بغیر محرَم کے حج

محرَم کسے کہتے ہیں؟

س… ایک میاں بیوی اکٹھے حج کے لئے جارہے ہیں، میاں مردِ صالح و پرہیزگار ہے، بیوی کی ایک رشتہ دار عورت ان میاں بیوی کے ہمراہ حج کے لئے جانا چاہتی ہے اور وہ رشتہ دار عورت ایسی ہے جس کا نکاح بیوی کی زندگی میں یا دورانِ نکاح اس کے میاں سے نہیں ہوسکتا، مثلاً: بیوی کی بھتیجی، بیوی کی بھانجی، بیوی کی سگی بہن۔

ج… محرَم وہ ہوتا ہے جس سے کبھی بھی نکاح نہ ہوسکے۔ بیوی کی بہن، بھانجی اور بھتیجی شوہر کے لئے نامحرَم ہیں، ان کے ساتھ جانا جائز نہیں۔

عورتوں کے لئے حج میں محرَم کی شرط کیوں ہے؟ نیز منہ بولے بھائی کے ساتھ سفرِ حج

س… ایک لڑکی نے منہ بولے بھائی کے ساتھ حج کیا، کیا یہ اس کا محرَم ہے؟ اس کے ساتھ نکاح جائز ہے یا نہیں؟ اور پھر عورتوں کے لئے حج میں محرَم کی شرط کیوں ہے؟

ج… کسی اجنبی آدمی کو بھائی بنانے سے وہ محرَم نہیں بن جاتا، اس لئے نکاح جائز ہے۔ میں شرعی مسئلہ بتاتا ہوں، ”کیوں“ کا جواب نہیں دیا کرتا۔ مگر آپ کے اطمینان کے لئے لکھتا ہوں کہ بغیر محرَم کے عورت کو تین دن یا اس سے زیادہ کے سفر کی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ممانعت فرمائی ہے، کیونکہ ایسے طویل سفر میں اس کا اپنی عزّت و عصمت کو بچانا ایک مستقل مسئلہ ہے، اور اس ناکارہ کے علم میں ہے کہ بعض عورتیں محرَم کے بغیر حج پر گئیں اور گندگی میں مبتلا ہوکر واپس آئیں۔ علاوہ ازیں ایسے طویل سفر میں حوادث پیش آسکتے ہیں اور عورت کو اُٹھانے، بٹھانے کی ضرورت پیش آسکتی ہے، اگر کوئی محرَم ساتھ نہیں ہوگا تو عورت کے لئے یہ دُشواریاں پیش آئیں گی۔

عورت کو عمرہ کے لئے تنہا سفر جائز نہیں لیکن عمرہ ادا ہوجائے گا

س… میں عمرہ کے ارادے سے نکلنا چاہتی ہوں، ایئرپورٹ تک میرے شوہر ساتھ ہیں، جدہ میں ایئرپورٹ پر میرے بھائی موجود ہیں، پھر ان کے ساتھ عمرہ ادا کرتی ہوں، پھر جدہ سے بھائی جہاز میں سوار کرادیتے ہیں، یہاں پر شوہر اُتار لیتے ہیں، ایسی صورت میں عمرہ ادا ہوجائے گا؟

ج… عمرہ ادا ہوجاتا ہے، مگر آپ کا ہوائی جہاز کا تنہا سفر کرنا جائز نہیں۔

کراچی سے جدہ تک بغیر محرَم کے سفر

س… اگر کوئی عورت حج کے لئے مکہ مکرّمہ کا ارادہ رکھتی ہو جبکہ اس کا محرَم ساتھ نہیں آسکتا، مگر یہ کہ کراچی سے سوار کراسکتا ہے، جبکہ اس کا بھائی جدہ ایئرپورٹ پر موجود ہے، ایسی عورت کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے؟

