کن چیزوں سے نماز فاسد یا مکروہ ہوجاتی ہے؟

کن چیزوں سے نماز فاسد یا مکروہ ہوجاتی ہے؟
Shaheed-e-Islam

غیراسلامی لباس پہن کر نماز ادا کرنا

س… غیراسلامی طرزِ زندگی اختیار کرنے سے ہماری اللہ کے نزدیک کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟ ایسی صورت میں ہماری نماز قبول ہوتی ہے، جب ہم غیراسلامی لباس پہن کر نماز پڑھتے ہیں؟

ج… نماز قبول ہونے کے دو مطلب ہیں، ایک فرضیت کا اُتر جانا، اور دُوسرے نماز کے ان تمام انوار و برکات کا نصیب ہونا جو اللہ تعالیٰ نے اس میں رکھے ہیں۔ جو شخص غیراسلامی لباس پہن کر یا غیرشرعی اُمور کا ارتکاب کرتے ہوئے نماز پڑھتا ہو، فرض تو اس کا ادا ہوجائے گا، لیکن چونکہ عین نماز کی حالت میں بھی اس نے ایسی شکل و وضع بنارکھی ہے جو اللہ تعالیٰ کے نزدیک ناپسندیدہ اور مبغوض ہے، اس لئے اس کی نماز مکروہ ہے، اور اس پر نماز کے ثمرات پورے طور پر مرتب نہیں ہوں گے۔

ناپاک کپڑوں میں پڑھی ہوئی نماز دوبارہ پڑھی جائے

س… نماز سے پہلے آدمی کو معلوم ہو کہ میرے کپڑے خراب ہیں، لیکن وہ نماز کے وقت ہونے پر بھول جائے اور نماز پڑھ لے، نماز میں یاد آنے پر یا بعد میں یاد آئے تو کیا اس کی نماز ہوگئی؟

ج… اگر بدن یا کپڑے پر اتنی نجاست لگی ہو جو نماز سے مانع ہے تو نماز نہیں ہوگی، اگر بھولے سے نماز شروع کردی اور نماز ہی میں یاد آگیا تو فوراً نماز کو چھوڑ دے اور نجاست کو دُور کرکے دوبارہ نماز پڑھے، اور اگر نماز کے بعد یاد آیا تب بھی دوبارہ نماز پڑھے۔

کھلے گریبان کے ساتھ نماز پڑھنا کیسا ہے؟

س… نمازیوں کی اکثریت دُرست طریقے پر نماز ادا نہیں کرتی، اور نماز کے ارکان پوری طرح ادا کرنے کے بجائے نماز بھگتانے کی کوشش کی جاتی ہے، جو نماز کی اصل رُوح کے منافی ہے۔ ایک بہت بڑی غلطی جس کی طرف آج تک کسی نے توجہ نہیں دی، وہ یہ ہے کہ اکثر نمازیوں کا گریبان (داداگیروں کی طرح) کھلا ہوتا ہے اور جھک کر عاجزی و انکساری کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے سینہ تان کر کھڑے ہوجاتے ہیں، جبکہ اس کے برعکس اگر کوئی نمازی یا شخص بادشاہِ وقت کے رُوبرو پیش ہو تو اس کا طرزِ عمل کیا یہی ہوگا؟ قطعی نہیں، مولانا محترم! جواب دیں کہ بادشاہوں کے بادشاہ، خالقِ دو جہاں، خداوند تعالیٰ کے حضور اس طرزِ عمل کا مظاہرہ کرنے والے اپنے اعمال کو ضائع کر رہے ہیں یا ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں؟

ج… کھلے گریبان کے ساتھ نماز جائز ہے، لیکن بند کرلینا بہتر ہے، اور قیام کی حالت میں آدمی کو اپنی اصلی وضع پر کھڑا ہونا چاہئے، نہ اکڑکر کھڑا ہو، اور نہ جھک کر۔

بغیر رومالی کی شلوار یا پاجامہ میں نماز

س… شلوار یا پاجامہ اگر بغیر رومالی کے ہو تو نماز ہوجائے گی؟

ج… ہوجائے گی، بشرطیکہ شلوار یا پاجامہ پاک ہو اور اعضاء کی ساخت نظر نہ آتی ہو۔

چین والی گھڑی پہن کر نماز پڑھنا

س… ہمارے محلے کی جامع مسجد میں ایک صاحب مجھ سے نماز سے پہلے کہنے لگے کہ گھڑی کی چین پہن کر نماز مت پڑھا کرو، کیونکہ اس سے نماز نہیں ہوتی، میں نے ان سے وجہ پوچھی تو وہ فرمانے لگے کہ چین ایک قسم کی دھات ہے اور کسی بھی قسم کی دھات مردوں پر حرام ہے، لہٰذا اس سے نماز قبول نہیں ہوتی، آپ اس سلسلے میں وضاحت فرمائیں، میں بہت ہی شش و پنج میں پڑگیا ہوں۔

ج… ان صاحب کا ”فتویٰ“ غلط ہے، گھڑی کی چین جائز ہے اور اس سے نماز میں کوئی خرابی نہیں، مردوں کے لئے سونا اور چاندی کا پہننا حرام ہے، (البتہ مرد حضرات چاندی کی انگوٹھی جس کا وزن ساڑھے تین ماشے سے زیادہ نہ ہو، پہن سکتے ہیں)، باقی دھاتیں مرد کے لئے حرام نہیں، البتہ زیور مردوں کے لئے نہیں، عورتوں کے لئے ہوتا ہے، اور گھڑی کی چین ان زیورات میں شامل نہیں۔

