سجدہٴ تلاوت کی شرائط
س… کیا سجدہٴ تلاوت کے لئے بھی انہیں تمام شرائط کا پورا کرنا ضروری ہے جو نماز کے سجدے کے لئے ضروری ہیں (جگہ کا پاک ہونا، کعبہ کی طرف منہ ہونا وغیرہ)؟
ج… جی ہاں! نماز کی شرائط سجدہٴ تلاوت کے لئے بھی ضروری ہیں۔
سجدہٴ تلاوت کا صحیح طریقہ
س… بہت دفعہ لوگوں کو مختلف طریقوں سے سجدہٴ تلاوت ادا کرتے دیکھا گیا ہے، براہِ کرم سجدہٴ تلاوت کا صحیح طریقہ تحریر فرمائیں۔
ج… “اللہ اکبر” کہہ کر سجدے میں چلا جائے اور سجدے میں تین بار “سبحان ربی الاعلیٰ” کہے، “اللہ اکبر” کہہ کر اُٹھ جائے، بس یہی سجدہٴ تلاوت ہے، کھڑے ہوکر “اللہ اکبر” کہتے ہوئے سجدے میں جانا افضل ہے، اور اگر بیٹھے بیٹھے کرلے تو بھی جائز ہے۔
سجدہٴ تلاوت میں صرف ایک سجدہ ہوتا ہے
س… سجدہٴ تلاوت میں دو سجدے ہوتے ہیں یا صرف ایک؟
ج… ایک آیت کی تلاوت پر ایک سجدہ واجب ہوتا ہے، البتہ مجلس بدلنے پر وہی آیت پھر پڑھی تو اس کا الگ سجدہ واجب ہوگا۔
سجدہٴ تلاوت میں نیت نہیں باندھی جاتی، بلکہ سجدہ کی نیت سے “اللہ اکبر” کہہ کر سجدے میں چلے جائیں اور “اللہ اکبر” کہہ کر اُٹھ جائیں، سلام پھیرنے کی ضرورت نہیں، بیٹھے بیٹھے سجدہٴ تلاوت کرلینا جائز ہے، اور کھڑے ہوکر سجدے میں جانا افضل ہے۔
نماز میں آیتِ سجدہ پڑھ کر رُکوع و سجدہ کرلیا تو سجدہٴ تلاوت ہوگیا
س… اگر نماز میں سجدہٴ تلاوت کی آیت پڑھی اور فوراً رُکوع میں چلا گیا اور رُکوع میں سجدہٴ تلاوت کی نیت نہیں کی اور پھر نماز کا سجدہ ادا کیا تو کیا سجدہٴ تلاوت بھی اس سجدے سے ادا ہوگیا یا نہیں؟
ج… اس صورت میں سجدہٴ تلاوت ادا ہوگیا۔
کیا سجدہٴ تلاوت سپارے پر بغیر قبلہ رُخ کرسکتے ہیں؟
س… سجدہٴ تلاوتِ قرآن پاک، کیا اسی وقت کرنا چاہئے جس وقت ہی اس کو پڑھیں یا پھر دیر سے بھی کرسکتے ہیں؟ اور کیا سپارے پر سجدہ کرسکتے ہیں جبکہ سامنے قبلہ نہ ہو؟ بعض لوگ ایسا کرتے ہیں کہ قرآنِ پاک پڑھنے کے بعد کہتے ہیں کہ ایک انسان چودہ سجدے کرے، آیا یہ دُرست ہے یا نہیں؟
ج… سجدہٴ تلاوت فوراً کرنا افضل ہے، لیکن ضروری نہیں، بعد میں بھی کیا جاسکتا ہے، اور قرآنِ کریم ختم کرکے سارے سجدے کرلے تو بھی صحیح ہے، لیکن اتنی تأخیر اچھی نہیں، کیا خبر کہ قرآن کے ختم کرنے سے پہلے انتقال ہوجائے اور سجدے، جو کہ واجب ہیں اس کے ذمہ رہ جائیں؟ سپارے پر سجدہ نہیں ہوتا، قبلہ رُخ ہوکر زمین پر سجدہ کرنا چاہئے، سپارے کے اُوپر سجدہ کرنا قرآنِ کریم کی بے ادبی بھی ہے۔
