بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِo نَحْمَدُہ‘ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مُحَمَّدٍ وَّ علٰی اٰلِہٖ وَاَصْحَابِہِ اَجْمَعِیْنَ۔
تمہید:…
نماز بہت اہم عبادت ہے اس کو سنت کے مطابق ٹھیک ٹھیک ادا کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ۔لیکن ہم اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کرتے جس کی وجہ سے اکثر ہماری نمازیں خلاف سنت اداہو تی ہیں اور انوارِ سنت سے خالی رہتی ہیں ۔پھر عام لوگوں کو خصوصًا خواتین کو سنت کے مطابق نماز ادا کرنے کا طریقہ بھی معلوم نہیں اس لئے بھی ہماری نمازیں صحیح طریقے سے ادا نہیں ہوتیں۔اگر ذرا سی بھی توجہ کرلیں،اور توجہ دے کر نماز کا صحیح طریقہ سیکھ لیں اور اس کی عادت ڈال لیں تو جتنے وقت میں ہم آج نماز پڑھتے ہیں ،اتنے ہی وقت میں نماز سنت کے مطابق ادا ہوگی بلکہ اور سہولت سے ادا ہو گی اور اس کا اجروثواب بھی کہیں زیادہ ہو گا۔
خواتین کی نماز کا مکمل طریقہ تفصیل سے تحریر کیا جا تا ہے ۔اﷲ تبارک وتعالیٰ اس کو ہم سب کے لئے مفید بنائیں اور اس کے مطابق اپنی نمازیں درست کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔(آمین)
خواتین کا طریقۂ نماز:…
یہ باتیں یاد رکھئے اور اس پر عمل کا اطمینان کر لیجئے۔
(۱)…آپ کا رخ قبلہ کی طرف ہونا ضروری ہے۔
(۲)…آپ کو سیدھا کھڑا ہو نا چاہیے،اور آپ کی نظر سجدے کی جگہ پر ہو نی چاہیے ۔گردن کو جھکا کر ٹھوڑی سینے سے لگا لینا مکروہ ہے اور بلاوجہ سینے کو جھکا کر کھڑ اہو نا بھی درست نہیں ۔لہٰذا اس طرح سیدھی کھڑی ہو ں کہ نظر سجدے کی جگہ پر رہے ۔
(۳)…آپ کے پاؤں کی انگلیوں کا رخ بھی قبلہ کی جانب رہے اور دونوں پاؤں سیدھے قبلہ رخ رہیں (پاؤں کو دائیں بائیں ترچھا رکھنا خلافِ سنت ہے )دونوں قبلہ رخ ہونے چاہئیں۔
(۴)…دونوں پاؤں کے درمیان کم از کم چار انگلی کا فاصلہ رکھنا چاہئے۔(امدادا لاحکام)
(۵)…خواتین کسی موٹی اور بڑی چادر سے اپنے سارے جسم کو اچھی طرح ڈھانپ لیں جس میں سر ،سینہ ،بازو،بانہیں،پنڈلیاں ،مونڈھے،گردن وغیرہ سب ڈھکے رہیں ۔ہاں! اگر چہرہ یا قدم یا گٹوںں تک ہاتھ کھلے رہیں تو نماز ہو جا ئے گی کیونکہ یہ تینوں چیزیں ستر سے مستثنیٰ ہیں اور اگر یہ بھی ڈھکی رہیں تب بھی نماز ہو جا ئے گی۔
(۶)…نماز کے لئے ایسا باریک دو پٹہ استعمال کرنا جس میں سر ،گردن اور حلق کے نیچے کا بہت سا نظر آتا رہے ،اسی طرح بازو ،کہنیاں اور کلائیاں نہ چھپیں یا پنڈلیاں کھلی رہیں تو ایسی صورت میں نماز بالکل نہیں ہوگی۔لہٰذا نماز کے وقت سارے جسم کو چھپانے کا خاص اہتمام کریں۔اس مقصد کے لئے موٹادوپٹہ استعمال کریں ۔
(۷)…اگر نماز کے دوران چہرے ،ہاتھ اور پاؤں کے سوا جسم کا کو ئی عضو بھی چوتھا ئی کے برابرا اتنی دیر کھلا رہ گیا جس میں تین مرتبہ ’’سبحان اللہ‘‘ کہا جا سکے تو نماز ہی نہیں ہو گی اور اس سے کم کھلا رہ گیا تو نماز ہو جا ئے گی مگر گناہ ہو گا۔
(۸)…ایسے کپڑے پہن کر نماز میں کھڑا ہو نا مکروہ ہے جنہیں پہن کر انسان لوگوں کے سامنے نہ جا تا ہو۔
