انمول تحفے

انمول تحفے
رنگ و نور ۔۔۔سعدی کے قلم سے (شمارہ 607)
اللہ تعالیٰ ہی جانتے ہیں کہ اُن کی’’قدرت‘‘ اور ’’طاقت‘‘ کتنی ہے… بے شک وہ ہر چیز پر قادر ہیں…
اِنَّ اللّٰہَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ
یہ کالم جب آپ تک پہنچے گا تو آپ… اپنی زندگی کے افضل ترین ایام گذار رہے ہوں گے …یہ مبارک دن اور راتیں ہر سال اہل ایمان کو نصیب ہوتی ہیں… ذوالحجہ کے پہلے دس دن اور دس راتیں… جو خوش نصیب ہیں وہ بہت کچھ کما لیتے ہیں… اور ان دنوں اور راتوں میں اپنی آخرت کے لئے بڑا سرمایہ بنا لیتے ہیں… برکت والے دن ہیں… اس لئے آپ کی خدمت میں کچھ انمول تحفے پیش کرتا ہوں… اللہ کرے مجھے اور آپ سب کو خوب نفع ہو…
 
مغفرت پانے کا بہترین طریقہ
حضرت سیدنا ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے… حضور اقدس ﷺ ارشاد فرماتے ہیں:اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا…
اے میرے بندو! تم سارے گناہگار ہو لیکن جسے میں محفوظ رکھوں، پس تم سب مجھ سے اپنے گناہوں کی بخشش مانگا کرو میں تمہیں بخش دوں گا … جو مجھے ’’قدرت والا‘‘ جانتا ہے… یعنی یقین رکھتا ہے کہ اللہ تعالیٰ گناہوں کو مٹا سکتا ہے اور مٹاتا ہے… اور جس نے میری قدرت کے وسیلہ سے اپنے گناہوں کی معافی چاہی میں نے اس کے گناہ معاف کئے…
اس حدیث قدسی سے معلوم ہوا کہ
٭ کسی انسان کو اپنے تقویٰ اور نیکی پر فخر نہیں کرنا چاہیے … نیکی جس قدر بڑھتی جائے تواضع اور عاجزی بھی اسی قدر زیادہ ہونی چاہیے…
٭ہر مسلمان کو کثرت سے استغفار کرنا چاہیے اور ہمیشہ کرنا چاہیے…
٭مغفرت ، معافی اور بخشش پانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ… اللہ تعالیٰ کی قدرت کے وسیلے سے معافی مانگی جائے… اپنی زبان میں ہو یا عربی میں…
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ بِقُدْرَتِکَ…یا … اَللّٰھُمَّ اَنْتَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ اِغْفِرْلِیْ بِقُدْرَتِکَ…یا …اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْتَغْفِرُکَ  بِقُدْرَتِکَ…
یا جو بھی الفاظ ہوں … بس یقین یہ ہو کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہیں … وہ میرے گناہ ختم فرمانے ، مٹانے اور معاف فرمانے پر بھی قادر ہیں …پس اللہ تعالیٰ کی اسی قدرت کو وسیلہ بنا کر پورے یقین کے ساتھ مغفرت اور معافی مانگی جائے… حضرت امام سفیان ثوریؒ اور حضرت امام احمد بن حنبلؒ کی دعاؤں میں بھی… ایک دعاء ایسی ملتی ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کو وسیلہ بنا کر… مغفرت مانگی گئی ہے… ملاحظہ فرمائیے یہ واقعہ
قدرت کے وسیلے سے مغفرت
ابو عبداللہ محمد بن خزیمہ اسکندرانیؒ کہتے ہیں … جب احمد بن حنبلؒ فوت ہو گئے تو مجھے بے حد صدمہ و رنج ہوا میں نے ان کو خواب میں دیکھا کہ مٹک مٹک کر چل رہے ہیں … میں نے کہا:اے ابو عبد اللہ! یہ کیسا چلنا ہے؟ فرمایا:دارالسلام میں خدام کا چلنا… میں نے کہا:اللہ تعالیٰ نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ فرمایا؟ فرمایا: مجھے بخش دیا اور تاج پہنایا اور سونے کی دو جوتیاں پہنائیں اور ارشاد فرمایا:اے احمد! یہ سب (اکرام) تیرے قرآن کو ازلی کلام ماننے کی وجہ سے ہے… پھر مجھ سے ارشاد فرمایا:اے احمد! جو دعائیں تمہیں سفیان ثوریؒ سے پہنچیں تھیں اور تم عالم دنیا میں وہ دعائیں مانگا کرتے تھے یہاں بھی مجھ سے ذرا وہ دعائیں مانگنا، تو میں نے کہا:
’’یَا رَبَّ کُلِّ شَیْئٍ بِقُدْرَتِکَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ اِغْفِرْلِیْ کُلَّ شَیْئٍ حَتّٰی لَا تَسْئَلْنِیْ عَنْ شَیْئٍ‘‘
(اے ہر چیز کے رب، ہر چیز پر اپنی قدرت کے وسیلے سے مجھے ہر چیز معاف فرما دیجئے یہاں تک کہ مجھ سے کسی چیز کی باز پرس نہ فرمائیے)
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:اے احمد! یہ ہے جنت، اُٹھ اور اس میں داخل ہو جا ( فضائل حفاظ القرآن ص ۱۱۹۹)
مبارک عشرے میں… اپنے گناہوں کو یاد کر کے، آنسو بہا بہا کر یہ دعاء مانگتے رہنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی قدرت اور مغفرت پر یقین رکھنا چاہئے…
مغفرت کی بارش کا دن
نو ذی الحجہ کا دن… یوم عرفہ کہلاتا ہے… یہ دن بہت افضل اور بے حد قیمتی ہے… اسی دن حج کا سب سے اہم رکن’’وقوف عرفہ‘‘ ادا کیا جاتا ہے … حضور اقدس ﷺ نے ’’عرفہ‘‘ کے دن کی دعاء کو… سب سے بہترین دعاء قرار دیا ہے فرمایا:
