عیدین کی نماز

نمازِ عیدین کی نیت

س… نمازِ عیدین کی نیت کس طرح کی جاتی ہے؟

ج… نمازِ عید کی نیت اس طرح کی جاتی ہے کہ میں دو رکعت نماز عیدالفطر یا عیدالاضحی واجب مع تکبیرات زائد کی نیت کرتا ہوں۔

بلاعذر نمازِ عید مسجد میں پڑھنا مکروہ ہے

س… نمازِ عید کا مسجد میں پڑھنا کیسا ہے؟

ج… بغیر عذر کے عید کی نماز مسجد میں پڑھنا مکروہ ہے۔

قبولیت کا دن کس ملک کی عید کا ہوگا؟

س… مسئلہ یہ ہے کہ چونکہ کرہٴ ارض پر عید مختلف دنوں میں ہوتی ہے، جیسا کہ اس سال سعودیہ میں عید تین دن پہلے ہوئی،اس لئے آپ مہربانی فرماکر یہ بتائیں کہ قبولیت کا دن کس ملک کی عید پر ہوگا؟

ج… جس ملک میں جس دن عید ہوگی، اس دن وہاں اس کی برکات بھی حاصل ہوں گی، جس طرح جہاں فجر کا وقت ہوگا وہاں اس وقت کی برکات بھی ہوں گی، اور نمازِ فجر بھی فرض ہوگی۔

رمضان میں ایک ملک سے دُوسرے ملک جانے والا عید کب کرے؟

س… بکر سعودیہ سے واپس پاکستان آیا، وہاں روزہ دو دن پہلے رکھا گیا تھا، اب جبکہ پاکستان میں اٹھائیس روزے ہوں گے اس کے تیس روزے ہوجائیں گے، اب وہ سعودیہ کے مطابق عید کرے گا یا کہ پاکستان کے مطابق؟ یہ بھی واضح کریں کہ بکر نے سعودیہ کے مطابق روزہ رکھا جس دن وہاں عید ہوگی اس دن وہ روزہ رکھ سکتا ہے یا کہ نہیں؟ دو روزے جو زیادہ ہوجائیں گے وہ کس حساب میں شمار ہوں گے؟

ج… عید تو وہ جس ملک (مثلاً پاکستان) میں موجود ہے، اسی کے مطابق کرے گا، مگر چونکہ اس کے روزے پورے ہوچکے ہیں، اس لئے یہاں آکر جو زائد روزے رکھے گا وہ نفلی شمار ہوں گے۔

پاکستان سے سعودیہ جانے والا آدمی سعودیہ میں کس دن عید کرے گا؟

س… ایک آدمی پاکستان سے سعودی عرب گیا، اس کے دو روزے کم ہوگئے، اب وہ سعودیہ کے چاند کے مطابق عید کرے گا اور جو روزے کم ہوئے ان کو بعد میں رکھے گا یا اپنے روزے پورے کرکے سعودی عرب کی عید کے دو دن بعد پاکستان کے مطابق اپنی عید کرے گا؟

ج… عید سعودیہ کے مطابق کرے اور جو روزے رہ گئے ہیں ان کی قضا کرے۔

اگر نمازِ عید میں مقتدی کی تکبیرات نکل جائیں تو نماز کس طرح پوری کرے؟

س… عید کی نماز میں اگر مقتدی کی آمد دیر میں ہوتی ہے تو ایسی صورت میں کہ زائد تکبیرات نکل جائیں تو مقتدی زائد تکبیریں کس طرح ادا کرے گا؟ اور اگر پوری رکعت نکل جائے تو کس طرح ادا کرے گا؟

ج… اگر امام تکبیرات سے فارغ ہوچکا ہو، خواہ قرأت شروع کی ہو یا نہ کی ہو، بعد میں آنے والا مقتدی تکبیرِ تحریمہ کے بعد زائد تکبیریں بھی کہہ لے اور اگر امام رُکوع میں جاچکا ہے اور یہ گمان ہو کہ تکبیرات کہہ کر امام کے ساتھ رُکوع میں شامل ہوجائے گا تو تکبیرِ تحریمہ کے بعد کھڑے کھڑے تین تکبیریں کہہ کر رُکوع میں جائے، اور اگر یہ خیال ہو کہ اتنے عرصے میں امام رُکوع سے اُٹھ جائے گا تو تکبیرِ تحریمہ کہہ کر رُکوع میں چلا جائے، اور رُکوع میں رُکوع کی تسبیحات کے بجائے تکبیرات کہہ لے، ہاتھ اُٹھائے بغیر، اور اگر اس کی تکبیریں پوری نہیں ہوئی تھیں کہ امام رُکوع سے اُٹھ گیا تو تکبیریں چھوڑ دے امام کی پیروی کرے، اور اگر رکعت نکل گئی تو جب امام کے سلام پھیرنے کے بعد اپنی رکعت پوری کرے گا تو پہلے قرأت کرے، پھر تکبیریں کہے، اس کے بعد رُکوع کی تکبیر کہہ کر رُکوع میں جائے۔

عید کی نماز میں اگر امام سے غلطی ہوجائے تو کیا کرے؟

س… اگر عیدالفطر یا عیدالاضحی کی نماز پڑھاتے ہوئے امام سے کوئی غلطی ہوجائے تو نماز دوبارہ لوٹائی جائے گی یا سجدہٴ سہو کیا جائے گا؟