سجدہٴ تلاوت فرداً فرداً کریں یا ختمِ قرآن پر تمام سجدے ایک ساتھ؟
س… ہر سجدہٴ تلاوت کو اسی وقت ہی کرنا مسنون ہے یا ختمِ قرآن الحکیم پر تمام سجدے تلاوت ادا کرلئے جائیں؟ کون سا طریقہ افضل ہے؟
ج… قرآنِ کریم کے تمام سجدوں کو جمع کرنا خلافِ سنت ہے، تلاوت میں جو سجدہ آئے حتی الوسع اس کو جلد سے جلد ادا کرنے کی کوشش کی جائے، تاہم اگر اکٹھے سجدے کئے جائیں تو ادا ہوجائیں گے۔
جن سورتوں کے اواخر میں سجدے ہوں وہ پڑھنے والا سجدہ کب کرے؟
س… جن سورتوں کے اواخر میں سجدے ہیں، اگر ان کو نماز میں پڑھا جائے تو سجدہ کیسے کیا جائے؟ کیا تین سجدے کرنے یا دو سجدے سے یعنی نماز کے دو سجدوں کے بعد سجدہٴ تلاوت بھی ادا ہوجائے گا؟
ج… سجدہ والی آیت پر تلاوت ختم کرکے رُکوع میں چلا جائے تو رُکوع میں سجدہٴ تلاوت کی نیت ہوسکتی ہے، اور رُکوع کے بعد نماز کے سجدے میں بھی سجدہٴ تلاوت ادا ہوجاتا ہے، اس صورت میں مستقل سجدہٴ تلاوت کی ضرورت نہیں، اور اگر سجدہٴ تلاوت والی آیت کے بعد بھی تلاوت کرنی ہو تو پہلے سجدہٴ تلاوت کرے، پھر اُٹھ کر آگے تلاوت کرے۔
زوال کے وقت تلاوت جائز ہے لیکن سجدہٴ تلاوت جائز نہیں
س… کیا دن میں بارہ بجے قرآن مجید کی تلاوت کی جاسکتی ہے؟
ج… ٹھیک دوپہر کے وقت جبکہ سورج سر پر ہو، نماز اور سجدہٴ تلاوت منع ہے، مگر قرآن مجید کی تلاوت جائز ہے۔
فجر اور عصر کے بعد مکروہ وقت کے علاوہ سجدہٴ تلاوت جائز ہے
س… تلاوت کا سجدہ عصر کی نماز کے بعد مغرب تک یا فجر کی نماز کے بعد جائز ہے یا نہیں؟ یعنی ان دونوں اوقات میں سجدہ ادا کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟ ہمیں اہلِ سنت علماء نے منع کیا ہے، ہم خود بھی اہلِ سنت سے وابستہ ہیں، ہم دو آپس میں دوست ہیں، میں نے اس کو سجدہ کرنے سے منع کیا لیکن اس نے آپ کا حوالہ دیا۔
ج… فقہِ حنفی کے مطابق نمازِ فجر اور عصر کے بعد سجدہٴ تلاوت جائز ہے، البتہ طلوعِ آفتاب سے لے کر دُھوپ کے سفید ہونے تک، اور غروب سے پہلے دُھوپ کے زرد ہونے کی حالت میں سجدہٴ تلاوت بھی منع ہے۔
چارپائی پر بیٹھ کر تلاوت کرنے والا کب سجدہٴ تلاوت کرے؟
س… اگر چارپائی پر بیٹھ کر قرآنِ پاک کی تلاوت کر رہے ہیں اور آیتِ سجدہ بھی دورانِ تلاوت آتی ہے، لہٰذا اس کے لئے سجدہ ادا کرنا فوراً ضروری ہے یا بعد تلاوت (جتنا قرآن پڑھے) سجدہ کرلیا جائے؟ صحیح طریقہ تحریر فرمائیں۔