ج… کراچی سے جدہ تک بغیر محرَم کے سفر کرنے کا گناہ اس کے ذمہ بھی ہوگا۔

بغیر محرَم کے حج کا سفر

س… بغیر محرَم کے حج کے لئے جانے کے بارے میں مشروع حکم کیا ہے؟ محرَم کے بغیر عورت کا حج کرنا جائز ہے یا نہیں؟ حکومتِ وقت نے حج کی درخواستیں قبول کرنے کے لئے عورت کے لئے محرَم کا نام و پتہ وغیرہ لکھنے کی ضروری شرط عائد کر رکھی ہے، جو عورتیں غیرمحرَم کو محرَم دِکھاکر حج کرنے چلی جائیں ان کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… محرَم کے بغیر حج کا سفر جائز نہیں، اور نامحرَم کو محرَم دِکھاکر حج کا سفر کرنا دُہرا گناہ ہے۔

حج کے لئے غیرمحرَم کو محرَم بنانا گناہ ہے

س… ایک خاتون جو دو مرتبہ حج کرچکی ہیں اور جن کی عمر بھی ساٹھ سال سے تجاوز کرچکی ہے، تیسری مرتبہ حجِ بدل کی نیت سے جانا چاہتی ہیں، اس صورت میں گروپ لیڈر کو جو شرعی محرَم نہیں ہے، اس کو اپنا محرَم قرار دے کر جبکہ اسی گروپ میں پندرہ بیس دیگر خواتین بھی گروپ لیڈر ہی کو محرَم بناکر (جو ان کا شرعی محرَم نہیں ہے) حج پر جارہی ہیں، ایسی خواتین کا حج دُرست ہوگا یا نہیں؟

ج… محرَم کے بغیر سفر کرنا جائز نہیں، گو حج ادا ہوجائے گا، لیکن جھوٹ اور بغیر محرَم کے سفر کا گناہ سر پر رہے گا۔

عورت کو محرَم کے بغیر حج پر جانا جائز نہیں

س… میں حج کی سعادت حاصل کرنا چاہتی ہوں اور اللہ پاک کا شکر ہے کہ اتنی حیثیت ہے کہ میں اپنا حج کا خرچہ اُٹھاسکوں، لیکن مشکل یہ ہے کہ میرے ساتھ جانے والا کوئی نہیں ہے، ماشاء اللہ میرے چار بیٹے ہیں، جن میں دو شادی شدہ ہیں اور اپنی کاروباری اور گھریلو زندگی میں مصروف ہیں، اور ایک گورنمنٹ سروس میں ہے، جنھیں چھٹی ملنا مشکل ہے، بلکہ ناممکن ہے، اور چوتھا بیٹا ابھی تیرہ سال کا ہے اور قرآن پاک حفظ کر رہا ہے۔ کیا میں گروپ کے ساتھ حج کرنے جاسکتی ہوں یا اور کوئی طریقہ ہے؟ برائے مہربانی جواب دے کر مشکور و ممنون فرمائیں۔

ج… عورت کا بغیر محرَم کے سفرِ حج پر جانا جائز نہیں، آپ کے صاحب زادوں کو چاہئے کہ ان میں سے کوئی اپنی مصروفیتوں کو آگے پیچھے کرکے آپ کے ساتھ حج پر جائے، کل تیس پینتیس دن تو خرچ ہوتے ہیں، آپ کے صاحب زادوں کے لئے آپ کے حج کی خاطر اتنی قربانی دینا کیا مشکل ہے؟