سونا پہن کر نماز ادا کرنا

س… ایک اہم مسئلہ آپ کی خدمت میں لکھنا چاہتا ہوں، وہ یہ کہ سونے کی انگوٹھی پہن کر نماز ہوجاتی ہے یا نہیں؟ سونا چونکہ مرد کے لئے حرام ہے، اور حرام چیز پہن کر نماز پڑھنا کہاں تک جائز ہے؟

ج… نماز، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضری ہے، جو شخص عین حاضری کی حالت میں بھی فعلِ حرام کا مرتکب ہو اور حق تعالیٰ شانہ کے اَحکام کو توڑنے پر مصر ہو، خود ہی سوچ لیجئے کہ کیا اس کو قرب و رضا کی دولت میسر آئے گی․․․؟ الغرض سونا یا کوئی اور حرام چیز پہن کر نماز پڑھنا دُرست نہیں، اگرچہ نماز کا فرض ادا ہوجائے گا۔

ریشم یا سونا پہن کر اور بغیر داڑھی کے نماز پڑھنا

س… میں نے سنا ہے کہ ریشمی کپڑا اور سونا مرد پر حرام ہیں، اور اگر کوئی شخص ان کے ساتھ نماز پڑھتا ہے تو اس شخص کی نماز قبول نہیں ہوتی، کیا یہ بات دُرست ہے؟ کیونکہ داڑھی منڈوانا بھی حرام ہے، کیا بغیر داڑھی کے نماز قبول ہوسکتی ہے؟

ج… یہ تمام اُمور ناجائز اور گناہِ کبیرہ ہیں، اور جو شخص عین نماز کی حالت میں خدا کی نافرمانی کرتا ہو، اس کو ظاہر ہے کہ نماز کا پورا ثواب نہیں ملے گا، خصوصاً جبکہ اس کو اس نافرمانی پر ندامت بھی نہ ہو۔ نماز تو ہوجائے گی، مگر مرد کو سونے کی انگوٹھی اور ریشم پہننا حرام ہے، (گو عورت کو سونا اور ریشم پہننا حرام نہیں ہے)۔

ننگے سر مسجد میں آنا

س… عموماً شہروں میں اکثر نمازی مسجد میں آتے ہیں، ان کے سر پر کپڑا نہیں ہوتا، ادھر مسجد والے ننگے سر حضرات کے لئے ٹوپیوں کا انتظام کرتے ہیں، بسااوقات ٹوپیاں اُٹھانے کے لئے نمازی کے آگے سے بھی گزر جاتے ہیں، اب سوال یہ ہے کہ گھر سے ننگے سر آنا اور مسجد والوں کا ٹوپیاں کا انتظام کرنا شرعاً دُرست ہے یا نہیں؟ پھر ٹوپیاں رکھنے والے اسے کارِ خیر تصوّر کرتے ہیں۔

ج… ننگے سر بازاروں میں پھرنا مروّت کے اور اسلامی وقار کے خلاف ہے، اور فقہاء نے لکھا ہے کہ ایسے شخص کی شہادت شرعی عدالت میں معتبر نہیں، اس لئے مسلمان کو ننگے سر رہنا ہی نہیں چاہئے۔ مسجدوں میں جو ٹوپیاں رکھی جاتی ہیں، اگر وہ صاف ستھری اور عمدہ ہوں، تو ان کو پہن کر نماز پڑھنا صحیح ہے، اور وہ پھٹی پرانی یا میلی کچیلی ہوں جن کو پہن کر آدمی کارٹون نظر آنے لگے، ان کے ساتھ نماز مکروہ ہے، اور نمازیوں کے آگے سے گزرنا گناہ ہے۔

کپڑا نہ ملنے کی صورت میں ننگے سر نماز پڑھنا

س… اگر کسی کو مسجد میں ٹوپی یا سَر پر ڈالنے کے لئے کپڑا نہ ملے تو کیا وہ ننگے سر نماز پڑھ سکتا ہے؟

ج… یہاں تین مسئلے ہیں:

۱:… آج کل لوگوں میں ننگے سر رہنے اور اسی حالت میں بازاروں میں گھومنے پھرنے کا رواج ہے، اور یہ خلافِ مروّت ہے، مسلمان کو بازاروں میں ننگے سر نہیں پھرنا چاہئے۔

۲:… چونکہ عام طور سے لوگوں کے پاس سر ڈھانکنے کی کوئی چیز نہیں ہوتی، اس لئے مسجد میں ٹوپیاں رکھنے کا رواج ہے، تاکہ لوگ نماز کے وقت ان کو پہن لیا کریں، ان میں اکثر بدشکل، میلی کچیلی اور شکستہ ہوتی ہیں، ایسی ٹوپیوں کو پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ہے، کیونکہ ان کو پہن کر آدمی کسی سنجیدہ محفل میں نہیں جاسکتا، لہٰذا احکم الحاکمین کے دربار میں ان کو پہن کر حاضری دینا خلافِ ادب ہے۔

۳:… ننگے سر نماز پڑھنا مکروہ ہے۔

کیسی ٹوپی میں نماز پڑھنا چاہئے؟

س… کیسی ٹوپی میں نماز پڑھنا چاہئے؟

ج… جس ٹوپی کو پہن کر آدمی شرفاء کی محفل میں جاسکے، اس کے ساتھ نماز پڑھنا اور پڑھانا جائز ہے۔

چمڑے کی قراقلی ٹوپی میں نماز جائز ہے

س… چمڑے کی ٹوپی یعنی قراقلی ٹوپی پہننا کیسا ہے؟ بعض حضرات کہتے ہیں کہ اس ٹوپی سے نماز نہیں ہوتی۔