ج… فوراً کرلینا افضل ہے، تلاوت ختم کرکے کرنا بھی جائز ہے، اگر چارپائی سخت ہو کہ اس پر پیشانی دھنسے نہیں اور اس پر پاک کپڑا بھی بچھا ہوا ہو تو چارپائی پر بھی سجدہ ادا ہوسکتا ہے، ورنہ نہیں۔
تلاوت کے دوران آیتِ سجدہ کو آہستہ پڑھنا بہتر ہے
س… قرآن کی تلاوت کرتے وقت جس رُکوع میں سجدہ آجائے تو اس کو دِل میں پڑھنا چاہئے یا کہ بلند آواز سے پڑھے؟ کہتے ہیں کہ اگر سجدہ کی آیت کوئی سن لے تو اس پر سجدہ واجب ہے، اگر سجدہ نہ کرے تو اس کا کفارہ کیا ہے؟ اور سجدہ کرنے کا طریقہ کیا ہے؟ مفصل بتائیں۔
ج… سجدہ کی آیت پڑھنے سے، پڑھنے اور سننے والے دونوں پر سجدہ واجب ہوجاتا ہے، اس لئے کسی دُوسرے شخص کے سامنے سجدے کی آیت آہستہ پڑھے، تاکہ اس کے ذمہ سجدہ واجب نہ ہو۔ جس شخص کے ذمہ سجدہٴ تلاوت واجب تھا اور اس نے نہیں کیا تو اس کا کفارہ یہی ہے کہ سجدہ کرلے۔ سجدہٴ تلاوت کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ تکبیر کہتا ہوا سجدے میں چلا جائے، سجدے میں تین بار “سبحان ربی الاعلیٰ” پڑھے اور تکبیر کہتا ہوا اُٹھ جائے، بس سجدہٴ تلاوت ہوگیا۔
آیتِ سجدہ اور اس کا ترجمہ پڑھنے سے صرف ایک سجدہ لازم آئے گا
س… میں قرآن شریف ترجمے کے ساتھ پڑھ رہی ہوں، اور اس طرح پڑھتی ہوں کہ پہلے جتنا پڑھنا ہو وہ میں پڑھ لیتی ہوں، اس کے بعد اس کا ترجمہ، تو کیا مجھ کو قرآن شریف میں جو سجدہ آتا ہے وہ دو مرتبہ دینا ہوگا؟
ج… نہیں! سجدہ صرف ایک ہی واجب ہوگا، آیتِ سجدہ اگر ایک ہی مجلس میں کئی بار پڑھی جائے تو ایک ہی سجدہ واجب ہوتا ہے، اور قرآنِ کریم کے الفاظ پڑھنے سے سجدہ واجب ہوتا ہے، صرف ترجمہ پڑھنے سے سجدہ واجب نہیں ہوتا۔
ایک آیتِ سجدہ کئی بچوں کو پڑھائی، تب بھی ایک ہی سجدہ کرنا ہوگا
س … ایک اُستاذ کئی لڑکوں کو ایک ہی آیتِ سجدہ علیحدہ علیحدہ پڑھاتا ہے، تو معلم کو ایک ہی سجدہ کرنا پڑے گا یا کہ جتنے لڑکے ہوں گے اتنے سجدے کرنے پڑیں گے؟ یعنی معلم ایک ہی جگہ بیٹھا رہتا ہے اور لڑکے باری باری پڑھتے جاتے ہیں۔
ج… اُستاذ کے کہلانے سے تو ایک ہی سجدہ واجب ہوگا بشرطیکہ مجلس ایک ہو، لیکن اُستاذ جتنے بچوں سے سجدے کی آیت سنے گا، اتنے سجدے سننے کی وجہ سے واجب ہوں گے۔
دو آدمی ایک ہی آیتِ سجدہ پڑھیں تو کتنے سجدے واجب ہوں گے؟