نماز شروع کرتے وقت:…
٭…دل میں نیت کرلیں کہ میں فلاں نماز پڑھ رہی ہوں ،زبان سے نیت کے الفاظ کہنا ضروری نہیں۔
٭…دونوں ہاتھ دوپٹے سے نکالے بغیرکندھوں تک اس طرح اٹھائیںکہ ہتھیلیوں کا رُخ قبلہ کی طرف ہو اور انگلیاں اوپر کی طر ف سیدھی ہوں۔خواتین کانو ں تک ہاتھ نہ اٹھائیں۔
٭…مذکورہ بالا طریقہ پر ہاتھ اٹھاتے وقت ’’اللہ اکبر‘‘ کہیں ،دونوں ہاتھ سینے پر بغیر حلقہ بنائے اس طرح رکھیں کہ داہنے ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی پشت پر آجائے۔خواتین کو مردوں کی طرح ناف پر ہاتھ نہ باندھنے چاہئیں۔
کھڑے ہونے کی حالت میں:…
اکیلے نماز پڑھنے کی حالت میں پہلی رکعت میں پہلے :سُبْحٰنَٰکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَآ اِٰلہَ غَیْرُکَ ۔تک پڑھیں اس کے بعد اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِOپڑھیں۔اس کے بعد بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِOپڑھیں۔ اس کے بعداَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْلعٰلَمِیْنَ O اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO مٰلِکِ یَوْمِ الدِّینِO اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ O اِھْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَO صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنعَمْتَ عَلَیْھِمْO غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَا الضَّآلِّیْنَO اس کے فوراً بعد’’ اٰمین‘‘ کہیںاس کے بعد بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِOپڑھ کر کوئی سورت پڑھیں قُلْ ھُوَاللّٰہُ اَحَد’‘O اَللّٰہُ الصَّمَدُO لَمْ یَلِدْO وَلَمْ یُوْلَدْO وَلَمْ یَکُنْ لَّہ‘ کُفُوًا اَحَد’‘O یا کہیں سے بھی تین آیتیں پڑھ لیں۔
اگر اتفاقاً امام کے پیچھے ہوں تو صرف سُبْحٰنَٰکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَآ اِٰلہَ غَیْرُکَ ۔تک پڑھ کر خاموش ہو جائیں اور امام کی قرأت کو دھیان لگا کر سنیں،اگر امام زور سے نہ پڑھ رہا ہو تو زبان ہلائے بغیر دل ہی دل سورۂ فاتحہ کا دھیان کئے رکھیں۔
٭…جب آپ خود قرأت کررہی ہوں توسورہ فاتحہ پڑھتے وقت بہتر یہ ہے کہ ہر آیت پر رک کر سانس توڑیں،پھر دوسری آیت پڑھیں کئی کئی آیتیں ایک سانس میں نہ پڑھیں مثلاً:اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْلعٰلَمِیْنَ Oپر سانس توڑ دیں،پھر اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِOپر،پھر مٰلِکِ یَوْمِ الدِّینِOپر،اسی طرح پوری سورہ فاتحہ پڑھیں۔لیکن اس کے بعد کی قرأت میں ایک سانس میں ایک سے زیادہ آیتیں پڑھ لیں تو کوئی حر ج نہیں۔اور خواتین کو ہر نماز میں الحمد شریف اور سورت وغیرہ ساری چیزیں آہستہ پڑھنی چاہئیں۔(بہشتی زیور)
٭…بغیر کسی ضرورت کے جسم کے کسی حصہ کو حرکت نہ دیں،جتنے سکون کے ساتھ کھڑی ہو ں گی اتنا ہی بہتر ہے ،اگر کھجلی وغیرہ کی ضرورت ہو تو صرف ایک ہاتھ استعمال کریں اور وہ بھی سخت ضرورت کے وقت اور کم سے کم۔
