خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ

خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ:

آپ کا اسم گرامی عمر بن الخطاب بن نفیل بن عبد العزی بن رباح بن عبد اللہ بن زراح بن عدی عمرو بن کعب بن سعد بن تمیم بن مرہ بن کعب بن لوی کعب کے دو بیٹے تھے ایک کعب دوسرے مرہ ،مرہ آنحضرت ﷺ کے اجداد میں سے ہیں ،آٹھویں پست آپ کا سلسلہ نسب حضور ﷺ کے سلسلہ نسب سے مل کر ایک ہو جاتا ہے ،آپ کی کنیت ابو حفص اور لقب فاروق تھا جو زبان نبوت سے آپ کو عطا کیا گیا تھا والدہ کا نام حنتم تھا ۔

اولاد وازواج:

سب سے پہلانکاح زمانہ جاہلیت میں زینب بنت مظعون بن حبیب بن وہب بن حذافہ بن جمح سے کیا، ان کے بطن سے عبد اللہ عبد الرحمن اور حضرت حفضہ ؓ زوجہ رسول ﷺ پیدا ہوئیں ،زینب مکہ میں ایمان لائیں اور وہیں وفات ہوئی ،یہ عثمان بن مظعون کی بہن تھیں ، دوسرا نکاح دور جاہلیت میں ملیکہ بنت جرول خزاعی سے کیا ان کے بطن سے عبد اللہ پیدا ہوئے ۶ھ میں ان کو طلاق دیدی تیسرا نکاح تاریخ اسلام کے مطابق قریبہ بنت ابی امیہ مخزومی سے کیا ،اور مولانا زین العابدین کے قول کے مطابق حکیم بنت حارث سے کیا ،ان کو بھی طلاق دیدی چوتھا نکاح ۷ھ جمیلہ بنت عاصم سے کیا جن کے بطن سے عاصم پیدا ہوئے ،پانچواں نکاح ام کلثوم بنت علی ؓ سے چالیس ہزار مہر پر کیا ،ان کے بطن سے حضرت زید اور رقیہ پیدا ہوئے اور چھٹا نکاح قریبہ بنت امیہ سےکیا ،حضرت عمرؓ کی کل اولاد یہ تھیں۔ زید اکبر، زید اصغر، عاصم ، عبد اللہ ، عبد الرحمن اکبر، عبد الرحمن اوسط ، عبد الرحمن اصغر ، عبید اللہ عیاض ،حفصہ ، رقیہ ،زینب ، فاطمہ ۔