عشر کی تعریف
س… ۱: عشر کی تعریف کیا ہے؟ ۲:کیا زکوٰة کی طرح اس کا بھی نصاب ہوتا ہے؟ ۳:کیا عشر سب زمین داروں پر برابر ہوتا ہے؟ ۴:یہ کن لوگوں کو ادا کیا جاتا ہے؟ ۵:ایک آدمی اگر اپنے مال کی زکوٰة ادا کردے تو کیا عشر بھی دینا ہوگا؟ ۶:کیا یہ سال میں ایک مرتبہ دیا جاتا ہے یا ہر نئی فصل پر؟ ۷:کیا مویشیوں کے چارے کے لئے کاشت کی گئی فصل پر بھی عشر ہوگا؟
ج… عشر، زمین کی پیداوار کی زکوٰة ہے، اگر زمین بارانی ہو کہ بارش کے پانی سے سیراب ہوتی ہے، تو پیداوار اُٹھنے کے وقت اس پر دسواں حصہ اللہ تعالیٰ کے راستے میں دینا واجب ہے، اور اگر زمین کو خود سیراب کیا جاتا ہے تو اس کی پیداوار کا بیسواں حصہ صدقہ کرنا واجب ہے۔
۲:… ہمارے امام ابوحنیفہ کے نزدیک اس کا کوئی نصاب نہیں، بلکہ پیداوار کم ہو یا زیادہ، اس پر عشر واجب ہے۔
۳:… جی ہاں! جو شخص بھی زمین کی فصل اُٹھائے اس کے ذمہ عشر واجب ہے۔
۴:… عشر کے مستحق وہی لوگ ہیں جو زکوٰة کے مستحق ہیں۔
۵:… عشر پیداوار کی زکوٰة ہے، اس لئے دُوسرے مالوں کی زکوٰة ادا کرنے کے باوجود پیداوار پر عشر واجب ہوگا۔
۶:… سال میں جتنی فصلیں آئیں ہر نئی فصل پر عشر واجب ہے۔
۷:… جی ہاں! مویشیوں کے چارے کے لئے کاشت کی گئی فصل پر بھی حضرت امام کے نزدیک عشر واجب ہے۔
زمین کی ہر پیداوار پر عشر ہے، زکوٰة نہیں
س… عشر کا نصاب کیا ہے؟ اور کن کن چیزوں کا عشر دیا جاتا ہے؟ زرعی پیداوار میں ۵فیصد زکوٰة دی جاتی ہے تو کیا زرعی پیداوار میں عشر اور زکوٰة دونوں ادا کرنے ہوں گے؟
ج… حضرت امام ابوحنیفہ کے نزدیک عشری زمین کی ہر پیداوار پر عشر واجب ہے، خواہ کم ہو یا زیادہ، اگر زمین بارانی ہو تو اس کی پیداوار میں دسواں حصہ واجب ہے، اور اگر کنویں کے پانی سے سیراب کی جاتی ہو، یا نہری پانی خرید کر لگایا جاتا ہو تو اس میں بیسواں حصہ واجب ہے۔ حضرت امام کے نزدیک پھلوں، سبزیوں، ترکاریوں اور مویشیوں کے چارے میں بھی، جس کو کاشت کیا جاتا ہو، عشر واجب ہے۔ زرعی پیداوار میں زکوٰة واجب نہیں ہوتی، صرف عشر واجب ہے، جس کی تفصیل اُوپر ذکر کردی گئی۔
عشر کتنی آمدنی پر ہے؟
س… گزارش یہ ہے کہ آپ نے ایک سوال کے جواب میں فرمایا ہے کہ: “جو شخص بھی زمین کی فصل اُٹھائے خواہ کم ہو یا زیادہ اس کے ذمہ عشر واجب ہے” اس سلسلے میں یہ بھی وضاحت فرمادیں کہ اگر کسی شخص کے پاس تھوڑی سی زمین ہے اور وہ اس پر کاشت کرتا ہے، فصل اچھی نہیں ہوتی، کھاد، پانی اور کیڑے مار دوائیوں کے اخراجات بھی بمشکل پورے ہوتے ہیں، جو فصل آتی ہے وہ اس کی ضروریات سے بہت کم ہے، اس طرح وہ صاحبِ نصاب نہیں ہے اور مستحقِ زکوٰة ہے، تو کیا ایسی صورت میں وہ اپنی فصل کا عشر خود استعمال کرسکتا ہے؟
ج… اس کی ذاتی پیداوار کا عشر اس کے ذمہ واجب ہے، اس کو خود استعمال نہیں کرسکتا۔
پیداوار کے عشر کے بعد اس کی رقم پر زکوٰة کا مسئلہ
س… باغ بیچنے کے ایک ماہ بعد کسی نے اپنی سالانہ زکوٰة نکالنی ہے، آیا اس باغ کی رقم پر، جس کا اس نے عشر دے دیا ہے، زکوٰة آئے گی یا نہیں؟
