قربانی… چیدہ چیدہ مسائل
محمد عبید الرحمن
قربانی اللہ تبارک و تعالیٰ کا حکم ہے… قربانی اللہ تعالیٰ کا قرب پانے کا وسیلہ ہے… قربانی اظہار عشق ہے… قربانی وفا کی دلیل ہے… قربانی عبادت ہے… صرف عبادت نہیں، اہم ترین عبادت… اس لئے ضروری ہے کہ قربانی کا یہ عاشقانہ عمل پوری توجہ، کامل احتیاط اور شریعت کے اصولوں کے مطابق کیا جائے… تاکہ یہ عمل اللہ تعالیٰ کے ہاں قبول ہو جائے… اور اس کا اجر بھی پورا پورا نصیب ہو۔ اسی مقصد اور اسی جذبے کے تحت ذیل میں قربانی کے چند اہم اہم مسائل کا خاکہ پیش کیا جا رہا ہے… تاکہ ہم ان کی روشنی میں اپنے اس عظیم عمل کو ضائع ہونے سے بچا لیں۔ اللہ تعالیٰ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں اور اپنی بارگاہ اقدس میں قبول فرمائیں ، آمین۔
قربانی کس پر واجب ہے ؟
جس شخص کے پاس ساڑھے باون تولہ چاندی یا اُس کی قیمت ہو یا اس کی قیمت کے برابر زائد از ضرورت سامان ہو اُس پر قربانی واجب ہے۔ قربانی کے نصاب پر سال کا گزرنا شرط نہیں۔
قربانی کے جانور
گائے، بیل، بھینس، بھینسا، اونٹ، اونٹنی، بکرا، بکری، بھیڑ ، دنبہ، دنبی کی قربانی ہوسکتی ہے۔ ان کے علاوہ کسی کی قربانی درست نہیں، جیسے ہرن اور دیگر حلال جنگلی جانور۔
قربانی کے جانوروں کی عمریں
گائے، بیل، بھینس، بھینسا کی عمر کم ازکم دو سال اور اونٹ، اونٹنی کی عمر کم ازکم پانچ سال اور باقی جانوروں کی عمر کم ازکم ایک سال ہونا ضروری ہے۔ ہاں! اگر بھیڑ یا دُنبہ سال سے کم کا ہو لیکن موٹا تازہ اتنا ہو کہ سال بھر کے جانوروں میں چھوڑ دیا جائے تو فرق محسوس نہ ہوتو اس کی قربانی بھی ہوسکتی ہے، بشرطیکہ چھ مہینے سے کم کا نہ ہو۔
متفرق مسائل
٭… اگر جانور فروخت کرنے والا جانور کی پوری عمر بتلاتا ہے اور ظاہری حالت سے اس کے بیان کی تکذیب نہیں ہوتی تو اس پر اعتماد کرنا جائز ہے۔
٭… خصی جانور کی قربانی درست ہے بلکہ افضل ہے کیونکہ اس کا گوشت اچھا ہوتا ہے۔ حضورِ اکرم ﷺ نے خود ایسے جانوروں کی قربانی فرمائی ہے۔
٭… کسی پر قربانی واجب نہ تھی لیکن اس نے قربانی کی نیت سے جانور خرید لیا تو اب اس جانور کی قربانی واجب ہوگی۔
٭… کسی پر قربانی واجب تھی لیکن قربانی کے تینوں دن گزر گئے اور اس نے قربانی نہیں کی تو ایک بکری یا بھیڑ کی قیمت خیرات کرنا لازم ہے۔ اور اگر قربانی کا جنور خرید لیا تھا اور پھر کسی وجہ سے قربانی کے تین دنوں میں ذبح نہیں کیا جا سکا تو اب بعینہٖ وہی جانور خیرات کرنا لازم ہے۔
٭… شہر اور ہر وہ مقام جہاں شرعاً جمعہ و عید کی نماز درست ہو وہاں عید کی نماز ہونے سے پہلے قربانی کرنا درست نہیں، جب نمازِ عید پڑھ چکیں تب قربانی کریں۔ البتہ اگر کوئی دیہات میں یا گائوں میں رہتا ہو، جہاں عید کی نماز نہیں ہوتی وہاں صبح صادق کے بعد قربانی کردینا درست ہے۔
