صدقہ اور خیرات کی تعریف
س… صدقہ اور خیرات ایک ہی چیز کے دو نام ہیں یا ان میں کچھ فرق ہے؟
ج… اُردو محاورے میں یہ دونوں لفظ ایک ہی معنی میں استعمال ہوتے ہیں، قرآن مجید میں صدقے کا لفظ زکوٰة پر بھی بولا گیا ہے، اور خیرات تمام نیک کاموں کو کہا گیا ہے۔
صدقہ کا طریقہ
س… ۱: صدقہ کے معنی کیا ہیں؟ ۲:بعض لوگ اپنی جان اور مال کا صدقہ دیتے ہیں، اس کا کیا مقصد ہے؟ ۳:کیا صدقہ کوئی خاص قسم کی خیرات ہے جو کہ دی جاتی ہے؟ ۴:صدقہ میں کیا دینا چاہئے اور کن لوگوں کو دیا جاسکتا ہے؟ ۵:کیا سیّد کو صدقہ دینا جائز ہے؟ اگر ہمیں ان کی مالی خدمت کرنا مقصود ہو تو کیا نیت ہونی چاہئے؟ ۶:بہت سے لوگ تھوڑا سا گوشت منگاکر چیلوں کو لٹادیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ جان کا صدقہ ہے، کیا یہ طریقہ ٹھیک ہے؟ اگر نقد رقم غریبوں کو دی جائے تو یہ عمل کیسا ہے؟ یا وہ گوشت غریبوں میں تقسیم کردیا جائے؟ ۷:اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ بہت سے لوگ کالی مرغی یا کالا بکرا ہی صرف صدقے کے طور پر دیتے ہیں، کیا کالی چیز دینا ضروری ہے؟
ج… صدقہ کے معنی ہیں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے لئے خیر کے کاموں میں مال خرچ کرنا، صدقہ کی قرآنِ کریم اور احادیثِ شریفہ میں بڑی فضیلت اور ترغیب آئی ہے، مصائب اور تکالیف کے رفع کرنے میں صدقہ بہت موٴثر چیز ہے۔
اللہ تعالیٰ کے راستے میں جو مال بھی خرچ کیا جائے وہ صدقہ ہے، وہ کسی محتاج کو نقد روپیہ پیسے دے یا کھانا کھلادے یا کپڑے دے دے یا کوئی اور چیز دے دے۔ کالا بکرا یا کالی مرغی کی کوئی خصوصیت نہیں، نہ صدقے کے لئے بکرا یا مرغی ذبح کرنا ہی کوئی شرط ہے، بلکہ اگر ان کی نقد قیمت کسی محتاج کو دے دے تو اس کا بھی اتنا ہی ثواب ہے۔ چیلوں کو گوشت ڈالنا اور اس کو جان کا صدقہ سمجھنا بھی فضول بات ہے۔ ہاں! کوئی جانور بھوکا ہو تو اس کو کھلانا پلانابلاشبہ موجبِ اجر ہے۔ لیکن ضرورت مند انسان کو نظرانداز کرکے چیلوں کو گوشت ڈالنا لغو حرکت ہے۔ صدقہ غریبوں، محتاجوں کو دیا جاتا ہے، سیّد کو صدقہ نہیں دینا چاہئے، بلکہ ہدیہ اور تحفہ کی نیت سے ان کی مدد کرنی چاہئے، تاہم ان کو نفلی صدقہ دینا جائز ہے، زکوٰة اور صدقہٴ فطر نہیں دے سکتے، اسی طرح علماء و صلحاء کو بھی صدقہ کی نیت سے نہیں بلکہ ہدیہ کی نیت سے دینا چاہئے۔
صدقہ کی ایک قسم صدقہٴ جاریہ ہے، جو آدمی کے مرنے کے بعد بھی جاری رہتا ہے، مثلاً کسی جگہ پانی کی قلت تھی، وہاں کنواں کھدوادیا، مسافروں کے لئے مسافرخانہ بنوادیا، کوئی مسجد بنوادی یا مسجد میں حصہ ڈال دیا، یا کوئی دینی مدرسہ بنادیا یا کسی دینی مدرسہ میں پڑھنے والوں کی خوراک پوشاک اور کتابوں وغیرہ کا انتظام کردیا، یا کسی مدرسہ کے بچوں کو قرآن مجید کے نسخے خرید کر دئیے یا اہلِ علم کو ان کی ضروریات کی دینی کتابیں لے کر دے دیں، وغیرہ۔ جب تک ان چیزوں کا فیض جاری رہے گا، اس شخص کو مرنے کے بعد بھی اس کا ثواب پہنچتا رہے گا۔
صدقہ کب لازم ہوتا ہے؟
س… صدقہ کن اوقات میں لازمی دیا جاتا ہے؟ اور وہ چیز جس پر صدقہ دیا جاتا ہے اس کا صحیح مصرف کیا ہونا چاہئے؟
ج… زکوٰة، عشر، صدقہٴ فطر، قربانی، نذر، کفارہ یہ تو فرض یا واجب ہیں، ان کے علاوہ کوئی صدقہ لازم نہیں۔ ہاں! کوئی شخص بہت ہی ضرورت مند ہو اور آپ کے پاس گنجائش ہو تو اس کی اعانت لازم ہے، عام طور سے نفلی صدقہ مصائب اور مشکلات کے رفع کرنے کے لئے دیا جاتا ہے، کیونکہ حدیث میں ہے کہ صدقہ مصیبت کو ٹالتا ہے۔