ج… قراقلی ٹوپی پہننا مباح ہے اور اس میں نماز پڑھنا جائز ہے۔

جرابیں پہن کر نماز ادا کرنا صحیح ہے

س… اگر پائینچے اُوپر ہوں اور جرابیں پہن لیں تو کیا نماز ہوجائے گی؟ کیونکہ جرابیں پہن لینے سے ٹخنے چھپ جاتے ہیں؟

ج… اس کا کوئی حرج نہیں۔

چشمہ لگاکر نماز ادا کرنا صحیح ہے، اگر سجدے میں خلل نہ پڑے

س… عینک (چشمہ) پہن کر نماز پڑھنا یا پڑھانا کیسا ہے؟ آیا یہ جائز ہے یا نہیں؟ ایک بزرگ کہتے ہیں کہ چشمہ لگاکر نماز نہیں پڑھنی چاہئے، کیونکہ انہوں نے مفتی کفایت اللہ رحمة اللہ علیہ اور مولانا کرامت اللہ کو دیکھا کہ وہ نماز میں چشمہ اُتارکر نماز ادا کرتے تھے۔ لیکن دُوسرے لوگوں کا خیال ان کے برعکس ہے۔

ج… اگر نظر کا چشمہ ہو اور اس کے بغیر زمین وغیرہ اچھی طرح نظر نہیں آتی ہے تو چشمہ اُتارے بغیر نماز پڑھی جائے تو اچھا ہے، اور اگر چشمے کے بغیر سجدے کی جگہ وغیرہ دیکھنے میں دِقت نہیں ہوتی ہے یا نظر کا چشمہ نہیں ہے تو اُتار دینا بہتر ہے، تاہم چشمہ لگاکر نماز ادا کرنے سے بھی نماز ادا ہوجاتی ہے، اس سے نماز میں کوئی خلل واقع نہیں ہوتا، البتہ چشمہ لگانے کی صورت میں اگر سجدہ صحیح طور پر نہیں ہوتا، ناک یا پیشانی زمین پر نہیں لگتی تو چشمہ اُتار دینا ضروری ہے۔ بہرحال چشمہ لگاکر نماز پڑھنے میں اگر سجدہ وغیرہ میں خلل واقع نہ ہوتا ہو تو نماز صحیح اور دُرست ہے، البتہ سجدے کی جگہ وغیرہ چشمے کے بغیر نظر آنے کی صورت میں اُتار دینا اَوْلیٰ و افضل ہے۔

نوٹ پر تصویر ناجائز ہے، گو کہ جیب میں ہونے سے نماز ہوجائے گی

س… مسجد خدا کا گھر ہے، اس میں کسی انسان کی تصویر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جبکہ مسلمان بھائیوں کی جیب میں نوٹوں پر چھپی ہوئی تصاویر ہوتی ہیں، اور وہ نماز ادا کرتے ہیں، نوٹوں پر تصویر چھاپنا کیوں ضروری ہے؟ عوام تو قائد اعظم کا احترام کرتے ہیں، اگر ان کی تصویر نوٹ پر نہ ہو تو کیا فرق پڑے گا؟ کیا اس طرح جیب میں تصویر ہونے سے نماز ہوجاتی ہے؟ اگر نہیں تو اس کے لئے اسلام نے کیا فرمایا ہے اور ہم کو کیا کرنا چاہئے؟

ج… نوٹوں پر تصویر کا چھاپنا شرعی طور پر جائز نہیں، یہ دورِ جدید کی ناروا بدعت ہے، اور اس کی وجہ سے متعلقہ محکمہ اور اربابِ اقتدار گناہگار ہیں، تاہم نوٹوں کے جیب میں ہونے کی صورت میں نماز صحیح ہے۔

مسجد میں لگے ہوئے شیشے کے سامنے نماز ادا کرنا

س… ہماری مسجد میں، بلکہ بہت سی مسجدوں میں شیشے کی کھڑکیاں اور دروازے ہوتے ہیں کہ جن میں نماز کا اپنا عکس نظر آتا ہے، آپ سے یہ معلوم کرنا ہے کہ اس سے نمازی کی نماز میں کوئی فرق پڑتا ہے یا نہیں؟

ج… اگر اس سے نمازی کی توجہ ہٹے تو مکروہ ہے، ورنہ نہیں۔

کسی تحریر پر نظر پڑنے یا آواز سننے سے نماز نہیں ٹوٹتی

س… کیا حالتِ نماز میں اگر جائے نماز پر رکھی ہوئی کوئی چیز پڑھ لی جائے تو نماز ٹوٹ جاتی ہے؟ آپ بتائیں کہ حالتِ نماز میں اگر کسی کی کہی ہوئی آواز سنی جائے، اور حالتِ نماز میں اس آواز کا مفہوم سمجھ لیا جائے تو کیا نماز ٹوٹ جاتی ہے؟

ج… کسی لکھی ہوئی چیز پر نظر پڑجائے اور آدمی اس تحریر کا مفہوم سمجھ جائے، لیکن زبان سے تلفظ ادا نہ کرے، تو اس سے نماز نہیں ٹوٹتی، اسی طرح کسی کی آواز کان میں پڑنے اور اس کا مفہوم سمجھ لینے سے بھی نماز نہیں ٹوٹتی۔

دورانِ نماز گھڑی پر وقت دیکھنا، چشمہ اُتارنا، مٹی کو پھونک مارکر اُڑانا

س… اگر کوئی شخص دورانِ نماز ہاتھ یا دیوار کی گھڑی وقت معلوم کرنے کے لئے جان بوجھ کر دیکھ لے۔

۲:…دورانِ نماز ٹوپی اُٹھاکر سر پر رکھ لے، جبکہ سجدہ کرتے وقت سر سے ٹوپی گر گئی ہو۔