س… آیتِ سجدہ اگر اُستاذ پڑھائے، شاگرد پڑھے تو کیا ہر ایک کو ایک سجدہ کرنا ہوگا یا دو؟ جبکہ ایک ہی آیتِ سجدہ ہر ایک نے پڑھی اور سنی۔
ج… دونوں پر دو سجدے واجب ہوگئے، ایک خود پڑھنے کا، دُوسرا سننے کا۔
آیتِ سجدہ نماز سے باہر کا آدمی بھی سن لے تو سجدہ کرے
س… تراویح میں آیتِ سجدہ بھی آتی ہے، تو ظاہر ہے کہ جو خارجِ صلوٰة ہوگا وہ بھی سنے گا، کیا اس پر بھی سجدہ واجب ہے؟
ج… جی ہاں! اس پر بھی واجب ہوگا۔
لاوٴڈ اسپیکر پر سجدہٴ تلاوت
س… اگر کسی شخص نے لاوٴڈ اسپیکر پر تلاوتِ قرآن پاک سن لی اور اس میں سجدہ آئے تو سننے والے پر سجدہ واجب ہے یا نہیں؟ اور سجدہ نہ کرنے والے شخص پر گناہ ہوتا ہے یا نہیں؟
ج… جس شخص کو معلوم ہو کہ یہ سجدہ کی آیت ہے، اس پر سجدہ واجب ہے، اور ترکِ واجب گناہ ہے۔
لاوٴڈ اسپیکر اور ریڈیو، ٹیلی ویژن سے آیتِ سجدہ پر سجدہٴ تلاوت
س… عام طور پر تراویح لاوٴڈ اسپیکر پر پڑھائی جاتی ہے، سجدہ کی جو آیات تلاوت کی جاتی ہیں اس کی آواز باہر بھی جاتی ہے، اگر کوئی شخص باہر یا گھر میں سجدہ کی آیات سنے تو اس پر سجدہ واجب ہوتا ہے یا نہیں؟ اسی طرح ختم والے دن ریڈیو اور ٹی وی پر سعودی عرب سے براہِ راست تراویح سنائی اور دِکھائی جاتی ہیں، اور لوگ کافی شوق سے (خاص طور پر خواتین) انہیں سنتے ہیں، جبکہ آخری پارے میں دو سجدے ہیں، کیا عوام جب وہ آیاتِ سجدہ سنیں تو ان پر سجدہ واجب ہوتا ہے یا نہیں؟ حالانکہ اکثریت صرف ذوق و شوق سے ہی دیکھتی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں، یعنی اکثر لوگ صرف سن اور دیکھ لیتے ہیں، سجدہ وغیرہ ادا نہیں کرتے۔
ج… جن لوگوں کے کان میں سجدے کی آیت پڑے، خواہ انہوں نے سننے کا قصد کیا ہو یا نہ کیا ہو، ان پر سجدہٴ تلاوت واجب ہوجاتا ہے، بشرطیکہ ان کو معلوم ہوجائے کہ آیتِ سجدہ تلاوت کی گئی، (اگر اسی تراویح کی ریکارڈنگ دوبارہ ریڈیو اور ٹی وی سے براڈکاسٹ یا ٹیلی کاسٹ کی جائے تو سجدہٴ تلاوت نہیں واجب ہوگا)، البتہ عورتیں اپنے خاص ایام میں سنیں تو ان پر واجب نہیں۔
ٹیپ ریکارڈ اور سجدہٴ تلاوت
س… کیا ٹیپ ریکارڈ پر آیتِ سجدہ سننے سے سجدہ واجب ہوجاتا ہے؟
ج… اس سے سجدہ واجب نہیں ہوتا۔
آیتِ سجدہ سن کر سجدہ نہ کرنے والا گناہگار ہوگا یا پڑھنے والا؟
