حلق

(بال منڈوانا)

رَمیٴ جمار کے بعد سر منڈانا

س… بعض حاجی صاحبان ۱۰/ذوالحجہ کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کرنے سے پہلے ہی بال کٹوالیتے یا سر منڈوالیتے ہیں، حالانکہ قربانی کے بعد ہی اِحرام سے فارغ ہوا جاسکتا ہے، اس صورت میں کیا کوئی جزا واجب ہوتی ہے یا نہیں؟

ج… اگر حجِ مفرَد کا اِحرام ہو تو قربانی اس کے ذمہ واجب نہیں، اس لئے رَمی کے بعد سر منڈاسکتا ہے، اور اگر تمتع یا قران کا اِحرام تھا تو رَمی کے بعد پہلے قربانی کرے پھر اِحرام کھولے، اگر قربانی سے پہلے اِحرام کھول دیا تو اس پر دَم لازم ہوگا۔

بار بار عمرہ کرنے والے کے لئے حلق لازم ہے

س… حج و عمرہ کی ایک کتاب میں لکھا ہے کہ حج یا عمرہ کے بعد اگر سر کے بال اُنگلی کے پورے سے چھوٹے ہیں تو قصر نہیں ہوسکتی، حلق ہی کرنا پڑے گا، اگر بال اُنگلی کے پورے سے بڑے ہیں پھر قصر ہوسکتی ہے۔ عرض ہے کہ جو لوگ طائف، جدہ یا مکہ مکرّمہ کے قریب رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں توفیق دیتا ہے تو وہ ہر مہینے ۲، ۳ عمرے ادا کرنا چاہیں اور ان کے بال چھوٹے ہوں تو کیا وہ ہمیشہ حلق ہی کرتے رہیں گے؟ کیونکہ ایک مرتبہ حلق کروانے سے کم از کم دو ماہ تو بال اتنے نہیں بڑھتے کہ قصر کرائی جاسکے، اگر کوئی خوش نصیب ہر جمعہ کو عمرہ ادا کرنا چاہے اور حلق نہیں کروانا چاہتا تو کیا قصر کراسکتا ہے؟

ج… قصر اس وقت ہوسکتا ہے جب سر کے بال اُنگلی کے پورے کے برابر ہوں، لیکن اگر بال اس سے چھوٹے ہوں تو حلق متعین ہے، قصر صحیح نہیں۔ اس لئے جو حضرات بار بار عمرے کرنے کا شوق رکھتے ہیں، ان کو لازم ہے کہ ہر عمرہ کے بعد حلق کرایا کریں، قصر سے ان کا اِحرام نہیں کھلے گا۔

حج و عمرہ میں کتنے بال کٹوائیں؟

س… حج یا عمرہ مسلمان کے لئے ایک بہت بڑی فضیلت ہے، ان کو ادا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے کچھ رکن مقرّر کئے ہیں، اگر ان میں سے کوئی ایک بھی رہ جائے تو حج یا عمرہ نہیں ہوتا۔ ان دونوں فریضوں میں ایک آخری رکن ہے، سر کے بال کٹانا، اُسترے سے یا مشین سے، یعنی سر کے ہر ایک بال کا چوتھا حصہ کٹانا چاہئے۔ آج کل جو لوگ حج یا عمرہ کے لئے آتے ہیں تو وہ تمام کے تمام بال یا بالوں کا چوتھا حصہ کٹانے کے بجائے قینچی سے ایک دو جگہ سے تھوڑے تھوڑے بال بالکل کاٹ دیتے ہیں، اور یہ رُکن اس طرح پورا کرتے ہیں۔ کیا اس طرح بال کٹانے سے رکن پورا ہوجاتا ہے؟ جبکہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے کہ بال اُسترے سے مونڈنا زیادہ افضل ہے، نہیں تو چوتھا حصہ بالوں کا۔

ج… اِحرام کھولنے کے لئے سر کے بال اُتارنا ضروری ہے اور اس کے تین درجے ہیں۔ پہلا درجہ حلق کرانا ہے، یعنی اُسترے سے سر کے بال صاف کردینا، یہ سب سے افضل ہے، اور ایسے لوگوں کے لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار رحمت کی دُعا فرمائی۔ جو لوگ دُور دُور سے سفر کرکے حج و عمرہ کے لئے جاتے ہیں اس کے باوجود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تین بار کی دُعائے رحمت سے محروم رہتے ہیں، ان کی حالت بہت ہی افسوس کے لائق ہے کہ ان لوگوں نے اپنے بالوں کے عشق میں دُعائے خیر سے محروم ہوجانے کو گوارا کرلیا، گویا ان کی حالت اس شعر کے مصداق ہے:

کعبے بھی گئے، پر نہ چھٹا عشق بتوں کا

اور زمزم بھی پیا، پر نہ بجھی آگ جگر کی

دُوسرا درجہ یہ ہے کہ پورے سر کے بال مشین یا قینچی سے اُتار لئے جائیں، اس کی فضیلت حلق (سر منڈانے) کے برابر نہیں، لیکن تین مرتبہ حلق کرانے والوں کے لئے دُعا کرنے کے بعد چوتھی مرتبہ دُعا میں ان لوگوں کو بھی شامل فرمایا ہے۔