۳:… سجدہ کرتے وقت سجدہ کی جگہ مٹی کو پھونک مارکر اُڑانے کے بعد سجدہ کرے۔

۴:… چشمہ اُتارنا بھول گیا، سجدہ کرتے وقت چشمہ اُتارے، کیونکہ چشمہ پہنے ہوئے سجدے میں ناک اور پیشانی بیک وقت نہیں لگتے۔

پوچھنا یہ ہے کہ ان باتوں سے نماز میں کیا فرق آتا ہے؟ کیا نماز دُہرائی جائے گی یا سجدہٴ سہو کیا جائے گا؟

ج… جان بوجھ کر گھڑی دیکھنا مکروہ ہے، اور خشوع کے منافی ہے۔

۲:… ایک ہاتھ سے ٹوپی اُٹھاکر سر پر رکھ لینے میں کوئی حرج نہیں، دونوں ہاتھ استعمال نہ کرے۔

۳:… یہ فعل مکروہ ہے۔

۴:… ایک ہاتھ سے اُتار دے تو یہ مکروہ نہیں۔

ان چاروں صورتوں میں نماز لوٹانے کی ضرورت نہیں، نہ سجدہٴ سہو کی۔

عملِ کثیر سے نماز ٹوٹ جاتی ہے

س… ہمارے ایک ساتھی دورانِ نماز اپنے اعضاء کو مختلف انداز میں حرکت دیتے رہتے ہیں، مثلاً: کبھی سر کے بالوں پر ہاتھ پھیرتے رہتے ہیں، جیب میں ہاتھ ڈال دیتے ہیں، انگوٹھی کو اُنگلی میں ہلاتے رہتے ہیں، اِدھر اُدھر دیکھنے لگتے ہیں، غرض کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ نماز کی حالت میں نہیں۔ حالتِ نماز میں اس قسم کی حرکات کرنے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے (بلاعذر)، میں نے یہ بات جب ان کو بتائی تو انہوں نے نماز کے فاسد ہوجانے کو بالکل مسترد کردیا، بلکہ ناراضگی کا اظہار کیا، ان کے اس تأثر سے میں عجیب اُلجھن میں پڑگیا۔

ج… حنفی مذہب کا فتویٰ یہ ہے کہ عملِ کثیر سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، اور ایسے عمل کو عملِ کثیر کہتے ہیں کہ اس کو دیکھنے والا یہ سمجھے کہ یہ شخص نماز میں نہیں ہے، جس کام کے لئے دونوں ہاتھوں کا استعمال کیا جائے وہ بھی عملِ کثیر ہے، اور اگر ایک ہی ہاتھ سے ایک رُکن میں بار بار کوئی عمل کیا جائے، وہ بھی عملِ کثیر بن جاتا ہے۔ آپ نے اپنے ساتھی کی جو حالت لکھی ہے، وہ عملِ کثیر کے تحت آتی ہے، اور اس سے نماز فاسد ہوجاتی ہے اور اس کا اس مسئلے کو نہ ماننا اس کی ناواقفی ہے۔

نماز میں جسم کو مختلف انداز سے حرکت دینا صحیح نہیں

س… بعض حضرات نماز پڑھتے ہوئے اس کی بنیادی رُوح اور اس کی وضع قطع کو ہی تبدیل کردیتے ہیں، یعنی اس قدر جلدی پڑھیں گے کہ ایسا لگے کہ کوئی جلدی ہو، ایک صاحب رُکوع کے بعد سیدھے کھڑے ہی نہیں ہوتے اور سیدھے سجدے میں چلے جاتے ہیں، تکبیر کے لئے ہاتھ اُٹھانے کے بعد واپس لاتے وقت دونوں بازووٴں کو مختلف انداز میں عجیب طرح سے حرکت دیتے ہیں، اور سجدے میں جانے سے پہلے چند لمحوں تک اُکڑوں بیٹھنے کے انداز میں قائم رہتے ہیں۔ غرضیکہ ان کی نماز ایک بالکل ہی مختلف اور عجیب تأثر دیتی ہے، جب ان کو کچھ کہا جائے تو وہ قرآن اور حدیث سے ثبوت مانگتے ہیں، ایسے لوگوں کو کیا جواب دیا جائے؟ اور ان کی نماز کیسی ہے؟

ج… ایسے حضرات کی نماز بعض صورتوں میں تو ہوتی ہی نہیں، اور بعض صورتوں میں مکروہ ہوتی ہے، چنانچہ رُکوع کے بعد سیدھے کھڑے نہ ہونا، اور دونوں سجدوں کے درمیان اطمینان سے نہ بیٹھنا ترکِ واجب ہے، اور ایسی نماز واجب الاعادہ ہے، اور ہاتھوں کو غیرضروری حرکت دینا اور سجدے کو جاتے ہوئے درمیان میں غیرضروری توقف کرنا مکروہ ہے۔

نماز میں مونچھوں پر ہاتھ پھیرنا فعلِ عبث ہے

س… ہمارے علاقے میں زیادہ تر پولیس والے ہیں، اور عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جب بھی وہ باجماعت نماز ادا کرتے ہیں تو زیادہ تر مونچھوں پر ہاتھ پھیرتے رہتے ہیں، اب یہ بتائیں کہ نماز میں مونچھوں پر ہاتھ پھیرنے سے نماز پوری ہوجاتی ہے یا نہیں؟

ج… مونچھوں پر ہاتھ پھیرنا فعلِ عبث ہے، اس سے نماز مکروہ ہوجاتی ہے۔

نماز میں کپڑے سمیٹنا یا بدن سے کھیلنا مکروہ ہے

س… میں اکثر دیکھتا ہوں کہ بعض نمازی نماز پڑھتے وقت اپنے کپڑوں کی شکنیں دُرست کرتے رہتے ہیں، کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