٭… قربانی کے جانور کا دودھ نکالنا یا اس کے بال کاٹنا جائز نہیں، اگر کسی نے ایسا کرلیا تو دودھ اور بال یا ان کی قیمت کا صدقہ کرنا واجب ہے۔
٭… قربانی کا گوشت فروخت کرنا حرام ہے، اگر کسی نے غلطی سے یا جان بوجھ کر قربانی کا گوشت فروخت کردیا تو اتنے گوشت کی قیمت صدقہ کریں اور پھر صدقِ دل سے توبہ کریں اور آئندہ احتیاط کریں۔ اسی طرح قصائی کو ذبح کرنے کی اُجرت میں گوشت دینا بھی جائز نہیں۔ اُجرت علیحدہ سے دینی چاہیے۔
٭… قربانی کا گوشت غیر مسلم جیسے عیسائی، یہودی، مجوسی اور ہندو وغیرہ کو دینا جائز ہے۔
٭… قربانی کے جانور کی چربی، چھیچھڑے قصائی کو مزدوری میں دینا جائز نہیں، ہاں بلامعاوضہ دینا درست ہے۔
٭… قربانی کے جانور کو لٹا کر حصے داروں کے نام پڑھ کر اور دعا پڑھ کر چھیری پر پھونک مارنا یہ انتہائی غلط حرکت ہے۔ بہتر یہ ہے کہ ذبح کے وقت حصہ دار موجود ہوں یا کسی کو اپنا وکیل بنادیں، بس اتنا کافی ہے۔
٭… قربانی کی نیت صرف دل سے کرلینا کافی ہے، زبان سے کہنا ضروری نہیں، البتہ ذبح کرنے کے وقت ’’بسم اللہ، اللہ اکبر‘‘ کہنا ضروری ہے۔
٭… سنت ہے کہ جب جانور ذبح کرنے کے لئے قبلہ رو لٹائیں تو یہ دعا پڑھیں:
’’اِنِّیْ وَجَّھْتُ وَجْھِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّمَا اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ اِنَّ صَلَاتِیْ وَنُسُکِیْ وَمَحْیَایَ وَمَمَاتِیْ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰالَمِیْنَ۔ ‘‘
اور ذبح کرنے کے بعد یہ دعا پڑھیں:
’’اَللّٰھُمَّ تَقَبَّلْہُ مِنِّیْ کَمَا تَقَبَّلْتَ مِنْ حَبِیْبِکَ مُحَمَّدٍ وَّخَلِیْلِکَ اِبْراھِیْمَ عَلَیْھِمَا السَّلَامُ۔‘‘
جانوروں کے وہ عیوب جن کے ہوتے ہوئے قربانی جائز… یا… ناجائز
ناک
٭ ایک تہائی یا زائد ناک کٹی ہوئی ہو… ناجائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم ناک کٹی ہوئی ہو … جائز ہے۔
کان
٭ دونوں کان پیدائشی طور پر نہ ہوں… ناجائز ہے۔
٭ پیدائشی ایک کان ہو… ناجائز ہے۔
٭ کان میں سوراخ ہو… جائز ہے۔
٭ کان کو داغ دیا گیا ہو… جائز ہے۔
٭ لمبائی میں پورا کان چیرا ہوا ہو… مکروہ تنزیہی ہے۔
٭ کان چھوٹے ہوں… جائز ہے۔
٭ کان اگلی طرف سے کٹ کر لٹکے ہوئے ہوں… خلافِ اولیٰ ہے۔
٭ کان پچھلی طرف سے کٹ کر لٹکے ہوئے ہوں … خلافِ اولیٰ ہے۔
٭ مجموعی طور پر ایک تہائی یا زائد کان میں سوراخ ہوں… ناجائز ہے۔
٭مجموعی طور پر ایک تہائی سے کم کان میں سوراخ ہوں… جائز ہے۔
٭ ایک تہائی یا زائد کان کٹا ہوا ہو… ناجائز ہے۔
٭ایک تہائی سے کم کان کٹا ہوا ہو… جائز ہے۔
آنکھ
٭جانور دونوں آنکھوں سے اندھا ہو… ناجائز ہے۔
٭ ایک آنکھ سے نظر نہ آتا ہو… ناجائز ہے۔
٭ پیدائشی آنکھیں نہ ہوں… ناجائز ہے۔
٭ دن میں نظر نہ آئے اور رات کو نظر آتا ہو… جائز ہے۔
٭ ایک آنکھ میں سفید موتیا ایک تہائی یا زائد ہو… ناجائز ہے۔