خیرات کا کھانا کھلانے کا صحیح طریقہ
س… ہمارے محلے میں مسجد ہے، اس میں محلے کے لوگ ہر جمعرات کو شام کے وقت کھانا لاتے ہیں خیرات کی نیت سے، نمازی ایک دو لقمہ ڈال کر اُٹھتا ہے، ایسے ہی ایک ایک کرکے کافی نمازی ایک دو لقمہ ڈال کر چلتے ہیں، کوئی بھی پیٹ بھر کر نہیں کھاسکتا، کیونکہ وہ اتنا ہوتا نہیں ہے کہ سب نمازی پیٹ بھر کر کھالیں، کیا بہتر یہ نہیں کہ وہ ایک جگہ گھر پر ۵ آدمی بلاکر پیٹ بھر کر کھلادے۔
ج… اس سے بھی بہتر یہ ہے کہ محلے میں کوئی تنگ دست ہو تو اس کے گھر کھانا بھیج دیا جائے، یا اتنی رقم نقد اس کو دے دی جائے۔ بعض لوگ کھانا کھلانے ہی کو صدقہ سمجھتے ہیں، اگر ضرورت مندوں کو نقد دیا جائے یا غلہ دے دیا جائے، اس کو صدقہ ہی نہیں سمجھتے، اسی طرح بعض لوگ جمعرات ہی کو کھانا مسجد میں بھیجنا ضروری سمجھتے ہیں، حالانکہ صدقہ کے لئے نہ جمعرات کی شرط ہے اور نہ مسجد بھیجنے کی۔ بعض لوگ ایصالِ ثواب کے لئے کھانا کھلاتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ جب تک کھانے پر فاتحہ نہ دلائی جائے ایصالِ ثواب ہی نہیں ہوتا، یہ بھی غلط ہے۔ آپ نے اِخلاص کے ساتھ جو کچھ بھی راہِ خدا میں دے دیا وہ قبول ہوجاتا ہے اور اگر آپ اس کا ثواب کسی عزیز یا بزرگ کو پہنچانا چاہتے ہیں تو ایصالِ ثواب کی نیت سے اس کو ثواب پہنچ جاتا ہے۔
چوری کے مال کی واپسی یا اس کے برابر صدقہ
س… کسی شخص نے کسی چیز کی چوری کی اور چوری کرنے کے بعد اس کو یہ خیال آیا کہ ایسا کرنا نہیں چاہئے تھا، لیکن جس جگہ سے وہ شیٴ ناجائز طور پر حاصل کی گئی تھی وہاں اس کا پہنچانا بھی ممکن نہ ہو تو کیا اس کی قیمت کے مساوی رقم خیرات کردینے کے بعد وہ مال تصرف میں لایا جاسکتا ہے؟
ج… اگر اس شخص کا پتہ معلوم ہے تو وہ چیز یا اس کی قیمت اس کو پہنچانا لازم ہے، رقم بھیجنے میں تو کوئی اِشکال نہیں، بہرحال اگر اس شخص کا پتہ نشان معلوم ہو تو اس کی طرف سے قیمت صدقہ کردینا کافی نہیں، بلکہ اس کو پہنچانا ضروری ہے، اور اگر وہ شخص مرگیا ہو تو اس کے وارث اگر معلوم ہوں تو ہر وارث تک اس کا حصہ پہنچانا لازم ہے، اگر اس کا پتہ نشان معلوم نہ ہو تو اس کی طرف سے اس چیز کو صدقہ کردیا جائے۔
ایسی چیز کا صدقہ جس کا مالک لاپتہ ہو
س… کچھ دن پہلے کی بات ہے کہ شدید بارش ہو رہی تھی، ایسے میں ایک بکری بھاگ کر ہمارے گھر آگئی، اور ہماری بکری کے ساتھ بیٹھ گئی، جب بارش رُکی تو ہم نے اسے باہر نکال دیا تاکہ جہاں سے آئی تھی وہاں چلی جائے، لیکن وہ بار بار ہماری بکری کے ساتھ آکر بیٹھ رہی تھی، آخرکار ہم نے مجبور ہوکر اسے باہر نکال کر دروازہ بند کردیا، ایسے میں ہماری گلی کا ہر شخص یہی چاہ رہا تھا کہ بکری مجھے مل جائے، ان کا اصرار یہی تھا کہ بکری اسے دے دی جائے، لیکن ہم نے نہ دی، بلکہ اسے لے کر علاقے سے دُور دراز مقامات تک گئے تاکہ مالک کا پتہ لگایا جاسکے، لیکن پتہ نہ چل سکا، بالآخر بکری ہم نے رکھ لی تاکہ اگر مالک آجائے تو اسے دے دی جائے، لیکن دو ماہ ہونے کے باوجود مالک کا کوئی پتہ نہ چل سکا، نہ وہ خود آیا، اب اس بکری کو ہم بیچنا چاہتے ہیں اور بیچ کر روپیہ کو مطلوبہ شخص کے نام سے خیرات یا کسی دینی ادارے میں دے دینا چاہتے ہیں، پوچھنا یہ ہے کہ ہمارا یہ عمل صحیح ہے یا غلط؟ اگر غلط ہے تو ہم کیا کریں؟
ج… آپ کا عمل صحیح ہے، یہی کرنا چاہئے، لیکن ساتھ ہی یہ نیت بھی ہو کہ اگر بعد میں اس کا مالک مل گیا اور اس نے بکری کی رقم کا مطالبہ کیا تو ہم رقم اسے واپس کردیں گے اور یہ صدقہ خود ہماری طرف سے شمار ہوگا۔