تیسرا درجہ یہ ہے کہ کم سے کم چوتھائی سر کے بال ایک پورے کے برابر کاٹ دئیے جائیں۔ جو شخص چوتھائی سر کے بال نہ کٹوائے اس کا اِحرام ہی نہیں کھلتا، اور اس کے لئے سلے ہوئے کپڑے پہننا اور بیوی کے پاس جانا بدستور حرام رہتا ہے، جو لوگ اُوپر اُوپر سے دو چار بال کٹاکر کپڑے پہن لیتے ہیں وہ گویا اِحرام کی حالت میں کپڑے پہنتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے ذمہ جنایت کا دَم لازم آتا رہتا ہے۔

س… ہم لوگ یہاں سعودی عرب میں بغرض ملازمت مقیم ہیں اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہمیں حج اور عمرہ ادا کرنے کی سعادت اکثر نصیب ہوتی رہتی ہے۔ مگر عمرہ ادا کرنے کے بعد ہم لوگ اکثر یہ غلطی کرتے رہے ہیں کہ مقامی لوگوں، مصری، یمنی اور سوڈانی لوگوں کی دیکھا دیکھی سر کے بال صرف دو تین جگہ سے معمولی کاٹ کر اِحرام کھول دیتے ہیں۔ جبکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اس طرح کرنے سے اِحرام سے خارج نہیں ہوتے، کیونکہ فقہِ حنفیہ میں اس طرح کرنا جائز نہیں، بلکہ کم از کم سر کے چوتھائی بال کاٹنے چاہئیں۔ اور بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہر بال کا چوتھائی حصہ کاٹنا ضروری ہے، جو کہ بہت مشکل ہے۔ عمرہ کی کتابوں سے بھی یہ بات واضح طور سے نہیں ملتی ہے۔ آپ سے موٴدّبانہ عرض ہے کہ برائے مہربانی بال کٹوانے کا مسئلہ اور اَب تک جو عمرے غلطی کے ساتھ کئے ہیں ان کا کفارہ کس طرح ادا کیا جائے؟ تفصیلاً اور واضح طور سے روزنامہ ”جنگ“ جمعہ ایڈیشن کے اسلامی صفحہ میں چھاپ کر ان لاکھوں مسلمانوں کی اصلاح فرمائیں جو یہ غلطی کر رہے ہیں۔ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمرہ ادا کرنے آنے والے پاکستانی اور انڈین حضرات میں سے نوّے فیصد مقامی لوگوں کی تقلید کرتے ہوئے اسی غلطی کا اعادہ کرتے رہتے ہیں۔

ج… اِحرام خواہ حج کا ہو یا عمرہ کا، امام ابوحنیفہ کے نزدیک کم سے کم چوتھائی سر کے بال کاٹنا اِحرام کھولنے کے لئے شرط ہے۔ اگر چوتھائی سر کے بال نہیں کاٹے تو اِحرام نہیں کھلا، اس صورت میں اِحرام کے منافی عمل کرنے سے دَم لازم آئے گا۔

اِحرام کی حالت میں کسی دُوسرے کے بال کاٹنا

س… گزشتہ سال میں نے اپنے دوست کے ساتھ حج کیا، ۱۰/ذوالحجہ کو قربانی سے فارغ ہوکر بال کٹوانے کے لئے ہم نے حجام کو خاصا تلاش کیا لیکن اتفاق سے کوئی نہ مل سکا۔ اس پر میرے دوست نے خود ہی میرے بال کاٹ دئیے۔ واضح رہے کہ وہ اس وقت اِحرام ہی میں تھے۔ اتنے میں ایک بال کاٹنے والا بھی مل گیا اور میرے دوست نے اپنے بال اس سے کٹوائے۔ اب بعد میں کچھ لوگ بتارہے ہیں کہ میرے دوست کو میرے بال نہیں کاٹنے چاہئے تھے کیونکہ وہ اس وقت اِحرام کی حالت میں تھے۔ اب براہِ مہربانی آپ اس صورتِ حال میں یہ بتائیں کہ کیا میرے دوست پر دَم واجب ہوگیا؟ یا اصل مسئلے سے ناواقفیت کی بنا پر یہ کوئی غلطی نہیں تھی۔

ج… اِحرام کھولنے کی نیت سے محرِم خود بھی اپنے بال اُتار سکتا ہے اور کسی دُوسرے محرِم کے بال بھی اُتار سکتا ہے۔ آپ کے دوست نے آپ کا اِحرام کھولنے کے لئے جو آپ کے بال اُتار دئیے تو ٹھیک کیا، اس کے ذمہ دَم واجب نہیں ہوا۔

شوہر یا باپ کا اپنی بیوی یا بیٹی کے بال کاٹنا

س… کیا شوہر یا باپ اپنی بیوی یا بیٹی کے بال کاٹ سکتا ہے؟

ج… اِحرام کھولنے کے لئے شوہر اپنی بیوی کے اور باپ اپنی بیٹی کے بال کاٹ سکتا ہے، عورتیں یہ کام خود بھی کرلیا کرتی ہیں۔