حج میں کوئی نقص آیا ہوگا، وہ نقص کیا ہے؟ اور اب اس کا کیا تاوان ہے جس کی وجہ سے وہ غلطی پوری ہوجائے؟
ج… جس شخص کا حج تمتع یا قران کا ہو اس کے ذمہ قربانی واجب ہے، اور یہ بھی واجب ہے کہ پہلے قربانی کی جائے اس کے بعد حلق کرایا جائے، اگر قربانی سے پہلے حلق کرالیا تو دَم واجب ہوگا۔ آپ نے بینک میں جو رقم جمع کرائی، آپ کو کچھ معلوم نہیں کہ آپ کے نام کی قربانی ہوجانے کے بعد آپ نے حلق کرایا یا پہلے کرالیا؟ اس لئے آپ کے ذمہ احتیاطاً دَم لازم ہے۔
س… اکثر حج کے دنوں میں دیکھا گیا ہے کہ حاجی حضرات وہاں کے بینک میں قربانی کی رقم جمع کراتے ہیں اور پھر دسویں ذوالحجہ کو رَمی کے بعد فوراً حلق کرکے اِحرام اُتارلیتے ہیں، حالانکہ بینک والے قربانی بے ترتیب اور بغیر حساب کے مسلسل تین دن تک کرتے ہیں، جس میں کوئی معلوم نہیں کہ پہلے کس کی قربانی ہوگی تاکہ اس اعتبار سے حلال ہو۔ پوچھنا یہ ہے کہ حاجیوں کا یہ عمل کیسا ہے؟ کیا یہ لوگ بغیر قربانی کے اِحرام اُتار سکتے ہیں یا نہیں؟ اور مسنون اور واجب طریقہ کیا ہے؟
ج… جس شخص کا حج تمتع یا قران ہو اس پر قربانی واجب ہے، اور اس قربانی کا حلق سے پہلے کرنا واجب ہے، اگر حلق کرالیا اور قربانی نہیں کی تو دَم لازم آئے گا۔ جو لوگ بینک میں قربانی کی رقم جمع کراتے ہیں ان کے لئے ضروری ہے کہ بینک والوں سے وقت کا تعین کرالیں اور پھر قربانی کے دن قربان گاہ پر اپنا آدمی بھیج کر اپنے نام کی قربانی کو ذبح کرادیں، اس کے بعد حلق کرائیں۔ جب تک کسی حاجی کو یہ معلوم نہ ہو کہ اس کی قربانی ہوچکی ہے یا نہیں؟ اس وقت تک اس کا حلق کرانا جائز نہیں، ورنہ دَم لازم آئے گا۔ اس لئے یا تو اس طریقے پر عمل کیا جائے جو میں نے لکھا ہے، یا پھر بینک میں رقم جمع ہی نہ کرائی جائے بلکہ اپنے طور پر قربانی کا انتظام کیا جائے۔
ایک قربانی پر دو دعویٰ کریں تو پہلے خریدنے والے کی شمار ہوگی
س… پچھلے سال حج کے دوران میرے دوست نے قربانی کے لئے وہاں موجود قصائی کو رقم ادا کی، جب جانور ذبح ہوگیا اور میرے دوست نے اس میں سے کچھ گوشت نکالنا چاہا تو وہاں کچھ لوگ آگئے اور انہوں نے کہا کہ یہ جانور تو ہمارا ہے اور ہم نے قصائی کو اس کی رقم ادا کی ہے۔ تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ قصائی نے دونوں پارٹیوں سے الگ الگ پیسے لئے اور ایک ہی جانور ذبح کردیا، اب مسئلہ یہ ہے کہ آیا میرے دوست کی قربانی کا فرض ادا ہوگیا یا اسے دوبارہ کرنی پڑے گی؟
ج… چونکہ اس قصائی نے دُوسری پارٹی سے پہلے سودا کیا تھا اس لئے وہ جانور ان کا تھا، پتہ چلنے پر آپ کے دوست کو اپنی رقم واپس لے کر دُوسرا جانور خرید کر ذبح کرنا چاہئے تھا۔ بہرحال قربانی ان کے ذمہ باقی ہے، اور چونکہ انہوں نے قربانی سے پہلے اِحرام اُتار دیا اس لئے ایک دَم اس کا بھی ان کے ذمہ لازم آیا۔ اب دو قربانیاں کریں۔ یہ مسئلہ اس صورت میں ہے کہ جبکہ ان کا اِحرام تمتع یا قران ہو، اور اگر حجِ مفرَد کا اِحرام تھا تو ان کے ذمہ کوئی چیز بھی واجب نہیں۔
حاجی کس قربانی کا گوشت کھاسکتا ہے؟
س… گزارش یہ ہے کہ جو لوگ حج و عمرہ کرتے ہیں، ان کو ایک قربانی کرنی ہوتی ہے جو کہ دَم کہلاتا ہے، اور ۱۰/ذوالحجہ کو جو عام لوگ قربانی کرتے ہیں وہ سنتِ ابراہیمی (علیہ السلام) کہلاتا ہے، اب دریافت کرنا ہے کہ دَم کا گوشت سوائے مساکین کے اہلِ ثروت کو کھانا منع ہے، لیکن مکہ مکرّمہ میں قریب قریب سب حاجی صاحبان یہی گوشت کھاتے ہیں، مجھے اس میں کافی تردّد ہے، اس کا حل کیا ہوگا؟
ج… حجِ تمتع یا حجِ قران کرنے والا ایک ہی سفر میں حج و عمرہ ادا کرنے کی بنا پر جو قربانی کرتا ہے اسے ”دَمِ شکر“ کہا جاتا ہے۔ اس کا حکم بھی عام قربانی جیسا ہے، اس سے خود قربانی کرنے والا، امیر و غریب سب کھاسکتے ہیں۔ البتہ جن لوگوں پر حج و عمرہ میں کوئی جنایت (غلطی) کرنے کی وجہ سے دَم واجب ہوتا ہے وہ ”دَمِ جبر“ کہلاتا ہے، اس کا فقراء و مساکین میں صدقہ کرنا ضروری ہے، مال دار لوگ اور دَم دینے والا خود اس کو نہیں کھاسکتے۔