ج… اگر غلطی ایسی ہو کہ جس سے نماز فاسد نہیں ہوتی تو نماز لوٹانے کی ضرورت نہیں، اور فقہاء نے لکھا ہے کہ عیدین میں اگر مجمع زیادہ ہو تو سجدہٴ سہو نہ کیا جائے کہ اس سے نماز میں گڑبڑ ہوگی۔

اگر عیدین میں تکبیریں بھول جائیں تو؟

س… عیدین کی نماز میں اگر امام نے چھ تکبیریں بھول کر اس سے زیادہ یا کم تکبیریں کہیں اور اس کا بعد میں احساس ہوا تو کیا نماز توڑ دینی چاہئے یا جاری رکھنی چاہئے؟

ج… نماز کے آخر میں سجدہٴ سہو کرلیا جائے، بشرطیکہ پیچھے مقتدیوں کو معلوم ہوسکے کہ سجدہٴ سہو ہو رہا ہے، اور اگر مجمع زیادہ ہونے کی وجہ سے گڑبڑ کا اندیشہ ہو تو سجدہٴ سہو بھی چھوڑ دیا جائے۔

خطبہ کے بغیر عید کا کیا حکم ہے؟

س… اگر کوئی امام عید کی نماز کے بعد خطبہ پڑھنا بھول جائے یا نہ پڑھے تو کیا عید کی نماز ہوجائے گی؟ اگر ہوجائے گی تو خطبہ چھوڑنے کے متعلق کیا حکم ہے؟

ج… عید کا خطبہ سنت ہے، اس لئے عید خلافِ سنت ہوئی۔

نمازِ عید پر خطبہ، دُعا اور معانقہ

س… کیا عید پر گلے ملنا سنت ہے؟

ج… یہ سنت نہیں، محض لوگوں کی بنائی ہوئی ایک رسم ہے، اس کو دین کی بات سمجھنا، اور نہ کرنے والے کو لائقِ ملامت سمجھنا بدعت ہے۔

س… خطبہ عید سے پہلے پڑھا جاتا ہے یا نماز کے بعد؟ دُعا نماز کے بعد یا خطبہ کے بعد کرنی چاہئے؟

ج… عید کا خطبہ نماز کے بعد ہوتا ہے، دُعا بعض حضرات نماز کے بعد کرتے ہیں اور بعض خطبہ کے بعد، دونوں کی گنجائش ہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام اور فقہائے اُمت سے اس سلسلے میں کچھ منقول نہیں۔

عیدین کی جماعت سے رہ جانے والا شخص کیا کرے؟

س… اگر کوئی عیدالفطر یا عیدالاضحی کی نماز باجماعت نہ پڑھ سکے تو کیا وہ شخص گھر میں یہ نماز ادا کرسکتا ہے؟ یا اس نماز کے بدلے میں کسی شخص کو کھانا وغیرہ کھلادیا جائے تو کیا نماز پوری ہوجائے گی یا نہیں؟

ج… عید کی نماز کی قضا نہیں، نہ اس کا کوئی کفارہ ادا کیا جاسکتا ہے، صرف اِستغفار کیا جائے۔

بقرعید کے دنوں میں تکبیراتِ تشریق کا حکم

س… تکبیراتِ تشریق کب پڑھی جائیں؟

ج… ذی الحجہ کی نویں تاریخ کی صبح سے تیرہویں تاریخ کی عصر تک ہر نماز فرض کے بعد ہر بالغ مرد اور عورت پر تکبیراتِ تشریق واجب ہیں، تکبیرِ تشریق یہ ہے کہ ہلکی بلند آواز سے یہ کلمات پڑھے: ”الله اکبر، الله اکبر، الله اکبر، لا الٰہ الا الله والله اکبر، الله اکبر ولله الحمد۔“

کیا جمعہ کی عید مسلمانوں پر بھاری ہوتی ہے؟

س… گزشتہ چند روز سے یہ مسئلہ زیرِ بحث تھا کہ جمعہ کی عید حاکم پر یا عوام پر بھاری گزرتی ہے۔

ج… قرآن و حدیث یا اکابر کے ارشادات سے اس خیال کی کوئی سند نہیں ملتی، اس لئے یہ خیال محض غلط اور توہم پرستی ہے، جمعہ بجائے خود عید ہے، اور اگر جمعہ کے دن عید بھی ہو تو گویا ”عید میں عید“ ہوگئی، خدا نہ کرے کہ کبھی عید بھی مسلمانوں کے لئے بھاری ہونے لگے۔

عید میں غیرمسلم سے عید ملنا کیسا ہے؟

س… عید میں اگر ایک خاص غیرمسلم فرقے کے افراد عید ملنے کے لئے ہماری طرف بڑھیں تو کیا ان سے عید مل سکتے ہیں؟

ج… عید ملنا علامت ہے دوستی کی، اور دوستی اللہ کے دُشمنوں سے حرام ہے، کیونکہ دُشمن کا دوست بھی دُشمن ہوتا ہے۔

عیدی کی رسم

س… عید کے دن عیدی کی رسم جائز ہے یا نہیں؟ اور کیا دینے والے کو گناہ تو نہیں ہوگا؟

ج… عید کے روز اگر عیدی کو اسلامی عبادت یا سنت نہیں سمجھا جاتا، محض خوشی کے اظہار کے لئے ایسا کیا جاتا ہے تو کوئی حرج نہیں۔