نماز تہجد
اس نماز کا وقت آدھی رات کے بعد سے لے کر صبح صادق سے پہلے تک ہوتا ہے۔ اس نماز کو کم از کم دو رکعت یا چار رکعت سے بارہ رکعت تک پڑھے ، نماز تہجد سنت رسولﷺہے۔ احادیث میں اس کے بہت سے فضائل وارد ہوئے ہیں آپ ﷺ نے فرمایا کہ فرض نمازوں کے بعد تہجد کا مرتبہ ہے صوفیاء کرام اور علماء کرام فرماتے ہیں کہ کوئی شخص بغیرتہجد کے درجہ ولایت کو نہیں پہنچ سکتا۔
نماز اشراق
جب آفتاب طلوع ہو کر کچھ بلند ہوجائے اور اس کی زردی دور ہوجائے۔ دو یا چار رکعت نفل نماز اشراق پڑھے جس کا ثواب احادیث میں ایک مقبول حج اور عمرہ کا بیان ہوا ہے۔
نماز چاشت
اس نماز کا وقت تقریباً دس بجے سے شروع ہو کر زوال تک رہتا ہے اس کی چار رکعت سے آٹھ رکعت تک نفل پڑھی جاتی ہیں اس کا بھی بڑا ثواب ہے رزق کی وسعت اور فراخی کا سبب ہے۔
نماز اوابین
نماز مغرب کے فوراً بعد اوابین پڑھی جاتی ہے اس کی کم از کم چھ رکعتیں ہوتی ہیں اس کے پڑھنے سے بارہ سال کی عبادت کے برابر ثواب ملتا ہے۔