٭…جسم کا سارا زور ایک پاؤں پر دے کر دوسری ٹانگ کو اس طرح چھوڑ دیناکہ اس میں خم آجائے،نماز کے ادب کے خلاف ہے،اس سے پر ہیز کریں۔اگر ایک پاؤں پر زور دینا ہے توخیال رہے کہ دوسری ٹانگ میں خم پیدا نہ ہو ۔
٭…جمائی آنے لگے تو اس کو روکنے کی پوری کوشش کریں۔
٭…کھڑے ہونے کی حالت میں نظریں سجدہ کی جگہ پر رکھیں ،اِدھر اُدھر یاسامنے دیکھنے سے پرہیز کریں۔
رکوع میں:…
رکوع میں جاتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں۔
٭…جب قیام سے فراغت ہو جا ئے تو رکوع کرنے کے لئے ’’اللہ اکبر‘‘ کہیںجس وقت رکوع کرنے کے لئے جھکیں اسی وقت تکبیر کہنا بھی شروع کردیں اور رکوع میں جاتے ہی تکبیر ختم کردیں۔
٭…خواتین رکوع میں معمولی جھکیں کہ دونوں ہاتھ گھٹنوں تک پہنچ جائیں،مردوں کی طرح خوب اچھی طرح نہ جھکیں۔(شامی)
٭…خواتین گھٹنوں پر ہاتھ کی انگلیاں ملا کر رکھیں۔مردوں کی طرح کشادہ کرکے گھٹنوں کو نہ پکڑیں اور گھٹنوں کو (ذراآگے)کو جھکا لیں اور اپنی کہنیاں بھی پہلو سے خوب ملا کر رکھیں۔(درمختار)
٭…کم از کم اتنی دیر میں رکوع میں رُکیںکہ اطمینان سے تین یا پانچ مرتبہ سُبْحَاْنَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ ۔کہا جاسکے۔
٭…رکوع کی حالت میں نظریں پاؤں کی طرف ہو نی چاہئیں۔
٭…دونوں پاؤں پر زور براربر رہنا چاہئے،اور دونوں کے پاؤں ٹخنے ایک دوسرے کے قریب رہنے چاہئیں۔
رکوع سے کھڑے ہو تے وقت:…
رکوع سے کھڑے ہوتے وقت اس قدر سیدھی ہو جا ئیں کہ جسم میں کوئی خم باقی نہ رہے۔
٭… اس حالت میں بھی نظریں سجدے کی جگہ رہنی چاہئیں۔
٭…پھر سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہ‘ کہتے ہوئے سیدھی کھڑی ہوجائیں۔ ٭… بعض خواتین کھڑے ہوتے وقت کھڑی ہونے کے بجائے کھڑے ہونے کا صرف اشارہ کردیتی ہیں اور جسم کے جھکاؤ کی حالت میںسجدے کے لئے چلی جاتی ہیں ان کے ذمہ نماز کا لوٹانا واجب ہو جا تا ہے۔لہٰذا اس سے سختی کے ساتھ پرہیز کریں،جب تک سیدھے ہونے کا اطمینان نہ ہو جا ئے سجدے میں نہ جائیں۔
٭…اور اگر اتفاق سے امام کے پیچھے ہوں تو صرف رَبَّنَالَکَ الْحَمْدُ پڑھیں۔
٭…اور اگر تنہا نماز پڑھ رہی ہیں تو پھر تسمیع یعنی : سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہ‘اور تحمید یعنی:رَبَّنَالَکَ الْحَمْدُ دونوں پڑھیں۔
٭… اور اس کے بعدقومہ کی دعا : حَمْدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُّبَارَکًا فِیْہِ۔پڑھیں۔ (بخاری ج۱:ص۱۱۰)
سجدے میں جاتے وقت:…
سجدے میں جاتے وقت اس طریقہ کا خیال رکھیں :
٭…خواتین سینہ آگے جھکا کر سجدے میں جائیں،پہلے اپنے گھٹنے زمین پر رکھیں ،گھٹنوں کے بعد پہلے ہاتھ زمین پر رکھیں،پھرناک، پھر پیشانی۔
٭…سجدے میں خواتین خوب سمٹ کر اور دبک کر اس طرح سجدہ کریں کہ پیٹ رانوں سے بالکل مل جا ئے،بازو بھی پہلوؤں سے ملے ہوئے ہوں نیز پاؤں کو کھڑ اکرنے کی بجائے انہیں دائیں طرف نکال کر بچھا دیں،جہاں تک ہوسکے انگلیوں کا رخ قبلہ کی طرف رکھیں۔
