خلیفہ ثالث حضرت عثمان بن عفان ؓ

خلیفہ ثالث حضرت عثمان بن عفان ؓ:

اسم گرامی عثمان ، کنیت ابو بکر ، لقب ذوالنورین اوروالد کان عفان اور والدہ کام ارویٰ ہے ،بعض علماء نے آپ کی کنیت ابو عمر وابو عبد اللہ بتائی ہے ،سلسلہ نسب اس طرح ہے ، عثمان بن عفان بن ابو العاص بن امیہ بن عبد شمس بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب ہے ،آپ کی نانی آنحضرت ﷺ کے والد عبد اللہ بن عبد المطلب کی حقیقی بہن تھیں جو حضرت عبد اللہ کے ساتھ جڑواں پیدا ہوئی تھیں ،اس طرح حضرت عثمانؓ آنحضرت ﷺ کی پھوپھی زاد بہن کے بیٹے تھے ،آپ کا سلسلہ نسب پانچویں پست میں عبد مناف پر رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جا ملتا ہے ۔

اولاد وازواج:

قبول اسلام کے بعدآپ کو رسول اللہ ﷺ کی دامادی رشتہ کا شرف حاصل ہوا ، آپ ﷺ نے یکے بعد دیگرے اپنی دو صاحبزادیاں رقیہ ؓ اور ام کلثوم سے انکا نکاح کردیا اسی لئے ذوالنورین آپ کو کہا جاتا ہے ۔حضرت رقیہ ؓ نے آپ کے ساتھ حبشہ کی ہجرت کی اور ۲ھ میں غزوہ بدر کے موقع پر وفات ہو ئی ان سے ایک لڑکے عبد اللہ پیدا ہوئے ،اور ام کلثوم بنت رسول اللہ ﷺ سے آپ کی کوئی اولاد نہ ہوئی ۹ھ میں وفات پائی ۔ان کے بعد آپ نے دیگر عورتوں سے بھی شادی کیں ، جو حسب ذیل ہیں ۱۔ فاختہ بنت غزوان ان سے ایک فرزند عبد اللہ اصغر پید اہوئے ۲۔ عمر وبنت جندب ان کے بطن سے عمر خالد ۔ابان اور مریم پیدا ہوئے ۳۔ فاطمہ بنت ولید اور سعید یا ام سعید پیدا ہوئے ۴۔ام البنین بنت عینیہ ان کے بطن سے عبد الملک اور عتبہ پیدا ہوئے ۔۵۔ رملہ بنت شیبہ ان کے بطن سے ۔ ام ابان اور ام عمر پیدا ہوئیں ۔۶۔ نامکہ بنت فرافصہ یہ قبیلہ بنی کلب سے تھیں عیسائی تھیں مگر اسلام قبول کرلیا تھا ان کے بطن سے مریم پیدا ہوئیں ۔نامکہ کے علاوہ حضرت عثمان کی شہادت کے وقت رملہ بنت شیبہ ،ام البنین بنت عینیہ اور فاختہ بنت غزوان بھی نکاح میں تھیں۔