بغیر محرَم کے حج

س… میرے والد صاحب کا انتقال ۱۹۷۶ء میں ہوا، میں گھر کا بڑا فرد ہوں، ان کی وفات کے بعد میرے اُوپر ذمہ داریاں تھیں جو کہ کافی تھیں، خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں نے اس عرصے میں والد صاحب کی وفات کے بعد اپنی ذمہ داریاں پوری کیں، سابقہ سال میں، میں نے اپنی چھوٹی بہن کی شادی بھی کردی ہے، اب مجھ پر کوئی ایسی ذمہ داری نہ تھی اور نہ ہی ہے۔ میری والدہ صاحبہ کو جو کہ کراچی میں مقیم ہیں، اس سال حج اسکیم کے تحت لوگ حج پر جارہے تھے تو میرے دوست اور ان کی والدہ بھی جارہی تھیں، انہوں نے ڈرافٹ بنوایا جو کہ کل ۲۵۱۲۰روپے فی فرد کے حساب سے ہوتا ہے، میں نے اپنی والدہ کے لئے حج ڈرافٹ بنوایا اور ان کے ساتھ ہی ارسال کردیا جو کہ تینوں ڈرافٹ ایک ساتھ جمع ہوگئے ہیں اور گورنمنٹ سے منظوری بھی آگئی ہے کہ حج پر جاسکتی ہیں، جبکہ والدہ اور جن کے ساتھ جارہی ہیں، وہ صاحب دین دار ہیں یعنی نماز وغیرہ کے مکمل پابند ہیں، میں گورنمنٹ میں ملازم ہوں کیونکہ مجھے چھٹی نہیں مل سکتی، میں سوچ رہا ہوں کہ چھٹی مل جانے پر میں یہاں ریاض سے کار کے ذریعہ جاسکوں گا اور جدہ ایئرپورٹ پر ان سے ملاقات کرلوں اور ساتھ حج بھی کرلوں، لیکن میں نے ایک دن نماز کے بعد پیش امام صاحب سے پوچھا جو کہ بنگلہ دیش سے تعلق رکھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ حنفی مذہب میں بغیر محرَم کے سفر نہیں کرسکتی ہیں، حج تو بہت دُور رہا۔ اب میں پریشان ہوں کہ کیا کروں؟ کیا میری والدہ کا حج ہوسکتا ہے یا نہیں؟ یہاں دُوسرے عالم جو مصر سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے جواب دیا کہ ہوسکتا ہے، جبکہ ان کی تاریخِ پیدائش ۱۹۲۶ء ہے جو کہ عمر ۵۸ سال بنتی ہے۔ میں نے یوں بھی کوشش کی تھی کہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ہے اور حالات بھی کل کیا ہوں، کل سروس رہے یا نہ رہے، اس وقت میرے حالات اچھے ہیں خدا تعالیٰ کا شکر ہے، اور میری یہ خواہش تھی کہ میں اپنی والدہ کو حج کرادوں اور یہی دُعا کرتا ہوں اور کرتا تھا کہ تمام بہنوں اور بھائیوں کی شادی سے فارغ ہوجاوٴں تو پھر والدہ کو حج بھی کرادوں گا۔ خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ میں نے یہ ذمہ داریاں پوری کردیں ہیں۔ خدا تعالیٰ میری یہ آخری خواہش بھی پوری کردے تو اچھا ہے، بہرحال مجھے جواب دیں تو میں آپ کا بڑا ہی شکرگزار ہوں گا تاکہ مجھے تسلی ہوجائے۔

ج… حنفی مذہب میں عورت کا بغیر محرَم کے سفرِ حج پر جانا جائز نہیں، لیکن اگر چلی جائے گی تو حج ہوجائے گا، گو تنہا سفر کرنے کا گناہ ہوگا۔ شافعی مذہب میں بھروسے کی عورتوں کے ساتھ عورت کا حج پر جانا جائز ہے، وہ مصری عالم شافعی مذہب کے ہوں گے۔

محرَم کے بغیر بوڑھی عورت کا حج تو ہوگیا لیکن گناہ گار ہوگی

س… ہمارے ایک دوست کی بوڑھی، عبادت گزار نانی بغیر محرَم کے بغرض ادائے فریضہٴ حج بذریعہ ہوائی جہاز کراچی سے جدہ روانہ ہوئی ہیں۔ آپ سے یہ پوچھنا ہے کہ کراچی سے جدہ تک کا سفر بغیر محرَم کے قابلِ قبول ہے یا اس طرح حج نہیں ہوگا یا اس میں کوئی رعایت ہے؟ کیونکہ محترمہ کا نہ کوئی بیٹا ہے اور نہ ہی ان کا شوہر حیات ہے، اور ان کو حج کی تمنا ہے۔ تو کیا اسلام میں اس کے لئے کوئی رعایت ہے؟ نیز ہزاروں عورتیں جن کا کوئی محرَم نہیں ہوتا کیا وہ حج نہ کریں؟