٭…خواتین کو کہنیوں سمیت پوری بانہیں بھی زمین پر رکھ دینی چاہئیں۔
٭…سجدے کی حالت میں کم از کم اتنی دیر گزاریں کہ تین یا پانچ مرتبہ سُبحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی ۔ پورے اطمینان اور حروف کی صحیح ادائیگی کے ساتھ کہہ سکیں،اس کے بعد اَللّٰہُ اکْبَرْ کہتے ہوئے اٹھیں اور سیدھے بیٹھ جائیں پیشانی ٹیکتے ہی فوراً اٹھا لینا منع ہے۔
دونوں سجدوں کے درمیان:…
٭…ایک سجدے سے اٹھ کر اطمینان سے بیٹھ جا ئیں پھر دوسرا سجدہ کریں ذراسا اٹھ کر سیدھے ہوئے بغیر دوسرا سجدہ کرلینا گناہ ہے اور اس طرح کرنے سے نماز کا لوٹانا واجب ہو جا تا ہے۔
٭…خواتین پہلے سجدہ سے اٹھ کر بائیں کولہے پر بیٹھیں اور دونوں پاؤں بائیں طرف کو نکال دیں اور پنڈلی کو بائیں پنڈلی پر رکھیں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھ لیں اور انگلیاں خوب ملا کر رکھیں۔
٭…بیٹھنے کے وقت نظریں اپنی گود کی طرف ہونی چاہیے۔
٭…اتنی دیر بیٹھیں کہ اس میں کم از کم ایک مرتبہ سُبحَانَ اللّٰہ کہا جاسکے اور اگر اتنی دیر بیٹھیں کہ اس میں:اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ وَارْحَمْنِیْ وَاسْتُرْنِیْ وَاجْبُرْنِیْ وَاھْدِنِیْ وَارْزُقْنِیْ (ترمذی)پڑھا جاسکے تو بہتر ہے ،لیکن فرض نمازوں میں یہ پڑھنے کی ضرورت نہیں ،نفلوں میں پڑھ لینا بہتر ہے۔
دوسرا سجدہ اور اس سے اٹھنا:…
٭…دوسرے سجدے میں بھی اس طرح جائیںکہ پہلے دونوں ہاتھ زمین پر رکھیں،پھر ناک،پھر پیشانی۔
٭…سجدے کی ہیئت وہی ہونی چاہئے جو پہلے سجدے میں بیان کی گئی ہے۔
٭…سجدے سے اٹھتے وقت پہلے پیشانی زمین سے اٹھائیں،پھر ناک،پھر ہاتھ،پھر گھٹنے۔
٭…اٹھتے وقت زمین کا سہارا نہ لینا بہتر ہے ،لیکن اگر جسم بھاری ہو یا بیماری یا بڑھاپے کی وجہ سے مشکل ہو تو سہار الینا بھی جا ئز ہے
٭…اٹھنے کے بعدہر رکعت کے شروع میں سورۂ فاتحہ سے پہلے بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO پڑھیں۔
قعدہ میں:…
٭…قعدے میں بیٹھنے کا طریقہ وہی ہو گاجو سجدوں کے بیچ میں بیٹھنے کا ذکر کیا گیا ہے۔
٭…التحیات پڑھتے وقت اَلتَّحِیَّاتُ لِلّٰہِ وَالصَّلَوٰتُ وَالطَّیِّبَاتُ اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ‘O اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَعَلٰی عِبَادِاللّٰہِ الصّٰلِحِیْنَ Oجب اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِٰلہَپر پہنچیںتو شہادت کی انگلی اٹھا کر اشارہ کریں اور اِلَّا اللّٰہُ پر گرادیں پھر آگے یہ کلمات پڑھیںوَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہ‘ وَرَسُوْلُہ‘O
٭…اشارہ کا طریقہ یہ ہے کہ بیچ کی انگلی اور انگھوٹے ملا کرحلقہ بنائیں اور اس کے برابر والی انگلی کو بند کرلیں اور شہادت کی انگلی کو اس طرح اٹھائیںکہ انگلی قبلہ کی طرف جھکی ہو ئی ہو،بالکل سیدھی آسمان کی طرف نہ اٹھانی چاہئے۔
٭… اِلَّا اللّٰہُکہتے وقت شہادت کی انگلی تو نیچے کرلیں لیکن باقی انگلیوں کی جو ہیئت اشارے کے وقت بنائی تھی اس کو آخر تک برقرار رکھیں۔