ج… اس رقم پر بھی زکوٰة آئے گی، جب دُوسری رقم کی زکوٰة دے تو اس کے ساتھ اس کی بھی دے۔
غلہ اور پھل کی پیداوار پر عشر کی ادائیگی
س… کیا غلہ یا پھل کے بدلے اس کی قیمت زکوٰة کی شکل میں وصول کی جاسکتی ہے یا جنس ہی وصول کرنا ضروری ہے؟ ایک صاحب فرما رہے تھے کہ اگر جنس کی قیمت دے دی گئی تو زکوٰة ادا نہ ہوئی، حالانکہ عشر کے آرڈیننس میں قیمت ہی وصول کی جاتی ہے۔
دُوسری بات یہ کہ کیا زرعی پیداوار میں بھی کچھ نصاب ہے؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اس میں نصاب کی قید نہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کم سے کم ایک وسق ہونا ضروری ہے، ایک وسق کا کیا وزن ہوتا ہے، ہم لوگوں کو معلوم نہیں، براہ کرم فقہِ حنفی کی رُو سے جواب سے سرفراز فرمائیں، تاکہ شکوک دُور ہوں۔
ج… عشری پیداوار اگر بارانی ہو تو اس پر عشر (یعنی دسواں حصہ واجب ہے) اگر اس پیداوار پر پانی وغیرہ کے مصارف آتے ہوں تو بیسواں حصہ واجب ہے، اصل واجب تو پیداوار ہی کا حصہ ہے، لیکن یہ بھی اختیار ہے کہ اتنے غلے کی قیمت دے دی جائے۔ حکومت جو فی ایکڑ کے حساب سے عشر وصول کرتی ہے یہ صحیح نہیں، ہونا یہ چاہئے کہ جتنی پیداوار ہو اس کا دسواں یا بیسواں حصہ لیا جائے، پورے علاقے کے لئے عشر کا فی ایکڑ ریٹ مقرّر کردینا غلط ہے۔
عشر ادا کردینے کے بعد تا فروخت غلہ پر نہ عشر ہے، نہ زکوٰة
س… دھان سے بروقت عشر نکالا ہے، غلہ سال بھر رکھا رہا، یعنی نہ اپنی کسی ضرورت میں استعمال ہوتا ہے اور نہ مارکیٹ میں اس کی کھپت ہے، کیا سال گزرنے پر اس میں سے عشر دیا جائے گا یا چالیسواں حصہ زکوٰة؟
ج… ایک بار عشر ادا کردینے کے بعد جب تک اس کو فروخت نہیں کیا جاتا اس پر نہ دوبارہ عشر ہے، نہ زکوٰة، اور جب عشر ادا کرنے کے بعد غلہ فروخت کردیا تو اس سے حاصل شدہ رقم پر زکوٰة اس وقت واجب ہوگی جب اس پر سال گزر جائے گا، یا اگر یہ شخص پہلے سے صاحبِ نصاب ہے تو جب اس کے نصاب پر سال پورا ہوگا، اس وقت اس رقم کی بھی زکوٰة ادا کرے گا۔
مزارعت کی زمین میں عشر
س… میں ایک زمین دار کی زمین کاشت کرتا ہوں، اور اس سال کل زمین میں دس ہزار کی کپاس ہوئی ہے، اور میرے حصے میں پانچ ہزار آیا ہے، اب کیا میں پورے دس ہزار کا عشر یا زکوٰة نکالوں یا اپنے حصے پانچ ہزار کا عشر یا زکوٰة نکالوں؟
ج… آپ اپنے حصے کی پیداوار کا عشر نکالئے، کیونکہ اُصول یہ ہے کہ زمین کی پیداوار جس کے گھر آئے گی زمین کا عشر بھی اسی کے ذمہ ہوگا، پس مزارع کے حصے میں جتنی پیداوار آئے اس کا عشر اس کے ذمہ ہے، اور مالک کے حصے میں جتنی جائے اس کا عشر اس پر لازم ہے۔
ٹریکٹر وغیرہ چلانے سے زراعت کا عشر بیسواں حصہ ہے
س… پہلے زمانے میں لوگ کاشت کاری کرتے تھے، تو صرف ہل چلاکر اور پانی لگاکر پیداوار حاصل کرتے تھے، لیکن موجودہ دور میں ٹریکٹروں کے ذریعے سے ہل چلائے جاتے ہیں، اور پھر زمین میں کھاد ڈالنی پڑتی ہے، اور دُوسری گوڈی وغیرہ کرائی جاتی ہے، تو ایسی زمین کا عشر ادا کرنا ہو تو زمین پر جو خرچہ ہوتا ہے اس کو نکال کر عشر ادا کیا جائے یا کل پیداوار کا بغیر خرچہ نکالے عشر ادا کرنا ہوگا؟ نیز عشر ادا کرتے وقت بیج نکال کر عشر ادا کریں یا بیج نکالے بغیر ادا کریں؟