ج… نماز میں اپنے بدن سے یا کپڑے سے کھیلنا مکروہ ہے۔

رُکوع میں جاتے ہوئے تکبیر بھول جائے تو بھی نماز ہوگئی

س… اگر کوئی شخص نماز میں قیام سے رُکوع میں جاتے ہوئے ”اللہ اکبر“ کہنا بھول گیا یا اکثر بھولتا ہے، اس کے لئے کیا حکم ہے؟

ج… نماز میں تکبیرِ تحریمہ فرض ہے، اس کے علاوہ باقی تمام تکبیرات سنت ہیں، اس لئے اگر رُکوع کو جاتے ہوئے تکبیر بھول گیا تو نماز ہوگئی، سجدہٴ سہو بھی لازم نہیں۔

رُکوع میں سجدے کی تسبیح پڑھنے سے نماز نہیں ٹوٹتی

س… نماز پڑھتے ہوئے کوئی غلطی ہوجائے، مثلاً: رُکوع میں ”سبحان ربی العظیم“ کی جگہ ”سبحان ربی الاعلیٰ“ یا سجدے میں ”سبحان ربی الاعلیٰ“ کی جگہ ”بسم الله الرحمن الرحیم“ یا کوئی لفظ نکل جائے تو کیا نماز ہوجاتی ہے؟

ج… اگر سجدے میں ”سبحان ربی العظیم“ یا رُکوع میں ”سبحان ربی الاعلیٰ“ کہہ لیا تو اس سے نماز میں کوئی خلل نہیں آیا، نماز صحیح ہے۔

نماز میں بہ مجبوری زمین پر ہاتھ ٹیک کر اُٹھنے میں کوئی حرج نہیں

س… میری عمر اس وقت چالیس سال کے قریب ہے، جسم بھاری ہے، میں نماز میں اُٹھتے بیٹھتے وقت ہاتھ مٹھی کی شکل میں زمین پر جمالیتی ہوں، اس سے نماز میں تو کوئی خلل نہیں پڑتا؟

ج… آپ کا ہاتھوں کو زمین پر جماکر اُٹھنا چونکہ مجبوری کی وجہ سے ہے، اس لئے کوئی حرج نہیں، بغیر ضرورت کے ایسا نہیں کرنا چاہئے۔

کیا نماز میں دائیں پاوٴں کا انگوٹھا دباکر رکھنا ضروری ہے؟

س… کیا نماز پڑھتے وقت دائیں پاوٴں کا انگوٹھا اتنی مضبوطی سے دباکر رکھنا چاہئے کہ اگر پانی پاوٴں کے پاس سے گزرے تو انگوٹھے کی جگہ سوکھی رہے؟

ج… یہ کوئی مسئلہ نہیں۔

سجدے میں قدم زمین پر لگانا

س… میں نے نماز کی حالت میں سجدے میں لوگوں کو دیکھا ہے کہ وہ اپنا سیدھا پاوٴں زمین سے اُٹھا لیتے ہیں، اور میں نے مسجد کے امام صاحب سے یہ مسئلہ معلوم کیا، تو وہ کہنے لگے کہ نماز پڑھنے کی حالت میں سجدہ کرتے وقت پاوٴں کو پوری طرح اُٹھانے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، میں نے لوگوں کی نماز فاسد ہونے سے بچانے کے لئے آپ سے یہ مسئلہ پوچھا ہے؟

ج… سجدے کی حالت میں دونوں پاوٴں کی اُنگلیاں قبلہ کی طرف متوجہ کرنا سنت ہے، دونوں پاوٴں زمین سے لگانا واجب ہے، اور بلاعذر ایک پاوٴں کا اُٹھائے رکھنا مکروہِ تحریمی ہے، اور دونوں میں سے ایک پاوٴں کا کچھ حصہ زمین سے لگانا فرض ہے، خواہ ایک ہی اُنگلی لگائی جائے، فرض ادا ہوجائے گا، اور اگر دونوں پاوٴں زمین سے اُٹھائے اور تین بار ”سبحان اللہ“ کہنے کی مقدار اُٹھائے رکھے تو نماز فاسد ہوجائے گی، اُنگلی زمین سے لگنے کی شرط یہ ہے کہ فقط ناخن زمین سے نہ چھوئے، بلکہ اُنگلی کے سرے کا گوشت بھی زمین سے چھو جائے، یعنی اُنگلی زمین پر مڑ جائے۔

نماز میں ڈکار لینا مکروہ ہے

س… بعض حضرات نماز میں موٹی موٹی ڈکاریں لیتے ہیں، جس سے آس پاس والوں کو بڑی کراہیت ہوتی ہے، دورانِ نماز ڈکار لینا شرعاً کیسا فعل ہے؟

ج… نماز میں ڈکار لینا مکروہ ہے، اس کو روکنے کی کوشش کی جائے، اور جہاں تک ممکن ہو آواز پست رکھی جائے۔

نماز میں میٹھی چیز حلق میں جانے سے نماز ٹوٹ گئی

س… اگر وضو کے بعد کوئی میٹھی چیز کھالی، پھر نماز پڑھنے لگے، نماز کے دوران منہ میں بھی مٹھاس محسوس ہوتی ہو اور اس کی مٹھاس کا مزا کچھ باقی ہو، اور تھوک کے ساتھ حلق میں جاتا ہو، تو کیا نماز صحیح ہے یا نہیں؟

ج… اگر صرف ذائقہ ہی باقی ہے تو نماز ہوجائے گی، اور اگر وہ میٹھی چیز منہ میں باقی ہو اور تحلیل ہوکر حلق میں چلی گئی ہو تو نماز فاسد ہوجائے گی۔