خیرالدعاء دعاء یوم عرفۃ
بہترین دعاء… عرفہ کے دن کی دعاء ہے …یہ وہ دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ مغفرت فرماتے ہیں… اور بے شمار افراد کو جہنم سے نجات کا پروانہ عطاء فرماتے ہیں… صحیح مسلم کی روایت ہے
’’ما من یوم اکثر من ان یعتق اللّٰہ فیہ عبدا من النار من یوم عرفۃ‘‘
یعنی دنوں میں سے کوئی دن ایسا نہیں جس میں اللہ تعالیٰ اتنے بندوں کو جہنم سے آزاد فرماتے ہوں جتنے عرفہ کے دن فرماتے ہیں…
عرفہ کے دن کا روزہ بڑا قیمتی ہے… اس روزے پر دو سال کے گناہ معاف فرمائے جاتے ہیں… ایک پچھلے سال کے اور ایک اگلے سال کے… بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے…
اس سال ہم سب کوشش کریں کہ عرفہ کا دن … بہترین گذاریں اور اس میں اپنے اللہ تعالیٰ سے مغفرت کا انعام حاصل کریں… عرفہ کے دن کے بارے میں حجاج کرام کے لئے ایک قیمتی وظیفہ حدیث شریف کی کتابوں میں آیا ہے… یہ وظیفہ اصل میں تو ان حجاج کرام کے لئے ہے جو عرفہ کے دن… عرفات میں ہوتے ہیں… لیکن اگر ہم اپنے گھر یا مسجد میں ہوتے ہوئے… عرفہ کے دن یہ وظیفہ کر لیں تو ان شاء اللہ امید ہے کہ … ہمارا دامن بھی خالی نہیں رہے گا…
یوم عرفہ کا وظیفہ
امام بیہقی ؒ نے’’ شعب الایمان‘‘ میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے کہ حضور اقدسﷺنے فرمایا کہ جو بھی مسلمان عرفہ کے دن زوال کے بعد عرفات میں قبلہ رخ ہو کر سو مرتبہ
’’ لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ،لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ‘‘ پڑھے پھر سو مرتبہ قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَد ( پوری سورۃ اخلاص) پڑھے… پھر سو مرتبہ یہ درود پڑھے
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰ آلِ مُحَمَّدٍ کَمَا صَلَّیْتَ عَلیٰ اِبْرَاہِیْمَ وَعَلیٰ آلِ اِبْرَاہِیْمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ وَعَلَیْنَا مَعَھُمْ
تو اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اے میرے فرشتو! میرے اس بندہ کی کیا جزا ہے، اس نے میری تسبیح اور تہلیل کی اور میری بڑائی اور عظمت بیان کی اور میری مغفرت حاصل کی اور میری شان بیان کی اور میرے نبی پر درود بھیجا، اے میرے فرشتو! تم گواہ رہو میں نے اس کو بخش دیا اور اس کے نفس کے بارے میں اس کی سفارش قبول کی اور اگر میرا بندہ مجھ سے تمام عرفات والوں کے لئے سفارش کرے تو اس کی سفارش ان سب کے حق میں قبول کروں…
بڑا مفید اور آسان وظیفہ ہے… یہ حجاج کرام تک بھی پہنچائیں… خود بھی اسے یاد رکھیں تاکہ جب اللہ تعالیٰ کی توفیق سے حج پرجائیں تو میدان عرفات میں یہ وظیفہ کریں … اور اس سال ہم سب اپنے مقام پر رہتے ہوئے بھی یہ وظیفہ کریں اور اس کے بعد دعاء کی جھولی پھیلا دیں اس وظیفہ میں سورہ اخلاص ہے… جو کہ بے شمار فضائل رکھنے والی سورت ہے اور اس وظیفہ میں چوتھا کلمہ ہے… جس کے بارے میں حضور اقدسﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’سب سے بہتر جو میں نے اور مجھ سے پہلے انبیاء نے کہا وہ یہ ہے:
’’ لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ،لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ‘ ‘( ترمذی)
اور اس وظیفہ میں درود ابراہیمی ہے… سب سے افضل، سب سے اعلیٰ اور سب سے اونچا درود شریف… لوگوں کو اگر ’’درود ابراہیمی‘‘ کے فضائل معلوم ہو جائیں تو دن رات اسی میں لگے رہیں…غیر مسنون درود شریف کے صیغے سینکڑوں بار پڑھنا ایک بار ’’درود ابراہیمی‘‘ پڑھنے کے برابر نہیں… اور اس وظیفے والے درود ابراہیمی کے آخر میں ’’وَعَلَیْنَا مَعَھُمْ‘‘ کا جملہ ہے …جس کا مطلب ہے… اور ہم پر بھی رحمت ہو اُن کے ساتھ…
بس یہ ہیں آج کے انمول تحفے…اللہ تعالیٰ قبول فرمائے… ممکن ہے اگلے ہفتے اخبار کی چھٹی ہو… اس لئے پوری اُمت مسلمہ اور خصوصاً آپ سب کو پیشگی عید مبارک
تقبل اللّٰہ مناومنکم…
 لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ،لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ
لا الہ الا اللّٰہ، لا الہ الا اللّٰہ ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
اللہم صل علی سیدنا محمد والہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا
لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
٭…٭…٭