ج… ایسی زمین کی پیداوار میں نصف عشر یعنی پیداوار کا بیسواں حصہ واجب ہے، اخراجات کو وضع نہیں کیا جائے گا، بلکہ پوری پیداوار کا بیسواں حصہ ادا کرنا ہوگا، بیج کو بھی اخراجات میں شمار کیا جائے گا۔
قابلِ نفع پھل ہونے پر باغ بیچنا جائز ہے، اس کا عشر مالک کے ذمہ ہوگا
س… ایک شخص نے اپنا باغ ثمر قابلِ نفع ہونے کے بعد بیچ دیا، آیا وہ عشر دے یا خریدنے والے پر عشر آئے گا؟
ج… اس صورت میں خریدنے والے پر عشر نہیں، بلکہ باغ کے فروخت کرنے والے پر عشر ہے۔
عشر کی رقم رفاہِ عامہ کے لئے نہیں، بلکہ فقراء کے لئے ہے
س… حکومتِ پاکستان نے جو زکوٰة و عشر کمیٹیاں بنائی ہیں، ان کے پاس عشر کی کافی رقم جمع ہے، کیا رقم عشر رفاہِ عامہ پر خرچ کی جاسکتی ہے؟ مثلاً: اسکول کی عمارت یا چار دیواری یا گلیاں وغیرہ؟
ج… زکوٰة اور عشر کی رقم صرف فقراء و مساکین کو دی جاسکتی ہے، رفاہِ عامہ پر خرچ کرنا جائز نہیں۔
عشر کی ادائیگی سے متعلق متفرق مسائل
س… کیا عشر کا زکوٰة کی طرح نصاب ہے؟ کیونکہ حکومت نے ایک مقدار مقرّر کی ہوئی ہے، اگر فصل اس مقدار سے زیادہ ہو تو عشر دینا لازمی ہے، ورنہ نہیں۔
ج… حضرت امام ابوحنیفہ کے نزدیک عشر کا نصاب نہیں، بلکہ ہر قلیل و کثیر میں عشر واجب ہے، حکومت ایک خاص مقدار پر عشر وصول کرتی ہے، اس سے کم کا عشر مالک کو خود ادا کرنا چاہئے۔
س… حکومت کو عشر، زکوٰة دینا جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ تصرف بہت مشکوک ہے۔
ج… اعتماد نہ ہو تو نہ دیا جائے، لیکن کیا ایسا ممکن بھی ہے کہ حکومت عشر وصول کرے اور کسان ادا نہ کرے؟
س… بارانی زمین کی فصل پر عشر دسواں حصہ ہے، اور نہری، چاہی وغیرہ پر بیسواں حصہ، کیا بیسواں حصہ اس لئے مقرّر ہے کہ موٴخر الذکر پر اخراجات بڑھ جاتے ہیں، اگر یہ صحیح ہے تو آج کل کیڑے مار اسپرے اور کیمیائی کھاد کا اضافہ خرچ کاشتکار کو برداشت کرنا پڑتا ہے، کیا اسپرے وغیرہ کا خرچ فصل کی آمدنی سے کم کرکے عشر دینا ہوگا یا کل پیداوار پر عشر دینا ہوگا؟
ج… شریعت نے اخراجات پر نصف عشر (یعنی دسویں حصے کے بجائے بیسواں حصہ) کردیا ہے، اس لئے اخراجات کو منہا کرکے عشر نہیں دیا جائے گا، بلکہ تمام پیداوار کا عشر دیا جائے گا۔
س… فرض کریں ڈھائی ایکڑ زمین سے ۱۰۰ من گندم پیدا ہوتی ہے، اس گندم کی کٹائی کا خرچ تقریباً ۵ من ہوگا، گندم کی کٹائی دو من فی ایکڑ کے حساب سے کرتے ہیں، اور تھریشر (گہائی) کا خرچ تقریبا ۱۵ من ہوگا، بچت آمدنی ۸۰ من ہوگی، کیا عشر ۱۰۰من پر دینا ہوگا یا ۸۰ من پر؟
ج… عشر سو من پر آئے گا۔
س… گندم کی فصل کی کٹائی کی مزدوری گندم میں دینا جائز ہے یا نہیں؟ کیونکہ گندم کی فصل کی کٹائی کی مزدوری صرف گندم کی صورت میں لیتے ہیں۔
ج… صاحبین کے نزدیک جائز ہے، اور اسی پر فتویٰ ہے۔