کیا نماز میں منصوبے بنانا جائز ہے؟

س… ایک صاحب نے بتلایا کہ نماز میں دُنیاوی باتوں کے بارے میں سوچنا اور کسی کام کے بارے میں منصوبے بنانا جائز اور دُرست ہے، اور مثال دی کہ حضرت عمر اور حضرت ابوبکر وغیرہ نماز میں جنگ کے منصوبے بنایا کرتے تھے۔ اب میرے دِل میں یہ بات کھٹک رہی ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ نماز میں کوئی دُنیاوی خیال آجائے تو نماز نہیں ہوتی۔ آپ کی کیا رائے ہے؟

ج… ان صاحب کی یہ بات بالکل غلط ہے، نماز توجہ الی اللہ کے لئے ہوتی ہے، اور دُنیاوی باتیں ازخود سوچنا اور ان کے منصوبے بنانا توجہ الی اللہ کے منافی ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے جو منقول ہے کہ: ”میں نماز میں لشکر تیار کرتا ہوں“ اس پر دُنیاوی باتوں کو قیاس کرنا غلط ہے، حضرت عمر رضی اللہ عنہ خلیفہٴ راشد تھے، اور نماز میں حضوری کے وقت ان کو من جانب اللہ جہاد کے لئے تدابیر القاء کی جاتی تھیں، یہ ان کی اپنی سوچ نہیں ہوتی تھی، بلکہ القائے ربانی ہوتا تھا، اور بلاشبہ ان کی مثال ایسی ہے کہ بوقتِ حضوری وزیراعظم کو بادشاہ کی جانب سے ہدایات دی جاتی ہیں۔ حضرت عمر چونکہ منشائے الٰہی کی تعمیل فرماتے تھے اس لئے ان کو من جانب اللہ اس کی ہدایات القاء کی جاتی تھیں۔ اور نماز میں خیالات کا آنا بُرا نہیں، جبکہ یہ نماز کی طرف پوری طرح متوجہ رہے، البتہ خیالات لانا بُرا ہے، اس لئے سوال کا یہ فقرہ صحیح نہیں کہ ”نماز میں کوئی دُنیاوی خیال آجائے تو نماز نہیں ہوتی۔“

نماز کے دوران ”لا حول“ پڑھنا

س… نماز کے دوران شیطان کو دُور کرنے کے لئے لا حول پڑھ سکتے ہیں؟

ج… نماز میں جو اَذکار مقرّر ہیں، ان ہی کو پڑھنا چاہئے، ”لا حول“ کے بجائے نماز میں جو کچھ پڑھا جاتا ہے اس کی طرف توجہ رکھی جائے، شیطان خود ہی دفع ہوجائے گا۔

نماز کے دوران آنکھیں بند نہ کی جائیں

س… یہ بات تو میرے علم میں ہے کہ نماز کے دوران آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، بلکہ مختلف ارکانِ نماز میں نظریں اپنی مخصوص جگہوں پر ہونی چاہئیں، لیکن میں صرف اپنی توجہ قائم رکھنے کے لئے آنکھیں بند کرکے نماز پڑھتا ہوں، اگر آنکھیں بند نہ کروں تو نظر کے ساتھ ساتھ ذہن بھی بھٹکنے لگتا ہے، بعض اوقات میں دُعا بھی آنکھیں بند کرکے مانگتا ہوں، برائے مہربانی یہ وضاحت فرمائیں کہ میرا یہ عمل دُرست ہے یا مجھے ہر صورت میں آنکھیں کھول کر ہی نماز پڑھنی چاہئیں؟

ج… آنکھیں بند کرنے سے اگرچہ ذہن میں یکسوئی پیدا ہوتی ہے، لیکن افضل یہی ہے کہ نماز میں آنکھیں بند نہ کی جائیں۔

خیالات سے بچنے کے لئے آنکھیں بند کرنا

س… میرا مسئلہ کچھ یوں ہے کہ میں جب نماز پڑھتی ہوں تو آنکھیں سجدے کی طرف تو ہوتی ہیں لیکن آس پاس کی چیزیں بھی نظر آتی ہیں، اور خیال بھی ان کی طرف چلا جاتا ہے، اس طرح سے نماز ٹوٹ جاتی ہے، کیا اس صورت میں آنکھیں بند کی جاسکتی ہیں؟

ج… غیراختیاری طور پر اگر آس پاس کی چیزوں پر نظر پڑ جائے تو اس سے نماز میں کوئی خلل نہیں ہوگا، آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، آنکھیں بند کرنے سے یکسوئی حاصل ہوجاتی ہے اور خیالات کے منتشر ہونے میں مدد ملتی ہے، اس کے باوجود آنکھیں کھول کر نماز پڑھنا افضل ہے، اور آنکھیں بند رکھنا مکروہ ہے جبکہ مستقل طور پر آنکھوں کو بند رکھا جائے، اور اگر کبھی کھول دے اور کبھی بند کرلے تو کراہت نہیں۔

اگر دورانِ نماز دِل میں بُرے بُرے خیالات آئیں تو کیا نماز پڑھنا چھوڑ دیں؟

س… محترم! میں جب بھی نماز پڑھنے مسجد میں جاتا ہوں تو نماز کے دوران طرح طرح کے دُنیاوی خیالات ذہن میں آتے ہیں، اور بعض اوقات تو ایسے گندے گندے خیالات ذہن میں آتے ہیں کہ پھر دِل یہ کہتا ہے کہ اب نماز نہیں پڑھوں گا، کیونکہ اس طرح تو ثواب کے بجائے اور گناہ ہوگا، لہٰذا آپ بتائیں کہ اگر نماز کے دوران بُرے خیالات آئیں تو نماز ہوگی یا نہیں؟