ج… بغیر محرَم کے عورت اگر جائے تو حج تو اس کا ہوجائے گا، مگر سفر کرنا بغیر محرَم کے امام ابوحنیفہ کے نزدیک جائز نہیں، تو اس ناجائز سفر کا گناہ الگ ہوگا۔ مگر چونکہ بوڑھی اماں کا سفر زیادہ فتنے کا موجب نہیں، اس لئے ممکن ہے اللہ تعالیٰ کے یہاں ان کو رعایت مل جائے، تاہم انہیں اس ناجائز سفر کرنے پر خدا تعالیٰ سے اِستغفار کرنا چاہئے۔ رہا آپ کا یہ کہنا کہ: ”ہزاروں عورتیں جن کا کوئی نہیں ہوتا، کیا وہ حج نہ کریں؟“ اس کا جواب یہ ہے کہ جب تک محرَم میسر نہ ہو، عورت پر حج فرض ہی نہیں ہوتا، اس لئے نہ کریں، اور اگر بہت ہی شوق ہے تو نکاح کرلیا کریں۔ میرے علم میں ایسے کیس موجود ہیں کہ عورت محرَم کے بغیر حج پر گئی اور وہاں منہ کالا کرکے آئی۔ دیکھنے میں ماشاء اللہ ”حَجَّن“ ہے، لیکن اندر کی حقیقت یہ ہے۔ اس لئے خدا کے قانون کو محض اپنی رائے اور خواہش سے ٹھکرادینا اور ایک پہلو پر نظر کرکے دُوسرے سارے پہلووٴں سے آنکھیں بند کرلینا دانش مندی نہیں ہے۔ افسوس ہے کہ آج یہ مذاق عام ہوگیا ہے۔

ضعیف عورت کا ضعیف نامحرَم مرد کے ساتھ حج

س… کیا ۵۰ سال، ۶۰ سال یا ۷۰ سال کی نامحرَم عورت ۷۰ سال کے نامحرَم مرد کے ساتھ حج، عمرہ کرسکتی ہے؟ اگر عمرہ عورت نے کرلیا تو اس کا کفارہ کیا ہوگا؟

ج… نامحرَم کے ساتھ حج و عمرہ کا سفر بوڑھی عورت کے لئے بھی جائز نہیں، اگر کرلیا تو حج کی فرضیت تو ادا ہوگئی، لیکن گناہ ہوا، توبہ و اِستغفار کے سوا اس کا کوئی کفارہ نہیں۔

ممانی کا بھانجے کے ساتھ حج کرنا

س… مسئلہ یہ ہے کہ میری والدہ اس سال حج پر جانا چاہتی ہیں اور میرے والد صاحب کا انتقال ہوچکا ہے۔ میرے پھوپھی زاد بھائی اپنی والدہ، خالہ اور پھوپھی کے ساتھ جارہے ہیں اور میری والدہ ان کے ساتھ جانا چاہ رہی ہیں، میری والدہ رشتے میں میرے پھوپھی زاد بھائی کی سگی ممانی ہوتی ہیں، شرعی لحاظ سے قرآن و سنت کی روشنی میں یہ بتائیں کہ ممانی بھی بھانجے کے ساتھ حج کرنے جاسکتی ہیں یا کوئی اور صورت اس کی ہوسکتی ہے؟

ج… ممانی شرعاً محرَم نہیں، اس لئے وہ شوہر کے حقیقی بھانجے کے ساتھ حج پر نہیں جاسکتی۔

بہنوئی کے ساتھ حج یا سفر کرنا

س… اگر بہنوئی کے ساتھ حج یا کسی اور ایسے سفر پر جہاں محرَم کے ساتھ جانا ہوتا ہے، جاسکتے ہیں یا نہیں؟ جبکہ بہن بھی ساتھ جارہی ہو۔

ج… بہنوئی کے ساتھ سفر کرنا شرعاً دُرست نہیں۔

س… مسئلہ یہ ہے کہ اگر میاں اور بیوی حج کو جانا چاہتے ہوں تو کیا ان کے ہمراہ بیوی کی بہن بھی بطور محرَم جاسکتی ہے؟ شرعی طور پر ایک بیوی کی موجودگی میں اس کی ہمشیرہ سے نکاح جائز نہیں، اس لحاظ سے تو سالی محرَم ہی ہوئی۔ بہرحال اگر حکومتِ پاکستان اس مسئلے کی وضاحت اخباروں میں شائع کرادے تو بہت سے لوگ ذہنی پریشانی سے بچ جائیں گے۔

