پوری گائے دو حصے دار بھی کرسکتے ہیں
س… گائے دو حصے دار بھی کرسکتے ہیں یا سات حصے دار ہونا ضروری ہے؟
ج… دو تین حصے دار بھی کرسکتے ہیں، لیکن ان میں سے ہر ایک کا حصہ ایک سے کم نہ ہو، یعنی حصے پورے ہونے چاہئیں، مثلاً: ایک کے تین، دُوسرے کے چار، یا ایک کا ایک، دُوسرے کے چھ۔
مشترک خریدا ہوا بکرا قربانی کرنا
س… بالفرض چند آدمیوں مثلاً: ۶-۸ نے مل کر ایک بکرا خریدا، جس میں سب برابر کے شریک ہیں، اَیام النحر میں سب نے بالاتفاق اس بکرے کو منجانب حضور صلی اللہ علیہ وسلم قربان کیا، تو یہ قربانی صحیح اور دُرست ہوئی یا نہیں؟
ج… یہ دُرست نہیں ہوئی، البتہ اگر کوئی ایک شخص پورا حصہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے قربانی کرے تو صحیح ہوگا، کیونکہ یہ نفلی قربانی برائے ایصالِ ثواب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہے، اصل قربانی تو قربانی کرنے والے کی طرف سے ہے اور ظاہر ہے کہ قربانی کا ایک حصہ ایک ہی آدمی کی جانب سے ہوسکتا ہے، جبکہ مذکورہ صورت ایک حصہ کئی آدمیوں کی جانب سے ہے۔
جانور ذبح ہوجانے کے بعد قربانی کے حصے تبدیل کرنا جائز نہیں
س… پچھلے دنوں عیدالاضحی پر چند افراد نے مل کر یعنی حصے رکھ کر ایک گائے کی قربانی کرنا چاہی، اس طرح حصے رکھ کر گائے کو ذبح کردیا گیا، گائے کے ذبح کردینے کے بعد مذکورہ افراد میں سے ایک آدمی نے (جس کے اس گائے میں چند حصے تھے) دُوسرے افراد سے (جنھوں نے پہلے کوئی حصہ نہ رکھا تھا) کہا کہ میں حصہ نہیں رکھنا چاہتا، لہٰذا میری جگہ آپ اپنے حصے رکھ لیں۔ کیا مذکورہ شخص جبکہ قربانی کی نیت کرچکا ہے، اور سب نے مل کر گائے ذبح بھی کردی، بعد میں اپنا حصہ تبدیل کرسکتا ہے؟ اور بعد میں حصہ رکھنے والوں کی قربانی ہوسکتی ہے؟ جبکہ ہمارے گاوٴں کے امام صاحب نے فرمایا ہے کہ اس طرح قربانی نہیں ہوتی۔
ج… قربانی ذبح ہوجانے کے بعد حصہ تبدیل نہیں ہوسکتا، قربانی صحیح ہوگئی، جس کے چند حصے تھے اس کی طرف سے اتنے حصوں کی قربانی ہوگئی۔
ایک گائے میں چند زندہ اور مرحوم لوگوں کے حصے ہوں تو قربانی کا کیا طریقہ ہے؟
س… اگر ایک گائے میں چار زندہ اور تین مرحوم کی طرف سے قربانی ہو تو کیا جائز ہے؟ اور طریقہ کیا ہے؟
ج… کرسکتے ہیں، اور طریقہ وہی ہے جو سات زندہ آدمیوں کے شریک ہونے کا ہے۔