ج… نماز میں ازخود خیالات کا لانا بُرا ہے، بغیر اختیار کے ان کا آجانا بُرا نہیں، بلکہ خیالات آئیں اور آپ نماز کی طرف متوجہ رہنے کی کوشش کریں اور دھیان نماز کی سورتوں اور دُعاوٴں پر جمانے کی کوشش کریں تو آپ کو مجاہدے کا ثواب ملے گا، لہٰذا نماز میں خیالات آنے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ورنہ شیطان خوش ہوگا۔ حدیث میں آتا ہے کہ شیطان نماز میں تو وسوسے ڈالتا رہتا ہے، اور نماز کے بعد کہتا ہے: ”تو نے کیا نماز پڑھی؟ ایسی نماز سے تو نہ پڑھنا بہتر ہے، ایسی نماز بھلا کیا قبول ہوگی؟“ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: ”جب وہ ایسا وسوسہ ڈالے تو اس سے کہہ دیا کرو کہ: میرا معاملہ تیرے ساتھ نہیں، اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہے!“ (جس مالک نے مجھے اپنے دربار میں سر جھکانے کی توفیق دی ہے، وہ اپنی رحمت سے دِل جھکانے کی توفیق بھی دے گا، اور اسے قبول بھی فرمائے گا، مردُود! تو خود تو ملعون اور رحمتِ خداوندی سے مایوس ہے، مجھے بھی رحمت سے مایوس کرکے اپنے ساتھ ملانا چاہتا ہے)۔

اس لئے آپ کا سوال کہ خیالات آنے سے نماز ہوگی یا نہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ہوگی، اور انشاء اللہ بالکل صحیح ہوگی، خواہ لاکھ وسوسے آئیں، (مگر خیالات خود نہ لائے جائیں)۔

نماز میں خیالات کا آنا

س… خدا کے فضل و کرم سے پانچ وقت کی نماز پڑھتا ہوں، لیکن نماز کے دوران غلط قسم کے خیالات آتے ہیں، کوشش کے باوجود ان خیالات سے چھٹکارا نہیں پاتا، اُمید ہے آپ مجھے ایسی رائے دیں گے کہ جسے اپناکر اطمینان سے نماز پڑھ سکوں۔ یاد رہے کہ میں جمعہ کی نماز کے علاوہ سب نمازیں اکیلے پڑھتا ہوں، کیونکہ میں سعودی عرب کے صحرا میں رہتا ہوں اور جو افراد میرے ساتھ ہیں وہ وقت پر نماز نہیں پڑھتے، اور میں مقرّرہ وقت پر نماز پڑھتا ہوں، کیونکہ قرآن میں پڑھا ہے کہ: ”بے شک نماز موٴمنین پر وقتِ مقرّرہ پر فرض ہے۔“

ج… نماز اکیلے پڑھنے کے بجائے اذان اور جماعت کے ساتھ پڑھنی چاہئے، اپنے دو چار ساتھیوں کو اس کے لئے آمادہ کرلینا کچھ بھی مشکل نہیں، تھوڑے سے اہتمام کی ضرورت ہے۔ نماز میں غیراختیاری طور پر جو خیالات آتے ہیں، ان کا کوئی حرج نہیں، خود نماز کی طرف متوجہ رہنا چاہئے، اور اس کی تدبیر یہ ہے کہ جو کچھ نماز میں پڑھا جاتا ہے اس کی طرف دھیان رکھا جائے اور سوچ کر پڑھا جائے۔

س… میں طالبِ علم ہوں اور اللہ کے فضل سے پانچ وقت کی نماز بھی پڑھتی ہوں، اور اللہ تعالیٰ کے آگے بڑی عاجزی اور انکساری اور گناہگاروں کی طرح حاضر ہوتی ہوں، لیکن پھر بھی نماز پڑھتے وقت دِل میں طرح طرح کے خیالات آتے رہتے ہیں، باوجود ترک کرنے کے ختم نہیں ہوتے، بلکہ بڑھ جاتے ہیں، اس کے لئے بہت پریشان ہوں کہ کیا کروں؟ کوئی حل بتائیں۔

ج… نماز میں خیالات و وساوس کا آنا غیراختیاری ہے، اس پر موٴاخذہ نہیں، البتہ خیالات کا لانا اختیاری ہے، اس لئے اگر خیالات ازخود آئیں تو ان کی پروا نہ کی جائے، نہ ان کی طرف التفات کی جائے، بلکہ نماز میں جو کچھ پڑھا جاتا ہے اس کی طرف دھیان رکھا جائے، اور جو کچھ پڑھیں سوچ سوچ کر پڑھیں، اگر خیال بھٹک جائے تو پھر متوجہ ہوجائیں، اگر آپ نے اس تدبیر پر عمل کیا تو نہ صرف یہ کہ نماز کے ثواب میں کوئی کمی نہیں ہوگی، بلکہ آپ کو اس محنت و مجاہدے کا مزید ثواب ملے گا۔ ایک ضروری بات یہ ہے کہ نماز سے پہلے یہ دھیان کرلیا کریں کہ میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہو رہی ہوں۔

مسکرانے سے نماز نہیں ٹوٹتی، لیکن بآواز ہنسنے سے ٹوٹ جاتی ہے

س… کیا نماز پڑھتے وقت مسکرانے سے نماز نہیں ٹوٹتی؟ میرا خیال ہے کہ نماز ٹوٹ جاتی ہے، جبکہ میرے دوست کا کہنا ہے کہ کھلکھلاکر ہنسنے سے نماز ٹوٹتی ہے مسکرانے سے نہیں۔