ج… محرَم وہ ہے جس سے نکاح کسی حال میں بھی جائز نہ ہو۔ سالی محرَم نہیں، چنانچہ اگر شوہر بیوی کو طلاق دیدے یا بیوی کا انتقال ہوجائے تو سالی کے ساتھ نکاح ہوسکتا ہے۔ اور نامحرَم کو ساتھ لے جانے سے حاجی مجرم بن جاتا ہے۔

جیٹھ یا دُوسرے نامحرَم کے ساتھ سفرِ حج

س… الف و ب دو بھائی ہیں، چھوٹے بھائی الف کی اہلیہ ب (شوہر کے بڑے بھائی) کے ساتھ حج پر جانا چاہتی ہے، شرعاً کیا حکم ہے؟

ج… عورت کا جیٹھ نامحرَم ہے، اور نامحرَم کے ساتھ سفرِ حج پر جانا جائز نہیں۔

شوہر کے سگے چچا کے ساتھ سفرِ حج کرنا

س… میری بیوی، میرے حقیقی چچا کے ساتھ میری رضامندی سے حج پر جانے کا ارادہ رکھتی ہے، کاغذات وغیرہ داخل کردئیے ہیں، کیا میرے چچا کی حیثیت غیرمحرَم کی تو نہ ہوجائے گی؟ شرعاً ان کے ساتھ میری بیوی جاسکتی ہے یا نہیں؟

ج… اگر آپ کی بیوی کی آپ کے چچا سے اور کوئی قرابت نہیں، تو یہ دونوں ایک دُوسرے کے لئے نامحرَم ہیں اور آپ کی بیوی کا اس کے ساتھ حج پر جانا جائز نہیں۔

عورت کا بیٹی کے سسر و ساس کے ساتھ سفرِ حج

س… میں اور میری بیوی کا اس سال حج پر جانے کا مصمم ارادہ ہے، میرے ہمراہ میرے سالے کی بیوی جو کہ میرے لڑکے کی ساس بھی ہے، وہ بھی حج پر جانا چاہتی ہے اور اس کی عمر ۶۰ سال ہے، جبکہ میرے سالے کے انتقال کو دو سال گزر چکے ہیں، وہ بضد ہے کہ آپ لوگوں سے اچھا میرا ساتھ جانے والا کوئی نہ ہوگا۔ بے حد خواہش ہے کہ دیارِ حبیب (صلی اللہ علیہ وسلم) کی زیارت کرسکوں، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں، میرا فارم بھی ساتھ ہی بھرنا، میں آپ لوگوں کے ساتھ جاوٴں گی۔ لہٰذا مسئلہ یہ ہے کہ وہ میرے ساتھ کس صورت سے حج پر جاسکتی ہیں؟

ج… آپ اس کے محرَم نہیں اور محرَم کے بغیر سفرِ حج جائز نہیں، اگر چلی جائے گی تو حج ادا ہوجائے گا، مگر گناہ گار ہوگی۔

بہن کے دیور کے ساتھ سفرِ حج و عمرہ

س… میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے حج نہیں کیا، کیا میں عمرہ کرسکتی ہوں؟ میری بہن کا دیور اس مرتبہ حج پر جارہا ہے، وہ ہمارا رشتہ دار بھی ہے اور شادی شدہ بھی ہے، کیونکہ مجھے یہاں پر بہت سے لوگوں نے کہا کہ جوان لڑکی دُوسرے آدمی کے ساتھ نہیں جاسکتی، کیا میں اس کے ساتھ حج پر جاسکتی ہوں؟

ج… بہن کا دیور محرَم نہیں ہوتا، اور محرَم کے بغیر حج یا عمرہ کے لئے جانا جائز نہیں۔