٭…اگر دورکعت والی نماز پڑھ رہی ہیں تو التحیات کے بعد درج ذیل درود شریف اور دعاء پڑھ کر سلام پھیر دے اگر تین یا چار رکعت والی نماز ہے تو پھر التحیات پڑھ کر اَللّٰہُ اکْبَرْ کہتے ہوئے تیسری رکعت کیلئے کھڑی ہوجائیں۔ اور بسم اللہ پڑھ کر صرف الحمد شریف پڑھیں اور رکوع میں چلی جائیں اسی طرح چوتھی رکعت پوری کرے ، ہاں اگر چار رکعت والی نماز سنت نفل یا تین وتر ہیں تو تیسری اور چوتھی رکعت میں الحمد شریف کے ساتھ کوئی سورۃ بھی ملائیں۔
٭…اگر یہ نماز چار رکعت یا تین رکعت والی ہے تو التحیات صرف عَبْدُہ‘ وَرَسُوْلُہ‘ تک پڑھیں ، اگر غلطی سے فرض واجب یا سنت مؤکدہ کے درمیانی التحیات میں درود شریف اللّٰھُم صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍوَّعَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍتک یا اس سے زیادہ پڑھ لیا تو سجدہ سہو کرنا پڑے گا اگر اس سے کم پڑھا تو سجدہ سہو نہ آئے گا۔
سجدۂ سہو کی ترکیب:…
سجدہ ٔ سہوکرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آخری رکعت کے بعد التحیات پڑھ کر صرف داہنی طرف سلام پھیر دیں،اس کے بعد پھر دو مرتبہ سجدہ کریں۔دوسرے سجدہ سے اٹھنے کے بعد بیٹھ کر پھر التحیات پڑھیں اس کے بعد درود شریف اور دعا پڑھیں اور دونوں طرف سلام پھیر لیں۔
٭…فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے ساتھ سورۃ نہ ملائیںاگر غلطی سے سورۃ ملالی تو نماز ہوجائے گی اور سجدہ سہو بھی نہ کرنا پڑے گا۔
قعدہ ٔ اخیرہ میں:…
قعدۂ اخیرہ میں التحیات اور تشہد کے بعد یہ درود شریف پڑھیں:
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلٰٓی اِبْرَاہِیْمَ
وَعَلٰٓی اٰلِ اِبْرَاہِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ ط اَللّٰہُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحمَّدٍ۔وَّعَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰٓی اِبْرَاہِیْمَ وَعَلٰٓی اٰلِ اِبْرَاہِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ ط
درود شریف کے بعد ان سب کو پڑھ لیں یا کوئی ایک دعاء پڑھ لیں تو بھی کافی ہے۔
(۱)…اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ ظُلْمًا کَثِیْرًا وَّلَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا ٓ اَنْتَ فَا غْفِرْلِیْ مَغْفِرَۃً مِّنْ عِنْدِکَ وَارْحَمْنِیْ اِنَّکَ اَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ ط
(۲)… رَبِّ اجْعَلْنِیْ مُقِیْمَ الصّلٰوۃِ وَمِنْ ذُرِّیَّتِیْ ن صلے رَبَّنَا وَتَقَبَّل دُعَآئِ ط رَبَّنَا اغْفِرْلِیْ وَلِوَالِدَیَّ وَلِلْمُؤمِنِْینَ یَوْمَ یَقُوْمُ الْحِسَابُ ط
(۳)… رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَاحَسَنۃً وَّفِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ ط
سلام پھیرتے وقت:…
٭…اس کے بعد دائیں طرف اور پھر بائیں طرف سلام پھیر دیںدونوں طرف سلام پھیرتے وقت گردن کو اتنا موڑیںکہ پیچھے بیٹھنے والی عورت کو آپ کے رخسار نظر آجائیں۔