ج… صرف مسکرانے سے نماز نہیں ٹوٹتی بشرطیکہ ہنسنے کی آواز پیدا نہ ہو، اور اگر اتنی آواز پیدا ہوجائے کہ برابر کھڑے شخص کو سنائی دے تو اس سے نماز ٹوٹ جائے گی۔

نماز میں قصداً پیر و مرشد کا تصوّر جائز نہیں

س… ایک صاحب کا کہنا ہے کہ نماز پڑھتے وقت اپنے پیر و مرشد کا تصوّر کرنا چاہئے، تو کیا یہ صحیح ہے؟

ج… نماز میں پیر و مرشد کا قصداً تصوّر کرنا جائز نہیں، نماز میں صرف خدا تعالیٰ کا تصوّر کرنا چاہئے۔

نماز میں قہقہہ لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے

س… نماز میں قہقہہ لگانے سے وضو ٹوٹتا ہے یا نہیں؟

ج… حنفی مذہب میں نماز میں قہقہہ لگانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے، بشرطیکہ قہقہہ لگانے والا بالغ ہو، بیدار ہو، اور نماز رُکوع اور سجدہ والی ہو۔ پس اگر بچے نے یا نماز کے اندر سوئے ہوئے نے قہقہہ لگایا تو وضو نہیں ٹوٹے گا، البتہ نماز فاسد ہوجائے گی، اسی طرح اگر نمازِ جنازہ میں قہقہہ لگایا تو نماز فاسد ہوجائے گی، مگر وضو نہیں ٹوٹے گا، اور نماز سے باہر قہقہہ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹتا، مگر قہقہہ لگانا مکروہ ہے کہ یہ غفلت کی علامت ہے۔

نماز کے اندر رونا

س… نماز کے دوران یا قرآن پاک پڑھتے ہوئے رونا آجائے تو کیا وضو ٹوٹ جاتا ہے؟ اور ایک وضو سے کتنی نمازیں پڑھی جاسکتی ہیں؟ یا وضو کتنی دیر تک قائم رہتا ہے؟

ج… اگر اللہ تعالیٰ کے خوف سے رونا آئے تو اس سے نہ نماز ٹوٹتی ہے، نہ وضو، اور اگر کسی دُنیوی حادثے سے نماز میں آواز سے روپڑے تو اس سے نماز ٹوٹ جائے گی، وضو نہیں ٹوٹے گا۔ وضو کرنے کے بعد جب تک وضو توڑنے والی کوئی بات پیش نہ آئے (مثلاً: ریح خارج ہونا)، اس وقت تک وضو قائم رہتا ہے، اور ایک وضو سے جتنی نمازیں چاہے پڑھ سکتا ہے۔

نماز میں حضور ﷺ کے نام پر دُرود پڑھنے سے نماز نہیں ٹوٹتی

س… اگر نماز میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا نام آجائے، یعنی قرأت میں یا دُرود شریف وغیرہ میں تو کیا نماز کے دوران بھی ”صلی اللہ علیہ وسلم“ کہہ دینا چاہئے؟ اس سے نماز تو نہیں ٹوٹتی؟

ج… نماز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاک نام پر دُرود شریف نہیں پڑھا جاتا، لیکن اگر پڑھ لیا تو اس سے نماز فاسد نہیں ہوگی۔

نماز کے دوران اگر چھینک آئے تو کیا ”الحمدللہ“ کہنا چاہئے؟

س… کیا نماز کے دوران اگر چھینک آجائے تو ”الحمدللہ“ کہنا چاہئے، جیسا کہ عام حالت میں کہتے ہیں؟

ج… نماز میں نہیں کہنا چاہئے، لیکن اگر کہہ لیا تو نماز فاسد نہیں ہوگی۔

نماز میں اُردو زبان میں دُعا کرنا کیسا ہے؟

س… کیا ہم نماز پڑھتے وقت سجدے میں اپنی زبان میں یعنی اُردو میں اللہ تعالیٰ سے اپنی حاجت بیان کرسکتے ہیں؟

ج… نہیں! ورنہ نماز ٹوٹ جائے گی۔

آخری قعدہ چھوڑنے والے کی نماز باطل ہوگئی

س… اگر امام صاحب چار فرض والی رکعت میں دُوسری رکعت میں بیٹھنے کے بجائے تیسری رکعت میں بیٹھے، ابھی وہ بیٹھے ہی تھے کہ مقتدی نے اللہ اکبر کہا تو وہ فوراً کھڑے ہوگئے، پھر وہ چوتھی رکعت میں نہیں بیٹھے، بلکہ وہ کھڑے ہوگئے، پانچویں رکعت میں بھی نہیں بیٹھے، بلکہ وہ چھٹی رکعت میں بیٹھے، تو انہوں نے التحیات پڑھنے کے بعد سجدہٴ سہو کیا، اور پھر انہوں نے سارا پڑھ کر سلام پھیر کر نماز ختم کی۔ تو کیا نماز ہوگئی؟ اور اگر نماز ہوگئی تو کتنی رکعت ہوئیں؟ فرض کے علاوہ نفل بھی ہوگئی یا نہیں؟

ج… مقتدیوں کو چاہئے تھا کہ امام کو چوتھی رکعت پر بیٹھنے کا لقمہ دیتے، بہرحال جب امام نے پانچویں رکعت کا سجدہ کرلیا تو فرض نماز باطل ہوگئی، اور یہ نفلی نماز ہوگئی، کیونکہ آخری قعدہ فرض ہے، اور فرض کے چھوٹ جانے سے نماز نہیں ہوتی، امام اور مقتدی دوبارہ نماز پڑھیں۔