س… آیتِ سجدہ تلاوت کرنے والے اور تمام سامعین پر سجدہ واجب ہے، لیکن جس کو سجدے کے متعلق معلوم نہیں اور نہ ہی صاحبِ تلاوت نے بتایا تو کیا وہ سامع گناہگار ہوگا؟
ج… جن لوگوں کو معلوم نہیں کہ آیتِ سجدہ تلاوت کی گئی ہے اور تلاوت کرنے والے نے یا کسی اور نے ان کو بتایا بھی نہیں، وہ گناہگار نہیں، اور جن لوگوں کو علم ہوگیا کہ آیتِ سجدہ کی تلاوت کی گئی ہے، اس کے باوجود انہوں نے سجدہ نہیں کیا، وہ گناہگار ہوں گے، اور اس صورت میں تلاوت کرنے والا بھی گناہگار ہوگا، اس کو چاہئے تھا کہ آیتِ سجدہ کی تلاوت آہستہ کرتا۔
س… نیز اگر آیتِ سجدہ خاموشی سے پڑھ لی جائے تو جائز ہے؟
ج… اگر آدمی تنہا تلاوت کر رہا ہو، اس کو آیتِ سجدہ آہستہ ہی پڑھنی چاہئے، لیکن اگر نماز میں (مثلاً: تروایح میں) پڑھ رہا ہو تو آہستہ پڑھنے کی صورت میں مقتدیوں کے سماع سے یہ آیت رہ جائے گی، اس لئے بلند آواز سے پڑھنی چاہئے۔
سجدہٴ تلاوت صاحبِ تلاوت خود کرے، نہ کہ کوئی دُوسرا
س… قرآن خوانی کرواوٴں اور پھر جب تمام قرآن ختم کرلیا جائے تو ایک عورت ان سب کے سجدے (جو ۱۴ ہیں) ادا کردیتی ہے، آپ وضاحت فرمائیں کہ جہاں سجدہ آئے وہیں کیا جائے؟ یا علیحدہ ایک ساتھ سب سجدے ادا کرلئے جائیں؟ کیا کوئی قید یا پابندی تو نہیں ہے؟
ج… قرآنِ کریم کے کئی سجدے اکٹھے کرنا بھی جائز ہے، مگر جس نے سجدہ کی آیت تلاوت کی ہو اسی کے ادا کرنے سے سجدہ ادا ہوگا، کوئی دُوسرا شخص اس کی جگہ سجدہ ادا نہیں کرسکتا، آپ نے جو لکھا ہے کہ ایک عورت ان سب کے سجدے ادا کردیتی ہے، یہ غلط ہے، تلاوت کرنے والوں کے ذمہ سجدہٴ تلاوت بدستور واجب ہے۔
سورة السجدة کی آیت کو آہستہ پڑھنا چاہئے، نہ کہ پوری سورة کو
س… قرآن مجید میں ایک سورہٴ سجدہ ہے، اس کا کیا حکم ہے؟ کیا اس پوری سورة کو دِل میں پڑھے؟
ج… اس سورة میں جو سجدے کی آیت آتی ہے، اس کو دُوسروں کے سامنے آہستہ پڑھے، پوری سورة دِل میں پڑھنے کی ضرورت نہیں۔
سورة الحج کے کتنے سجدے کرنے چاہئیں؟
س… قرآن الحکیم میں سورہٴ حج میں دو جگہ سجدہٴ تلاوت آتے ہیں، ان سجدوں میں سے ایک سجدے کے سامنے شافعی لکھا ہوا ہے، کیا ہم حنفی عقیدہ رکھنے والوں کو بھی اس آیتِ سجدہ پر سجدہ کرنا لازم ہے یا نہیں؟
ج… حنفیہ کے نزدیک سورة الحج میں دُوسرا سجدہ، سجدہٴ تلاوت نہیں، کیونکہ اس آیت میں رُکوع اور سجدہ دونوں کا حکم دیا گیا ہے، اس لئے آیت میں گویا نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