عورت کا منہ بولے بھائی کے ساتھ حج کرنا

س… نامحرَم کے ساتھ حج پر جانا کیسا ہے؟ اگر عورت بغیر محرَم کے حج پر جائے یا کسی نامحرَم کو محرَم بناکر اس کے ہمراہ جائے تو اس کا یہ عمل کیسا ہوگا؟ ہماری پھوپھی امسال حج پر گئی ہیں، انہوں نے حج کا سفر اپنے ایک منہ بولے بھائی کے ہمراہ کیا اور انہیں محرَم ظاہر کیا، حالانکہ ان کے بیٹے بیٹیاں بھی ہیں، مگر وہ اکیلی منہ بولے بھائی کے ہمراہ گئیں۔ کیا منہ بولے بھائی کو محرَم بنایا جاسکتا ہے؟ کیا اس کے ہمراہ ارکانِ حج ادا کرسکتے ہیں؟ کیا ان کا حج ہوگیا؟

ج… عورت کا بغیر محرَم کے سفر پر جانا گناہ ہے، حج تو ہوجائے گا، لیکن عورت گناہ گار ہوگی۔ منہ بولا بھائی محرَم نہیں ہوتا، اس کو محرَم ظاہر کرنا غلط بیانی ہے۔

عورت کا ایسی عورت کے ساتھ سفرِ حج کرنا جس کا شوہر ساتھ ہو

س… ایک خاتون بغرض حج جانا چاہتی ہیں، شوہر کا انتقال ہوگیا، کسی اور محرَم کا انتظام نہیں ہوپاتا۔ کیا یہ خاتون کسی ایسے مرد کے ساتھ جاسکتی ہے جس کے ساتھ اس کی بیوی ہو یا کسی ایسی خاتون کے ساتھ جاسکتی ہیں جن کے ساتھ ان کا محرَم ہو؟

ج… عورت کے لئے محرَم کے بغیر حج پر جانا جائز نہیں ہے، اور نہ مذکورہ صورت کے تحت جانا جائز ہے۔

ملازم کو محرَم بناکر حج کرنا

س… میں ایک سرکاری ملازم ہوں اور میری بیوی حج کی سعادت حاصل کرنا چاہتی ہے، میں اپنی مصروفیات کی بنا پر بطور محرَم اس کے ساتھ جانے سے قاصر ہوں، کیا میں اپنے ملازم کو (جو کہ مجھے سرکاری طور پر ملا ہوا ہے) محرَم کی حیثیت اپنی بیوی کے ساتھ بھیج سکتا ہوں؟

ج… محرَم ایسے رشتہ دار کو کہتے ہیں جس سے اس کے رشتے کی وجہ سے نکاح جائز نہیں ہوتا، جیسے: عورت کا باپ، بھائی، بھتیجا، بھانجا۔ گھر کا ملازم محرَم نہیں، اور بغیر محرَم کے حج پر جانا حرام ہے۔ آپ خود بھی گناہ گار ہوں گے اور آپ کی بیگم اور وہ ملازم بھی۔

اگر عورت کو مرنے تک محرَم حج کے لئے نہ ملے تو حج کی وصیت کرے

س… ہماری والدہ صاحبہ پر حج فرض ہوچکا ہے، جبکہ ان کے ساتھ حج پر جانے کے لئے کوئی محرَم نہیں ملتا، تو کیا اس صورت میں وہ کسی غیرمحرَم کے ساتھ حج کے لئے جاسکتی ہیں؟ نیز ان کی عمر تقریباً ۶۳ سال ہے۔

ج… عورت بغیر محرَم کے حج کے لئے نہیں جاسکتی، اس میں عمر کی کوئی قید نہیں ہے، اگر محرَم میسر نہ ہو تو اس پر حج کی ادائیگی فرض نہیں ہے، لہٰذا اس صورت میں نامحرَم کے ساتھ جانا جائز نہیں ہے، اگر چلی گئی تو حج تو ادا ہوجائے گا البتہ گناہ گار ہوگی۔ اگر آخر حیات تک اسے جانے کے لئے محرَم میسر نہ ہوا، تو اسے چاہئے کہ وصیت کرے کہ اس کے مرنے کے بعد اس کی طرف سے حجِ بدل کرایا جائے۔