تلی، اوجھڑی، کپورے وغیرہ کا شرعی حکم

حلال جانور کی سات مکروہ چیزیں

س… گزارش ہے کہ کپورے حرام ہیں، اس کی کیا وجوہ ہیں؟

ج… حلال جانور کی سات چیزیں مکروہِ تحریمی ہیں:

۱:-بہتا ہوا خون۔ ۲:-غدود۔ ۳:-مثانہ۔ ۴:-پتہ۔

۵:-نر کی پیشاب گاہ۔ ۶:-مادہ کی پیشاب گاہ۔ ۷:-کپورے۔

اوّل الذکر کا حرام ہونا تو قرآنِ کریم سے ثابت ہے، بقیہ اشیاء طبعاً خبیث ہیں، اس لئے ”ویحرم علیھم الخبائث“ کے عموم میں یہ بھی داخل ہیں۔ نیز ایک حدیث شریف میں ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان سات چیزوں کو ناپسند فرماتے تھے۔ (مصنف عبدالرزاق ج:۴ ص:۵۳۵، مراسیل ابی داوٴد ص:۱۹، سننِ کبریٰ بیہقی ج:۱۰ ص:۷)

کلیجی حلال ہے

س… میں بی اے فرسٹ ایئر کی طالبہ ہوں اور ہمارے پروفیسر صاحب ہمیں اسلامک آئیڈیالوجی پڑھاتے ہیں۔ اسلامی آئیڈیالوجی والے پروفیسر بتا رہے تھے کہ قرآن شریف میں کلیجی کھانا حرام ہے، کلیجی چونکہ خون ہے اس لئے کلیجی حرام ہے، اور حدیث میں کلیجی کو حلال کہا ہے، تو کیا واقعی کلیجی حرام ہے؟

ج… قرآنِ حکیم میں بہتے ہوئے خون کو حرام کہا گیا ہے جو جانور کے ذبح کرنے سے بہتا ہے، کلیجی حلال ہے، قرآنِ کریم میں اس کو حرام نہیں فرمایا گیا ہے۔ آپ کے پروفیسر صاحب کو غلط فہمی ہوئی ہے۔

تلی کھانا جائز ہے

س… اکثر شادی بیاہ وغیرہ میں جیسے ہی کوئی جانور ذبح کیا ادھر اس کی تلی اور کلیجی وغیرہ پکاکر کھالیتے ہیں، یا اکیلی تلی کو آگ پر سینک کر یا علیحدہ کھانے کے متعلق شریعت کیا حکم دیتی ہے؟

ج… جائز ہے۔

حلال جانور کی اوجھڑی حلال ہے

س… گائے یا بکرے کی بٹ (اوجھڑی) کھانا جائز ہے؟ اور اگر کھانا جائز ہے تو لوگ بولتے ہیں کہ اس کے کھانے سے چالیس دن تک دُعائیں قبول نہیں ہوتیں، کیا یہ صحیح ہے؟

ج… حلال جانور کی اوجھڑی حلال ہے، چالیس دن دُعا قبول نہ ہونے کی بات غلط ہے۔

گردے، کپورے اور ٹڈی حلال ہے یا حرام؟

س… جبکہ ہمارے معاشرے میں لوگ بکرے کا گوشت عام کھاتے ہیں، اور لوگ بکرے کے گردے بھی کھاتے ہیں۔ آپ یہ بتائیں کہ یہ گردے انسان کے لئے حرام ہیں یا حلال؟ میرے دوست کہتے ہیں کہ بکرا حلال ہے، کپورے حلال نہیں، اور یہ بھی بتائیں کہ مکڑی بھی حلال ہے؟ آپ کی بڑی مہربانی ہوگی۔

ج… گردے حلال ہیں۔ کپورے حلال نہیں، ٹڈی دل جو فصلوں کو تباہ کردیا کرتا ہے وہ حلال ہے۔ مکڑی حلال نہیں ہے۔

بکرے کے کپورے کھانا اور خرید و فروخت کرنا

س… کیا کپورے کھانا جائز ہے؟ آج کل بازاروں اور ہوٹلوں میں کئی لوگ کھاتے ہیں، ان کا اور بیچنے والوں کا عمل کیسا ہے؟

ج… بکرے کے خصیے کھانا مکروہِ تحریمی ہے، اور مکروہِ تحریمی حرام کے قریب قریب ہوتا ہے، اور جو حکم کھانے کا ہے وہی کھلانے اور بیچنے کا بھی ہے، اس لئے بازار اور ہوٹل میں اس کی خرید و فروخت افسوسناک غلطی ہے۔