٭ اگر ایک تہائی سے کم ہو… جائز ہے۔
٭ آنکھ سے بھینگی ہو… جائز ہے۔
سینگ
٭ ایک یا دونوں سینگ پیدائشی طور پر نہ ہوں… جائز ہے۔
٭ سینگ جڑ سے ٹوٹ جائے اور گودا نظر آئے… ناجائز ہے۔
٭ سینگ جڑ سے ٹوٹ جائے اور گودا نظر نہ آئے… مکروہ تنزیہی ہے۔
٭ ایک تہائی یا زائد سینگ کٹا ہوا ہو… جائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم سینگ کٹا ہوا ہو… جائز ہے۔
زبان
٭ دنبی، بھیڑ، بکری کی زبان نہ ہو… جائز ہے۔
٭ گائے ،بھینس کی زبان نہ ہو اور کھا نہ سکے… ناجائز ہے۔
٭ اگر کھا سکے… جائز ہے۔
٭ گائے، بھینس کی زبان ایک تہائی یا زائد کٹی ہو… ناجائز ہے۔
٭ گائے، بھینس کی زبان ایک تہائی سے کم کٹی ہو… مکروہ تنزیہی ہے۔
دانت
٭ جس کے تمام دانت ٹوٹ جائیں… ناجائز ہے۔
٭ بعض دانت ٹوٹ جائیں اور گھاس نہ کھاسکے… ناجائز ہے۔
٭ بعض دانت ٹوٹ جائیں گھاس کھاسکے… جائز ہے۔
تھن
٭ پیدائشی طور پر تھن نہ ہوں یا تھن خشک ہوجائیں… ناجائز ہے۔
٭بغیر مرض کے دودھ خشک ہوجائے… جائز ہے۔
٭ایک تہائی یا زائد تھن کٹ جائیں… ناجائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم کٹے ہوئے ہوں… جائز ہے۔
٭ تھنوں کے سرے کٹے ہوئے ہوں یا ایک تہائی یا زائد تھن کٹے ہوئے ہوں… ناجائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم کٹا ہوا ہو… جائز ہے۔
٭ دنبی، بھیڑ، بکری کا ایک تھن نہ ہویا ایک تھن مرض سے سوکھ جائے یا ضائع ہوجائے… ناجائز ہے۔
٭ گائے، بھینس، اونٹنی کا ایک تھن نہ ہو یا ایک تھن ضائع ہوگیا ہو… جائز ہے۔
٭ گائے، بھینس، اونٹنی کے دو تھن نہ ہوں یا دو تھن ضائع ہوجائیں یا دو تھنوں کا دودھ سوکھ جائے… ناجائز ہے۔
٭ گائے، بھینس، اونٹنی کے ایک تھن کا دودھ سوکھ جائے… جائز ہے۔
ٹانگ
٭ ایک ٹانگ یا دو، تین یا چاروں کٹی ہوئی ہوں… ناجائز ہے۔
٭ جانور ایک پائوں سے لنگڑا ہو کہ زمین پر رکھ سکے مگر چل نہ سکے… ناجائز ہے۔
٭ اس پاؤں کے سہارے سے مذبح تک پہنچ سکے… جائز ہے۔
کھجلی
٭ ایسا جانور جسے کھجلی ہو مگر موٹا تازہ ہو… جائز ہے۔
٭ کھجلی کی وجہ سے دبلا ہو مگر چربی کچھ ہو… خلافِ اَولیٰ ہے۔
٭ اور اگر چربی نہ رہے… ناجائز ہے۔
دُم
٭ ایک تہائی یا زائد دُم کٹ جائے… ناجائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم دُم کٹ جائے یا دُم کا درمیانی حصہ کٹ کر یاچر کر سوراخ ہو گیا ہو… جائز ہے۔
٭ پیدائشی طور پر دُم نہ ہو… خلافِ اَولیٰ ہے۔
کمزور جانور
٭ ہڈیوں اور نلیوں میں گودا گھل گیا ہو… ناجائز ہے۔
٭ جس کی ہڈیوں اور نلیوں میں گودا اور چربی باقی ہو… خلافِ اَولیٰ ہے۔
چکتی
٭ پیدائشی طور پر چکتی نہ ہو یا پیدائشی طور پر چھوٹی ہو… جائز ہے۔
٭ ایک تہائی یا زائد چکتی ضائع ہوگئی ہو… ناجائز ہے۔
٭ ایک تہائی سے کم چکتی ضائع ہوگئی ہو… جائز ہے۔
کھانسی
٭ ایسا جانور جسے کھانسی لگی ہو… جائز ہے۔
بانجھ پن
٭ جوجانور بانجھ ہوگیا ہو… جائز ہے۔