٭…سلام پھیرتے وقت نظریں کندھے کی طرف ہونی چاہئیں۔جب دائیں طرف گردن پھیر کراَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ۔ کہیںتو یہ نیت کریںکہ دائیں طرف جو فرشتے ہیںان کو سلام کررہی ہوں اور بائیں طرف سلام پھیرتے وقت بائیں طرف موجود فرشتوں کوسلام کرنے کی نیت کریں۔
٭…ہر فرض نماز کے بعد سلام پھیر کر تین بار اَسْتَغْفِرُ اللّہ کہہ کر یہ دعا پڑھیں:اَللّٰہُمَّ اَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْکَ السَّلَامُ تَبَارَکْتَ یَا ذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ ط(مسلم و ترمذی ۱: ص ۶۶)
دعا کا طریقہ:…
دعا کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہاتھ اتنے اٹھائے کہ وہ سینے کے سامنے آجا ئیں دونوں ہاتھوں کے درمیان معمولی سا فاصلہ ہو۔دعا کرتے وقت ہاتھوں کے اندرونی حصے کو چہرے کے سامنے رکھیں۔
٭…ایک مسئلہ :عورتوں کا جماعت کرنا مکروہ ہے،ان کے لئے اکیلے نماز پڑھنا ہی بہتر ہے۔البتہ اگر گھر کے محرم افراد گھر میں جماعت کر رہے ہوںتو ان کے ساتھ جماعت میں شامل ہونے میں کچھ حرج نہیںلیکن ایسے میں مردوں کے بالکل پیچھے کھڑا ہونا ضروری ہے،برابر ہر گز کھڑی نہ ہوں۔
٭…نماز کے بعد سجدہ میں گر کر دعامانگنا جائز نہیں۔(شامی ص۵۷۷ج۱)
نماز وِترپڑھنے کی ترکیب:…
عشاء کے فرض اور سنتوں کے بعد یہ تین رکعتیں ہوتی ہیں جو کہ واجب ہیں پہلی دو رکعتیں عام طریقہ پر پڑھ کر قعدہ کیا جاتا ہے اور التحیات پڑھ کر کھڑے ہوجاتے ہیں تیسری رکعت میں الحمد شریف اور کوئی اور سورۃ پڑھ کر اَللّٰہُ اَکْبَرُکہتے ہوئے ہاتھ کانوں تک اٹھا کر پھر ہاتھ باندھ لیتے ہیں اور دعائے قنوت پڑھتے ہیں اور وہ یہ ہے۔
اَللّٰہُمَّ اِنَّا نَسْتَعِیْنُکَ وَنَسْتَغْفِرُکَ وَنُؤْمِنُ بِکَ وَنَتَوَکَّلُ عَلَیْکَ وَنُثْنِیْ عَلَیْکَ الخَیْرَ ط وَنَشْکُرُکَ وَلَا نَکْفُرُکَ وَنَخْلَعُ وَنَتْرُکُ مَن یَّفْجُرُکَ اَللّٰہُمَّ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَلَکَ نُصَلِّیْ وَنَسْجُدُ وَاِلَیْکَ نَسْعٰی وَنَحْفِدُ وَنَرْجُوْارَحْمَتَکَ وَنَخْشٰی عَذَابَکَ اِنَّ عَذَابَکَ بِالْکُفَّارِ مُلْحِق’‘ ط
نماز کی جان:…
نماز کے بارے میں اب تک جوکچھ بتا گیا ہے یہ سب چیزیںنماز کے ظاہر کو درست اور ٹھیک کرنے کے لیے ہیں۔ظاہر کی درستی اس وقت کام دیتی ہے ،جب اندر میں بھی جان ہو ،ایک تندرست آدمی خوبصورت ہو،اس کا ناک نقشہ بھی سڈول ہو،لیکن بدن کے اندر روح نہیں ہے تو ایسا آدمی ایک بے جان لاش ہے ،اسی طرح نماز کی بھی ایک روح اور جان ہے اور وہ ہے خدا تعالیٰ کا دھیان۔نماز میںشروع سے آخر تک اپنی بے بسی اور عاجزی کے ساتھ خدا تعالیٰ کی قدرت اور بڑائی کا دھیان جتنا مضبوط ہوگا نماز اُتنی ہی جانداراور قیمتی ہوگی،اللہ تبارک وتعالیٰ ہماری،آپ کی،سب کی نمازوں کو جاندار اور قیمتی بنادے ۔(آمین)
ماخذ:…
(۱)…خواتین کا طریقۂ نماز
از:…مولا نا عبدالرؤف سکھروی صاحب
(۲)…مستورات کے لئے نماز کا طریقہ
از:…مولانا سید محمد قریش صاحب